مینڈھر قصبہ کو میونسپلٹی کا درجہ دینے کی مانگ
مینڈھر//بی ڈی سی چیئر پرسن بلاک مینڈھر طاہر ہ جبین نے لیفٹنٹ گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مینڈھر قصبہ کو میونسپلٹی کا درجہ دیا جائے کیوں کہ قصبہ کی حالت بہت خستہ ہے ۔انکا کہنا تھا کہ جب چھوٹے چھوٹے قصبوں کو میونسپلٹی کا درجہ ملا ہوا ہے تو مینڈھر قصبہ آبادی کے لحا ظ سے بہت بڑا قصبہ ہے لیکن دکھ کی بات ہے کہ لیفٹنٹ گورنرر اور انکے عہد یداران نے ہم سے وعدہ کیا تھا کہ مینڈھر کو جلد میونسپلٹی کا درجہ دیا جائے گا لیکن کئی مہینے گزرجانے کے بعد بھی اس وقت تک کوئی سرکار کی طرف سے نوٹیفکیشن نہیں آیا ہے ۔
نوراترا کے دوران گوشت کی خرید و فرخت پر پابندی ہوگی
جموں//جموں میونسپل کارپوریشن نے نوراترا تہوار کے دوران میونسپل حدود میں گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرنے کے لئے ایک قرار داد پاس کیا ہے ۔جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر چندر موہن گپتا نے بتایا کہ کارپوریشن نے ایک قرار داد پاس کیا ہے جس کے تحت جموں میونسپل حدود میں13اپریل سے شروع ہونے والے نوراترا تہوار کے دوران گوشت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن اس فیصلے پر عمل در آمد کو نوراترا تہوار شروع ہونے کے روز اول سے ہی یقینی بنائے گا۔جموں میں کارپوریشن کے دو روزہ اجلاس میں اس قرار داد کو کارپوریشن کے 75 کارپوریٹرس نے اتفاق رائے سے پاس کیا ہے ۔
شیوکھوڑی پونچھ میں انتظامات کو دی گئی حتمی شکل
حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ نے آفیسروں کو ہدایت دی ہے کہ مہاشیوراتری کے سلسلے میں شیو کھوڑی انتظامیہ کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔اس سلسلہ میں افسران کی ایک ٹیم نے تاریخی شیو کھوڑی پونچھ کا دورہ کر کے وہاں کی انتظامیہ کے اہم کارکنان سے بات کی اور وہاں انتظامات کے حوالے سے بات کی۔ اس دوران شیو کھوڑی کی سڑک کی مرمتی کا کام بھی شروع کیا گیا، جبکہ مندر کے آس پاس صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی اقدام اٹھائے گئے ۔افسران نے اس دوران پانی اور بجلی کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی متعلقہ ملازموں ہدایت دی۔
پنچائت کیول میں آنگن واڑی کارکنوں کا اجلاس طلب
کوٹرنکہ//PMJAY سکیم کو گھر گھر تک پہنچانے کیلئے پنچائت حلقہ کیول کے سرپنچ فاروق انقلابی نے پنچائت گھر کیول میں آنگن واڑی کارکنان کا ایک اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے فاروق انقلابی نے کہا کے کوئی بھی مستحق فرد اِس سکیم سے محروم نہیں رہنا چاہئے۔ اْنہوں نے آنگن واڑی کارکْنان سے کہا کہ وہ اْن تمام لوگوں کی جانکاری اکھٹا کریں جِن کے نام سروے لِسٹ میں نہیں ہیں تاکہ اْن تمام لوگوں کے نام لِسٹ میں درج کروائے جا سکیں ۔