ٹکی سلطان درنگبل اور رفیع آباد بارہمولہ میں پانی کی شدید قلت
فیاض بخاری
بارہمولہ // ضلع بارہمولہ کے چنار کالونی ٹکی سلطان درنگبل علاقے میںپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کی سبب مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں گزشتہ کئی ہفتوں سے گندہ پانی پینے پر مجبور کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں علاقے میں بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطرہ لاحق ہے ۔ مشتا ق احمد نامی ایک شہری نے کشمیرعظمیٰ کو بتایا ہے کہ متعلقہ محکمہ علاقے میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ہوچکا ہے کیونکہ علاقے میں جو پانی سپلائی پہنچتی ہے کافی گندہ ہوتا ہے ۔جو پینے کے لائق نہیں ہوتا ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں مطلع کیا تھا تاہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جسکے باعث لوگ سخت گرمیوں کے ان ایام میں صاف پانی کی ایک ایک بوندکیلئے ترس رہے ہیں ۔ لوگوںنے متعلقہ محکمہ کے علیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ اس علاقے میں جلد از جلد پینے کا صاف پانی کیلئے اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکیں۔ادھر رفیع آباد کے درجنوں دیہات پینے کے صاف پانی سے محروم ہے جس کے نتیجے میں لوگ ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ لوگوںنے کہا کہ ان گرمیوں کے ایام میں درجنہوں گائوں کو پینے کے صاف پانی سے محروم رکھا گیا ہے اور اس ضمن میں اگرچہ متعلقہ محکمہ سے کئی بار بات کی گئی تاہم انہوںنے پانی کی فراہمی کیلئے ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیا۔
حضرت شیخ اکمل الدین بدخشیؒ کا 3روزہ عرس آج سے
سرینگر// حضرت شیخ اکمل الدین بدخشی ؒ حول کا311واں عرس آج یعنی اتوار سے منگلوار عصر تک جاری رہے گا ۔ اس سلسلہ میں امام و خطیب بقعہ عالیہ مولانا خورشید احمد قانونگو حسب معمول عادت قدیم مجالس درود و اذکار اور محافل مولود مسعودؐکے علاوہ مشتہر شدہ مقررہ اوقات کے مطابق مجالس تبلیغ ہونگے جس میں وادی کے مقتدر علماء کرام ، مشائخان عظام مفتی اعظم اور میرواعظ ہمدانی بیان فرمائینگے۔ آج اتوار کونماز عشاء 9.30بجے اور سوموار نماز عشاء10.00بجے اور روزِ مولود منگلوار نماز ظہر ڈیڑھ بجے ادا ہوگی۔ قبل از نماز ظہر امام و خطیب بقعہ اکملیہؒ بیان کرینگے۔
حضرت سیدمحمد بخاری کا عرس آج
حقانی میموریل ٹرسٹ کا خراج عقیدت
سرینگر//حضرت سیدمحمد بخاری کا عرس مبارک آج یعنی28 ذی الحج کو منایا جارہاہے ۔ سب سے بڑی تقریب سویہ بگ بڈگام میں آستان عالیہ میں منعقد ہورہی ہے جہاں نماز ظہر کے بعد ختمات المعظمات ، ذکر و اذکار ،اوراد خوانی اور درود و سلام کی روح پرور مجالس کا انعقاد ہوگا ۔ بعد مغرب بقعہ عالیہ حضرت پیر دستگیر صاحب ؒ سرائے بالا مولانا گلزار احمد شیدا خطاب میں اولیا اللہ کی شان بیان فرمایں گے۔ حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے حضرت سیدمحمد بخاری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے تاریخ ساز اسلامی کارناموں میں ملک کشمیرمیں تبلیغ دین سرفہرست ہے ۔
عوامی مجلس کے سابق حلقہ صدر فوت، میرواعظ کااظہار تعزیت
سرینگر//عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے سابق حلقہ صدر نوشہرہ شیخ غلام حسن سکونت نوشہرہ سرینگر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔شیخ غلام حسن علالت کے سبب گزشتہ رات 85سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔موصوف پوری زندگی تنظیم ، تحریک اور میرواعظ خاندان کے ساتھ انتہائی عقیدت و محبت کے ساتھ وابستہ رہے۔تنظیم نے شیخ غلام حسن کو انکی چھ دہائیوں پر مشتمل بے لوث سیاسی خدمات اور قربانیاں اور تنظیم کے پروگراموںکو اپنے علاقے میں پھیلانے کے حوالے سے مثبت سرگرمیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا اور ان کی خدمات کی زبردست سراہنا کی۔بیان میںکہا گیا کہ شیخ غلام حسن نے اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز مہاجر ملت مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی قیادت میں مسلم کانفرنس میں ایک نوجوان کارکن کی حیثیت سے کی۔عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق مسلسل خانہ نظربندی کے سبب مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کرسکے ۔میرواعظ نے موصوف کی تنظیم اور تحریک کے تئیں قربانیوں کو ہر لحاظ سے بے مثال قرار دیتے ہوئے اللہ تبارک و تعالی سے مرحوم کی مغفرت ، جنت نشینی اوران کے فرزندان شیخ شبیر احمد اور شیخ فاروق احمد اور برادر اصغر شیخ بشیر شاکر کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور اُن کی وفات کو تنظیم اور قیادت کیلئے ایک نقصان قرار دیا۔ دریں اثنا مرکزی رہنمائوں اور عہدیداروں پر مشتمل تنظیم کے ایک وفد نے مرحوم کے گھر لکھرپورہ نوشہرہ جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی اورفاتحہ خوانی کی۔خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی 10 اگست2021 منگل کوآبائی مقبرے پر ادا کی جائیگی ۔
یوپی آئی بیوروچیف کو صدمہ، بہنوئی انتقال کرگئے
سرینگر//یو پی آئی بیورو چیف شاہین امین کے بہنوئی فوت ہوگئے۔ ڈائریکٹر جنرل ہارٹیکلچراعجاز احمد ، چیف ہارٹیکلچر آفیسر بڈگام جاوید احمد ، تحصیلدار چرار شریف نثار احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ سروس پلوامہ ارشاد احمد تیلی ، ہاٹی کلچر نان گزیٹیڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن نے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔
کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ اردوکے اہتمام سے ہفتہ وار ’بزم ادب‘ کا انعقاد
سید اعجاز
سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے اہتمام سے ہفتہ وارانہ ’بزمِ ادب‘ کی آن لائن نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت ڈاکٹر مشتاق حیدرنے کی جبکہ ڈاکٹر کو نثر رسول ، ڈاکٹر اویس احمد، ڈاکٹر ریاض احمد کمار، ڈاکٹر محمد ذاکر، ڈاکٹر روحی سلطانہ اور ڈاکٹر محمد یونس ٹھوکر نے بھی حصہ لیااوربزم ادب کی نظامت کے فرائض تبسم رجب نے انجام دئیے ۔ طلبا نے اپنی شعری و نثر تخلیقات پیش کیں۔ گزشتہ کئی نشستوں سے طلبا اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کرتے آئے ہیں جس سے یہ بات عیاں ہوجاتی ہے کہ’بزم ادب‘ ان کے لئے مشعل راہ کا کام کرتی ہے۔طلبا میں شائشتہ امین، آفرین فاطمہ،صفورا طارق، خان زاہد،حنا یوسف وغیرہ نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ ڈاکٹر مشتاق حیدر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے طلاب کو مبارکباد دی اور ان کی تخلیقی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے انھیں اپنے تخلیقی عمل کو جاری رکھنے کی تلقین کی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ طلاب اس بات کے پابند نہیں ہیں کہ وہ محض شاعری یا فکشن میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں بلکہ متفرق مضامین یعنی سائنس، صحافت، حالات حاضرہ وغیرہ مضامین قلم بند کرکے اپنی تخلیقی صلا حیتوں کا مظاہرہ کریں۔
کپوارہ میں آگ سے متاثرہ شہری کو امداد فراہم
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی ہدایت پر آگ کی واردات میں رہائشی مکان خاکستر ہونے والے متاثرہ شہری کو 10ہزار روپے کی امداد دی۔ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو نے مہجور احمد خان کو10ہزار روپے کی چیک فراہم کی۔ مہجور خان ہلمت پورہ کے رہنے والے ہیں اور گزشتہ روز آگ کے واقعہ میں ان کا رہائشی مکان خاکستر ہوا تھا۔
کرناہ میں مفت طبی کیمپ منعقد
سرینگر //جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے سنیچر کو ٹنگڈار ڈاک بنگلہ میں ایک مفت طبی اور جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ طبی کیمپ میں علاقہ کے مریضوں نے علاج ومعالجہ کرایا اور مفت دوائیاں حاصل کیں۔کیمپ کے پہلے روز300 سے زائد افراد نے مفت طبی مشاورت اور ادویات حاصل کیں۔جی آر بیک میموریل ٹرسٹ کے چیئرمین اشتیاق احمدملک نے طبی کیمپ کی صدارت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کرناہ میں ایسے طبی کیمپوں کا انعقاد مستقبل میں بھی کیا جائے گا۔
کولگام میں ریلوے ٹریک کے قریب لاش پائی گئی
ملورہ سے جہلم میں کودنے والے نوعمر کی لاش برآمد
خالدجاوید+ارشاداحمد
کولگام//کولگام میں ریلوے ٹریک کے قریب ایک نوجوان کی لاش پائی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ سنیچروارصبح کوشمس پورہ کولگام میں مقامی لوگوں نے ریلوے تریک کے قریب ایک گڑھے میں ایک نوجوان کی لاش دیکھی اور پولیس کو مطلع کیا۔پولیس نے موقعہ پرپہنچ کرلاش کو اپنی تحویل میں لیااور قانونی وطبی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش پولیس اسٹیشن ونپوہ میں رکھی۔لاش کی شناخت کرنابل لسجن کے گلزاراحمدشیخ ولدبلال احمد کے طور ہوئی ہے۔ادھرسیمنٹ کدل نورباغ میں دریائے جہلم میں کودکر اپنی جان دینے والے 16سالہ لڑکے کی لاش ملورہ سے برآمد کی گئی۔ 4روز قبل مومن نثار ولد نثار احمد ساکنہ چھتہ بل سرینگر نے سیمنٹ کدل سے چھلانگ لگاکراپنی جان دی۔ مذکورہ نوعمر کی لاش کو بازیاب کرنے کی کوششیں کی گئیں۔ دریائی پولیس سرینگر کی انتھک کوششوں کے بعد مومن نثار کی لاش ملورہ پارمپورہ میں سنیچر کی صبح برآمد کی گئی۔ قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش لواحقین کے سپرد کی گئی۔
متوفی پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو امداد
سرینگر//پولیس سربراہ پولیس کے اُن اہلکاروں جو دوران ڈیوٹی فوت ہوئے،کے لواحقین کے حق میں 70لاکھ روپے کی خصوصی بہبودی مالی امدادکو منظوری دی۔پولیس بیان کے مطابق کانسٹیبل اومکار ناتھ،راج سنگھ اور منظور احمدجو دوران ڈیوٹی بیماری کی وجہ سے فوت ہوگئے ،کے لواحقین کے حق میں ساٹھ لاکھ روپے کی امداد منظور کی گئی ۔اس میں سے ایک ایک لاکھ روپے پہلے ہی ان کے حق میں واگزا رکیاجاچکا ہے تاکہ متوفی اہلکاروں کی آخری رسومات انجام دی جاسکیں۔ اس کے علاوہ ایس پی او سدیش کمار اور حناجان کے لواحقین کو بھی پانچ پانچ لاکھ روپے دیئے گئے ۔اس میں سے پچاس پچاس ہزارروپے ان کے لواحقین کو پہلے ہی دیئے جاچکے ہیں تاکہ وہ ان کی آخری رسومات انجام دے سکیں۔
سیاحت سے جڑے افراد کی صلاحیتوں میں اضافہ
پہلگام میں محکمہ ٹورازم کے اہتمام سے پروگرام کاانعقاد
پہلگام//سیاحتی شراکت داروں کی صلاحیت کوبڑھانے کی خاطر محکمہ سیاحت نے یہاں مختلف شراکت داروں کے لئے تربیتی پروگرام کا اِنعقاد کیا۔دورانِ تربیت کشمیر یونیورسٹی کے ماہر ڈاکٹر شاہنواز نے سیاحتی کاروبار کے دوران اِستعمال ہونے والے پروٹوکول اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی۔اُنہوں نے شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ اِس سلسلے میں وقتاً فوقتاً حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور اس جگہ پر آنے والے سیاحوں میں اعتماد پیدا کرنے میں مدد کریں۔توقع کی جاتی ہے کہ اِس تربیت سے تمام سیاحتی مقامات پر سیاحتی شعبے میں بیداری کی سطح میں اِضافہ ہوگا۔ اس سے نہ صرف یہاں کی سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ مہمانوں مع سب کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھا جائے گا۔
کنگن میں سومو پلٹنے سے شہری زخمی
کنگن//غلام نبی رینہ//ہاین کنگن میں ٹاٹا سومو پلٹنے سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔اکہال ہاین سڑک پر ایک ٹاٹا سومو زیر نمبر1098 / JK01Lپلٹ گیا جس کے نتیجے میں عبدالحمید بٹ ولد محمد سلطان ساکن بنی باغ کنگن زخمی ہوگیا ۔مذکورہ شہری کو علاج ومعالجہ کے لئے سب ڈسٹرک ہسپتال کنگن منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید علاج کے لئے سکمز صورہ منتقل کیا گیا ۔
آغا حسن کے نام پر جعلی ٹوئٹراکاﺅنٹ
سائبرپولیس سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان نے سائبر پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ تنظیم کے صدرآغاحسن کے نام پر چلائے جارہے جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے خلاف کارروائی کرے اور اس اکاﺅنٹ کو چلانے والے کی نشاندہی کی جائے۔ایک بیان میںانجمن شرعی شیعیان کے ترجمان نے عوام الناس کو مطلع کیا کہ تنظیم کے صدر آغا سید حسن کے نام پر گذشتہ دو سال سے ایک جعلی ٹوئٹر اکاﺅنٹ چلایا جا رہا ہے جس پر ایسی باتیں اور معاملات منظر عام پر لائے جا رہے ہیں جن کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہوتا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ اس ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر جس طرح کا مواد پوسٹ کیا جاتا ہے وہ سراسر فتنہ انگیز ی پر مبنی ہوتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس بدترین خیانت کے پس پردہ ایک مین اسٹریم سیاسی لیڈر ہے ،جو آغا حسن کے کردار و عمل اور انجمن شرعی شیعیان کے نصب العین کو مشکوک و مبہم بناناچاہتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ کئی بار سائبر کرائم ایجنسی کی نوٹس میں بھی لایا گیا لیکن کوئی قرار واقعی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ترجمان نے سائبر کرائم ایجنسی سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا سخت نوٹس لے اور اس معاملے میں ملوث میں اسٹریم سیاسی لیڈر کی نشاندہی کرے بصورت دیگر اس جعلی اکاﺅنٹ کی وجہ سے ناخوشگوار نتائج برآمد ہوسکتے ہیں ۔
ہندپاک تعلقات
غلطی سے سرحد پار کرنے والے مویشی واپس روانہ
کپوارہ//جنگ بندی معاہدے پرعمل کرتے ہوئے بھارت اور پاکستان کی افواج امن کاثبوت دے رہی ہیں اور گزشتہ کئی روز سے غلطی سے سرحد پار کرنے والے مویشیوں کو واپس کیا جارہا ہے ۔ غلطی سے سرحد عبور کر کے کرناہ پہنچنے والے مویشیوں کو بھارتی فوج نے سول انتظامیہ کی مدد سے کمان پوسٹ اوڑی سے واپس بھیجا ہے ۔ذرایع نے بتایا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے جبڑی بجلدار گاﺅں کی ایک دودھ دینے والی گائے اور ایک بیل سرحد عبور کر کے جبڑی کرناہ پہنچ چکے تھے ،جن کو سنیچر کے روز بھارتی فوج نے چکوٹی اوڑی کراسنگ پوائنٹ پر واپس کر دیا۔ یہ جانور مئی کے مہینے میں پاکستانی جبڑی سے بھارت کے علاقہ جبڑی میں پہنچ چکے تھے ۔سنیچر کو محکمہ پشوپالن سول انتظامیہ اور بھارتی فوج نے انسانی ہمدردی کا ثبوت دیتے ہوئے ان مویشیوں کو واپس سرحد پار بھیج دیا جبکہ پاکستان نے بھی بدلے میں ایک جانوار کو واپس کر دیا۔معلوم رہے کہ سرحدوں پر پچھلے پانچ ماہ سے امن ہے اور دونوں افواج جنگ بندی معاہدے کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں ۔اس معاہدے کے بعد سرحدوں پر امن ہے اور لوگ بھی خوش ہیں ۔
کونسلرظہور احمد بٹ نیشنل کانفرنس کی بنیادی رکنیت سے خارج
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں ظہور احمد بٹ عرف طہور (کونسلر وارڈ نائک پورہ کولگام) کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے خارج کردیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے انچارج کانسچونسی کولگام نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ جس میں موصوف کو پارٹی شکنی کی پاداش میں بنیادی ممبرشپ سے خارج کردیاگیا ہے۔