مزید خبریں

سابق ایم ایل سی تریلوچن سنگھ کی دہلی میں پراسرا ر موت

 ڈاکٹر فاروق ، عمر عبداللہ اور حکیم کا اظہارِ تعزیت

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق ایم ایل سی تریلوچن سنگھ وزیر کی دہلی میں پراسرا ر موت واقع ہوئی ہے۔تریلوچن سنگھ وزیر حال ہی میں دلی گئے ہوئے تھے جہاں ان کو جمعرات کی صبح پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا ۔ان کی موت سے متعلق ابھی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ عمر عبداللہ نے ٹویٹ میں کہاکہ میرے ساتھی سردار ٹی ایس وزیر، قانون ساز کونسل کے سابق رکن کی اچانک موت کی خوفناک خبر سے حیران ہوں، چند دن پہلے کی بات ہے کہ ہم جموں میں اکٹھے بیٹھے تھے، یقین نہیں ہوتا یہ ہماری آخری ملاقات تھی۔ ان کی روح کو سکون نصیب ہو۔ تریلوچن سنگھ وزیر ڈسٹرکٹ گردوارہ پرابندھک بورڈ، جموں و کشمیر کے چیئرمین اور آل جموں اینڈ کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ادھرترلوچن سنگھ وزیر کی وفات پرنیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور قانون ساز کونسل نے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر آنجہانی کے جملہ سوگواران خصوصاً اہل خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اُن کی آتما کی شانتی کیلئے بھی دعا کی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدور ناصر اسلم وانی، دیوندر سنگھ رانا اور دیگر پارٹی لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ادھر پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں ایک تعزیتی اجلاس اقلیتی سیل کے کنوینیر سردار جگدیش سنگھ آزاد کی صدارت میں منعقد ہواجس میںسردار ترلوچن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ادھر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین حکیم محمد یاسین نے تریلوچن سنگھ کی پُراسرار موت پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی۔ انہوںنے کہاکہ تریلوچن سنگھ سکھ طبقہ میں معروف لیڈر تھے اور جموںوکشمیر میں سماجی وسیاسی بیداری لانے کیلئے یاد رکھے جائینگے۔ 
 
 

پینے کے پانی کی قلت

 بارہمولہ ضلع کے متعدد علاقوں میںلوگوں کومشکلات درپیش

فیاض بخاری
 
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے متعد د علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ پٹن ،ٹنگمرگ ، رفیع آباد ، سوپور ، بارہمولہ ، نارواو اور اوڑی کے کئی دیہات کے لوگوں نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں گزشتہ دو ہفتوں سے پینے کے پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کے افسران کی عدم توجہی سے پانی کی سپلائی بُری طرح سے متاثر ہوئی ہے اورکئی علاقوں میں صورتحال پریشان کن ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ حکام کو اس بارے میں مطلع کیا لیکن انہیںمایوسی کے سوا اور کچھ نہیں ملا۔ کئی لوگوں نے کہا کہ کہیں کہیں پائپ لائن بوسیدہ ہوچکی ہے اور آبادی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہونے کی وجہ سے اکثر علاقوں تک پانی کی سپلائی نہیں پہنچ پاتی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں اگرچہ ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہی ہے لیکن اس سے صرف دس فیصد آبادی ہی مستفید ہوتی ہے۔ نارواو کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ا گرچہ یہاں کئی سکیموں پرکام شروع کیا گیا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اُنہیں ادھورا ہی چھوڑا گیا جس سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کوپینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے۔ مقامی لوگوںنے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
 

بانڈی پورہ میں پولیس دربار

عوام سے سماجی بدعات کے خلاف تعاون طلب

بانڈی پورہ//بانڈی پورہ میں پولیس پبلک میٹنگ کے دوران معزز شہریوں ، سول سوسائٹی ارکان ، متریگام اور اس سے ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران منشیات کے استعمال ، جوے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس نے شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سول انتظامیہ سے متعلقہ مسائل ان کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کی نوٹس میں لائے جائیں گے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایچ او پیٹھ کوٹ نے علاقے میں امن و سکون کو برقرار رکھنے اور منشیات و دیگر سماجی بدعات کو جڑ سے اکھاڑنے میں ان سے تعاون طلب کیا۔شرکاء نے سماجی برائیوں سے نمٹنے میں پولیس کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
 
 

سرینگر میونسپل کارپوریشن کا صفائی سروے

چھانہ پورہ وارڈ پہلے اور حیدرپورہ آخری پائیدان پر

سرینگر// سرینگر میونسپل کارپوریشن نے چھانہ پورہ کو صفائی میں’’پہلے پائیدان‘‘ پر قرار دیا ہے جبکہ حیدر پورہ کو آخری درجہ دیا گیا ہے۔وارڈ وں کی صفائی کی درجہ بندی میں چھانہ پورہ وارڈ (31) نے 300 میں سے 275 نمبر حاصل کئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) نے شہر کے 35 وارڈوں میں صفائی سروے کیا تھا۔ چھانہ پورہ وارڈ کو صفائی میں نمبر ون قرار دیا گیا جس کے بعد لالچوک اور پانتہ چھوک دوسرے پائیدان پر ہے۔ وارڈ آفیسر چھانہ پورہ اعجاز احمد ٹھوکر نے اپنے فیلڈ عملے کو اس کامیابی کا سہرہ باندھتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیم کی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن نے 4 زمرے بہترین ، اطمینان بخش،ٹھیک اور کم ترترتیب دئیے تھے جن کے تحت چھانہ پورہ سمیت 15 وارڈوںکی کارکردگی 'اچھے' زمرے میں آئی ہے۔ 10 وارڈوںکو 'اطمینان بخش' کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے جبکہ 8 وارڈوں کی کارکردگی کو ٹھیک اور 2 وارڈوںکو کمزور زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کی درجہ بندی کے مطابق چھانہ پورہ وارڈ صفائی کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے ،اس کے بعد لالچوک ، پانتہ چھوک ، حضرت بل ، پارمپورہ ایچ ایم ٹی ، جواہر نگر ، باغ مہتاب ، نئی سڑک، مدین صاحب ، صورہ ، زینہ کدل ، خانیار ، نوشہرہ ، اسلام یاربل ، کرن نگر ، جمالٹہ ، لال بازار ، قمرواری ، لاوے پورہ ، ہمہامہ ،خمینی چوک،بمنہ ، حول ، احمد نگر ، کرالہ یار ، زکورہ ، صفاکدل ، بٹہ مالو ڈل ، پالہ پورہ ، مگرمل باغ ، مخدوم صاحب ، بٹہ پورہ ، نشاط اور حیدر پورہ شامل ہیں۔
 

مولانا ہمدانی کا اظہار تعزیت

سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے شہر خاص کے معروف تاجر اور مسلم وقف بورڈ کے سابق سیکریٹری غلام محمد راتھر ساکن نوشہرہ کی اہلیہ کے انتقال پر رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحوم غلام محمد راتھر جمعیت ہمدانیہ کے بنیادی رکن اور نائب صدرِ بھی رہے ہیں ۔دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
 

صورہ اورہندواہ میں آتشزدگی وارداتیں 

تین دکانیں اورسکولی عمارت خاکستر

 سرینگر// صورہ سرینگراورہندوارہ میں آگ کی دو الگ الگ واردات میں 3دکانیں اور سکولی عمارت خاکستر ہوگئی ۔صورہ میں جمعرات کی صبح آگ کی ایک واردات میں3 دکانیں خاکستر ہوگئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ صورہ میں جمعرات کی صبح عبد الحمید تیلی کے شاپنگ کمپلیکس میں آگ نمودار ہوئی جس نے آس پاس کی دیگر دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں غلام محمد بٹ کی بیکری دکان، منیر احمد خان کی موبائل دکان اور شمیم احمد گنائی کی دکان شامل ہے تاہم فوری طور آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔ادھرشمالی  قصبہ ہندوارہ میں بدھ کی شام گورنمنٹ مڈل اسکول گنڈ کمال کی عمارت آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوگئی ۔ آگ بجھانے کے لئے فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے لیکن انہیں آگ پر قابو پانے میں کئی گھنٹے لگ گئے جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچ گیا۔پولیس نے دونوں معاملات میں کیس درج کرلئے۔
 

آریانز کالج میں سرفیسی ایکٹ2020ویبنار

سرینگر//آریانز کالج آف لاء راجپورہ چندی گڑھ کے نزدیک’’سرفیسی ایکٹ ، 2002 کا ایک خاکہ تعارف‘‘ پر ایک ویبنار کا اہتمام کیا گیا۔ بھاگی شری سیٹیاایڈوکیٹ ، پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ ، چندی گڑھ نے LL.B اور BA-LL.B کے طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ ، چیئرمین ، آریانز گروپ آف کالجز نے تقریب کی صدارت کی۔سیٹیا نے طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی اثاثوں کی سیکورٹائزیشن اور تعمیر نو اور سیکورٹیز انٹرسٹ ایکٹ ، 2002 ، جسے سرفیسی ایکٹ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو قرضوں کی وصولی کے لیے رہائشی یا تجارتی جائیدادیں نیلام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کے تحت محفوظ قرض دہندگان کو اس ایکٹ کے سیکشن 13 کے تحت سیکورٹی سود کے نفاذ کا بہت زیادہ حق حاصل ہے۔ اگر مالی امداد لینے والا قرض کی ادائیگی یا کسی بھی قسط میں کوئی ڈیفالٹ کرتا ہے اور اس کے اکاؤنٹ کو غیر پرفارمنگ اثاثہ کے طور پر درجہ بندی کیا جاتا ہے ، تو محفوظ کریڈٹر کو 60 دن کی مدت ختم ہونے سے پہلے اپنی ذمہ داری ادا کرنے یا قرض کی ادائیگی کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
 

 پیپلز کانفرنس میں کئی سیاسی اراکین کی شمولیت 

سرینگر//سرینگر ضلع میں کئی سیاسی جماعتوں کے نامور کارکنوں نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ۔پارٹی لیڈرمحمد خورشید عالم نے دیگر سینئر پارٹی لیڈروں کے ہمراہ ان کا والہانہ استقبال کیا۔پارٹی میں شامل ہونے والوں میں زونل نائب صدر سینٹرل زون کشمیر یوتھ نیشنل کانفرنس انجینئر کامران ، شیخ محسن سابق جوائنٹ سیکریٹری یوتھ نیشنل کانفرنس، عاقب بٹ اور شاہد بیگ شامل ہیں۔محمد خورشید عالم نے پارٹی میں نئے آنے والوں کا خیرمقدم کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کے مشکلات کو دور کرنے کیلئے انتھک محنت کریں۔انہوں نے کہا’’ نوجوانوں نے ہمارے صدر ، پارٹی کے ویژن اور قیادت پر اعتماد اور بھروسہ کیا ہے۔ ہم جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہیں‘‘۔انہوںنے مزید کہا کہ پیپلز کانفرنس جموں وکشمیر کی غیر معمولی صورتحال میں ایک تعمیری رول ادا کرے گی۔اس موقع پرمحمد خورشید عالم کے علاوہ عابد انصاری ، شیخ عمران ، محمد سلیمان بٹ ، یوتھ جنرل سیکریٹری مدثر کریم اور یوتھ کوآرڈی نیٹر سلمان بخاری بھی موجود تھے۔
 

بارہمولہ میں11 ستمبر کو قومی لوک عدالت

بارہمولہ//سیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بارہمولہ کے مطابق اس سال کی تیسری قومی لوک عدالت 11 ستمبر 2021 کو یہاں منعقد ہو رہی ہے۔اس لوک عدالت کے دوران ، سیکشن 138 کے تحت این آئی ایکٹ کے حوالے سے کیسز ، بینک ریکوری ، لیبر تنازعات ، پانی اور بجلی کے بل (غیر کمپاؤنڈ ایبل کو چھوڑ کر) ، ازدواجی ، ایم اے سی ٹی کیسز ، زمین کے حصول اور دیگر دیوانی اور فوجداری مقدمات (زیر التوا اور پہلے مقدمہ) موقع پر تصفیہ کے لیے لیا جائے گا۔تمام متعلقہ فریق/ وکلاء￿  جو اس قومی لوک عدالت کے ذریعے اپنے مقدمات ، تنازعات اور دعووں کو حل کرنا چاہتے ہیں وہ لوک عدالت کی مقررہ تاریخ سے قبل ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی بارہمولہ/ متعلقہ تحصیل لیگل سروسز کمیٹیوں سے رجوع کر سکتے ہیں۔
 

 مٹی کی غیر قانونی کھدائی ،چاڈورہ میں4افراد گرفتار

 چاڈورہ//بڈگام پولیس نے مٹی کی غیر قانونی کھدائی اور خریدوفروخت میں ملوث4افراد کو گرفتار کیاجبکہ ایک ٹپر اور ایک جے سی بی ضبط کیا۔چاڈورہ تھانہ نے حیات پورہ ناگام میں سرکاری زمین سے مٹی نکالنے کے دوران ایک ٹپراور ایک جے سی بی قبضے میں لے لیا۔ گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت ندیم احمد پھال ساکن وچاتی چیک پورہ،ہلال احمد تیلی ساکن واتھورہ ، محفیظ احمد چوپان ساکن مالا پورہ اورنثار احمد یتو  ساکن حیات پورہ کے طور پر ہوئی ہے ۔تھانہ پولیس چاڈورہ نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آر نمبر148/21درج کیا ہے۔
 

ابراہیم جاوید اپنی پارٹی کے صوبائی صدر اسٹوڈنٹس یونین مقرر

سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے جمعرات کوپارٹی کی اسٹوڈنٹ ونگ کیلئے  ابراہیم جاوید شاہ صوبائی صدر کشمیر تعینات کیاہے۔ ان کی تعیناتی پارٹی صدر سید الطاف بخاری کی منظوری کے بعد کیاگیا۔ ابراہیم جاوید شاہ معروف اسٹوڈنٹ کارکن ہیں جنہوں نے صوبہ کشمیرکے اندر طلبا کو درپیش مشکلات ومسائل کو اُجاگر کرنے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے جموں وکشمیر سے باہر زیر تعلیم طلبا کی بہبودی کے لئے بھی کام کیا ہے۔ 
 

عرس تقریبات پر انتظامات یقینی بنانے کی اپیل

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگرنے ضلع انتظامیہ سرینگر سے اپیل کی ہے کہ عرس مبارک علامہ بابادائود خاکیؒ واقعہ کوہ ماران زیارت مخدوم صاحبؒ اور عرس مبارک حضرت شیخ سید ناصر الدین بنگالی سہروردیؒ واقع سعدہ کدل کے سلسلے میں بنیادی سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں۔
 

خمریال میںایک شو روم کا افتاح 

کپوارہ//اشرف چراغ //شمالی ضلع کپوارہ کے خمریال لولاب میں جمعرات کو’میرز ڈزائن اینڈ سٹائل ‘‘شو روم کا افتاح کیا گیا ۔ وائس چیئرمین ڈی ڈی سی فاروق احمد میر نے شو روم کا افتاح کیا ۔ اس موقع پر علاقہ کے ذی عزت شہریو ں کے علاوہ ٹریڈرس فیڈریشن کپوارہ کے زعماء اوردیگر لوگ بھی موجود تھے ۔شو روم کے مالک ایڈوکیٹ میر منصور احمد نے بتا یا کہ اس شوم روم کی علاقہ میں اشد ضرورت تھی تاکہ علاقہ لولاب کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیگر علاقوں کو خریداری میں آسانی ہو گی ۔ضلع کپوارہ میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا شو روم ہوگا جہا ں پر گاہکو ں کے لئے ہر ایک چیز دستیاب ہوگی۔