لاک ڈائون کی خلاف ورزیاں | کپوارہ میں 60گرفتار
اشرف چراغ
کپوارہ//لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے والو ں کے خلاف کاروائی جاری رکھتے ہوئے کپوارہ پولیس نے60 افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ متعدد گاڑیو ں کو ضبط کر لیا ہے ۔پولیس بیان کے مطابق شمالی ضلع کپوارہ میں پولیس نے کو وِڈ- 19رہنما خطوط کے تحت جاری لاک ڈائو ن کی خلاف ورزی کرنے والے ساٹھ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ 91گا ڑیو ں کو ضبط کر لیاگیا اور خلاف ورزی کنندگان سے 94730روپیہ بطور جرمانہ وصول کیا ۔
عوامی اتحادبرائے گپکار اعلامیہ بات چیت کیخلاف نہیں | مرکزدعوت دے ،توہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں:گپکار اتحاد
سرینگر// عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے نومنتخب ترجمان یوسف تاریگامی نے کہا کہ ’پی اے جی ڈی‘ کبھی بھی بات چیت کے عمل کے خلاف نہیں رہی ہے تاہم انہوں نے سوال کیا کہ مرکز کی جانب سے بات چیت کی پیش کش نہ ملنے کے باعث وہ بات چیت کا آغاز کیسے کرسکتے ہیں؟۔ پی اے جی ڈی کا ترجمان مقرر ہونے کے بعد یوسف تاریگامی نے کے این ایس کو دئیے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں کہا کہ مرکز نے 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی کا جو فیصلہ لیا وہ فیصلہ جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں اور عوام کو اعتماد میں لئے بغیر ہی لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ’’آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور ریاست کادرجہ گھٹا کرکے یونین ٹریٹری بنانے کے بارے میں نہ عوامی سطح پر کوئی مانگ کی گئی تھی اور نہ ہی جموں کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی لیڈران نے اس طرح کا کوئی مطالبہ کیا تھا اور نہ ہی یہاں مرکزی دھارے میں شامل جماعتوں سے اس بارے میں کوئی تبادلہ خیال کیا گیا۔ریاست جموں و کشمیر کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کی شدید تنقید کرتے ہوئے تاریگامی نے کہا کہ ایسی مثالیں موجود ہیں جن میں مرکزی زیر انتظام علاقے ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں لیکن ریاست جموں و کشمیر کو درجہ گھٹا کرکے مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کی نہ تو کشمیر سے مطالبہ کیا گیاتھا اور نہ ہی جموں سے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جموں وکشمیر کی مرکزی دھارے میں شامل جماعتیں کبھی بھی بات چیت کے عمل کے خلاف نہیں رہی ہیں ،تاہم انہوں نے کہا کہ اگر مرکز کی طرف سے بات چیت کی کوئی کال موصول ہوگی تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے کیونکہ ہم ہمیشہ بات چیت کے حق میں رہے ہیں۔یہ کہتے ہوئے کہ پی اے جی ڈی کے ممبران مذاکرات کے لئے پرعزم ہیں، تو انہوں نے کہا کہ پی اے جی ڈی اجلاس کی صدارت کرنے میں کسی حد تک تاخیر ہوئی لیکن خاص طور پر کوویڈ وبائی بیماری کی وجہ سے اجلاس طلب کرنے میں کسی حد تک وقت لگ گیا لیکن ہم اتحاد کے ایجنڈے کے پابند ہیں اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عوامی آؤٹ ریچ پروگرام کوویڈ وبائی بیماری کی وجہ سے موخر کردیا گیا کیونکہ حکومت کی طرف سے وائرس کو روکنے کے لئے ایک پروٹوکول جاری کیا گیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ایک بار جب وبائی بیماری کا خاتمہ ہوجائے گا ، ہم مزید لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو میز پر بٹھا لیں گے۔ وبائی مرض کے ختم ہونے کے بعد ہم عوامی سطح پر پروگرام دوباہ شروع کریں گے۔
کولگام میں کرنٹ لگنے سے زخمی محکمہ بجلی کاڈیلی ویجر چل بسا
کولگام//چولگام کولگام میں بجلی کی کرنٹ لگنے سے زخمی ہوامحکمہ بجلی کاڈیلی ویجر اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔کے این ایس کے مطابق سنیچروار کو ہانندمیں سرتاج احمد شیخ ولدغلام محی الدین ساکن ہانند چولگام ترسیلی لائن کو چھو گیاجس دوران اُسے بجلی کے شدید جھٹکے لگے اور وہی بیہوش ہوکر گرپڑا۔اُسے لوگوں نے فوری طور گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ پہنچاجہاں ڈاکٹروں نے اُس می نازک حالت کو دیکھ کر اُسے سرینگر ریفر کیا۔سرینگر میں ڈاکٹروں نے اُس کی جان بچانے کی جی توڑ کوششیں کی،تاہم وہ بارآور ثابت نہ ہوئیں اور اتوار کوسرتاج احمد اسپتال میں چل بسا۔گھر کے واحد کمائو سرتاج کی لاش جب آبائی گائوں پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیااور خواتین سینہ کوبی کرتی ہوئی گھروں سے باہر آئیں۔سرتاج احمدنے اپنے پیچھے دوکمسن بیٹیوں اوربیوہ کو چھوڑا۔
حادثات میںبجلی ملازمین کی اموات | ایمپلائزیونین کااظہار تشویش
سرینگر//محکمہ بجلی کے ملازمین کی آئے روز حادثات کے دوران اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ15روز کے دوران محکمہ میں حادثات کی شرح میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے۔الیکٹرک ایمپلائز یونین کے جنرل سیکریریٹری وسیم جان نے کہا کہ ان واقعات سے ملازمین بجلی میں خوف پیدا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ اکثر و بیشتر مقامات پر بجلی نظام بوسیدہ ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف رسیونگ اسٹیشنوں میں فنی و تکنیکی خرابی ہوتی ہے اور دوسری جانب ترسیلی نظام خستہ حالی کا شکار ہوگیا ہے۔وسیم جان کا کہنا تھا کہ اگر چہ حکام کی جانب سے یہ بلند بانگ دعوے ہوتے ہیں کہ محکمہ کو مستحکم کیا جا رہا ہے تاہم زمینی سطح پر یہ دعوے سراب ثابت ہوتے ہیں۔ اس کا کہنا تھا کہ اس تباہی سے بچنے کیلئے ڈویژنوں میں با ضابطہ طور پر تربیتی کورس شروع کیا جائے،تاکہ ان اموات کی شرح کو کم کیا جاسکے۔
گنڈ قیصر بانڈی پورہ کازخمی شہری دم توڑ بیٹھا | پٹن میں اہلکار عمارت سے گرکرہلاک
عازم جان +فیاض بخاری
بانڈی پورہ+بارہمولہ//بانڈی پورہ میں سنیچروار شام کو تیزآندھی کی وجہ سے زخمی ہواشخص ،سکمز صورہ میں زخموں کی تاب نہ لاکراتوار کو چل بسا۔ادھر پٹن بارہمولہ میں عمارت سے گرکر ڈوڈہ کا ایک پولیس کانسٹیبل گرکر ہلاک ہوگیا۔گنڈ قیصر بانڈی پورہ میں گذشتہ شام کے تیز آندھی کے نتیجے میں 48 سال کا شخص زخمی ہوا تھا ،وہ صورہ ہسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑبیٹھا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ بشیر احمد کمہار ولد عبدلکریم کمہار ساکن گنڈ قیصر کوگذشتہ شام تیز آندھی کے نتیجے میں چھت سے ٹین کی چادر اُڑکر اس کے سرکو لگی اور وہ شدید زخمی ہو ا۔اُسے زخمی حالت میں بانڈی پورہ ضلع ہسپتال پہنچایا گیا جہاںڈاکٹروں نے اُسے صورہ ہسپتال سرینگر منتقل کروایا۔اتوار کووہاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا اب اس کی میت قانونی لوازمات کو پورا کرنے کے بعد وارثین کے حوالے تجہیز وتکفین کے لیے حوالے ہوگی ۔اس دوران پٹن بارہمولہ میں عمارت سے گرکر ڈوڈہ کا ایک پولیس کانسٹیبل گرکر ہلاک ہوگیا۔ معلوم ہوا ہے کی انڈین ریزر وپولیس 20بٹالین سے وابستہ کانسٹیبل راج سنگھ ولد دیوی رام ساکن ڈوڈہ اتوار کی صبح کوپریہاس پورہ پٹن میں ایک عمارت کی دوسری منزل سے مبینہ طور پر گرگیا اور مذکورہ اہلکار موقع پر ہلاک ہوگیا ۔ جس کے بعد اہلکار کی لاش کو ضروری لوازمات کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔
اطہرامین IASکا سول سروس امتحان میں حصہ لینے کے خواہشمندوں سے تبادلہ خیال
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی نے سول سروسزامتحانات میں شرکت کے خواہشمندوں کیلئے ایک خاص تقریر کااہتمام کیاجس میں سرینگر میونسپل کارپریشن کے کمشنراطہرامین خان(آئی اے ایس) آن لائن ریسورس پرسن تھے۔انہوں نے شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیںسول سروس امتحانات کی تیاریوں کی مفصل جانکاری دی ۔انہوں نے زرکاء پرزوردیا کہ وہ اپنے مقصد پر توجہ مرکوزرکھیں ۔انہوں نے کہاکہ آپ کی امتحان کیلئے تیاریاں ثمرآورہونی چاہیے ۔ان کے لئے آپ کو ایک نظام کے تحت تیاریاں کرنی ہوں گی تاکہ امتحان کے تمام پہلوئوں کو وقت مقررکے اندر مکمل کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ پہلی اور لازمی بات جو ہرسول سروس امتحان میں شرکت کے خواہشمند کو معلوم ہونی چاہیے وہ یہ ہے کہ اُسے یہ معلوم ہوناچاہیے کہ وہ کیوں سول سروس کوہی اپنا کیئریر بنارہا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ ایک بار آپ قائل ہوگئے ،آپ کااگلا قدم ان امتحانوں کیلئے تیاریاں کرنا ہونا چاہیے۔انہوں نے اخبارات کا مطالعہ،گزشتہ برس کے سوالناموں کودیکھنااورآزمائشی ٹیسٹ آپ کی کامیابی میں دورتک ساتھ دیں گے۔اس دوران شرکاء نے اُن سے سوالات بھی پوچھے ،جن کا انہوں نے جواب دیا۔
پولیس کاوحیدپرہ پر شکنجہ سخت،امریکہ میں گوگل سے رجوع | جنگجوتنظیموں کو بھیجے گئے ای میلزمحفوظ رکھنے کی درخواست
سرینگر//جموں وکشمیر پولیس نے گوگل اور امریکی حکام سے رجوع کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر گرفتار پی ڈی پی یوتھ ونگ کے صدر وحید پرہ کے پاکستان میں جنگجو تنظیموں کو بھیجے گئے ای میلز کو محفوظ رکھیں۔سی آئی ڈی کی ’’سی آئی کے‘‘ کی جانب سے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت پرہ کے خلاف فرد جرم عائد کیا گیا ہے جس میں ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سیاسی مفادات کی پشت پناہی کیلئے جنگجوئوں کے ساتھ مبینہ طور پر سازباز بھی کی تھی اور بدلے میں ان کی مدد کی،جو جنگجویانہ کاروائیوں کی باعث بنی۔وزارت خارجہ کے توسط سے ، جموں و کشمیر پولیس نے باہمی قانونی امداد کے معاہدے (ایم ایل اے ٹی) کی دفعات پر زور دے کر ، اس معاملے میں ضروری مدد فراہم کرنے کے لئے امریکی حکام سے رابطہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے’،’گوگل امریکہ سے ان کے معیاری اصولوں کے مطابق رابطہ کیا گیا ہے تاکہ وہ پرہ کے پاکستان میں عسکریت پسند گروپوں کے ساتھ ان کے تین ای میلز آئی ڈی کے ذریعے تبادلہ کردہ ای میلوں کی تفصیلات ومشمولات فراہم کرسکیں۔‘‘ جہاں’ سی آئی کے‘(کائونٹر انٹلی جنس کشمیر) نے پرہ کے خلاف چارج شیٹ مقامی عدالت میں پیش کی ہے وہیں ، این آئی اے نے علیحدگی پسند لیڈرسید علی گیلانی کے داماد کو مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے کی ادائیگی کے الزام میں نامزد عدالت میں ان کے خلاف فرد جرم بھی پیش کی ہے۔پرہ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی دونوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
نٹی پورہ میں تیندوے کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے :ریجنل وائلڈ لائف وارڈن کشمیر
سرینگر//ہار نمبل نٹی پورہ سرینگرمیں تیندوے کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم نے علاقہ میں جاکر تیندوے کی تلاش شروع کی تاہم ابھی تک جانور کے ہونے کے ثبوت نہیں ملے ہیں۔ کے این ایس کے مطابق ہارنمبل نٹی پورہ میں تیندوے کے موجود ہونے کی اطلاع تھی جس کے بعد محکمہ جنگلی حیات نے ٹیم کو علاقہ میں بھیج کر تلاش شروع کی۔ ریجنل وائلڈ لائف وارڈن کشمیر کاکہنا ہے کہ ہار نمبل میں تیندوے کے ہونے کی اطلاع انہیں پولیس کنٹرول روم سے ملی تھی جس کے بعدٹیم کو روانہ کیا گیا تاکہ علاقہ میں جانور کی موجودگی کی تصدیق کی جاسکے۔ انہوںنے کہاکہ تیندوے کی نقل و حرکت بالواسطہ یا بلاواسطہ شواہد پر پرکھی جاتی ہے اور ابھی تک ایسے کوئی شواہد اس بات کی تصدیق نہیں کرتے کہ علاقہ میں تیندوا موجود ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سنیچر کی شب لوگوںکے ہارہ نمبل نٹی پورہ میں تیندوے کو دیکھنے کی خبر پھیلتے ہی علاقہ میں خوف و ہرا س کی لہر دوڑ گئی تھی اور مکین گھروںمیں سہم کررہ گئے تھے۔علاقہ میں تیندوے کی موجودگی سے آگاہ کرنے کیلئے لوگوں نے مسجد وںکے لائوڈ سپیکروں سے اعلان کیا کہ وہ اپنے گھروںمیں ہی رہے اور بلاوجہ گھروں سے باہر نہ نکلے۔ لائوڈ سپیکروں کے اعلان کے ساتھ ہی علاقہ میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی اور دیر رات گئے تک جاگتے رہے۔
تجارت کو بحرانی صورتحال سے باہر نکالنے کیلئے علیحدہ مالی ادارے کی ضرورت: اکنامک الائنس
رجب کوچھے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے صدر نامزد
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن دھڑے نے سنیئر ٹریڈ لیڈر محمد رجب کوچھے کو نیا صدر نامزد کیا،جبکہ کشمیر اکنامک الائنس نے تجارت کو موجودہ مالی بحران سے باہر نکالنے کیلئے علیحدہ مالی ادارے کے قیام کی صلاح دی۔ سرینگر کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن دھڑے نے محمد رجب کوچھے کو نیا صدر نامزد کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس وبائی بیماری کی وجہ سے انتخابات عمل میں نہیں لائے جاسکتے،جس کے بعد تمام صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے محمد رجب کو نیا صدر نامزد کیا گیا۔ پریس کانفرنس کے دوران فیاض احمد بٹ کو سنیئر نائب صدر،محمد ایوب لاوئے کو جنرل سیکریٹری اورنصر اللہ کو ترجمان بھی نامزد کیا گیا۔ محمد رجب کوچھے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں کے مسائل اور گزشتہ دو برسوں کی بحرانی صورتحال کے نتیجے میں حقیقی معنوں میں حکام کے پاس تاجروں کی نمائندگی کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو مضبوط و مستحکم بنانے کے علاوہ تاجروں کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنے کیلئے وہ ہمہ وقت کوششیں کرتے رہیں گے۔اس موقعہ پر کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمدڈار نے کہا کہ تجارتی انجمنوں اور لیڈروں میں ہم آہنگی،تال میل اور اتحاد و اتفاق سے ان کے جملہ مسائل کا ازالہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ برس قبل انہوں نے تاجر برداری میں اتحاد کی جس کوشش کا آغاز کیا تھا وہ بھی جاری رہے گی اور بہت جلد اس میں پیش رفت کی جائے گی۔ ڈار نے کہا کہ دو برسوں کے دوران تجارت کو50ہزار کروڑ روپے کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا، اور تجارتی شعبے کی بحالی کیلئے ایک علیحدہ مالی ادارے کی قیام کی ضرورت ہے، جو نہ صرف تاجروں کو موجودہ بحرانی صورتحال سے باہر نکالنے میں مدد گار ثابت ہوگی،بلکہ انہیں مستقبل میں کسی کے پاس کشکول لیکر بھی جانا نہیں پڑے گا۔ ڈار نے تاجروں کیلئے مالی پیکیج کا اعلان کرنے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے برے تاجر،صنعت کار،میوہ تاجر،ٹرانسپوٹر اور تعمیراتی عمار نان شبینہ کے محتاج ہوگئے ہیں،اور اس صورت میں سرکار کو چاہے کہ وہ ان تاجروں کا ہاتھ تھامے۔پریس کانفرنس میں مائسمہ ٹریڈرس کے نائب صدر محمد الطاف ڈار اور طاہر احمد بھی موجود تھے۔
ڈوڈہ میں دلدوز سڑک حادثہ | خاتون ہلاک، لڑکا زخمی
سرینگر//ڈوڈہ میں سڑک کے ایک حادثے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔کے این ایس کے مطابق جموں سے بھدرواہ جارہی ایک سوفٹ کارزیرنمبرJK02CC-8873اثرڈوڈہ کے قریب قومی شاہراہ سے لڑھک گئی جس کے نتیجے میں ببیتامنہاس زوجہ کرشن منہاس کی موقعہ پرہی موت واقع ہوئی،جبکہ گیارہ برس کے ریحان منہاس ساکن گندوہ ڈوڈہ حال جموں زخمی ہوا۔ریحان منہاس کو فوری طورعلاج معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔ اس دوران قانونی لوازمات پوراکرنے کے بعد لاش کو وارثوں کے سپردکیا۔
دودھ پتھری میں محکمہ سیاحت کاٹیکہ کاری کیمپ
بدگام//محکمہ سیاحت نے ضلع انتظامیہ بڈگام کے تعاون سے دودھ پتھری میں مرکبانوں اور دیگر لوگوں کیلئے کووِڈ- 19بیداری کیمپ کا اہتمام کیا۔اس موقعہ پربڈگام کے ایڈیشنل ڈپتی کمشنراور چیف ایگزیکیٹوافسر دودھ پتھری ڈیولپمنٹ اتھارٹی ڈاکٹر نثاراحمد لون نے متعلقین سے کہا کہ وہ کووِڈٹیکہ کاری میں حصہ لیں تاکہ سیاح یہاں بغیر کسی خوف کے آسکیں ۔انہوں نے اُن پر زوردیا کہ وہ دودھ پتھری کے گردونواح کو صاف رکھیں۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر سیاحت تبسم کاملی نے کہا کہ محکمہ نے کشمیرمیں ٹیکہ کاری کی ایک بڑی مہم شروع کی ہے تاکہ سیاحتی متعلقین کی ٹیکہ کاری عمل میں لائی جائے اوراب تک80فیصدمتعلقین کو ٹیکہ لگایا جاچکاہے۔
منہ اور کھرکی بیماری | ٹنگمرگ میں اتوار کوپانچ مویشی لقمہ اجل
ٹنگمرگ//مشتاق الحسن //فیروزپورہ ٹنگمرگ میں منہ کھر کی بیماری سے اتوارکوپانچ مویشی ہلاک ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ منہ کھر کی بیماری علاقے ٹنگمرگ میں بڑی تیزی سے مویشیوں میں پھیل جانے سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران متعدد مویشی ہلاک ہوگئے ۔اتوار کو فیروزپورہ میں محمد عبداللہ چوپان ۔فیاض احمد گنائی اورغلام محمد ملک کے پانچ مویشی منہ اورکھر کی بیماری کی لپیٹ میں آکر ہلاک ہوگے ۔ مقامی لوگوں نے محکمہ پشوپالن کی ٹیم فوری طور علاقے میں روانہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ مال کے اہلکاروں کی مبینہ غفلت | سنرونی بانڈی پورہ کی95برس کی بزرگ خاتون باپ کی وراثت سے محروم
عازم جان
بانڈی پورہ//سنرونی بانڈی پورہ کی 95برس کی ایک معمرخاتون زیبہ کو محکمہ مال کے اہلکاروں کی مبینہ غفلت نے اپنے باپ کی وراثت سے محروم کروادیاہے اور اِس بزرگ خاتون کے والد کی ایک ہی اولادسرکاری ریکارڈ میں اندراج کرکے ظاہر کی ہے،جس کی وجہ سے زیبہ کی چھوٹی بہن مرحومہ فضی ساکن خیار کی بیٹیوں نے محکمہ مال کے ریکارڈ میں غلط اندراج کراکر ناناکی جائیداداپنے نام کرادی۔ بیمار و کمزور زیبہ نے نحیف آوازمیں بتایا کہ وہ دو بہنیںاپنے باپ کی اولاد تھیں۔زیبہ نے کہا کہ غربت کی وجہ سے اُس کی شادی گیارہ برس کی عمر میں ہی سنرونی میں انجام دی گئی ۔زیبا کے مطابق اُس کی شادی ہونے کے بعد باپ نے چھوٹی بیٹی فضی کی شادی بھی کردی لیکن داماد کواپنے گھر لے آیا۔زیبا نے کہا کہ اُس کے باپ کی کوئی اولاد نرینہ پیدا نہ ہوئی اور یہ دوبہنیں ہی اُس کی جائیدادکی وارث تھیں۔انہوں نے کہا کہ اب اُس نے سنا ہے کہ اس کی جائیداد کاحصہ فوت شدہ چھوٹی بہن فضی کے وارثوں نے اپنے نام کردیا ہے۔چنانچہ زیبا کے وارثوں نے اس معاملے کو لیکر عدالت اور تحصیل دفتر سے رجوع کیاہے۔کیس کی پیروی کررہے ایڈوکیٹ مدثر کھانڈے نے کہا کہ انہوں نے جب تحصیل دفتر سے رجوع کیا تو زیبا کے والد کی جائیداد کو مرحومہ فضی کی بیٹیوں کے نام پایا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد انہوں نے محافظ خانہ سرینگرجاکرریکارڈ دیکھا ،تو وہاں بھی زیبا کے والد کی جائیداد کو مرحومہ فضی کی بیٹیوں کے نام پایا گیااور ریکارڈمیں مرحوم غلام محمد گنائی کی ایک ہی بیٹی فضی درج کی گئی ۔کھانڈے مدثر نے کہا کہ سرینگرمیں محافظ خانہ میں اُسے بتایا گیا کہ تحصیل دفتر بانڈی پورہ سے کو ریکارڈیہاں پہنچا ہے وہی یہاں اندراج ہواہے۔ ایڈوکیٹ کھانڈے مدثر نے کہا بالآخر نمبردار خیار سے رابطہ کیا ،انہوں نے پیدائشی رجسٹری میں دیکھا ،تو نمبر دار خیار نے تحریری طور پرغلام محمد گنائی کی دو بیٹیاں زیبہ اور فضی لکھ کر دیا ہے، اس کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کے کورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا،جس کی سماعت جاری ہے۔ ایڈووکیٹ مدثر نے بتایاہے کہ ناانصافی محکمہ مال کے تحصیل دفتر میں ہوئی ہے ۔اس ضمن میں اے ڈی سی بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے کہا کہ انہوں نے باریک بینی سے اس معاملے کو دیکھا ہے ،کووڈ – 19 کی وجہ سے سماعت رکی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کیس کے تمام پہلوں کا گہرائی کیساتھ جائزہ لینے کے بعد آخری فیصلہ صادر ہوگا ۔
یوم ولادت حضرتِ فاطمہ معصومہؑ | آغا حسن کا ہدیہ تبریک و تہنیت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے حضرت امام موسی کاظمؑ کی دختر اور حضرت امام علی رضاؑ کی ہمشیرہ حضرت فاطمہ معصومہ (قم) کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر امام خامنہ ای اور سید علی سیستانی کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے معصومہ قم کی خدمات اور کردار و عمل کو خراج پیش کیا۔ آغا حسن نے کہا کہ حضرت فاطمہ معصومہ نے اپنے برادر حضرت امام علی رضاؑ کی شہادت کے بعد ایران میں فکر اہلبیتؑ کی تشہیر و ترویج میں ایک نمایاں کردار ادا کیا اور حضرت زینب الکبریؑ کی طرح اپنے برادرکے مشن کی ترجمانی کی۔اس دوران آغا حسن نے اتر پردیش میں سلطان المدارس والی عمارت کی زمین کو مذکورہ ادارے کے نام منتقل کرنے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ دینی اور تعلیمی سطح پر گراں قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔
عالمی یوم ماحولیات
ہائر سیکنڈری سکول کنزر میںویبنار کا انعقاد
ٹنگمرگ//عالمی ماحولیاتی ہفتے کے آخری روز 12فروری کو ہائیر سیکنڈری سکول کنزر کی طرف سے ایک ویبنار منعقد کیا گیا۔ ماحول کو درپیش مختلف مسائل پر ایک ویبنار میں اِس بات کو سنجیدگی سے محسوس کیا گیا کہ دیہی علاقوں میں اب ہر جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جو پریشان کن معاملہ ہے۔ ویبنار میں بتایا گیا کہ اگرچہ شہروں اور قصبوں میں مختلف لوکل باڈیزغلاظت جمع کرکے ٹھکانے لگارہی ہیں تاہم دیہات میں کوئی بھی ایجنسی ایسا کام نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے یہ ایک مسئلہ بن گیا ہے اور صحت عامہ پر اس کا برا اثر پڑرہا ہے۔ویبنار میں طلاب اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ نے مختلف موضوعات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ ویبنار میں ہائیر سکنڈری سکول کنزر کی طالبہ آفرین علی کے اچانک فوت ہونے پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔
آرینز کے نرسنگ طلبا کی امتحانات میں شاندار کارکردگی
سرینگر//پنجاب نرسز رجسٹریشن کونسل (پی این آر سی) پنجاب کے زیر اہتمام اے این ایم امتحانات میں آرینز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ ، راجپورہ کے طالب علم نے 918 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی ، شیلزا (ہماچل) نے 910 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ کلویندر کور (پنجاب) نے کالج کے تعلیمی نتائج میں 1400 میں سے 897 نمبر ات حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ڈاکٹر راجندرجیت کور باجوہ ، پرنسپل آریانز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ نے طلباء اور اساتذہ کو لگاتار کوششوں اور محنت کے لئے مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر باجوہ نے کہا کہ باقاعدگی سے ماہرین تعلیم کے علاوہ نصاب سے متعلق سرگرمیاں جیسے ورکشاپ ، سمینار اور نرسنگ سے متعلق کلینیکل پوسٹنگ کا اہتمام بھی وقتا فوقتا منظم کیا جارہا ہے تاکہ طلباء کی صلاحیتوں اور جانکاری میں اضافہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ آرینز انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ ، ہندوستانی نرسنگ کونسل (آئی این سی) ، نئی دہلی سے منظور شدہ جی این ایم (3 سال) اور اے این ایم (2 سال کورس) چل رہا ہے اور پنجاب نرسز رجسٹریشن کونسل پی این آر سی ، موہالی اور بی سی سی سے وابستہ ہے۔
گنڈ ہسی بٹ لاوے پورہ میں مفت طبی کیمپ
سرینگر// گنڈ ہسی بٹ لاوے پورہ میں احسن فائونڈیشن جموں و کشمیر کی جانب سے ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس دوران میڈیکل کٹ تقسیم کئے گئے ۔ فائونڈیشن نے تقریب پرشعبہ صحت سے وابستہ افراد کے علاوہ رضاکاروں میں میڈیکل ایڈ کٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر ایس ایس پی سکیورٹی سول سیکریٹریٹ راجہ نگہت اماں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر این وی کے سرینگر حکیم عبد العزیزاورفائونڈیشن کے چیئرمین راہی ریاض کے علاوہ پیرزادہ شاہد جیلانی ، میر شبیر حسین پرنسپل گورنمنٹ ہائی سیکنڈری اسکول گنڈ ہسی بٹ ، جینب طارق احمد انچارج سول ڈیفنس سرینگر ، ڈاکٹر منتظر ، ڈاکٹر افشاں رحمت ، جینب نذیر بینظیر چیئرمین نیشنل سوسائٹی، ڈاکٹر ہلال احمد، جے بی راہی ریاض ، سراج دین سلام ، ڈاکٹر سہیل احمد ، انچارج ٹراما ہسپتال لاوے پورہ ، بشیر عرفان اور دیگر موجود تھے۔
تاریگامی کا پی ڈی ڈی ملازم کی موت پر اظہار رنج
سرینگر// سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے پی ڈی ڈی کے ایک ڈیلی ویجر سرتاج احمد شیخ ولد غلام محی الدین شیخ ساکن ہنند ژاولگام کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔ موصوف ہفتہ کی سہ پہر کو ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کے دوران زخمی ہوگئے اور بعد میںصدر ہسپتال سرینگر میں اتوارکو انتقال کرگئے۔انہوںنے بتایا کہ متوفی اپنے کنبے کا واحد کمائو تھا۔ اسلئے انتظامیہ کو متاثرہ افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تمام یومیہ اجرتوں ، پی ڈی ڈی میں کام کرنے والے ملازمین اور دیگر مزدوروں کی اجرتیں واگذار کرے اور ان کی مستقل طور پر باقاعدگی کے مطالبے پر غور کیا جائے۔