لداخ میں بدھ پورنیما انتہائی سادگی سے منایا گیا
لیہہ// لداخ یونین ٹریٹری میں بدھ کو بودھ مذہب کے بانی مہاتما بدھ کی یاد میں منایا جانے والا تہوار 'بدھ پورنیما' کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر انتہائی سادگی کے ساتھ منایا گیا اور اس کی مناسب سے وسیع و عریض پولو گرائونڈ میں ہر سال ہونے والی تقریب مسلسل دوسرے سال بھی منعقد نہ ہوسکی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق لداخ بالخصوص بودھ اکثریتی ضلع لیہہ میں بدھ کو 'بدھ پورنیما' کے موقع پر کسی بڑی تقریب کا انعقاد نہیں کیا گیا اور بیشتر لوگوں نے عبادتوں کا اہتمام اپنے ہی گھروں میں کیا ہے ۔لداخ بدھسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تھپستن چیوانگ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر اس تہوار کو انتہائی سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ایک چھوٹی سی تقریب منعقد کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا’’ہم نے لداخ میں رہنے والے بودھ مذہب کے تمام پیروکاروں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ اپنے گھر میں رہ کر آج کا دن، جو ہمارے لئے بہت مقدس ہے ، منائیں'۔تھپستن چیوانگ نے کہا کہ یہاں جو ایک مختصر تقریب منعقد کی گئی ہے ، اس میں کووڈ قہر کے خاتمے اور دن میں امن و امان کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا ’’ہماری مقامی بدھسٹ لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ باہر سے آنے والے مزدوروں کی ان سخت ایام میں مدد کریں۔ بدھسٹ تنظیمیں بھی ان ضرورت مندوں کی مدد کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں‘‘۔
مہاتما بدھ نے دنیا کو عدم تشدد کا فلسفہ دیا:این سی
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے بیروہ میں پیش آئے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کو بدھ پورنیما کے موقعہ پر مبارکباد پیش کی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بدھ پورنیما کے موقعہ پر جموں کشمیر اور لداخ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہاتما بدھ نے دنیا کو عدم تشدد کا فلسفہ دیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اس فلسفے اور تعلیم کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ سابق وزراء اعلیٰ نے کہا کہ بدھ پورنیما مساوات،عدم تشدد،انکساری اور صبر و تحمل کا درس دیتی ہے،جس کیلئے جموں کشمیر و لداخ کے لوگ صدیوں سے جانے جاتے ہیں۔ اس دوران سابق وزیر قمر علی آخون نے بھی بدھ پورنیما کے موقعہ پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ نیشنل کانفرنس کے صدر اور نائب صدر نے بیروہ میں پیش آئے واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ اس واقعے پر نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈراں پروفیسر عبدالمجید متو اور ڈاکٹر محمد شفیع نے بھی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے غمزگان کی ڈھارس بندھائی۔
کے کے شرما کی لوگوں کو مبارک باد
سرینگر//سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما نے بدھ پورنیما کے مقدس موقعہ پر جموںوکشمیر یوٹی کے لوگوں کو مبارک باد دی۔اَپنے تہنیتی پیغام میں ایس ای سی نے تمام لوگوں کیلئے اَپنی نیک خواہشات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ویساک‘‘مئی مہینے میں پورے چاند کا دِن ہرجگہ بدھسٹوں کے لئے سب سے مقدس دِن ہے ۔ اِس دِن 623 قبل مسیح میں بدھ کی پیدائش ہوئی تھی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’ ویساک‘‘ کے دِن بدھ کوبصیرت اور روشن خیالی حاصل ہوئی تھی اور یہ ویساک کا ہی دِن تھا بدھاکا اُن کے 80 ویں برس میں اِنتقال ہو گیا۔ ایس ای سی نے کہا کہ بدھ کی تعلیمات میں ہمیں شفقت ، اَمن اور محبت کے پیغام کا درس ملتا ہے ۔اُن کی تعلیمات سے لاکھوں اَفراد نے فیض حاصل کیا ہے اور آنے والے وَقتوں میں بھی وہ اِنسانی سوچوں کی تشکیل کرتی رہے گی۔
طلبا ء کیلئے ریڈیو اور ٹیلی کلاسز کا اہتمام
سیول سوسائٹی بڈگام کا خیر مقدم
بڈگام // سیول سوسائٹی بڈگام نے محکمہ تعلیم کی جانب سے طلباء کیلئے ریڈیو اور ٹیلی کلاسز کے اہتمام کا خیر مقدم کیا ہے ۔سوسائٹی کے ارکان بشیر احمد ڈار ،فیاض احمد ،کفایت حسین ،ایڈوکیٹ فیروز احمد ،ڈاکٹر جی اے ڈار،سید فیاض بخاری،محمد یوسف ڈار ،ایم ملک،سید سمیع اللہ ، نامور معالج حکیم یعقوب ،صحافی صوفی یوسف ،ماہرین تعلیم بشیر احمد و محمد شفیع میر نے محکمہ ایجوکیشن کے فیصلے کو ایک قابل تحسین قدم قرار دیا ہے۔ اراکین سیول سوسائٹی نے محکمہ تعلیم،ناظم تعلیمات کشمیر DSEK اور نشریات و ٹیلی کاسٹ سے وابسطہ پوری ٹیم کو اس عظیم کاوش کیلئے مبارک باد پیش کی ہے۔ سیول سوسائٹی کے ترجمان نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر چلیینجوں کو سامنے رکھ کر جدت اور نئی حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ ریڈیو اور ٹیلی کلاسز کا اہتمام اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے جس سے دور ست نتائج برآمد ہوسکتے ہیں اور اس سے لاکھوں طلبا و اساتذہ مستفید ہوسکتے ہیں ۔
متحدہ مجلس علما ء کا مفتی محمد یعقوب کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر //متحدہ مجلس علما ء جموں وکشمیر نے مجلس کے بانی رکن اور جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر کے صدر مفتی محمد یعقوب بابا کے بزرگ والد الحاج محمدحسین بابا سکونت راجوری کدل کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سماجی خدمات کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔بیان میں مرحوم محمد حسین بابا کو ایک نہایت ہی شریف النفس بااخلاق ، ملنسار ، محنت کش، دیانتدار اور نیک سیرت انسان قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ مرحوم نے پوری زندگی سادگی کے ساتھ تجارت اور محنت و مشقت کے ذریعے گذار کر کشمیری سماج کے لئے ایک بہترین مثال پیش کی ہے۔مجلس علما نے اپنے جملہ اراکین خاص طور پر 5 اگست2019 سے مسلسل نظر بند رکھے گئے مجلس کے سربراہ میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کی جانب سے مفتی محمد یعقوب بابا ، بابا خاندان کے جملہ اراکین اور خاص طور پر جمعیت اہلحدیث کی قیادت کے ساتھ دلی تعزیت اورہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔اس دوران مجلس کے ایک موقر وفد نے مفتی محمد یقوب بابا کے گھر جاکر براہ راست تعزیت پرسی کی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے حق میں فاتحہ پڑھی اور ایصال ثواب کیا۔
جی ایم میر ساقی سے حقانی میموریل ٹرسٹ کی تعزیت
سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ جموں و کشمیر نے جی ایم میرساقی پبلسٹی سکریٹری جمیعت ہمدانیہ کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سد حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے انکی وفات پر دلی صدمے و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ٹرسٹ کے جملہ عہدہ داران و اراکین ، ٹرسٹ کے ساتھ منسلک ادارے ، تحریک اسلامی جموں وکشمیر، ابن حقانی یوتھ فانڈیشن جموں و کشمیر، دارلعلوم حقانیہ سویہ بگ ، دارلعلوم فیضان مدینہ آروہ بیروہ، دارلعلوم قریشیہ شیری بارہمولہ دارلعلوم سلطان العارفین ترچھل پلوامہ ، دارلعلوم شاہ ولی اللہ ست بونن کپوارہ اور دارلعلوم لبیک یا رسول اللہ سوپور کے منتظمین غم زدہ خاندان کے ساتھ دلی اظہار ہمدردی پیش کرتے ہیں ۔اللہ کریم مرحومہ کی قبر کو نور سے منور فرمائے ۔
ایس کے ایم کی کال پر ، جموں و کشمیر کسان تحریک کے احتجاجی مظاہرے
گذشتہ سال حکومت کے منظور کردہ کسان مخالف قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ
نیوز ڈیسک
سرینگر // کسان مخالف قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر کسان تحریک نے بدھ کے روز کسان سنیوکت مورچہ کی ملک بھر میں احتجاج کی کال پر بدھ کو پورے خطے میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔مظاہریں کا کہنا ہے کہ یہ کسان مخالف قوانین پارلیمنٹ میں بی جے پی حکومت نے گزشتہ سال بغیر کسی مشاورت ، بحث و مباحثے کے منظور کئے۔ احتجاجی کال سینیو کت کسان مورچہ (ایس کے ایم) نے دی تھی۔ مظاہرین نے ایس او پیز اور سماجی دوری کے اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ یہ کسان مخالف اور غریب مخالف زرعی قوانین زراعت کے شعبے کو تباہ کرنے اور ہندوستان کی غذائی تحفظ کو خطرہ بنانے کے پابند ہیں۔ اس کے علاوہ ، یہ قوانین کم سے کم سپورٹ پرائس (ایم ایس پی) کے خاتمے کی بنیاد رکھیں گے۔ اننت ناگ میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری جموں و کشمیر کسان تحریک غلام نبی ملک نے کہا کہ کسان مخالف قوانین نے کسانوں کو ایک نازک صورتحال میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فصلوں کیلئے کم سے کم سپورٹ قیمت کو یقینی بنانے کیلئے ان کی پیداوار کے مناسب قیمت کا معاملہ ایک دیرینہ مطالبہ ہے۔ حکومت کو لازمی طور پر ایم ایس پی میں باسمتی ، زعفران ، تازہ اور خشک میوہ جات شامل کریں۔ بار بار وعدوں اور یقین دہانیوں کے باوجود یہ جائز مطالبہ آج تک پورا نہیں کیا جاسکا۔ کیڑے مار ادویات میں بلا جواز قیمتوں میں اضافے نے عام لوگوں کیلئے تباہی مچا دی ہے۔ ہم فارم قوانین کو فی الفور منسوخ کرنے اور سوامیاناٹن کمیشن کی سفارش کردہ سی 2 + 50 فیصد کے ایم ایس پی کو قانونی حقدار بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ مرکزی حکومت کو ان خطوط پر ایس کے ایم سے فوری طور پر بات چیت کا آغاز کرنا چاہئے۔ اسی طرح کے مظاہرے سرینگر ، کولگام ، شوپیاں ، بڈگام ، کٹھوعہ اور جموں میں ہوئے۔ سر ینگر میں ، سی آئی ٹی یو نے مظاہرہ کیا اور اس سے سینئر ٹریڈ یونین رہنما عبدل رشید پنڈت نے خطاب کیا۔ اسی طرح کشور کمار نے کٹھوعہ میں اور جموں میں سیوا رام نے کسانوں سے خطاب کیا۔ کسان تحریک نے مطالبہ کیا کہ کوویڈ میں اضافے کی شدت کے ساتھ ، اب وقت آگیا ہے کہ مرکزی حکومت تقریبا چھ ماہ سے جدوجہد کرنے والے کسانوں کے مطالبات کو قبول کرے۔
پیر زادہ محمد نعیم کی وفات پراپنی پارٹی کا اظہارِ یکجہتی
سرینگر//اپنی پارٹی نائب صدر ظفراقبال منہاس نے بدھ کو اپنی پارٹی یوتھ لیڈر پیرزادہ عمر اقبال کے چاچا پیرزادہ محمد نعیم کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔پیرزادہ محمد نعیم بدھ کے روز آبائی گاؤں بس کوچھاں شوپیان میں مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ یہاں جاری تعزیتی پیغام میں منہاس نے اُن کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دُکھ کی اِس گھڑی میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’پیرزادہ صاحب عاجز اور مخلص شخص تھے جنہوں نے جموں وکشمیر انٹی گریٹیڈ چائلڈ ڈولپمنٹ سروسز میں ایک بہترین افسر کے طور کام کیا۔ بچوں کی فلاح میں اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ تمام ضلع پارٹی ممبران اِس خبر سے سوگوار ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ ڈی ڈی سی وائس چیئرپرسن شوپیان عرفان منہاس نے دیگر ممبران کے ساتھ بھی دکھ کی اِس گھڑی میں غمزدہ کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
فاروق اندرابی نے چاڈورہ۔بڈگام سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا مطالبہ کیا
سرینگر//اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی نے بدھ کے روز ضلع بڈگام میں سڑکوں کی خستہ حالی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ تعمیرات عامہ فاسٹ ٹریک بنیادوں پر بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کرے۔یہاں جاری ایک بیان میں اندرابی نے کہاکہ سڑکوں کی خستہ حالت کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ضلع میں ہر جگہ لاک ڈاؤن نافذالعمل ہے، یہ متعلقہ محکمہ تعمیرات عامہ کے لئے ایک موقع ہے کہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے تیزی کے ساتھ آزادانہ طور تارکول بچھانے کا کام کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا’’میں نہیں جانتا کہ کیوں ضلع بڈگام اور چاڈورہ کو ملانے والے علاقوں کو متعلقہ حکام نے چھوڑ دیا ہے جبکہ جموں وکشمیر کے دیگر متعدد اضلاع میں بلیک ٹاپنگ کا عمل شروع کیاگیاہے‘‘ اندرابی نے ضلع انتظامیہ سے کہاکہ وہ اِس پہلو کو مدِ نظر رکھتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کرے کہ لاک ڈاؤن کے دوران تارکول بچھانے کے عمل کا آغاز کیاجائے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہ ’’محکمہ تعمیرات عامہ کے لئے یہ نادر موقع ہے کہ وہ بڈگام میں سڑکوں پر بلیک ٹاپنگ شروع کرے تاکہ جب لاک ڈاؤن ختم ہوجائے تب عوام کو مزید متاثر نہ ہونا پڑے‘‘۔
شوپیان فروٹ منڈی کوجلد کھولا جائیگا
ڈائریکٹر ہاٹیکلچر پلانگ کی فروٹ گروئورس کویقین دہانی
شوپیان//ڈائریکٹر ہارٹی کلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ونیش مہاجن نے بدھ کو فروٹ منڈی اگلر، شوپیان کا دورہ کیا اور فروٹ منڈی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ (کے این ایس ) کے مطابق ڈائریکٹر نے فروٹ ایسو سی ایشن شوپیاں کے ممبران سے منڈی میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کی موجودہ صورتحال اور روڈ میپ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔دورے کے دوران کاشتکاروں نے درپیش مسائل سے ڈائریکٹرموصوف کو آگاہ کیا اور پھلوں کی نقل و حمل کو آسان بنانے کیلئے سڑکوں کی میکڈمایزیشن کا مطالبہ بھی کیا۔فروٹ ایسوسی ایشن شوپیاں کے صدر نے بتایا کہ فروٹ منڈی کو کھولے جانے اور پھلوں کی برآمدات کو یقینی بنائے جانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے وضع کئے گئے رہنما خطوط کی پاسداری کا لحاظ رکھتے ہوئے جلد ہی منڈی کو تجارت کیلئے کھولا جائے گا۔ڈائریکٹر ہارٹی کلچر نے دعویٰ کیا کہ محکمہ کاشتکاروں کی خدمت کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لاک ڈاوٓن کے سبب اگر ضرورت پڑی تو محکمہ زمینی راستے کے ساتھ ساتھ فضائی سروس اور ریلوے کے ذریعے وادی سے دیگر ریاستوں میں پھلوں کی بروقت برآمدات کے معاملے میں ہر طرح کا تعاون فراہم کیا جائے گا۔
بیگ پورہ اونتی پورہ میں گندگی کے ڈھیر
غفونت پھیلنے کا اندیشہ ، انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل
سرینگر// قصبہ پلوامہ کے بیگ پورہ اونتی پورہ کا نائیک محلہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے جسکی وجہ سے قریبی بستی کو سخت بدبو کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ (کے این ایس )کے مطابق نائیک محلہ بیگ پورہ اونتی پورہ کے لوگوں نے بتایا کہ قبرستان کے نزدیک کچھ لوگ گند گی ڈال رہے ہیں اور وہاں اتنا کوڑا کرکٹ جمع ہو گیا ہے کہ جسکی وجہ سے نزدیکی بستی والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جہاں ایک طرف پوری دنیا میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر لوگ احتیاط برت رہے ہیں وہیں وادی کشمیر کے بیشتر مقامات پر خود غرض لوگ سڑکوں ، شاہرائوں اور گلی کوچوں میں غلاظت اور گندگی ڈالتے ہیں جسکی وجہ سے بیماری پھوٹ پڑھنے کا اندیشہ لاحق رہتا ہے۔ نائیک محلہ بیگ پورہ اونتی پورہ نزدیکی قبرستان میں اتنی گند گی پڑی ہوئی ہے اور انتظامیہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دیتی ۔ ایک عوامی وفود نے اونتی پورہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس گندگی کو جلد سے جلد دور کیا جائے تاکہ لوگ راحت کی سانس لے سکے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری | کولگام اور بڈگام میں3 منشیات فروش گرفتار
سرینگر //منشیات فروشوں اور اس کے کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے کولگام اور بڈگام پولیس نے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی ادویات برآمد کی ہے۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق ایس ڈی پی او قاضی گنڈ کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے لامر کراسنگ پر ناکہ چیکنگ کے دوران ، ایک گاڑی زیر نمبرJK03-0931 کو روکا جس میں دو افراد سوار تھے انہوں نے بھاگنے کی کوشش کی تاہم ان کو پکڑ کر تلاشی شروع کی۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے03 گرام ہیرائن ، نشیلی ٹیکے اور نقدی رقم 20830 روپئے برآمد کئے گے ۔ گرفتار افراد کی شناخت عاشق حسین میر ولد غلام حسن میر ساکن چواٹ اوررئیس احمد لون ولد بشیر احمد لون ساکن وتیہال کے طور پر ہوئی ہے۔مذکورہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا۔پولیس اسٹیشن قاضی گنڈنے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آرنمبر 114/2021درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی۔اس طرح سے بڈگام میں رات کی پٹرولنگ کے دوران روئیر چوک پر ایک مشتبہ شخص کو روک کر تلاشی شروع کی دوران تلاشی اس کے قبضے سے 110 گرام چرس بر آمد کیا ۔ منشیات فروش کی شناخت فردوس احمد پیر عرف مٹھا ولد غلام محمد پیر ساکن رائیا ر بیروہ کے طور کی گئی ہے ۔ مذکورہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا جہاں پر وہ زیر حراست ہے۔پولیس اسٹیشن خانصاب نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آرنمبر 101/2021درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی۔پولیس کی جانب سے عوام الناس سے گزارش کی گئی ہے کہ منشیات کے متعلق کوئی بھی جانکار ی پولیس کے ساتھ شئیر کریں تاکہ اس میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جاسکے ۔
بڈگام کی آشاورکروں کا مطالبہ | ہماری تنخواہیں واگزار کی جائیں
سرینگر// ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والی اشاوں نے پانچ مہینوں سے روکی پڑی اپنی معمولی تنخواہ کی فوری واگزاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ سی این ایس کے مطابق خانصاحب، بیرو ہ ، چاڈورہ اور چرارشریف کے مقامات پر خاموش مظاہرے کرتے ہوے اشاورکرس نے ڈپٹی کمشنر بڈگام اور چیف میڈیکل افسر بڈگام سے مطالبہ کیاکہ ان کی تنخواہوں کو واگزار کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں ۔انہوں نے کہا کہ وہ پہلے سے زیادہ کام انجام دے رہے ہیں اور کورونا وباء کے دوران ان کا کام بڑھ گیا ہے ہم سال گزشتہ کے دسمبر سے انکا مشاہرہ جان بوجھ کر روک دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پریشان ہیں کیونکہ تنخواہ نہ ملنے کے نتیجے میں ان کے گھریلوں اخراجات بھی پورے نہیں ہوتے ۔ اشاورکرس یونین ضلع بڈگام کے کئی عہدداروں نے ادارے کو بتایا کہ اگرچہ انہیں عید الفطر سے قبل سابقہ تنخواہ دینا مقرر تھا لیکن تادم تحریر انہیں یہ معمولی رقم بھی جمع نہیں کی گئی ۔انہوں نے کہا ہم کام بھی کر رہی ہیں اور ساتھ میں احتجاج بھی کر رہی ہیں تاکہ ہمارے مطالبات پر غور ہو سکے ۔
سکمز کے ملازمین کی ترقیاں | نگوا نے ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا
سرینگر//ڈائریکٹر سکمز کی جانب سے سکمز کے30ملازمین کو ترقیوں سے نوازا گیا جس پر سکمز کی ملازمین تنظیم نگوا نے ان کا شکریہ اداکیا اور ملازمین کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے بدھ کو سکمز کے 30ملازمین کو ترقیوں سے نوازا جس پر سکمز کے جملہ ملازمین نے خوشی اور مسرت کااظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سراہنا کی ۔ اس دوران نگوا سکمز کے صدر اشتیاق بیگ نے ڈاکٹر اے جی آہنگر کا شکریہ اداکیا اور ان سے ملازمین کے دیگر مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی ہے ۔