بہتر تعلقات کیلئے خوشگوارماحول کی تیاری لازمی:وزیرخارجہ
سرحدپار بھارت مخالف سرگرمیاں بند ہونی چاہئیں
سرینگر//بنگلہ دیش دورہ کے دوران پاکستان کو ایک بار پھر بر اہ راست نشانہ بناتے ہوئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ جب تک سرحد پار بھارت مخالف انتہا پسند سرگرمیاںختم نہیں ہوںگی تب تک بہترتعلقات اورجامع مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں کہا کہ بھارت مخالف سرگرمیوں کو بند کرنے کے لئے پاکستان کو اقدامات کرنے چاہیے تاکہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری لائی جائے ۔ سی این آئی کے مطابق دورہ بنگلہ دیش کے دوران میڈیا نمائندوں کے سوالوںکے جواب میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ بھارت اب ترقی کے نئے دور کا آغاز کر چکا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت پاکستان سمیت اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس کے لئے ہمسایہ ملکوں کو بھارت مخالف سرگرمیوں پر روک لگا دینی چاہیے ۔شنکر کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ پرامن اوربہتر تعلقات رہیں تاہم بہترتعلقات کیلئے لازمی ہے کہ پرامن اورخوشگوارماحول تیارکیاجائے،پاکستان کوبھی اپنی ذمہ داری نبھانی چاہیے اور ہرطرح کی انتہا پسندی کی سرگرمیوںکومکمل طور پرختم کرنا چاہیے۔ جموں کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرکیساتھ ملک کے امن وترقی کو سبوتاژکرنے کیلئے کئی عناصرسرگرم ہیں لیکن ایسے عناصرکوسختی کیساتھ کچلنے کی ضرورت ہے اور کہا کہ ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں امن و امان کو بگاڑنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی اور جو بھی امن مخالف سرگرمیوں میں ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
پانار بانڈی پورہ میں عدم شناخت لاش بر آمد
بانڈی پورہ//عازم جان //پاناربانڈی پورہ میں ایک عدم شناخت لاش پائی گئی ہے پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکرتحقیقات شروع کردی ہے۔معلوم ہوا ہے کہ سنیچروار صبح کو پانار بانڈی پورہ میں لوگوں نے ایک لاش کو دیکھااورفوری طور پولیس تھانہ پیٹھ کوٹ کو مطلع کیا۔ پولیس نے موقعہ پر پہنچ کرلاش کو تحویل میں لینے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کیا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ متوفی ذہنی طور معذورشخص تھااور علاقے میں گزشتہ شام سے گھوم رہاتھا۔پولیس نے تاہم اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزیدتحقیقات شروع کردی ہے۔
ٹریفک پولیس کا انتباہ
تیزروشنی کی لائٹ استعمال کرنے سے اجتناب کیاجائے
سرینگر//ٹریفک پولیس نے تیز روشنی کی لائٹ استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف کارروائی کرنے کی مہم شروع کی ہے۔موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات کے تحت گاڑیوں میںرات کے وقت تیزروشنی کااستعمال ایک قابل سزاجرم ہے۔ سینئرسپرانٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک کے مطابق تیزروشنی سے لمحہ بھر کیلئے ایک شخص کی آنکھیں اندھی ہوجاتی ہیں اور یہ جان لیواحادثہ ہونے کیلئے کافی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا مشاہدہ کیا گیا ہے کہ گاڑی مالکان گاڑی کی بناوٹ میں تبدیلی کرکے اس میں لیڈ لائٹ پروجیکٹر یعنی تیزروشنی کی لایٹ نصب کرتے ہیں۔ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کو صلاح دی کہ تیزروشنی کی لائٹ کااستعمال بند کیا جائے۔ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس نے خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کیلئے مہم شروع کی ہے۔
تھایرن شوپیان سڑک ناقابل آمدورفت
لوگ مایوس ،انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
شاہد ٹاک
شوپیان//ضلع شوپیان کے بیشتر علاقوں کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیںجس کی وجہ سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ پچھلے کئی برسوں سے تھیارن شوپیان کی سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک اس قدر خستہ ہو چکی ہے کہ ٹریفک کی نقل و حمل تو دور ،لوگوں کوپیدل چلنے میںبھی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے علاقے کے مسائل حکام کی نوٹس میں لانے کیلئے مختلف کوششیں کیں بلکہ بیک ٹو ولیج پروگراموں میں بھی متعلقہ حکام کو سڑک اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے آبادی کو ہمیشہ یقین دہانیوں سے ہی بہلانے کی کوشش کی گئی لیکن زمینی سطح پر سبھی مسائل جوں کے توں ہیںجن میں سڑک کی خستہ حالت اور بجلی کی عدم دستیابی سب سے بڑے مشکلات ہیں۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے بستی کے اہم مسائل بالخصوص سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈگری کالج ترال میں شجر کاری تقریب
محکمہ سوشل فاسٹری کو وادی میں 7لاکھ پودے لگانے کاہدف :ڈائریکٹر
سید اعجاز
ترال//گورنمنٹ ڈگری کالج ترال میںمحکمہ سوشل فارسٹری اور کالج کے اشتراک سے شجر کاری کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں طالب علموں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ کالج میں200سے زیادہ پودے لگائے گئے ۔ اس دوران محکمہ سوشل فارسٹری کے ریجنل ڈائر ایکٹر معراج الدین ملک نے بتایا کہ محکمہ نے وادی کشمیر کے مختلف علاقوں میں قائم سرکاری دفاتر اور شاہرائوں کے ساتھ ساتھ باقی مقامات پرمختلف اسکیموں کے تحت7لاکھ سے زیادہ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے اور ابھی تک 2لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے خالی حصوں کو بھی وقفے وقفے سے پُرکرنے کا پروگرام ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آنے والے وقت میں میوہ فراہم کرنے والے پودوں کو بھی اس مہم کے تحت کالج میں لگایا جائے گا ۔ڈٖائریکٹر کے ہمراہ محکمہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر بشیر احمد میر نے محکمہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ کالج میں گزشتہ کئی سالوں سے اس اسکیم کے تحت پودے لگائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کالج کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے ۔
بیت الخلا ء کی عدم موجودگی
چاڈورہ بازارمیںعوام کو مشکلات
سرینگر//ضلع بڈگام کے چاڑورہ بازار میں بیت الخلا ء کی عدم موجود گی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ قصبہ میں بیت الخلاء کی کمی کے نتیجے میں لوگوں کے ساتھ ساتھ تاجروںاور مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے ایس ڈی ایم چاڈورہ سے مطالبہ کیا کہ قصبے میںبیت الخلاء تعمیر کروانے کیلئے مؤثر کارروائی عمل میں لائیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کے این ایس
پولیس کی منشیات مخالف مہم
اوڑی میں شہری گرفتار، ہیروئن جیسا مواد ضبط
بارہمولہ//سرحدی قصبہ اوڑی کے ایک گائوں میں سنیچرکوپولیس نے ایک شہری کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد ضبط کیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اوڑی قصبے میں پولیس نے سنگانہ روڈ پر ہفتے کے روز ایک ناکہ لگایا دیا اور اس دوران ایک مشتبہ شخص نے پولیس دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس شخص کا تعاقب کیا اور اس کو پکڑ کر اسی کی تلاشی لی۔تلاشی کے دوران مذکورہ شہری سے ہیروئین جیسا موادضبط کیا گیا ۔ اوڑی تھانہ میں اس سلسلے میں کیس درج کیاگیا ۔
کپوارہ میں عوامی نیشنل کانفرنس دفتر کا افتتاح
سرینگر / /عوامی نیشنل کانفرنس نے کپوارہ میں ضلعی دفتر کا افتتاح کیا ۔پارٹی کے ایک بیان کے مطابق کپوارہ میںپارٹی کا ایک اجلاس صوبائی صدر راہی ریاض کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جنرل سیکریٹری میر امان اللہ کنٹھ مہمان خصوصی تھے۔اجلاس میں تنظیمی امور پر بات چیت کی گئی اور ضلع کیلئے نئی باڈی تشکیل پائی،جس دوران محمد شفیع خان ترہگام کو ضلع صدر کپوارہ منتخب کیا گیاجبکہ نذیر احمد کرمانی کو نائب صدرمنتخب کیا گیا ۔پارٹی کے ضلع صدر نے اس موقع پر ضلعی قیادت پر زوردیا کہ وہ پارٹی کومضبوط بنانے کیلئے تن دہی سے اپنے فرائض انجام دیں اور پارٹی منشور گھر گھر پہنچائیں۔(کے این ٹی)
۔10ویں جماعت میں نمایاں کارکردگی
حاجن میں فوج طلبہ کو انعامات سے نوازا
بانڈی پورہ// حاجن میں فوج کی جانب سے دسویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا کو انعامات سے نوازا گیا۔ آرمی گْڈ ول اسکول13 راشٹریہ رائفلز کی جانب سے اس سلسلے میںایک تقریب منعقد کی گئی جس میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے طلبا ء وطالبات کو انعامات و اسناد سے نوازا گیا۔تقریب میں سیکٹر 3 کے برگیڈیر کمانڈر مہیشور سنگھ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ ان کے علاوہ لیفٹیننٹ کرنل ببربھان بھی تقریب میں موجود تھے۔ برگیڈیر مہیشور سنگھ نے طلبا ء وطالبات کی نمایاں کارکردگی پر خوش کا اظہار کیا۔انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا کو مبارکباد دی اور انہیں تلقین کی کہ زندگی میں ترقی حاصل کرنے کیلئے مزید محنت کریں۔
واٹر سپلائی اسکیم کیلئے رقوم کی منظوری
بھاجپا ترجمان نے وزیر عظم اورلیفٹیننٹ گورنرکا شکریہ ادا کیا
سید اعجاز
ترال //ڈاڈسرہ ترال واٹر سپلائی اسکیم کے لئے حکومت نے 5کروڑ روپے واگزار کئے ہیں جس کی تعمیر سے علاقے کی ایک وسیع آبادی کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا ۔ بھاجپا ترجمان الطاف ٹھاکر نے اس سلسلے میںوزیرا عظم نریندر مودی او رلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاجموں و کشمیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ٹھاکر نے امید ظاہر کی کہ محکمہ جل شکتی اس اہم پروجیکٹ کو کم وقت میں مکمل کرے گا۔ ایک بیان میں ٹھاکر نے منوج سنہا کا اس مسئلے پر سنجیدگی کا اظہار کرنے پرشکریہ ادا کیا ۔
ڈوروشاہ آباد کے فارسٹر غلام نبی انتقال فوت
اننت ناگ // ڈورو شاہ آباد کے فارسٹر غلام نبی بٹ ساکن آرم پورہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔مرحوم سابق ایڈیشنل سیکریٹری قانون ساز کونسل محمد مقبول بٹ کے بھائی تھے۔ان کے انتقال پر کئی سماجی و سیاسی افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹرغلام نبی ایتو، بار ایسوسی ایشن ڈورو کے سابق صدر شیر علی بودہ، ڈورو بار ایسوسی ایشن کے صدر میر محمد حسین، ڈورو سٹیزن فورم کے صدر جاوید احمد خان، شاہ آباد ڈیولپمنٹ فورم کے سربراہ ظہور احمد ملک، بیوپارمنڈل ڈورو کے صدر مسعود احمد بودہ اور کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار عارف بلوچ نے غمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے اور مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔
ڈاکٹر فاروق کا بارسو کے کوچھے خاندان سے اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حاجی علی محمد کوچھے ساکن بارسو اونتی پورہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً مرحوم کے فرزند غلام حسن کوچھے کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی ۔پارٹی کے رکن پارلیمان برائے جنوبی کشمیر جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پسماندگان سے فون پر تعزیت کی۔ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین میر نے بھی کوچھے خاندان کے ساتھ تعزیت کی ۔ دریں اثناء پارٹی لیڈر مبارک گل نے چارنمبل صفا کدل کے احمد اللہ الائی اور اسلام یاربل مجاہد منزل کے بشیر احمد کوزگر کی والدہ کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔