لاپتہ شخص کی لاش 1ماہ بعد چناب سے برآمد
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آج سے ٹھیک ایک ماہ قبل ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر پریم نگر کے نزدیک ٹرک حادثہ میں لاپتہ شخص کی لاش کراڑہ کے مقام پر چناب سے برآمد ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق منگل کی شام دریائے چناب سے کراڑہ کے نزدیک ایک غیر شناخت شدہ لاش برآمد ہوئی جس سے جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر اس کی شناخت رونی کمار ولد کیلاش کمار ساکنہ ٹھکرائی کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے جوکہ گذشتہ ماہ کی چھ و سات تاریخ کی درمیانی شب کو ٹرک حادثہ میں لاپتہ ہوا تھا۔اس حادثہ میں کل تین افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں دو کی لاشیں پہلے ہی برآمد ہوئی ہیں۔
لاپتہ اہلکار کی واپسی کیلئے پُر امید ہوں:منو ج سنہا
جموں// جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ چھتیس گڑھ نکسلی حملہ میں لاپتہ جموں کے سی آر پی ایف اہلکار کی واپسی کیلئے پر امید ہیں ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ مغوی سی آر پی ایف کمانڈو کی محفوظ رہائی کیلئے پرامید ہوں۔ انہوںنے کہا کہ نکسلی حملے کے بعد لاپتہ ہوئے راکیشور سنگھ منہاس کی محفوظ رہائی کے لیے ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ منوج سنہا نے مزید کہا کہ ’میں راکیشور سنگھ منہاس کی محفوظ واپسی کے لیے پرامید ہوں‘۔
آئی آئی ایم جموں کا جلسہ تقسیم اسناد | نائب صدر جمہوریہ خطاب کریں گے
جموں//نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو 9 اپریل کو یہاں کنال روڈ پر واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ (آئی آئی ایم) کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کریں گے ۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو 9 اپریل کو جموں پہنچ کر آئی آئی ایم کے کنونشن سینٹر میں انسٹی ٹیوٹ کے تقسیم اسناد جلسے سے خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس جلسے میں وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جیتندر سنگھ اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ذی وقار کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔بتادیں کہ آئی آئی ایم جموں کا قیام سال 2016 میں عمل میں لایا گیا تھا۔ یہ ایک خود مختار ادارہ ہے ۔پروفیسر بی ایس سہائے اس ادارے کے بانی ڈائریکٹر ہیں۔
قانون ساز اسمبلی کے دروازے بالی وڈ کیلئے وا | ’مہارانی‘نامی ویب سیریز کے ایک منظر کی شوٹنگ کی گئی
یواین آئی
جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ میں پہلی بار اس کے دروازے حال ہی میں بالی وڈ کے لئے اُس وقت کھول دئے گئے جب اس میں 'مہارانی' نامی ویب سیریز کے ایک منظر کو شوٹ کیا گیا۔جموں میں قانون ساز اسمبلی کے اندر 4 اپریل کو ویب سیریز 'مہارانی' جس میں معروف فلمی اداکارہ ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں، کے ایک منظر کی شوٹنگ کی گئی۔حکام کی طرف سے قانون ساز اسمبلی میں ویب سیریز کے منظر کو شوٹ کرنے کی اجازت دینا بالی وڈ فلم انڈسٹری کو جموں وکشمیر میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی ہے ۔ایک ادا کار نے بتایا’’جموں و کشمیر کی تاریخ میں پہلی بار قانون ساز اسمبلی میں کسی فلم کی شوٹنگ کی گئی۔ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے حکومت، جموں و کشمیر کو فلموں کی شوٹنگ کا مرکز بنانے میں کس قدر سنجیدہ ہے‘‘۔اسمبلی ہال میں شوٹ کئے گئے منظر میں دکھایا گیا ہے ’’جموں و کشمیر اسمبلی اچانک شروع ہوجاتی ہے اور حزب اختلاف کے مشتعل ارکان اسمبلی کا آمنا سامنا ہوتا ہے ، اسپیکر انہیں بار بار ہاؤس کا تقدس بحال رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ (جس کا رول ہما قریشی ادا کرتی ہیں) کی تقریر سننے کو کہتا ہے لیکن جب وہ نہیں مانتے ہیں تو انہیں اسمبلی ہال سے باہر نکالا جاتا ہے‘‘۔'مہارانی' ویب سیریز جس میں ہما قریشی وزیر اعلیٰ کا رول ادا کر رہی ہیں، کو جموں شہر میں شوٹ کیا جا رہا ہے اور اس میں 100 مقامی اداکار کام کر رہے ہیں۔اس ویب سیریز کے ہدایت کار 'جولی ایل ایل بی' فلم سے شہرت پانے والے سبھاش کپور ہیں جبکہ سونی لائیو نے اس کو بنایا ہے ۔ایک مقامی اداکار نے بتایا’’ویب سیریز مہارانی کے بعض منظروں کو جموں وکشمیر اسمبلی میں شوٹ کیا جا رہا ہے ‘‘۔اس ویب سیریز کی شوٹنگ کے لئے ہدایت کار سبھاش کپور کچھ روز قبل ادکارہ ہما قریشی، سوہم شاہ، امیت سائل اور ونیت کمار کے ساتھ جموں میں تھے ۔اس ویب سریز میں گورنمنٹ زنانہ کالج گاندھی نگر، جی جی ایم سائنس کالج، سرکٹ ہاؤس اور جموں کے دیگر خوبصورت مقامات نظر آئیں گے ۔جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت والی حکومت بالی وڈ فلم انڈسٹری کو یونین ٹریٹری میں دوبارہ فلموں کی شوٹنگ کرنے کے لئے تیار کرنے کے لئے کوشاں ہے ۔حکومت یہاں ایک 'فلم سٹی' بنانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے جس میں فلم بنانے کے لیے تمام سہولیات کو بہم رکھا جائے گا۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے حال ہی میں کہا کہ بالی وڈ کے لئے جموں و کشمیر فلموں کی شوٹنگ کے لئے پسندیدہ جگہ رہی ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ کے معروف ہدایت کار اپنی فلموں کی شوٹنگ کے لئے پھر سے اس خطے کا رخ کر رہے ہیں۔
مشیر بصیر خان سے ادھیوگ بھون جموں میں متعدد وَفود ملاقی
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان سے ادھیوگ بھون جموں میں متعدد وفود اور اَفراد ملاقی ہوئے اور اُنہوں نے اَپنے مسائل اور شکایات مشیرموصوف کو گوش گزار کئے۔عوامی سنوائی کے دوران وفود اور افراد نے اَپنے مسائل اور مطالبات مشیر موصوف کو گوش گزار کئے اور ان مسائل کے بروقت ازالے کے لئے مشیر کی مداخلت طلب کی۔ اس دوران مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے اور انہیں ہر مطالبے کی خوبیوں کا تجزیہ کرنے اور اس کے مطابق کارروائی کرنے کے لئے موقعہ پر ہدایت دی گئی ۔ مشیر موصوف نے اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ وہ وفود کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے ازالے کو مقررہ وقت کے اندر یقینی بنائیں۔ مشیرموصوف نے کہا کہ حکومت بہتر اِنتظامیہ اورجواب دہی کو یقینی بنانے کے لئے لوگوں کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات کے فوری ازالے کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کے پروگراموں اور سکیموںکی عمل آوری کی رفتار میںسرعت لائی ہے ۔اُنہوں نے افسران کو لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے شکایات کے فوری ا زالے پر خصوصی توجہ مرکوز کر کے عوام تک پہنچے کے لئے زور دیا۔ مختلف امور کے حامل کئی وفود نے اس طرح کی شکایات کے ازالے کے طریقۂ کار کے ساتھ نمائندگی کی جہاں شکایات کا موقع پر ہی ازالہ ہوسکتا ہے۔ مشیر نے تمام شرکأ کو بغور سنا اور یقین دِلایاکہ متعلقہ محکموں کی طرف سے جائز شکایات اور مسائل کو دور کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کے مسائل کو حل کرنا موجودہ اِنتظامیہ کی ترجیح ہے اور ہر محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان شکایات کو فوری طور پرازالہ کر یں جو ان کو موصول ہوئی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر یوٹی حکومت عوام کے دہلیز تک پہنچنے کے لئے پُرعزم ہے اور ترقیاتی عمل میں عوام کی شرکت کے ساتھ ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متعدد اصلاحات کا آغاز کیا ہے۔عوامی سماعت کے اختتام پر مشیر بصیر احمد خان نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ عوام الناس کے جائز مسائل سے نمٹنے میں سرگرم عمل رہیں۔
دیہی علاقوں کی ترقی بھاجپا حکومت کی ترجیحات میں شامل :شکتی پریہار
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //دیہی علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، کارکنان گاؤں سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے و عوام و سرکار کے درمیان پل کا کام کریں۔ان باتوں کا اظہار سابق وزیر و نائب صدر بھاجپا شکتی راج پریہار نے ڈوڈہ میں ورکر میٹنگ کے دوران کیا۔ 'میرا بوتھ سب سے مضبوط' مشن کے تحت سابق وزیر نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کا منشور و پالیسی عوام کے سامنے رکھیں آور فلاحی اسکیموں کے بارے میں بھی جانکاری دیں تاکہ مستحق افراد ان سے استفادہ حاصل کر سکیں۔ میٹنگ میں کھیلینی منڈل سے آئے کارکنوں نے شرکت کی جبکہ ضلع جنرل سیکرٹری منجیت کمار، یوتھ ضلع صدر رویندر سنگھ،یوتھ جنرل سیکرٹری کرشن چنڈیل، بی ڈی سی چیرمین کھیلینی منیش کمار بھی میٹنگ میں موجود رہے۔
کشتواڑ ۔ڈوڈہ شاہراہ پر آمد ورفت میں خلل
عاصف بٹ
کشتواڑ//رات بھر تیز بارشوں کے سبب کشتواڑ ۔ڈوڈہ سڑک پر الصبح کاندنی کے مقام پر پتھر و مٹی گرآنے کے سبب شاہراہ بند ہوگئی جس سے گاڑیوں کی آواجاہی کچھ وقت کیلئے بند ہوگئی تاہم بعد میں انتظامیہ نے ملبہ ہٹانے کیلئے مشینری بھیجی لیکن اس سے قبل ہی لوگوں نے خود ہی پتھر ہٹاکر شاہراہ کو چھوڑی گاڑیوں کی آمدورفت کے قابل بنایا تھا بعد میں انتظامیہ نے اسے مکمل کرکے اس پر آمدورفت بحال کی۔
ڈوڈہ میں تیندواپکڑا گیا
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈا کے ایک گاؤں میں چھ گھنٹے سے زائد عرصہ تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد بدھ کے روز محکمہ وائلڈ لائف نے ایک تیندوے کو پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق تیندواصبح قریب ساڑھے آٹھ بجے کے قریب ،نزدیک کے جنگل سے پرانو گاؤں میں داخل ہوا اور کچھ مقامی مزدوروں نے سڑک کی تعمیر پر کام کرنے کے دوران اُسے دیکھا۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ وائلڈ لائف پولیس کے ساتھ مل کر فوری طور پر حرکت میں آگئی اور آخر کار رات کے ڈھائی بجے کے قریب تیندوے کو پکڑ لیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران درندے کا سامنا کرنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف کے ملازم سمیت متعدد افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔یہ دوسرا تیندو اتھا جو کئی دن میں محکمہ وائلڈ لائف کے ذریعہ زندہ پکڑا گیا تھا۔جموں شہر کے گاندھی نگر علاقے میں گرین بیلٹ پارک میں بھٹکتے ہوئے ایک تیندوے کو محکمہ وائلڈ لائف نے پکڑ لیا۔ تیندوے کو پکڑنے سے پہلے ہی وائلڈ لائف کے دو ملازم اور ایک شہری زخمی ہوگیا تھا اور اسے شہر کے منڈا چڑیا گھر میں منتقل کردیا گیا تھا۔
شیعہ فیڈریشن کا اظہار تعزیت
جموں//شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں نے آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے نمائندہ برائے ہند وستان آیت اللہ مہدی مہدوی پور کے بھائی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ مولانا سید مختار حسین جعفری، مولاناسید کرامت حسین جعفری ،صدر عاشق حسین خان ،مولانا سید ظہور حسین جعفری، مولانا سید محمد کوثر علی جعفری ،مولانا سید زوار حسین جعفری ،مولانا انعام حسین جعفری ،مولانا سمیر حسین کاظمی، شیخ سجاد حسین سینئر نائب صدر ،خواجہ بشیر حسین میر نائب صدر، جعفر حسین ضلع صدر پونچھ، مرتضیٰ علی یشقون ضلع صدر رام بن، شبیر حسین ، غلام محمد گنائی صدر انجمن حسینی بٹھنڈی، کامران علی خان، سید منان حیدر، نثار حسین شاہ ،ذیشان علی خان، اصغر حسین میر، انور حسین ،سید عابد حسین صفوی اور شیعہ فیڈریشن کے دیگر تمام ارکان نے دکھ کا اظہار کیا۔عاشق حسین خان نے کہا کہ نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہمہدی مہدوی پور کے بھائی کے انتقال سیقوم خاص کر انقلاب اسلامی کو بڑانقصان پہنچاہے۔انہوں نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین خصوصاًآیت اللہ مہدی مہدوی پور کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔