مزید خبریں

نوشہرہ میں ٹریفک پولیس کی کارروائی | 3گاڑیاں ضبط ،47کے چالان کئے گئے 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس کارروائی کے دوران ٹریفک حکا م نے 3گاڑیاں کو ضبط کرتے ہوئے 47کے چالان کاٹے ۔ٹریفک آفیسر نوشہرہ کی قیادت میں ایک ٹیم نے جموں ،راجوری پونچھ شاہراہ کیساتھ ساتھ مختلف رابطہ سڑکوں پر ناکے لگا کر قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میںلائی ۔ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں و دیگر ٹرانسپورٹروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کی جائے ۔انہوں نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ قاعدہ کیخلا ف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔
 
 

کوڈ ایس او پی کی خلاف ورزی | راجوری پولیس نے کارروائی عمل میں لائی 

راجوری //کوروناوائرس کی دوسر ی لہر کے چلتے ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف راجوری پولیس سٹیشن اور لمبیڑی پولیس پوسٹ کے حکام کی جانب سے کارروائی عمل میں لائی گئی ۔اس دوران جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے عوام کو بیدار کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔اس مہم کے دوران کووڈ ایس او پی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ۔اس مہم کے دوران راجوری پولیس سٹیشن کی ٹیم نے 10ہزار 5سو جبکہ لمبیڑی پولیس پوسٹ کی خصوصی ٹیم نے 17ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ۔اسی طرح پولیس سٹیشن کالا کو ٹ ،سندر بنی ،بدھل ،منجاکوٹ اور درہال کی ٹیموں نے کووڈ کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ۔پولیس نے لوگوں کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وائرس کے مزید پھیلا ئو کو روکنے کیلئے اپنا رول اداکریں ۔
 
 

06اپریل کو چھاتی کے کینسر کی سکریننگ | و بیداری پروگرام کا اہتمام کیاجائے گا 

راجوری //راجوری میں محکمہ صحت کی جانب سے 06اپریل کو گور نمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال میں چھاتی کے کینسر کی سکریننگ وبیداری پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔یہاں جاری ایک بیان میں میڈیکل کالج کے منتظمین نے کہاکہ چھاتی کے کینسر کے بڑھتے ہوئے واقعات اور اس سلسلہ کی روکتھام کیلئے خواتین کو بیدار کرنا اشد ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں میڈیکل کالج میں ایک مفت بیداری پروگرام کا اہتمام کیاجائے گا جس کے دوران 25سال کی عمر سے زائد کی خواتین کی مفت جانچ ہوگی ۔انتظامیہ نے بتایا کہ اس عمل کو مکمل کرنے کیلئے جدید نوعیت کی مشینری کو استعمال کیاجائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو سہولیات میسر ہو سکیں ۔ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ 25سال سے زائد عمر کی خواتین اپنی جانچ کیلئے آگے آئیں ۔اس سلسلہ میں اپنی رجسٹریشن کروانے کی خواہشمند خواتین فون نمبرات 7889877408اور 7006840475پر رابطہ کر سکتی ہیں ۔
 
 

شراب سمگلنگ کی کوشش ناکام | 38بوتلوں سمیت 2گرفتار 

راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری ضلع کی تحصیل منجا کوٹ میں شراب سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی کی قیادت میں پولیس کی ایک ٹیم معمول کی چیکنگ پر تھی کہ اس دوران جموں پونچھ شاہراہ پر ایک گاڑی زیر نمبر JK12A-7348کی تلاشی کے دوران شراب کی 38بوتلیں ضبط کرلی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شراب ضبط کرتے ہوئے دونوں سمگلروں کو گرفتار کر لیا ہے جن کی شناخت عارف بیگ سکنہ گوہلد اور عظم حسین سکنہ سڑوتی مینڈھر کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 38/2021 پولیس سٹیشن منجا کوٹ میں درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
 
 

کوٹرنکہ میں کووڈ ٹیسٹوں کے عمل میں تیزی 

محمد بشارت 
کوٹرنکہ //کورونا وائر س کی دوسری لہر کے چلتے ضلع انتظامیہ راجوری نے وائرس کے مزید پھیلائو کو روکنے کیلئے روزانہ کی بنیادوں پر زیادہ ٹیسٹ کرنے کی مہم شروع کر دی ہے ۔اس سلسلہ میں بلاک کنڈی میں محکمہ صحت کی جانب سے لوگوں کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی اقبال ملک نے بتایا کہ اس مہم کے دوران شعبہ صحت کی ٹیم نے 135آر ٹی پی سی آر جبکہ 100رپیڈ ٹیسٹ کئے ہیں ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ کئے گئے دپیڈ ٹیسٹوں کی رپورٹیں منفی آئی ہیں جبکہ دوسرے ٹیسٹوں کی جانچ کیلئے نمونے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کئے گئے ہیں ۔محکمہ صحت نے لوگوں کو بیدار کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ ایس او پی بالخصوص سماجی دوری ،ماسک کا استعمال وسینٹائزر کا استعمال کیا جائے تاکہ وائرس کے مزید پھیلا ئو کو روکا جاسکے ۔
 
 
 
 

تھنہ منڈی میں یک روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے منیہالی گلی علا قہ میں یک روزہ سیر النبی ؐکااہتمام کیا گیا ۔منیہال گلی علاقہ میں واقع مدرسہ مدنی دارالعلوم منڈہ موڑ منہال کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس و جلسہ دستار بندی کا انعقاد کیا گیا جس میں اضلاع راجوری و پونچھ کے علماء ائمہ مساجد علاقہ کے معززین اور لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔حافظ محمد نوید احمد میر نے تلاوتِ قرآن مجید سے پروگرام کا آغازکیا جبکہ طاہر غفور میر اور حاجی افضل ضیاء نے بہترین انداز میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلّم کے حضور گلہائے عقیدت نچھاور کئے ۔اس موقع پر مدرسہ ہذا کے تین طلبہ حافظ زاہد علی خان حافظ ظہیر خان اور حافظ محمد ثاقب کی دستار بند بھی کی گئی ۔اس موقع پرخطیب پونچھ علامہ مولانا مفتی فاروق حسین مصباحی ومولانا عبدالمجید قادری نے قران، صاحب قرآن اور اصلاح معاشرہ پر اپنے مفصل و مدلل بیان میں کہا کہ بلاشبہ قرآن پاک ایک مہتمم بالشان ، معتبر ، لاثانی اور لافانی کتاب ہے جس میں کسی بھی طرح کے شک و شبہ یا ترمیم کی گنجائش نہیں۔ علماء نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالی نے ہی نازل کیا ہے اور وہی اس کا محافظ بھی ہے لہٰذا گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں تاریخ گواہ ہے کے اسے مٹانے والے خود مٹ گئے اور وسیم رضوی جیسے ملعون بھی مٹ جائیں گے. علمائے کرام نے نے واضح کیا کہ اسلام عصری تعلیم کا ہرگز مخالف نہیں ،آپ اپنے بچوں کو ڈاکٹر، انجینئر، پروفیسر اور آئی اے ایس افسر وغیرہ بنائیں، لیکن اس سے پہلے انہیں دینی تعلیم دلوائیں۔ اگر اس میں کوتاہی برتی گئی تو خدانخواستہ یہی اولاد کل والدین کے لئے درد سر،سماج کے لئے ناسور اور قوم کے لئے خطرے اور خسارے کا باعث بن سکتی ہے۔حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی نے اپنے تمہیدی کلمات میں کہا کہ قرآن پاک حفظ کرنے والے بچوں کا اللہ کے ہاں بڑا اہم مقام ہے انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامیہ دین کے قلعے اور علوم دینیہ کی تعلیم و اشاعت کا اہم ترین ذریعہ ہیں لہذاہر لحاظ سے ان کی معاونت کی جانی چاہیے۔علمائے کرام نے اس موقع پر قرآن پاک کی عظمت و حرمت و عزت و احترام تقدس و پاکیزگی اور عقیدت و محبت پر سیر حاصل گفتگو کی۔پروگرام کے آخر میں مدرسہ مدنی دارالعلوم منڈہ موڑ منیہال کے مہتمم حافظ محمد اسحاق خان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد صلاح و سلام اور حافظ نصیر الدین نقشبندی کی رقت آمیز دعا پر اس مجلس کا اختتام ہوا۔
 
 
 
 
 
 
 

ڈی سی پونچھ نے کووڈ معاملات و انتظامات کا جائزہ لیا 

حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کورونا وائرس کے مثبت معاملات میں حالیہ اضافے کے بعد ضلع پونچھ میںویکسی نیشن مہم کا جائزہ لینے کے لئے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ میں اعلیٰ افسران کو معاشرتی فاصلے اور ماسک کے استعمال سمیت حفاظتی اقدامات کو نافذ کرنے کے لئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ انہوںنے کہا کہ حفاظتی تدابیر پر کسی قسم کی نرمی کی وجہ سے ضلع میں کوڈ-19 کے معاملات میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے اس لئے بڑی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع میں جاری ویکسی نیشن مہم کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے میٹنگ میں موجود ریونیو افسران ، سب ڈویڑنل مجسٹریٹ اور تحصیلداران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اپنے ماتحت عملے کی میٹنگ کریں جس میں پٹواریوں ، آشا ورکرز ، آنگن واڑی ورکرز ، اساتذہ ، وی ایل ڈبلیو کو بلایا جائے تاکہ عام لوگوں میں کوڈ پروٹوکول کا مشاہدہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اس مہلوک وائرس کے خلاف بہادری سے لڑنے کی ضرورت ہے ۔آفیسر موصوف نے چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ، میڈیکل سپر ناٹینڈنٹ سے کہا کہ وہ ضلع میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کو بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن مہم کو مزید تیز کیا جائے ۔ڈی ڈسی نے ضلع میں تیزی سے بڑھتے ہوئے کوڈ کیسوں کے پس منظر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سی ایم او پونچھ اور بلاک میڈیکل آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ ایک  وقت میں 100 مریضوں گنجائش رکھنے والے مراکز قائم کریں۔دریں اثناء افسران سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر پونچھ کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں کام کرنے والے تمام ملازمین کا ڈیٹا بیس اپ ڈیٹ کریں تاکہ کوویڈ معاملات میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے پیش آنے والے کسی بھی طرح کی افزائش کا مقابلہ کیا جاسکے۔دیگر افسران ، جنہوں نے میٹنگ میں شرکت کی ان میں سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ ، اے ڈی ڈی سی پونچھ ، اے ڈی سی پونچھ ، اے سی آر پونچھ ، سی ایم او پونچھ اور ضلع پونچھ کے تمام تحصیلوں اور بلاکس کے سیکٹرل افسران شامل ہیں۔
 
 

امام زمانہ(عج)کی میلاد کی مناسبت سے جشن مسرت منعقد 

حسین محتشم
حوزہ// حضرت امام صاحب الزمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی میلاد پر مسرت کی مناسبت سے تحصیل مینڈھر کے گورسائی کے عزا خانہ امام حسین بوڈینی میں جشن کی پر مسرت تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں علمائے کرام،شعرائے کرام اور مومنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔جشن کی اس تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا بعد از آں نعت ومنقبت کے نذرانے پیش کئے گئے۔ اس جشن کے دوران قائد ملت حجۃ الاسلام مولانا سید مختار حسین جعفری اورحجۃ الاسلام مولانا سید مظہر حسین جعفری نے امام مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے یادگار واقعات بیان کیے اور دور حاضر میں مومنین کی ذمہ داریوں کے حوالے سے وعظ و نصیحت فرمائی اس دوران شعرائے  اور ثناخوان حضرات نے حضرت مہدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی شان میں اشعار بھی پڑھے۔ جن شعرائے کرام نے اشعار پڑھے ان میں سید ناطق حسین جعفری، 
ڈاکٹر ذاکر حسین فردوس،سید عظمت حسین جعفری، ایڈوکیٹ ابرار نقوی اور محتشم احتشام شامل ہیں۔ نظامت کے فرئض سیدمدثرحسین جعفری نے انجام دئیے۔
 
 
 
 

اور لوڈنگ کیخلاف پولیس کی مینڈھر میں کارروائی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //ٹریفک پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ناکے لگا کر ٹریفک قوانین بالخصوص اور لوڈنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔ٹریفک حکام کے مطابق سب ڈویژن کے مختلف علا قوں میں ڈرائیوروں کی جانب سے کی جانے والی اور لوڈنگ کے سلسلہ میں شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران متعدد گاڑیوں کے چالان بھی کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈرائیوروں کو ہدایت بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ مسافروں کو دوران سفر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ٹریفک پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مسافروں سے مناسب کرایہ وصول کیا جائے جبکہ غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 
 
 

راجوری سڑ ک حادثے میں 7زخمی 

راجوری //راجوری ضلع کے کالا کوٹ سب ڈویژن میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں سات افراد زخمی ہو گئے ۔پولیس نے بتایا کہ سنیچر شام کو ایک ایکو گاڑی زیر نمبرJK12B-6155 کالا کوٹ سے پونچھ کی جانب جا رہی تھی کہ کھڑک گائوں کے قریب گاڑی ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 7افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت ،روبینہ کوثر زوجہ طفیل حسین ،ریشمہ بی زوجہ محمد حسین ،غلام حسین ولد محمد لطیف ،منیزہ بی زوجہ محمد صدیق ،منیرہ بی زوجہ شیر محمد ،نسیم اختر زوجہ غلام حسین اور قدیر حسین ولد شیر محمد سکنہ منڈی پونچھ کے طورپر ہوئی ہے ۔
 
 

 درویش غلام قادر ؒ کا سالانہ عرس اختتام پذیر

حسین محتشم
پونچھ//روحانی پیشوب درویش غلام قادر رحمتہ علیہ کا سالانہ تین روزہ عرس اتوار کو اختتام پذیر ہو۔اس دوران درویش غلام قادر علیہ الرحمہ سے عقیدت رکھنے والے سینکڑوں عقیدتمندوں نے زیارت عالیہ پر حاضر ہو کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ جمعہ کو زیارت شریف درویش غلام قادر صاحب واقع بانڈی چیچیاں پونچھ میں ذکر و ازکار کی محفل منعقد ہوئی اسی روز زائرین کی حاضری کا سلسلہ بھی شروع ہوا جو سنیچر اور اتوار کو بھی جاری رہا۔اس موقع پر علمائے کرام کی جانب سے اپنے خطابات کے دوران عوام الناس کوسیرت اولیاء کے متعلق جانکاری دی گئی۔ علماء کرام نے اولیاء اللہ کو خداکی رحمت اور عوام کیلئے انکی زندگی کو مشعلِ راہ سے تعبیر کیا جب کہ نعت و منقبت کے نذرانے بھی پیش کئے گئے ۔ اس دوران سائیں بابا میراں بخش درویش غلام قادر ٹرسٹ کی جانب سے حاضرین کیلئے لنگر تبرک و قیام کا معقول انتظام کیا گیا۔جب کہ ضلع پولیس کی جانب سے بھی کڑے حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔عرس کے اختتامی روز خصوصی دعائیہ محفل کا انعقاد کیا گیا جہاں ملک و قوم کی
 سلامتی و بھائی چارے کیلئے دعائیں طلب کی گئیں۔
 
 
 
 

ڈھیری ڈبسی علاقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان 

سڑک اور بنکر تعمیر نہیں ہو سکے ،لوگوں کو پریشانی کا سامنا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر کے سرحدی علا قہ دھیری ڈبسی میں بنکروں و سڑک کے ساتھ ساتھ دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ سرحدی علاقہ میں ابھی تک کوئی بھی بنکر تعمیر نہیں کیاجاسکا جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنچایت گھوئی کا مذکورہ علاقہ صفر لائن کے قریب ہے جبکہ فائرنگ کے دوران پورا علا قہ گولہ باری میں زد میں رہتا ہے جبکہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو بھی جانکاری فراہم کی گئی ہے لیکن ابھی تک گائوں میں بنکروں کی تعمیر کے سلسلہ میں کسی بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ فائر بندی معاہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرحدی علا قوں میں بنکروں کی تعمیر مکمل کی جائے جبکہ سرکاری سکولو ں کیساتھ ساتھ عام مکینوں کے گھروں  کے قریب انفرادی اور کمیونٹی بنکروں کی تعمیر عمل میں لائی جائے تاکہ عوامی مشکل حل ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ سرحدی علا قوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے بنکرو ں کیساتھ ساتھ سڑکیں بھی تعمیر کی جائیں ۔