’یوگا‘کے طریقوں سے آگاہی | محکمہ آیوش کشتواڑنے کتا بچے تقسیم کئے
کشتواڑ // بہتر اور صحت مند زندگی کیلئے لوگوں کو یوگا کے طریقوںسے آگاہ کرنے کیلئے محکمہ آیوش کشتواڑ نے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس دوران لوگوں میں’یوگا ‘پروٹوکول کتابچے تقسیم کیے گئے۔تقریب میں ڈسٹرکٹ نوڈل آفیسر آیوش ڈاکٹر طارق حسین بھی موجود تھے ،جنہوں نے اس کتا بچے کوڈپٹی کمشنر اشوک شرما کی مجموعی نگرانی میں ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن سنٹر ، ڈسٹرکٹ ہسپتال ، محکمہ یوتھ سروسز میں تقسیم کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ اس کتا بچہ میں یوگا کے متعلق وہ تمام جانکاری ہے جس سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔
ایس پی ایم آر کالج آف کامرس میں ’یوگا‘ تقریب کا اہتمام
جموں //گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس نے ساتویں بین الاقوامی یوم یوگا کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں این ایس ایس یونٹسز نے دو آن لائن لیکچرز اور مظاہرہ سیشنز کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام کا آغاز این ایس ایس کے پروگرام آفیسر پروفیسر عرفان علی اور خیرالنسااین ایس ایس رضاکارنے بڑی گرم جوشی سے استقبالیہ خطابات سے کیا۔مہمان خصوصی اور یوگا ماہرین سنیتا ورما گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول کھروٹ اور یونیورسٹی آف جموں کے سنجیو کمارنے اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد پر کالج انتظامیہ کو مبارک پیش کی اور انہیں دعوت دینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ سنیتا ورما نے پہلے یوگا سیشن کا آغاز مختصر لیکچر سے کیا جس کے بعد عملی یوگا سیشن صبح 7 بجے شروع ہوا۔ یوگا کے دوسرے سیشن کو صبح 10 بجے سنجیو کمار نے شروع کیا۔ یوگا کے ماہرین نے خاص طور پر طلبا کی جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے یوگا کی اہمیت و افادیت کو پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یوگا کی مختلف شکلوں جیسے یوگا پروٹوکول ، کپال بھٹی ، سوریہ نمسکار ، چندر نمسکار وغیرہ کا مظاہرہ دکھایا۔ اس موقع پر کلسٹر یونیورسٹی جموں کی این ایس ایس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سندھیا بھاردواج نے بھی آخری سیشن میں شرکت کی اور طلبا کے درمیان قیمتی وقت گزارنے پر مہمانوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
درجہ فہرست طبقہ کے مسائل کو لیکر انتظامیہ سنجیدہ نہیں
منانو گائوں کے غریب کسانوں کی اراضی واپس کی جائے: اپنی پارٹی
نیوز ڈیسک
سانبہ //جموں وکشمیر اپنی پارٹی کے صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ضلع سانبہ کے منانو گاؤں میں درج فہرست طبقہ سے تعلق رکھنے والے کسانوں کی زرعی اراضی اُنہیں واپس کی جائے۔ یہاں جاری ایک پریس بیان کے مطابق منجیت سنگھ نے پارٹی ضلع صدر رمن تھاپا کے ہمراہ منانو گاؤں کا دورہ کیا اور وہاں پر متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی جن کی زرعی اراضی انتظامیہ نے کریشی وگیان کیندر کی تعمیر کیلئے لی ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ غریب کسانوں کو اراضی واپس کی جائے تاکہ اُنہیں مزید متاثر نہ ہونا پڑے کیونکہ 100سال کے زائد عرصہ سے اُن کا انحصار اِس اراضی پر ہے۔ اُن کے پاس اور کوئی ذریعہ معاش نہیںہے۔ انتظامیہ کو چاہئے کریشی وگیان کیندر کیلئے کوئی متبادل جگہ دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ منانو گاؤں میں ترقی نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ناقص رابطہ سڑک اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اِس بات کا مظہر ہے کہ درج فہرست طبقہ کے مسائل کو لیکر انتظامیہ سنجیدہ نہیں۔ زرعی اراضی چھین کر اِ ن غریب کسانوں کو اللہ کے رحم وکرم پر چھوڑ دیاگیاہے۔ منجیت سنگھ نے مزید کہاکہ ایک طرف حکومت کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے تو وہیں دوسری اور زرعی زمین چھین کر اُنہیں بھوکمری کی حالت میں پہنچایاجارہاہے۔ دورہ کے د وران گاؤں والوں نے دیگر کئی مسائل بھی اُن کی نوٹس میں لائے جنہیں منجیت سنگھ نے یقین دلایاکہ وہ متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لاکر جلد ازالے کو یقینی بنائیں گے۔
ریاسی پولیس کی کاروائیاں | اپریل سے اب تک 19مفرور گرفتار
ریاسی //برسوں سے روپوش افراد کے خلاف ریاسی پولیس نے اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور اب تک 19ایسے ملزمین کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا چکی ہیں جو روپوش ہوئے تھے ۔ اس سلسلے میں پولیس نے اتوار کو ایک اور مفرور کی گرفتاری عمل میں لائی ہے جو 7 برس سے گرفتاری سے بچ رہا تھا ۔ملزم کے خلاف پولیس تھانہ مہور میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 21/2013 درج کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق کیس کی تحقیقات کے دوران اس پر جرم ثابت ہوا اور عدالت میں چالان بھی پیش کیا گیا۔ سزا سے بچنے کیلئے ملزم روپوش ہو چکا تھا کیونکہ ملزم نے اپنی موجودگی کا بھیس بدل کر تفتیشی ایجنسیوں کو چکما دیا،جبکہ ملزم کے خلاف منصف جے ایم آئی سی نے گرفتاری کا حکم جاری کیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ریاسی پولیس نے ایک منصوبہ کے تحت ملزم کا سراغ لگانے میں کامیابی حاصل کی اور اس کی گرفتاری کٹرہ قصبہ میں عمل میں لائی گئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ریاسی پولیس ایسے افراد کی تلاش میں جٹی ہوئی ہے جن کے خلاف عدالت نے وارنٹ جاری کئے ہیں اور ریاسی پولیس کے ذریعہ اپریل 2021 سے آج تک یہ 19 ویں مفرور کی گرفتاری ہے۔
آل پارٹی اجلاس بلانے کا خیر مقدم
جموں //نربھیابھارت فاؤنڈیشن نے وزیر اعظم کی طرف سے آل پارٹی اجلاس بلانے کے قدمام کا خیر مقدم کیا ہے ۔جموں وکشمیر سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو وزیر اعظم مودی کی زیر صدارت ہونے والی آل پارٹی اجلاس میں دعوت دی گئی ہے جس کا خیر مقدم نربھیا بھارت فائونڈیشن نے کیا ہے۔فاؤنڈیشن کے چیئر پرسن ترن اپال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اس اہم اجلاس کے فیصلے کے بعد جموں کے عوام کو مرکز سے بہت امیدیں و توقعات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے 70 برسوں سے جموں کے عوام نے امتیازی سلوک کا مقابلہ کیا ہے اور یہی وجہ رہی کہ جموں کے لوگوں نے پارلیمانی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو بڑے پیمانے پر مینڈیٹ دیا ۔انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کے فیصلے کے بعد جموں کے عوام کو مرکزی سرکار پر بہت سے اُمیدیں ہیں اور انہیں اُمید ہے کہ میٹنگ میں لئے جانے والے فیصلے جموں کے عوام کے حق میں ہوں گے ۔
ریاسی میں آن لائن مصوری مقابلہ کا انعقاد
ریاسی //ریاسی ضلع میں شعبہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی طرف سے ایک آن لائن پینٹنگ مقابلہ کا انعقاد کیا گیا جس میںارناس کے 17اور پونی سے 25طلاب نے شرکت کی۔ اس موقع پر ودھوشی بھگت نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انمیکا ورما اور خوشی نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔نتائج کا اعلان کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ یوتھ اینڈ اسپورٹس سروس آفیسر سبھاش چندر نے کہا کہ اس مقابلہ نے ابھرتے ہوئے طلاب کو ایک کھلا اور غیرجانبدار پلیٹ فارم مہیا کیا۔انہوں نے تمام طلاب کو اس میں کامیاب شرکت کیلئے مبارکباد بھی پیش کی ۔آن لائن مقابلے کا انعقاد لیکچررز فزیکل ایجوکیشن پونی سے بھولی دیوی اور ارناس سے گورندر سنگھ نے کیاتھا ۔
ٹھاٹھری پولیس سٹیشن میں عصمت دری کا معاملہ درج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری چرالہ سے انگریز سنگھ ولد گوری لال ساکنہ کونڈی چرالہ نے گزشتہ روز پولیس تھانہ ٹھاٹھری میں تحریری طور پر رپورٹ درج کرائی جس میں انہوں نے کہا کہ ان کی چھ سالہ لڑکی کے ساتھ سوہن ولد بہوشن سنگھ ساکنہ کونڈی نے عصمت دری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بتایا گیا ہے کہ چھ سالہ بچی کا ولد انگریز سنگھ جو اپنے رشتہ داروں کی شادی میں مصروف تھا، تاہم سنیچر کی دیر شب کو سوہن سنگھ نے بچی کو گھر سے اگواہ کیا اور دور جنگل میں لے کر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور بے ہوشی کی حالت میں بچی کو جنگل میں ہی چھوڑ دیا۔ اس سلسلہ میں تھانہ پولیس ٹھاٹھری میں ایف آئی آر زیر نمبر 65/2021کے تحت معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔