رائوجے مل راٹھورکی 515ویں سالگرہ،سونہ مرگ میں تقریب
مرکزی وزیرمملکت نے یادی گاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا
سونہ مرگ//مرکزی وزیر مملکت برائے مواصلات دیو سنگھ چوہان نے 75 ویں آزادی کا امرت مہوتسو کی تقریبات کے سلسلے میں یہاں راؤ جے مل راٹھور کی 515 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا ۔ راٹھور چتور گڑھ کا ایک راجپوت یودھا جنرل تھا جس نے 1567-68 میں مغلیہ فوج کے خلاف مزاحمت کی ۔ اس موقع پر وزیر نے نوٹ کیا کہ وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ایسے بہادر سپاہی کی یاد میں ڈاک ٹکٹ جاری کرنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ بہادر دل نے نہ صرف راجستھان کے لوگوں کو فخر دلایا بلکہ پوری قوم کو ان پر فخر محسوس ہوتا ہے ۔ دیو سنگھ نے یہ بھی کہا کہ جب قوم اپنی 75 ویں آزادی امرت مہوتسو منا رہی ہے تو ہماری حقیقی کوشش ہونی چاہئیے کہ ہم اپنی تاریخ کے ان ہیروز کو یاد رکھیں ۔ مرکزی وزیر جل شکتی گجیندر سنگھ شیخاوت جنہوں نے تقریب میں عملی طور پر حصہ لیا ، نے کہا کہ یودھا کی شراکت ایسی ہے کہ 500 سال سے زیادہ گذر جانے کے بعد بھی انسانی ذہن میں یاداشت محفوظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راؤ جمیل راٹھور جیسی کہانیاں ہمارے بچوں اور نوجوانوں کو سنائی جاتی ہیں ۔ ان کی مزید تعریف کرتے ہوئے شیخاوت ، جو اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے ، نے کہا کہ کہانی ہمارے نوجوانوں کو قومی خدمت کی طرف راغب کرنے اور تحریک دینے کی طاقت رکھتی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس جنرل کی یہ بہادری تھی کہ ہاتھی کی پیٹھ پر اس کا مجسمہ آگرہ کے قلعے کے اندر کھڑا کیا گیا ہے ۔ سی پی جوشی ، رُکن اسمبلی چتور گڑھ جنہوں نے عملی طور پر حصہ لیا نے کہا کہ عظیم سپاہی اپنے پاؤں میں گولی لگنے کے باوجود لڑا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی زمین کی حفاظت میں ان کی جان دینا سنہری حروف میں لکھنے کے قابل ہے ۔ دیگر جو عملی طور پر بولے ان میں بی پی سنگھ سابق گورنر پنجاب ، مہاراج گج سنگھ ، دیگر قانون ساز اور راجستھان کے افسران شامل تھے ۔ ڈاک ٹکٹ کو ورچول موڈ میں بیک وقت آئی ٹی سینٹر چتور گڑھ راجستھان سے جاری کیا گیا ۔
رسوئی گیس کااخراج
کولگام میں 20برس کی لڑکی جھلس گئی
سرینگر//کولگام میں سلینڈرسے رسوئی گیس کے اخراج سے آگ لگنے کے سبب 20سالہ لڑکی جھلس گئی۔ کے این ایس کے مطابق جمعہ کو لام کولگام میںخورشید احمد شاہ کے گھر میں سلینڈر سے رسوئی گیس کا اخراج ہونے کے بعد آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجہ میں ثمرن جان جھلس گئی۔ مذکورہ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر افراد خانہ موقعہ پر پہنچ گئے اور آگ کی لپٹوں کو بجھادیا۔ مذکورہ لڑکی کو فوری طور پر جی ایم سی اننت ناگ پہنچایاگیا جہاں سے اسے ڈاکٹروں نے سرینگر منتقل کردیا۔
نوجوانوں کی بااختیاری ترقی کی کلید:آشیش سود
سرینگر// بی جے پی کے سینئر لیڈر اور جموں و کشمیر کے انچارج آشیش سود نے کہا کہ جموں کشمیر کی مجموعی اور ہمہ جہت ترقی کیلئے مودی حکومت وعدہ بند ہے ۔ سی این آئی مانیٹر نگ کے مطابق مرکزی سرکار کی جانب سے حال ہی میںشروع کی گئی عوام تک رسائی پرگراموں کی سراہنا کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر و جموںکشمیر کے انچارچ آشیش سود نے کہا کہ اس پراگرم سے جموںکشمیر کے عوام تک پہنچنے اور ان کے مسائل و مشکلات سننے میں آسانی ہو گی ۔ جموں و کشمیر میں سابق کانگریس اور دیگر حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوںنے کہا کہ گزشتہ 70 سالوں سے مرکز میں اسکیمیں بنائی گئی تھیں لیکن فنڈز کی دستیابی کے باوجود جموں و کشمیر میں اُن پر عمل نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا،جموں و کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کی کلید ہے اور مودی حکومت نے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں تاکہ نوجوان ترقیاتی عمل کا حصہ بن سکیں۔
بانڈی پورہ اورکرناہ سڑک حادثوں میں 2 ہلاک 3زخمی
اشرف چراغ +عازم جان
بانڈی پورہ+کپوارہ//بانڈی پورہ اورکرناہ میں سڑک کے الگ الگ حادثوں میںدو نوجوان ہلاک اوردوزخمی ہوگئے۔معلوم ہوا ہے کہ ایک زائلو گاڑی زیرنمبر DL4NB.3727 ٹنگڈار سے باغ بیلاجارہی تھی کہ اس دوران باغ بیلاکے مقام پرگاڑی لڑھک گئی جس دوران گاڑی میں سوارتین افرادزخمی ہوئے جن کی شناخت 20برس کے اشفاق احمدولدعبدالشکور،18برس کے ایازاحمدولدمحمداسلم ساکنان دلدار اور18سال کی عرفانہ منیردخترمنیراحمدساکن کھوڈپارہ کے طور ہوئی۔مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طورسب ضلع اسپتال ٹنگڈار پہنچایا جہاں اشفاق احمدزخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔ ادھرنادی ہل بانڈی پورہ میں سڑک حادثے میں زخمی جوان سکمزصورہ میں چل بسا۔تفصیلات کے مطابق سرینگر بانڈی پورہ سڑک پر نادی ہل پٹرل پمپ کے نزدیک ایک موٹر سائیکل کوحادثہ پیش آیااور اس پر سوار باسط احمداوراصغراحمد شدیدزخمی ہوگئے۔مقامی لوگوں نے دونوں زخمیوں کو بانڈی پورہ اسپتال پہنچایاجہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں سکمزصورہ منتقل کیا گیا۔بتایاجاتا ہے کہ سکمزصورہ میں صدرکوٹ پائین کااصغراحمدزخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہوا۔پولیس نے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔
شانگس میں اخروٹ کے درخت سے گرکر شہری ہلاک
عارف بلوچ
اننت ناگ//شانگس میں جمعہ شام کو ایک 40 سالہ شہری اخروٹ کے درخت سے گر کر ہلاک ہوا۔ اندو نوگام شانگس علاقے میں جمعہ کو ایک شخص اخروٹ کے درخت سے اخروٹ اتار رہا تھا جس دوران وہ پھسل کر نیچے گر گیا۔خون میں لت پت شہری کو علاج ومعالجے کے لئے فوری طور پر سب ضلع ہسپتال شانگس منتقل کیا گیا لیکن وہاں ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت فاروق احمد میر ولد غلام احمد میر کے بطور ہوئی ہے۔
بجلی کی عدم دستیابی
ڈورواننت ناگ میں محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا
سرینگر//اقبال کالونی ڈورو اننت ناگ کے لوگوں نے جمعہ کوبجلی محکمہ کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا ۔مظاہرین نے ٹاؤن ہال کے نزدیک ڈورو اننت ناگ شاہراہ پر دھرنا دیکر کئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی نقل و حمل مسدود کرکے رکھ دی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بار بار ٹرانسفارمر خراب ہونے کے سبب وہ گذشتہ 25 دنوں سے گھپ اندھیرے میں ہیں اور محکمہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئے روز یہاں ٹرانسفارمر سے تیل کی چوری ہوتی ہے اور محکمہ کے اہلکاروں کو یہ پتہ ہی نہیں کہ آئے روز ٹرانسفارمر سے تیل کی چوری کون کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر چہ کئی بار محکمہ کے ذمہ داروں کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا گیا لیکن عوام کو یقین دہانیوں کے سوا کچھ دیکھنے کو نہیں ملا لہٰذا تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق وہ احتجاجی راستہ اختیار کرنے کیلئے مجبور ہو گئے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی۔اس دوران ایس ایچ او ڈورو سید نذیر احمد اندرابی اپنے اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کی جائز مانگیں اعلیٰ حکام تک پہنچائی جائیںگی جس کے بعددھرنے پر بیٹھے لوگوں نے پر امن طور احتجاج ختم کیا۔
ادائیگی کے باوجود بجلی فیس باقی
ترال میں صارفین محکمہ سے برہم
سید اعجاز
ترال// ترال میںمحکمہ بجلی کی جانب سے صارفین کو بلوں کو صد فیصدادا کرنے کے باجودحالیہ بلوںمیں باقی دکھایا گیا ہے جس پر صارفین نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے گزشتہ مہینے میں اپنا بجلی فیس ادا کیا ہے تاہم وہ اس وقت حیران ہوگئے جب انہوں نے تازہ بلوں میں اسے باقی دکھایا گیا ہے ۔ امتیاز احمد نامی ایک نوجوان نے بتایا کہ محکمہ کی یہ غلطی ٹھیک کرانے کیلئے انہیں اپنا ایک دن مزدوری اور کرایہ ضائع کرنا پڑ رہا ہے۔صارفین نے متعلقہ محکمہ کے افسران پر الزام لگایا کہ انہوں نے ترال میں صارفین کو پریشان کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلے میںمحکمہ کے ایک اعلیٰ افسر نے لوگوں کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ اصل میں بنک سے فیس کی فائل دیر سے موصول ہوئی ہے جس کے بعدمحکمہ کی جانب سے صارفین پراضافی چارج لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اگلے ماہ یہ اضافی چارج کم کیا جائے گا ۔
شاٹھ واری نگری میں آگ ، رہائشی مکان خاکستر
اشرف چراغ
کپوارہ //شمالی ضلع کپوارہ کے شاٹھ واری نگری میں گزشتہ شب آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگیا اور اس میں موجود لاکھوں روپئے مالیت کا مال و اسباب راکھ ہوا۔معلوم ہوا کہ جمعرات کو دوران شب غلام محمد ڈار کے رہائشی مکان سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے مکان کو فوری طور اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ افراد خانہ گہری نیند میں تھے جنہیں مقامی لوگوں نے جگا کر باہر نکال دیا جبکہ فائر سروس نے مقامی لوگوں کی مدد سے آگ بجھانے کا کام شروع کیا لیکن آگ اس قدر بھیانک تھی کہ پورا مکان واردات میں مکمل طور خاکستر ہوا۔
وزیر اعظم کی 71ویں سالگرہ منائی
سرینگر//ڈائریکٹر ہاٹی کلچر کی جانب سے وزیر اعظم نرندر مودی کی 71ویں سالگرہ منانے کے سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام ہوا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہارٹی کلچر نے بتایا کہ محکمہ وزیر اعظم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا خواہاں ہے اور اس حوالے سے کسانوں کی آمدنی کو دوگنی کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ ہارٹی کلچرکاشتکاروں اور باغ مالکان کی سماجی اور مالی حالت کو بہتر بنانے کی خاطر کوشاں ہے۔ انہوںنے کہاکہ محکمہ کی جانب سے کسانوں او ر باغ مالکان کی جانب سے مختلف اسکیموں کو بروئے کار لایا گیا ہے جس کے تحت اْنہیں سبسڈی پر مختلف سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اوڑی میں قانونی جانکاری پروگرام کا انعقاد
ظفر اقبال
اوڑی//سرحدی قصبہ اوڑی میں جمعہ کو سب جج اوڑی و چیئرمین تحصیل لیگل سروسز کمیٹی اوڑی الطاف حسین خان کی صدارت میں تین الگ الگ مقامات پرقانونی جانکاری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ۔ان پرگراموں کا انعقاد سب جج کورٹ کمپلیکس اوڑی،آفیسر کلب اوڑی اور تلاواڑی اوڑی میں کیا گیا۔ چیئرمین لیگل سروس کمیٹی اوڑی الطاف حسین خان نے جانکاری پرگراموں میں لوگوں کو ان کے حقوق بشمول بزرگ شہریوں کے حقوق،خواتین کے حقوق اور بچوں کے حقوق سے آگاہ کیا۔انہوں نے لوگوں کو گھریلو تشدد،پبلک سروس گارنٹی ایکٹ اور کورونا وائرس سے بچاو تدابیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ لیگل جانکاری پروگراموں میں صدر بار ایسوسی ایشن اوڑی ایڈوکیٹ شمیم احمد چالکو،جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ توصیل احمد،سینئر ایڈوکیٹ سلیم احمد بیگ،ایڈوکیٹ عزیز اکبر،ایڈوکیٹ شبیر احمد منگرال اور ایڈوکیٹ ممتاز احمد بیگ نے بھی لوگوں کے بہت سے مسائل کو اجاگر کیا اور انہیں محکمہ لیگل ایڈس سروس کے تحت قانونی مدد لینے سے آگاہ کیا۔
آروہ بیروہ میں تیندوا پکڑا گیا
ارشاد احمد
بڈگام//وائلڈ لائف محکمہ نے جمعہ کی صبح آروہ بیروہ میں تیندوے کو زندہ پکڑکر داچھی گام پارک منتقل کیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے تیندوا بیروہ اور اس سے ملحقہ دیگر علاقوں میں گھوم رہا تھا جس سے مقامی آبادی میں دہشت تھی۔مقامی لوگوں نے وائلڈ لائف کو مطلع کیا جنہوں نے تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کی اورمتعلقہ ٹیم کو اس وقت کامیابی حاصل ہوئی جب سیب کے ایک باغ میں تیندوے کو زندہ پکڑ لیا گیا جس کے بعدلوگوں نے لی راحت کی سانس لی۔وائلڈ لائف محکمہ کے ریجنل وائلڈ لائف وارڑن کشمیر راشد نقاش نے اس سلسلے میں کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جیسے ہی انہیں آروہ بیروہ میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع ملی تو انہوں نے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم کو علاقہ میں تعینات کردیا جس کے نتیجے میں جمعہ کی صبح اس وقت کامیابی حاصل ہوئی جب سیب کے باغ میں رکھے گئے پنجرے میں تیندوے کو پھنسا ہوا پایا گیا جسے بعد میں داچھی گام پارک میں منتقل کر دیا گیا۔
ضلع کمشنر کپوارہ کا تا رت پورہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی
اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین نے جمعہ کے روز تارت پورہ رامحال کا دورہ کیا جہا ں انہو ں نے جمعرات کو پر اسرار دھماکہ میں لقمہ اجل بن گئی طالبہ اور زخمیو ں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہو ں نے واقعہ کو افسوسناک قرار دیا ۔انہو ں نے اس پر اسرار دھماکہ میں لقمہ اجل بن گئی طالبہ کے حق میں 10ہزار کی امداد جبکہ کنبہ کے ہر زخمی کے حق میں پانچ پانچ ہزار کے چیک تقسیم کئے ۔
حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس پر انتظامات بہم رکھنے کی اپیل
سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس کے سلسلے میں عقیدتمندوں کیلئے خاطر خواہ اور مناسب انتظامات بہم رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میںپارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے انتظامیہ سے ایام ِعرس کے دوران زائرین کیلئے معقول اور مناسب انتظامات، خصوصاً بجلی،پینے کا پانی، صحت و صفائی اور ٹرانسپورٹ میسر رکھنے کی اپیل کی۔ساگر نے صوبائی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ تجرشریف،اہم شریف بانڈی پورہ، کپرن ، کھاگ اور دیگر زیارت گاہوں پربھی انتظامات رکھے جائیں۔
سڑکیں خستہ اور پانی کی قلت
عوامی مسائل نظرانداز : شاہین
بلال فرقانی
سرینگر// وادی میں سڑکوں کی صورتحال اورپانی کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنتا دل یونائٹیڈ کے جموں کشمیر صدر جی ایم شاہین نے سوالیہ انداز میں کہا کہ بیرون ریاستوں کے خاص الخاص شخصیات کے دوروں پر کروڑوں روپے خرچ تو کئے جاتے ہیں تاہم ترقیاتی کاموں کی رفتار کو سست کیا گیا ہے۔ شاہین نے راج باغ میں قائم پارٹی دفتر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال مارچ میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جموں و کشمیر کیلئے مختص بجٹ کو تاریخی قرار دیاتاہم چھ ماہ گزرنے کے باوجود ابھی تک صرف 30 فیصد فنڈ جموں و کشمیرپہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفود کے دوروں پر کروڑوں خرچ کیے جا رہے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں سے ترقی کا گراف رک گیا ہے اورنئے ہسپتالوں ، اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کی تعمیرتو دور، یہاں تک کہ ایک آبپاشی پمپ بھی نصب نہیں کئے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ جن ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح ہو رہا ہے وہ بھی پرانے پروجیکٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقی نہ ہونے کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ شاہین نے کہا’’میں نے حال ہی میں سری نگر کے کچھ علاقوں کا دورہ کیا جہاں سڑکیں خستہ حال ہیں، لوگوں تک رسائی نہیں ہے اور یہاں تک کہ اگر وہ اپنے مسائل حکام تک پہنچاتے ہیں تو زمینی سطح پر کچھ نہیں بدلتا‘‘۔انہوں نے کہا رام باغ،مہجور نگر،پادشاہی باغ سڑک پرمسافروں کو مشکل وقت کا سامنا ہے۔ شاہین کے مطابق مہجور نگر فٹ برج کو جب سے مسلسل بارشوں کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے تب سے متعلقہ محکمہ نے اسے چھوا بھی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کی بھی شکایت ہے کہ600کروڑ کروڑ روپے واجب الادا ہیں،جس کے نتیجے میں ترقیاتی کام سست رفتاری کا شکار ہے۔
اوزون کاعالمی دن
جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی کے اہتمام سے تقریب
سرینگر// اوزون کے عالمی دن پر ایک تقریب جموں و کشمیر آلودگی کنٹرول کمیٹی (جے کے پی سی سی) شیخ العالم کیمپس راج باغ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی ۔اجلاس میںرفیع احمد بٹ ریجنل ڈائریکٹر جے کے پی سی سی کشمیر ڈویژن کی صدارت میں منعقد ہوا۔ریجنل ڈائریکٹر نے اپنے خطاب میں اس دن کے پس منظر اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ضرورت اوزون کی تہہ کے خاتمے اور اس کے تحفظ کے ممکنہ حل کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے۔میٹنگ کا آغاز سائنسدان فیاض احمد نے خطبہ استقبالیہ سے کیا ، جنہوں نے چیئرپرسن کو خوش آمدید کہا اور موضوع کے حوالے سے کچھ تکنیکی نکات پر تبادلہ خیال کیا۔سائنسدان غزالہ حسن نے بھی اس دن کی اہمیت پر بات کی۔ اس نے اوزون پرت کی حفاظت کے لیے کچھ ہدایات اور اقدامات شیئر کیے۔اجلاس کا اختتام صبیحہ مہاجن کے شکریہ کے ساتھ ہوا۔دریں اثنا ، 16 ستمبر کو اوزون کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اجلاس میں جے کے پی سی سی کے تمام ملازمین بشمول سائنسدان ، انجینئرز ، کئی ضلعی افسران اور فیلڈ افسران وغیرہ نے شرکت کی۔
کشمیر کے مختلف اضلاع میں جسمانی طور خاص افراد میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکل تقسیم
سرینگر//کشمیر کے بڈگام ، پلوامہ ، اننت ناگ ، شوپیاں ، کولگام اور کپواڑہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے اپنے متعلقہ اضلاع میں جسمانی طور خاص افراد میں موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں۔موٹرائزڈ ٹرائی سائیکلوں کی تقسیم کا اہتمام سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے جے اینڈ کے بحالی کونسل کے اشتراک سے کیا تھا۔ ہر ٹرائی سائیکل کی قیمت 75000 روپے ہے جو مستحقین کو مفت فراہم کی جاتی ہے۔بڈگام میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین نذیر احمد خان اور ڈپٹی کمشنر بڈگام شہباز احمد مرزا نے معذور افراد میں 23 موٹرائزڈ سائیکلیں تقسیم کیں۔پلوامہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چوہدری نے بی پی ایل کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے اور40 فیصد سے زیادہ معذوری رکھنے والے 21 خصوصی افراد میںٹرائی سائیکلیں تقسیم کیں۔ ڈی ڈی سی نے محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے خاص طور پر معذور افراد کیلئے اس کیمپ کے انعقاد کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر چیلنج شدہ لوگوں کی نقل و حرکت بغیر کسی تکلیف کے پائیدار روزی کمانے میں اہم ثابت ہوگی۔اننت ناگ میںڈپٹی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر پیوش سنگلا نے 10 موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔مستفید ہونے والوں کی شناخت محکمہ سماجی بہبود اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر پیرزادہ فرحت کے علاوہ محکمہ کے دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔شوپیان میںضلع مجسٹریٹ سچن کمار ویشیا نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران یہاں منی سکریٹریٹ آرہامہ میں خاص طور پر اہل مستحقین میں 15 موٹر سائیکلیں تقسیم کیں۔ویشیا نے کہا کہ موٹر ٹرائی سائیکل لوگوں کو خصوصی ضرورتوں کے ساتھ بااختیار بنائے گی اور انہیں مرکزی دھارے کی زندگی میں شامل کرے گی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے آپ کو نرم مہارت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کریں۔کولگام میںڈپٹی کمشنر کولگام ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے منی سکریٹریٹ میں منعقدہ تقسیم کیمپ کے دوران مستحقین میں موٹر ٹرائی سائیکلیں حوالے کیں۔کپوارہ میںڈپٹی کمشنر امام دین نے ڈی سی آفس میں جسمانی طور 15 خاص افراد میں موٹرسائیکل ٹراء سائیکل تقسیم کیں۔
ڈل جھیل کے اطراف کئی ایل ای ڈی یونٹس کی تنصیب کا عمل شروع
سرینگر //جموں و کشمیر لیکس اینڈ واٹر ویز ڈیولپمنٹ اتھارٹی سرینگر نے اپنے مکینیکل انجینئرنگ ونگ کے ذریعے ڈل جھیل کے اطراف میں مختلف اہم مقامات پر ایل ای ڈی ڈسپلے یونٹس کی تنصیب کا عمل شروع کیا ہے۔اوبرائے گھاٹ ، نشاط ، مکائی پارک ، نہرو پارک اور حضرت بل میں ایل ای ڈی ڈسپلے یونٹ پانی کے معیار کی تازہ ترین کیمیائی خصوصیات اور ڈل جھیل کے باقی پیرامیٹرز کو ایسی جگہوں پر دکھائیں گے جو کہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس مقصد کیلئے چیف سیکریٹری کی ہدایت پر پانی کے نمونوں کا تفصیلی تجزیہ باقاعدہ طور پر جے اینڈ کے آلودگی کنٹرول بورڈ ایل ڈبلیو ڈی اے کے ریسرچ اینڈ مانیٹرنگ ونگ کے ساتھ مل کر ایل ای ڈی ڈسپلے بورڈز پر ظاہر کرنے کے لیے کر رہا ہے۔