لارگاندربل میں ریچھ شہری پرحملہ آور
شدیدزخمی شخص سکمزصورہ منتقل
ارشاداحمد
گاندربل//لارگاندربل میں ایک شہری کو ریچھ نے حملے کے دوران شدیدزخمی کردیا۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ لار کے علاقہ ریپورہ میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک باغ میں ریچھ نمودار ہوا، جس نے بلال احمد بابا ولد غلام نبی ساکنہ ریپورہ پر حملہ کرکے اُسے شدید زخمی کردیا ۔اس موقع پر چیخ پکار سن کر آس پاس موجود مقامی لوگ جمع ہوگئے اور اُسے ریچھ کے چنگل سے بچاکر ضلع ہسپتال گاندربل منتقل کر دیا جہاں سے اسے مزید علاج معالجہ کے لئے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ روانہ کردیا گیا ۔
سڑک کی تعمیرکے دوران تودے گرآئے
اوڑی کے3مزدورزخمی
ظفر اقبال
اوڑی// اوڑی میں سڑک کی تعمیر کے دوران مٹی کے تودے گرآنے سے تین مزدورزخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق مٹی کے تودے اُس وقت گر آئے جب گاں درہ گٹلیاں اوڑی میں بیکن کے اہلکار سڑک کی تعمیر کیلئے ڈھلان کی کھدائی کررہے تھے کہ اس دوران مٹی کے تودے گرآئے ،جن کی زد میں تین مزدور آگئے جنہیں فوری طور مٹی سے باہر نکالاگیا اور طبی امداد کیلئے سب ضلع اسپتال اوڑی منتقل کیاگیا۔زخمی مزدوروں کی شناخت خادم حسین ولدمحمد شاہ،رزاق بھٹی ولداحمدعلی بھٹی اوراعجازاحمدولدمتووالی بھٹی کے طور ہوئی جو سب گاں درہ گٹلیاں اوڑی کے رہائشی ہیں۔
ایس ایس پی کپوارہ نے عہدہ سنبھالا
اشرف چراغ
کپوارہ//کپوارہ میں حال میں تعینات کے گئے نئے ایس ایس پی نے اپنا عہدہ سنبھالا ۔بدھ کی صبح نئے ایس ایس پی کپوارہ یوگل کمار منہاس کپوارہ پہنچ گئے جہا ں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔نئے ایس ایس پی نے عہدہ کے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد میں پولیس حکام کی میٹنگ طلب کی اورانہیں تلقین کی کہ وہ اپنا کام خوش اسلوبی سے انجام دیں ۔
کرسو پادشاہی باغ میں آگ
رہائشی مکان کو نقصان
سرینگر// سرینگر کے پادشاہی باغ کرسو علاقے میں آگ کی ایک واردات میں بدھ کو ایک مکان کو نقصان پہنچا۔ جیلہ اختر زوجہ عبدارشید بٹ کے دو منزلہ مکان واقع نائک پورہ پادشای باغ میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس سے مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔ ابتدائی طور پرآگ لگنے کی وجوہات معلومات نہیں ہوسکیں۔
مولانا آزاد یونیورسٹی میں داخلوں کی تاریخ میں توسیع
سرینگر//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں تعلیمی سال 2021-22 میں ایم اے ، بی اے اور پیرا میڈیکل کورسز میں داخلوں کی توسیع 30؍ ستمبرکی گئی ہے۔لسانیات کے مختلف شعبوں، سماجی علوم، سائنسس اور کامرس میں پوسٹ گریجویشن اور انڈرگریجویشن سطح پر اردو میڈیم سے داخلے دیئے جارہے ہیں۔ پیشہ ورانہ پروگراموں میں جرنلزم، پیرامیڈیکل کورسز میڈیکل امیجنگ ٹکنالوجی اور میڈیکل لیباریٹری ٹیکنالوجی کے علاوہ سوشل ورک پروگرام دستیاب ہیں۔ داخلے اور ای پراسپکٹس کیلئے یونیورسٹی ویب سائٹ manuu.edu.in پر لاگ ان کریں۔ پروفیسر ایم ونجا ، ڈائرکٹر نظامت داخلہ کے مطابق پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں اردو، انگریزی، ہندی، عربی،مطالعات ترجمہ ،فارسی ؛ مطالعات نسواں، نظم و نسق عامہ، سیاسیات،سوشل ورک، اسلامک اسٹڈیز، تاریخ، معاشیات، سماجیات؛ صحافت و ترسیل عامہ؛ ایم کام اور ایم ایس سی (ریاضی) شامل ہیں۔ انڈر گریجویٹ بی اے، بی اے(آنرس) جے ایم سی، بی کام، بی ایس سی ؛ بیچلر آف ووکیشنل کورسزکے تحت میڈیکل امیجنگ ٹکنالوجی (ایم آئی ٹی) اور میڈیکل لیبارٹری ٹکنالوجی (ایم ایل ٹی)؛ برج (رابطہ) کورسز، لیٹرل انٹری کے تحت بی ٹیک اور پالی ٹیکنیک کورسز دستیاب ہیں۔لکھنؤ کیمپس میں اردو، فارسی، انگریزی اور عربی میں بی اے،ایم اے اور سرینگر کیمپس میں معاشیات، اسلامک اسٹڈیز، اردو اور انگریزی میں ایم اے کورسز دستیاب ہیں۔
پولیس لائنز پلوامہ میں سابق افسروں کا اجلاس
ممبروں کو تمام معاملات سے آگاہ کیا گیا
سرینگر//ضلع پولیس لائنز پلوامہ میں نان گزیٹڈ پولیس افسروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا،جس میں پلوامہ اور اونتی پورہ سے وابستہ سبکدوش پولیس افسروں نے شمولیت کی۔اجلاس کی صدارت ضلع صدر پرانگ حاجی عبدالرحمان بٹ نے کی۔اجلاس میں دونوں اضلاع سے وابستہ سبکدوش افسروں نے اپنی شرکت کو یقینی بنایا۔اجلاس میں مرکزی کمیٹی پرانگ سے وابستہ کارڈی نیٹر غلام محمد وانی ضلع بڈگام کی اہلیہ اور غلام حسن ملک رٹائرڈپولیس افسر کے برادر غلام قادر ملک ساکن رینزی پورہ پلوامہ کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی۔اس دوران تمام ممبران کو ایسوسی ایشن سے وابستہ تمام معاملات میں ہوئی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی پلوامہ، ڈی وائی ایس پی اور آر آئی ڈی پی ایل پلوامہ اور لائینز افسر پلوامہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے اجلاس کے موقع پر سہولیات میسر رکھی تھیں۔سی این ایس
گردوں کی بیماری میں مبتلا مریض شفایاب
پلوامہ میں آیوش ادویات سے کامیاب علاج
پلوامہ/نیوز ڈیسک / جنوبی ضلع پلوامہ میں ایک مریض جو گردے کی پتھری میں مبتلا تھا، آیوش ادویات کے استعمال سے صحت یاب ہوا۔ مذکورہ مریض نے اگست کے مہینے میں آیوش یونٹ ضلع ہسپتال پلوامہ آ کر گردے کی پتھری کا علاج کروایا اور آیوش ادویات استعمال کرنے کے بعد کچھ ہی دنوں میں 13 ایم ایم پتھری باہر نکل آئی جس کی وجہ سے مریض نے راحت کی سانس لی۔ادھر مریض کا علاج کرنے والے ڈاکر الطاف حسین شاہ نے بتایا کہ بغیر آپریشن کے ایک مریض جو گردے کی پتھری میں مبتلا تھا کو آیوش ادویات سے کامیاب علاج کیا گیا۔ انہوں نے کہا آیوش یونٹ ضلع ہسپتال پلوامہ میں گورنمنٹ نے عوام کے لئے مفت ادویات میسر رکھی ہیں اور لوگوں کو چاہیے کہ وہ آیوش ہسپتالوں میں اپنا علاج و معالجہ کروائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آیوش ہسپتال پلوامہ لوگوں کے لئے بنا ہے اور سرکار نے جو مفت ادویات رکھی ہیں عوام کو چاہیے کہ اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ آیوش ادویات میں ہر قسم کی بیماری کا علاج موجود ہے۔ بغیر آپریشن آیوش ادویات سے پلوامہ میں مریض کے جسم سے بڑی پتھری کے کامیاب علاج پر عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر ہے۔
ہونڈا کا دو سال کی وارنٹی کے ساتھ نیا ٹلر متعارف
شوپیان میں ہارٹی کلچر محکمہ کے ساتھ آگاہی پروگرام
سرینگر//ہونڈا انڈیا پاور پروڈکٹس لمیٹڈ(ایچ آئی پی پی)اور ہارٹی کلچر محکمہ شوپیان نے مشترکہ طور کژھ ڈورو شوپیان میںمیوہ صنعت سے وابستہ کسانوں کیلئے ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ایچ آئی پی پی نے کسانوں کے ساتھ نہ صرف تبادلہ خیال کیا بلکہ ہونڈا پروڈکٹس کے فوائد سے بھی آگاہ کیا۔ایچ آئی پی پی ایریا انچارج روی ٹنڈن نے کہا کہ ایچ آئی پی پی ہونڈا 4 اسٹروک ٹیکنالوجی کو فروغ دے گا۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کا پہلا انتخاب جے اینڈ کے میں ہونڈا مصنوعات ہیں کیونکہ اس کی پائیداری ، ماحول دوستی اوردیکھ بھال میں آسانی قال تعریف خدمات ہیں۔میٹنگ کے دوران HIPP نے FQ650 ٹلر کژھ ڈورو کے کسانوں کیلئے دو سال کی وارنٹی کے ساتھ بھی لانچ کیاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایچ آئی پی پی واحد MNC ہے جو گاہکوں کی آواز کو براہ راست سنتا ہے اور ماحول دوست اور تکنیکی خدمات فراہم کرتا ہے۔
تعلیم ترقی کی کلید : حقانی ٹرسٹ
سرینگر//بارہمولہ میںحقانی میموریل ٹرسٹ کے شعبہ تعلیم کے اجتماعات سے مقرری نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہی کامیابی کی کلید ہے ۔مقررین نے کہا کہ آج کے جدید اور ترقی یافتہ دور میں اگر کسی بھی ملک وقوم کو آگے بڑھنا ہے تو یہ بات تو طے ہے کہ ان کی ترقی کاسفر حصول علم اور فروغ علم کے بغیر جاری نہیں رہ سکتا ۔ ٹرسٹ کے جنرل سیکریٹری بشیر احمد ڈار نے اپنے خطاب میں تعلیم اور ترقی کے رشتے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہر اس ملک میں جہاں تعلیم کی شرح تسلی بخش نہیں وہاں ترقی کی رفتار خود بخود سست پڑنے لگتی ہے ۔اس دوران ٹرسٹ کے عہدیداروں اور دارلعلوموں کے منتظمین و مدرسین نے تعلیمی و تعمیری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔