راجوری پونچھ میں ٹریفک حکام کی بڑی کارروائی | 3دنوں میں 590گاڑیوں کا چالان کیا گیا
پونچھ //ٹریفک پولیس نے راجوری اور پونچھ میں بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر2لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ عائد کیاہے۔ایس ایس پی ٹریفک جموں رول موہن لعل کی ہدایت اورڈی وائی ایس پی وائی ٹریفک راجوری پونچھ آفتاب حسین شاہ کی نگرانی میں 26،27اور28جون کو مختلف مقامات پر ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔اس دوران 590گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور ڈرائیوروں پر 2لاکھ 70ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔اس کے علاوہ دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والوں،لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے والوں،بنا ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں اور تیزرفتاری سے گاڑ ی چلانے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور قوانین شکنی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔یہ ہدایت بھی دی گئی کہ کوروناایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے پچاس فیصد سواریاں ہی بٹھائی جائیں اور مسافربہر صورت ماسک کا استعمال کریں۔آفتاب حسین شاہ نے بتایاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو معاف نہیں کیاجائے گاکیونکہ انہی کی لاپرواہی سے دوسروں کی جانیں بھی خطرے میں پڑتی ہیں۔
فوج نے مختلف علاقوں میں طبی کیمپ منعقد کئے
رمیش کیسر
راجوری //فوج کی جانب سے خطہ پیر پنچال کے مختلف علاقوں میں مکینوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے طبی کیمپوں کا اہتمام کیا گیا ۔اس دوران حد متارکہ کے قریب کیساتھ ساتھ پیر پنچال کے پہاڑی علاقوں میں کیمپوں کا اہتمام کیا گیا ۔راشٹریہ رائفل کی جانب سے گنی کلر اور قلعہ درہا ل علاقوں میں طبی کیمپ منعقد کئے گئے جن کے دوران مکینوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئی ۔اس دوران ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے مریضوں کا طبی معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کو کووڈ سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ۔اسی طرح سموٹ فوجی کیمپ کی ایک ٹیم نے کنڈی کے پہاڑی علاقوں میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران مریضوںکو ادویات فراہم کی گئی۔اس دوران مویشیوں کی جانچ کیلئے ایک ویٹرنری کیمپ کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس کے دورا ن مویشیوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ ان کیلئے بھی ادویات تقسیم کی گئیں ۔
درہ سانگلہ میں لکڑی سمگلر گرفتار
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//محکمہ جنگلات کی جانب سے کی گئی ایک کارروائی کے دوران درہ سانگلہ میں ایک لکڑی سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا ۔محکمہ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک خفیہ جانکاری موصول ہو ئی تھی جس کے بعد محکمہ کی اعلیٰ آفیسران کی ہدایت پر رینج آفیسر سرنکوٹ نثار حسین نے بلاک آفیسر کی قیادت میں ایک ٹیم کو موقعہ پر روانہ کیا ۔اس کارروائی کے دوران خالیہ کئی عرصہ سے جنگلاتی لکڑی کو غیر قانونی طورپر سمگل کرنے والا سمگلر بدر دین ولد عزیز سکنہ درہ سانگلہ کو گھر کے قریب سے ہی گرفتار کرلیا گیا ۔محکمہ نے بتایا کہ مذکورہ سمگلر گزشتہ دو برسوں سے علاقہ میں پوری طرح سے سرگرم تھا اور غیر قانونی طورپر لکڑی کی سمگلنگ میں مصروف تھا ۔محکمہ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں دفعہ 26کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جنکہ اس سلسلہ میں پہلے بھی دو مقدمے درج کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملزم پر جنگلی جانوروں کا شکار کرنے جیسے بھی الزامات سامنے آئے ہیں ۔
منجا کوٹ میں محکمہ صحت کا اجلاس منعقد کیا گیا
پرویز خان
منجا کوٹ //گور نمنٹ پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں پرنسپل گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ،چیف میڈیکل آفیسر ،بلاک میڈیکل آفیسر اور ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین شبیر احمد خان نے بھی شرکت کی ۔اس دوران محکمہ صحت کی جانب سے پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ میں 18آکسیجن سلنڈر اور 15کنسنٹر یٹر بھی دئیے گئے ۔اجلاس میں علاقہ کے معززین و پنچایتی اراکین نے بھی شرکت کی ۔اپنے خطاب میں ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے مشکل وقت میں معیاری خدمات انجام دی گئی ہیں ۔انہوں نے پنچایتی اراکین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کووڈ ایس او پیز کو یقین بنانے کیلئے عوام کو بیدار کیا جائے تاکہ اس خطرے ناک بیماری سے نجات حاصل کی جاسکے ۔
سکھ مسلم اتحاد کے حق میں مظاہرہ
عظمیٰ یاسمین ت
ھنہ منڈی // سب ڈویڑن تھنہ منڈی میں یونائیٹڈ پیس آلائنس کے بینر تلے ایک علامتی احتجاج کیا گیا ۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے چیئر مین میر شاہد سلیم نے الزام عائد کیا کہ کچھ شر پسند عناصر کشمیر میں بے بنیاد مسائل کو بنیاد بنا کر سکھوں اور کشمیریوں کے مابین فرق پیدا کر کے انتقام گیری کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکھ سماج نہ صرف آفات کے اوقات کے دوران اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں بلکہ سیاسی طور پہ بھی کشمیریوں کی حمایت کرتے رہے ہیں لیکن کچھ فرقہ پرست طاقتوں کو اس بات سے سخت تکلیف پہنچی ہے۔ لہذا وہ بے بنیاد مسئلوں کو ہوا دے کر دونوں فرقوں کے مابین ایک خلیج پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے جبری طور سکھ لڑکیوں کے مذہب تبدیل کرائے جانے کے واقعات کی تردید کرتے ہوئے اسے ایک گہری سازش کا حصہ قرار دیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر سکھ مسلم اتحاد کے نعرے درج کئے گئے تھے۔
راجوری پونچھ میں کووڈ کے 16نئے کیس سامنے آئے
سمت بھارگو
راجوری //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں کووڈ معاملات میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ گزشتہ روز دونوں سرحدی اضلاع میں کووڈ کے 16نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ہیں ۔دونوں سرحدی اضلاع میں محکمہ صحت کی جانب سے کووڈ کی جانچ کے سلسلہ میں مختلف مقامات پر ٹیسٹنگ عمل شروع کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع راجوری کے مختلف علا قوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران صرف 8کووڈ کے نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے درہال میڈیکل بلاک میں سب سے زیادہ کیس درج کئے گئے ہیں ۔اس کے علاوہ کنڈی سے ایک ،نوشہرہ سب ڈویژن میں سے ایک اور منجا کوٹ میڈیکل بلاک میں سے ایک کیس سامنے آیا ہے ۔اسی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں سے بھی 8کیس ہی سامنے آئے ہیں ۔ضلع انتظامیہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع میں کووڈ معاملات میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں کی گئی ٹیسٹنگ کے دوران گزشتہ روز محض 8نئے کیس سامنے آئے ہیں ۔
سندر بنی میں تلاشی مہم چلائی گئی
سمت بھارگو
راجوری //سیکورٹی فورسز کو مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد سندر بنی میں ایک تلاشی مہم چلائی گئی ۔زرائع نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ سندر بنی سب ڈویژن کے کچھ علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے آپسی اشتراک سے تلاشی مہم شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تلاشی مہم کے دوران دادل اور اس کے ملحقہ دیہات میں تلاشی کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ منگل کو آپریشن جاری رہا تاہم آخری اطلاعات موصول ہونے تک کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی ۔
پنچایت راج نگر میں بنیادی سہولیا ت کا فقدان
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک بدھل کی پنچایت راج نگر اپر گھبر میں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عام لو گ پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں بجلی ،پانی ودیگر بنیاد ی سہولیات ابھی تک فراہم ہی نہیں کی جاسکی ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور مقامی انتظامیہ سے بھی رجوع کر چکے ہیں لیکن ابھی تک حالات جوں کے توں ہی ہیں ۔نائب سرپنچ ارشد حسین میر نے بتایا کہ پنچایت کی وار نمبر 1،3اور 6میں 80فیصد عوام بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے پریشان ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقوں میں کئی ایسے گھر ہیں جہاں پر آج تک بجلی کی سپلائی ممکن نہیں بنائی جاسکی ہے ۔اس کے علاوہ علاقہ میں سے بہنے والے دریا پر حکام کی جانب سے ابھی تک کوئی پل تعمیر نہیں کیا گیا جبکہ عام لوگ پیدل ہی دریا عبور کرتے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ اس وقت بھی پیڑ گوجر محلہ ،کوٹلی وغیر ہ علاقوں میں بجلی اور پانی دستیاب نہیں ہیں جبکہ پنچایت میں صرف ایک سڑک تعمیر کی گئی ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بنیاد ی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
کوٹرنکہ میں صحافیوں کا اجلاس منعقد
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ میں صحافیوں کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف نیوز ایجنسیوں سے منسلک صحافیوں نے شرکت کی ۔حافظ قیوم نظام کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران صحافیوں نے ’پریس آر گنائزیشن ‘نامی ایک تنظیم کا قیام عمل میں لایا ۔اس دوران کشمیر عظمیٰ سے وابستہ صحافی محمد بشارت راتھر کو نئی قائم کی گئی تنظیم کا صدر منتخب کرلیا گیا جبکہ قیوم نظام کو جنرل سیکریٹری اور دلشاد احمد چوہدری ،وجاہد چوہدری ،ظہیر عباس گورسی ،سجاد پسوال ،پریم سنگھ وغیرہ کو بھی تنظیم میں شامل کیا گیا ہے ۔نئی تشکیل شدہ تنظیم کے صدر اور جنرل سیکریٹری نے کہاکہ تنظیم کا قیام عمل میں لانے کا مقصد عوامی مسائل کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے مسائل کو اجاگرکر کے ان کو حل کروانا ہے ۔انہوں نے تنظیم کے دیگر اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی امیدوں پر پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔
بھاجپا یوا مورچہ صدر رویندر ینہ سے ملاقی
حسین محتشم
پونچھ//بھاجپا کی پونچھ اکائی کے یوا مورچہ صدر امن ڈابر جموں کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر رویندر رینا سے جموں میں ملاقی ہوئے۔اس ملاقات کے دوران جہاں انھوں نے پونچھ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی پوزیشن اور جوانوں کی کارکردگی کے حوالے سے انھیںجانکاری دی وہی انھوں نے ضلع پونچھ میں محکمہ صحت میں بہتری لانے کے لئے بھی اپیل کی ۔امن ڈابر نے موصوف کو بتایا کہ پونچھ میں صحت کا نظام نہایت ہی خستہ حال ہے۔انھوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی کئی اسامیاں خالی ہیں جن کو فوری پُر کیا جانا بہت ضروری ہے۔انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ ضلع ہسپتال میں آنکھوں کا ماہر ڈاکٹر نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ جدید مشینیں نصب کی گئی ہیں لیکن ان کو چلانے والے ماہرین نہیں ہیں جس کی وجہ سے اکثر مریضوں کو جموں ،سرینگر یا راجوری منتقل کیاجاتا ہے۔رویندر رینہ نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کروایا جائے گا ۔
ڈی سی نے محکمہ صحت کے ملازمین کا اجلاس طلب کیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت کے آفیسران ،ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ میٹنگ منعقد کر کے ضلع میں مریضوں کی سہولت کے لئے اٹھائے جا رہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اجلاس کے دوران پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔ڈی سی نے خطاب کے دوران تمام ڈاکٹروں اور دیگر پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کوڈ19کی وبائی دور میں جو خدمات انھوں نے انجام دی ہیں ان کی جتنی سراہنا کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے ضلع میں کوڈ19کے سلسلہ میں نمونوں کی جانچ اور ٹیکہ کاری مہم کے حوالے سے بھی متعلقہ افسران سے بات کی اور ان کو ہدایت کی کہ اس سلسلہ میںمزید تیزی لائی جائے۔انھوںنے کوڈ کی تیسری لہر کے پیش نظرپہلے سے ہی طبی عملہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کی۔انھوں نے کہا کہ جو ضروری اقدمات ہیں وہ ابھی سے اٹھائے جائیں تاکہ امرجنسی کی حالت میں لوگوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جا سکے۔انھوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ محکمہ صحت کا ہر طرح سے تعاون کرے گی۔
کووڈ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیرپرچلنے کی تلقین
حسین محتشم
پونچھ//ایس ایچ او پونچھ ایس ڈی سنگھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے خود محفوظ رہیں اوردٔوسروں کو بھی کورونا وائرس سے محفوظ رکھیں۔انھوں نے ایک مہم کے دوران لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس ابھی گیا نہیں ہے اس لئے وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے رہیں۔موصوف نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر کو روکنے کیلئے انتظامیہ کیساتھ تعاون کیا جائے ۔انھوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اب بازروں اور دیگر بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں بغیر ماسک کے گھوم پھر رہے ہیں،اس کے علاوہ سماجی دوری کا بھی خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ پولیس اس سلسلہ میں لوگوں کو بیدار بھی کر رہی ہے اور کوڈ 19کے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والوں کو جرمانا بھی کیا جا رہا ہے لیکن جب تک عوام خود اس سلسلہ کو نہ سمجھے گی تب تک اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔پولیس آفیسر نے کہاکہ اپنی ذمہ داری کو سمجھ کر کووڈ ایس او پیز پر سختی کیاتھ عمل کیا جائے ۔