زاگی پورہ سڑک ناقابل آمد ورفت
سرینگر// چرارشریف بڈگام سے بیس کلو میٹر دور زاگی پورہ سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے ۔سڑک کی حالت اس قدر ابتر ہے کہ گزشتہ چھ مہینوں سے کوئی چھوٹی گاڑی بھی اس سڑک کو آمدورفت کیلئے استعمال میں نہیں لاتی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی مرتبہ اس سلسلے میں ایس ڈی ایم چاڈورہ کو آگاہ کیا ہے لیکن کوئی دادرسی نہیںہوئی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال مقامی آبادی نے ہل شری کرکے سڑک کوکچھ عرصے تک سومو گاڑیوں کی نقل و حمل کے قابل بنایا اورآجکل اس کی حالت مزید ابتر ہوچکی ہے۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور تعمیرات عامہ کے اعلیٰ حکام سے اس ضمن میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔
نـوروز عـالم:آغا حسن،ڈاکٹر فاروق اور میر کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نوروزکی تقریب پر جموں کشمیر کے لوگوں خصوصاً شیعہ برادری کو مبارکباد پیش کی ہے اور خوشحالی، امن و سلامتی اور ملی اتحاد کی فضا قائم و دائم رہنے کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی کوشش کی جانی چاہئے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹرمصطفی کمال ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،محمد اکبر لون، سینئر لیڈارن آغا سید روح اللہ ، شریف الدین شارق ، الطاف احمد کلو، جاوید احمد ڈار،آغا سید محمود ، علی محمد ڈار، عرفان احمد شاہ ، پیر آفاق احمد، شمیمہ فردوس،قمر علی آخون، تنویر صادق ،فیروز احمد خان اور غلام محی الدین میر نے بھی نوروزپر لوگوں کو مبارکباد دی ہے۔اپنی پارٹی کے سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے ہفتہ کے روز جموں وکشمیر کی عوام کو نوروز کے موقع پر مبارک باد پیش کی ہے۔انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ دن جموں وکشمیر میں امن اور خوشحالی کی نوید لیکر آئے گا اور ہم آہنگی، بھائی چارے اور اتحاد کے اصولوں کی بالادستی ہوگی۔ انہوں نے انتظامیہ سے گذارش کی ہے کہ مقامی مارکیٹ میں بلاخلل اشیاء ضروریہ کی سپلائی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ سے کہاکہ اس موقع پر بلاخلل بجلی اور پانی سپلائی بھی فراہم کی جائے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ادھرانجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے عوام کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم بشریت کی امن و سلامتی اور عالم اسلام کی سربلندی کے لئے دعا کی ۔انہوں نے ایرانی قوم و قیادت کو انکے نئے سال پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران کی سربلندی اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی صحت و سلامتی اور عمر درازی کی دعا کی۔
مرکنڈل اور پشواری میں قائم پٹرول پمپوں پر چھاپہ
صارفین کے ساتھ دھوکہ دہی کا الزام
ارشاد احمد
سمبل //انڈین اوئل کمپنی سے وابستہ اعلیٰ حکام نے پٹرول میں بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہونے کی پاداش میں سوناواری سے ملحقہ دو علاقوں میں قائم دو پٹرول پمپوں پر ہفتے کے روز چھاپہ مارا۔پولیس کے ایک ڈی ایس پی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انڈین اوئل کمپنی سے وابستہ اعلیٰ حکام کی ٹیم نے سمبل سوناواری سے ملحقہ علاقے پشواری اور مرکنڈل میں موجود دو پٹرول پمپوں پر چھاپہ مارکر نمونے حاصل کئے۔ واضح رہے کہ سمبل سوناواری میں موجود ان پٹرول پمپوں کے متعلق صارفین شکایت کررہے تھے کہ وہ پٹرول فروخت کرنے میں بے ضابطیگوں انجام دے رہے ہیں۔
شوپیان میں ہینڈی کرافٹس کاجانکاری کیمپ
کاریگر مختلف سرکاری سکیموں سے آگاہ
شاہد ٹاک
شوپیان//محکمہ ہینڈی کرافٹس کی جانب سے بنکروں اور گھریلو دستکاروں کیلئے شوپیان میں ایک بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں کاریگروں کو حکومت کی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔متعلقہ محکمہ کے افسران نے مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی۔ اس کیمپ میں ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ جانکاری کیمپ میں متعلقہ محکمہ کے باقی افسران بھی موجود تھے۔ کیمپ میں شامل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار نے دستکاروں اور بنکروں پر زور دیا کہ وہ ایمانداری سے اپنے ہنر کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ منعقد کرنے کا مقصد دستکاروں کو محکمہ کی اسکیموں کے متعلق جانکاری فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آنے والے دنوں میں بھی ایسے کیمپ منعقد کریگا جس کے کافی اچھے نتائج برآمد ہونگے۔
پیپلز کانفرنس میں4نوجوان لیڈروں کی شمولیت
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے مرکزی دفتر پر ایک تقریب کے دوران4 نوجوان لیڈروں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔بیان کے مطابق پارٹی کے مرکزی دفتر پرسنیچر کو ایک چیئرمین سجاد غنی لون کی موجودگی میں وادی سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیڈران عارف امین،فیضان الہٰی ،امان زرگر اور ریاض احمد وانی نے باضابطہ طور پیپلز کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا۔سجادغنی لون نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے جب نوجوانوں کو تبدیلی اور بدلاوکے ساتھ ساتھ خوشحال مستقبل کے لئے کام کرنا ہوگا۔
وسیم رضوی کو گرفتار کیاجائے:اتحاد اسلامی
سرینگر//اتحاد اسلامی نے قران شریف سے چھبیس آیات کوحذف کرنے کیلئے شعیہ وقف بورڈ اترپردیش کے سابق چیئرمین کی طرف سے سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرنے کوایک سازش سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں اتحاد اسلامی کے صدرمولاناشیخ سیداقبال اور نائب صدرغلام محمد خاکی نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے جذبات کومجروح کرنے والے وسیم رضوی کوگرفتار کیاجائے کیوں کہ اُس کی اِس حرکت سے فسادکادروازہ کھلنے کاخطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قران کریم اپنی اصل شکل میں تاقیامت مسلمانوں اور پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ رہے گا۔
شوپیان میں کسان میلے کا انعقاد
کاشتکاروں کو رعایتی قیمتوں پرمختلف آلات فراہم
شاہد ٹاک
شوپیان//جنوبی ضلع شوپیان میں انتظامیہ اور محکمہ باغبانی کے اشتراک سے پرانی فروٹ منڈی آرہامہ میں کسان میلے کا انعقاد کیا گیا۔ کاشتکاروں کو مختلف اسکیموں کی جانکاری دی گئی۔ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر کشمیر اعجاز بٹ اور ڈپٹی کمشنر سچن کمار نے کیمپ کا افتتاح کیا اور کاشتکاروں کو اس سے متعلق معلومات فراہم کیں۔میلے میں کاشتکاروں کو رعایتی قیمتوں پر آلات فراہم کئے گئے جنہوںنے اس اقدام کی سراہنا کی۔ ماہرین نے کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے کئی طریقے بتائے۔ اس کیمپ میں20 سٹال لگائے گئے تھے جن پر زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے مختلف آلات کی نمائش بھی کی گئی۔ شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی، زرعی ادویات اور مختلف فصلوں کے دستیاب بیجوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔
گاندبل میں انتہائی اقدام کی کوشش
کرنے والالڑکا13روزبعدفوت
ارشاداحمد
گاندربل//خودکشی کی کوشش کرنے والا گاندربل کاسترہ برس کا لڑکااسپتال میں13روزتک اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد فوت ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق لٹی گنڈگاندربل کے ذہنی تنائو کے شکاراس لڑکے نے تیرہ روزقبل اپنے گھر میں کوئی زہریلی شئے کھالی جس کے بعد اس کی حالت بگڑگئی اور گھر والوں نے اُسے فوری طور پرجہلم ویلی میڈیکل کالج اسپتال پہنچایا جہاں سے اُسے دوروزقبل رخصت کیاگیاتاہم کل گھر پہنچ کر اُس کی حالت پھر سے بگڑنی شروع ہوگئی اور اُسے ضلع اسپتال گاندربل پہنچایا گیا جہاں سے اُسے تشویشناک حالت میں سکمزصورہ منتقل کیاگیااوروہ سنیچروارصبح کو سکمزمیں فوت ہوگیا۔ اس موقع پر گھر والوں نے بغیر قانونی لوازمات مکمل کئے لاش لیکر گھر روانہ ہوگئے۔اس پر میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ کی انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے بیہامہ چوک میں ناکہ لگایا.جیسے ہی لاش لیکر لواحقین بہہامہ چوک پہنچے، پولیس پارٹی نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پولیس تھانہ گاندربل منتقل کیا ،جہاں سے لاش کو پولیس بندوبست میں ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل منتقل کرکے پوسٹ مارٹم کیاگیا اور اس کے بعد قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش وارثین کے سپرد کردی گئی۔
انجمن علماء کی اصلاح معاشرہ کانفرنس
بچوں کی تربیت پر توجہ مرکوز کرنے کی تلقین
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر تحصیل لارنو برنگ کے اہتمام سے سنیچر کو مرکزی جامع مسجد لارنو میں اصلاح معاشرہ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں علماء نے مختلف عنوانات پر روشنی ڈالی۔علماء نے نوجوان نسل میں نشیلی ادویات کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین پرزور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت پر توجہ مزکور کریں۔ کانفرنس میں نوجوانوں اور معاشرے کے سدھار میں اساتذہ کا رول اہم قرار دیا گیا ۔علماء نے کہا کہ اساتذہ کو اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سماج کے ہرفردبہتر معاشرے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔کانفرنس میں انجمن علماء وائمہ مساجدکے امیر حافظ عبدالرحمن اشرفی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔کانفرنس کی صدارت قاری عبدالولی( رکن ضلعی مجلس شوریٰ)،مولاناقاری طارق احمد صدر امورمکاتب ،مولانا قاضی عبد الرحمن مفتاحی مہتمم دارالعلوم عثمان ابن عفان متیگاورن ،صوبائی صدر انجمن مولانا محمد یونس مظاہری ،صدرتحصیل لارنو حافظ محمد رفیق اورسکریٹری تحصیل لارنو حافظ مختار احمد نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا ۔
آغا مہدی کی برسی انجمن شرعی کا خراج عقیدت
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان نے آغا سید مہدی کو انکی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مشن کو جاری و ساری رکھنے کا عزم ظاہر کیاہے۔ تنظیم کے صدر آغا سید حسن نے موصوف کی عوامی خدمات کے لئے انکے کردار کو ناقابل فراموش قرار دیا۔انہوںنے کہا کہ موصوف کو میدان سیاست میں اترنے کا کوئی شوق نہیں تھا بلکہ عوام کی مجبوریوں نے انہیں ایسا کرنے کی ترغیب دی اور آخری دم تک وہ اسی نصب العین کے لئے ڈٹے رہے اور گراں قدر خدمات انجام دیں۔انجمن کے اہتمام سے موصوف کی برسی پر 26مارچ کوبعد از نماز جمعہ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
بارہمولہ کے صحافی طاہرالحق کے والدفوت
الطاف بخاری ،بشارت بخاری اور صحافتی برادری کا اظہار تعزیت
فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ کے صحافی سید طاہرالحق کے والد اور روزنامہ کشمیر ڈسپیچ کے مدیر اعلیٰ سید بشارت کے چاچا سید عبدالحق جمعہ کو طویل علالت کے بعدسکمزمیں انتقال کر گئے ۔بارہمولہ ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن اور شمالی کشمیر جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے چیئرمین کرامت قیوم کی سربراہی میں کریری پہنچ کر نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔اس دوران سابق وزیر بشارت بخاری نے بھی طاہرالحق اور سوگوار خاندان کے سبھی افراد کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا۔ مرحوم کا چہارم 23 مارچ بروز منگل اُن کے آبائی گائوں خاموش آباد کریری بارہمولہ میں انجام دیا جائے گا ۔ادھر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کشمیر ڈِسپیچ کے مدیر اعلیٰ سید بشارت سے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ بخاری نے سید بشارت کے ساتھ دکھ کی اِس گھڑی میں دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم شریف النفس تھے جن کی ہرکوئی عزت کرتا تھا۔