مزید خبریں

لاپتہ خاتون کی دریا سے لاش برآمد 

سمت بھارگو 
 
راجوری //راجوری ضلع میں ایک لاپتہ بزرگ خاتون کی گزشتہ روز دریاسے لاش برآمد ہوئی جس کے بعد پولیس نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔خاتون کی شناخت بپلو دیوی زوجہ ڈیگ پال سکنہ ٹھنڈی کسی کے طورپر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ خاتون پیر سے لاپتہ تھی جبکہ اس کے بعد اہل خانہ اس کی تلاش کررہے تھے جبکہ منگل کی صبح اہل خانہ کو خاتون کے کپڑے کا ایک ٹکرا ملا جبکہ دریا کے نزدیک جوتے بھی پڑے ہوئے تھے جس کے بعد پولیس کو اطلا ع دی گئی اور پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے شروع کر دہ آپریشن کے دوران خاتون کی لاش کو دریا سے باز یاب کر کے گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا جہاں پر پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لاش کو اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
 

ایل او سی پر درانداز گرفتار 

سمت بھارگو 
راجوری //راجوری ضلع کے سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز نے ایک درانداز کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔سیکورٹی فورسز نے بتایا کہ حد متارکہ سے دراندازی کرنے کی کوشش کررہے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کیری سیکٹر سے ایک شخص مسلسل حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کے بعد اسکو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ حد متارکہ کے قریب تعینات فوجی اہلکاروں نے علاقہ میں ہلچل کو دیکھا جس کے دوران ایک شخص مسلسل حد متارکہ عبور کرنے کی کوشش کررہا تھا جس کے دوران فوجی اہلکاروں نے اس کو گرفتار کر کے ایک مقامی فوجی کیمپ منتقل کر دیا ہے جہاں پر اس سلسلہ میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔
 
 
 
 

سرحدی گائوں نورکوٹ میں مفت طبی کیمپ

حسین محتشم
پونچھ// فوج کی جانب سے سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں نورکوٹ میں مفت طبی کیمپ منعقد کیا گیا۔ مفت طبی کیمپ کے دوران 250 سے زیادہ مریضوں کا مفت طبی معائینہ کرکے انکو مفت ادویات تقسیم کی گئی۔ واضح رہے کہ نورکوٹ پونچھ کی حد متارکہ کے بالکل قریب واقع ہے، جو محض ایک سو میٹر کی دوری پر ہے۔ اس گاؤں میں انڈین آرمی کی جانب سے کیمپ میں منعقد کرنے پر مقامی لوگوں نے آرمی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عوام دوستی اور ہمدردی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے یہاں کے لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کو پونچھ تک جاکر انکو چیک کروانے کیلئے ہزاروں روپے کی درکار ہوتی ہے ایسے میں ان کیلئے ایسا کیمپ منعقد کرنا ان لوگوں کے ساتھ بہت بڑی ہمدردی اور عوام دوستی ہے۔ لوگوں نے مستقبل میں بھی ایسے کیمپ منعقد کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔
 

۔7برسوں سے بی ڈی او دفتر کی عمارت تعمیر نہ ہوسکی 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے سیری بلاک میں بلاک ڈیو لپمنٹ آفس کی عمارت ہی تعمیر نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے مذکورہ دفتر کو علاقہ کے ایک پنچایت گھر میں گزشتہ 7برسوں سے عارضی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے ۔سیری بلاک کے مکینوںنے بتایا کہ 2014میں سب ڈویژن کے سیری علاقہ کو بلاک کا درجہ دیا گیا تھا لیکن اس کے بعد حکام کی جانب سے عارضی بنیادوں پر رکھا گیا تھا لیکن گزشتہ سات برسوں سے مذکورہ دفتر اسی عمارت میں ہی قائم ہے ۔پنچایتی اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایت گھر میں بی ڈی او دفتر قائم ہونے کی وجہ سے پنچایتی کارروائی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بی ڈی او دفتر کیلئے جلدازجلد علیحدہ عمار ت کی تعمیر عمل میں لائی جائے ۔
 

نئے بی ڈی او کی تعینات سے لوگ پُر امید 

بختیار کاظمی
 
سرنکوٹ//محکمہ دیہی ترقی کی جانب سے سرنکوٹ میں نئے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کو تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے چارج سنبھالنے کے بعد ملازمین میں سنجیدگی دیکھ رہی ہے تاہم مقامی لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نئے آفیسر کی تعیناتی کے بعد ان کو معیاری سہولیات دستیاب ہونگی ۔آفیسر موصوف نے سرپنچوں کے اجلاس میں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ پردھان منتری اواس یوجنا کے زیر تحت رہائشی مکانات بنانے والوں کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ 31دسمبر سے قبل ہی ان رہائشی مکانات کو مکمل کریں ۔انہوں نے کہاکہ پنچایتی اراکین کے تعاون سے محکمہ کی جانب سے تیار کردہ پلان کے تحت ہی سبھی تعمیرات کام کئے جائیں گئے ۔انہوں نے کہاکہ دسمبر میں شروع ہونے والی برفباری کی وجہ سے تعمیر اتی عمل متاثر ہوتا ہے تاہم لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس سے قبل ہی تعمیرات مکمل کریں تاکہ سکیموں کی عمل آوری میں تاخیر نہ ہو ۔لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ نئے آفیسر کی تعیناتی سے سرنکوٹ میں عوام کو فائدہ پہنچے گا ۔
 

کانگریس کارکنوں کا ماہانہ اجلاس منعقد 

رمیش کیسر 
 
نوشہرہ //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر نوشہرہ میں کانگریس پارٹی کارکنوں کا ایک ماہانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔پارٹی سنیئر لیڈر سبھاش کپور کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران پارٹی کارکنوں نے مختلف علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکومت عوامی مشکلات کو کم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سب ڈویژن کے مختلف دیہات میں اس وقت عوام کو پینے کے صاف پانی کیساتھ ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ،سڑکوں کی خستہ حالی کے علاوہ دیگر کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن بھاجپا کی مرکزی حکومت عوامی مشکلات کو حل کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔
 

رانی بڈیسر طبی مرکزی میں عملہ کی قلت 

رمیش کیسر 
 
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے رانی بڈیسر علاقہ میں قائم کر دہ محکمہ صحت کے طبی مرکزمیں عملے کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقہ مکینوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نوشہرہ سب ڈویژں ہیڈ کوارٹر سے 45کلو میٹر کی دوری پر آبادی گائوں میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک طبی مرکز قائم کیا گیا تھا جس میں ابھی تک پیر میڈیکل سٹا ف کا کوئی بھی ملازم تعینات نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ملازمین کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو لے کر وہ دیگر علاقوں میں قائم کر دہ ہسپتالوں میں در بدر ہونے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک عوامی مشکل کو حل نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد سب سنٹر میں ملازمین کو تعینات کیا جائے ۔
 

چہلم شہدائے کربلا پر پونچھ میں نوجوانوں نے سبیل لگائی تاریخ  

حسین محتشم
 
پونچھ//انجمن جعفریہ پونچھ کے نوجوانوں کی جانب سے 20 ،صفر المضفر1443ھ کو ہاتھی تھا بازار پونچھ میں سبیل شہدائے کربلا کا اہتمام کیا گیا جہان شفیق حسین بابا کی قیادت میں محمد و آل محمد کے چاہنے والے نوجوانوں نے لوگوں میں ماسک اور پانی تقسیم کیا۔اس دوران نوجواناوں نے لوگوں کو کوڈ19کے راہنما خطوط پر عملدرامد کرنے کی بھی اپیل کی۔ واضح رہے کہ چہلم شہدائے کربلا کے سلسلہ میں سرحدی ضلع پونچھ میں بھی پوری دنیا کی طرح پہلی محرم الحرام سے ہی مجلسوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے ، واقعہ کربلا میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور انکے تمام ہی ساتھیوں نے جو قربانی پیش کی ہے اسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ شہدائے کربلا کے ساتھ اظہار محبت اور عقیدت کے طور پر 20سفر کوعلم برآمدکئے جاتے ہیں اور یہ مجالس عزا بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ پونچھ کے صدر مقام کے علاوہ منڈی گورسائی،مینڈھر ،سرنکوٹ ،پوٹھہ ، منگناڑ، پلیرہ، سلوہ، گوہلد اور دیگر مقامات پر اس دوران عزادار وں نے شہدائے کربلا کی شجاعت کو سلام پیش کیا
 
 

مینڈھر میں انٹر زونل ٹو رنا منٹ شروع 

جاوید اقبال 
 
مینڈھر //گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول مینڈھر بوائز میں مختلف کھیلوں کے سلسلہ میں انٹرزونل ٹورنامنٹ شروع کر دیا گیا ہے ۔اس ٹورنامنٹ میں مختلف علاقوں سے کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد شرکت کررہی ہے ۔زونل فیزیکل ایجوکیشن آفیسر سریندر سنگھ کی قیادت میں منعقدہونے والے ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے آفیسر موصوف نے کہاکہ شعبہ کی جانب سے زمینی سطح پر مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا مناسب موقعہ فراہم کیا جاسکے ۔اس ٹورنامنٹ کو منعقد کرنے میں میر عالم چوہدری ،نظیر احمد زیڈ ای پی او بالاکوٹ ،بشارت خان ہرنی ودیگر ملازمین اہم رول ادا کررہے ہیں ۔
 

پنچایت کونسل کے بینر تلے پنچایتی اراکین کا اجلاس 

حسین محتشم
 
پونچھ// جموں و کشمیر پنچایت ڈیولپمنٹ کونسل کے بینر تلے سرپنچوں اور پنچوں کی جانب سے ایک اجلاس کا اہتمام کیا گیا ۔شیراز ازہری کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران اراکین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پہلے بی ڈی سی اور حال ہی میں ڈی ڈی سی کے انتخابات کروائے گئے تھے اور دعوے کئے گئے تھے کہ اس کے بعد پنچایتوں میں بڑی سطح پر ترقیاتی کام کروائے جائیں لیکن ابھی تک کچھ خاص نہیں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ جو رقومات پنچایتوں کے لئے آرہی ہیں ان کو بھی بی ڈی سی اورڈی ڈی سی ممبران اپنی مرضی سے خرچ کر رہے ہیں۔انھوں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ پنچایتوں کی رقومات میں دھاندلیاں کی جا رہی ہیں۔پنچایتی اراکین نے کہاکہ پنچایتوں کے کاموں میں غیر ضروری طورپر مداخلت کی جارہی ہیں اور ان کے اختیارات برائے نام بن گئے ہیں کیونکہ زیادہ ترپنچایتی کام کاج ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران کے ہاتھوں میں ہے جبکہ سرپنچ و پنچ کو خبر ہی نہیں ہوتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پنچاتیوں میں سرپنچوں اور پنچوں کے اختیارات کا کسی اور کے ہاتھوں کھلونا بننے کی یہ صورتحال انھیں ہر گز قبول نہیں ہے۔پنچایتی اراکین نے کہا کہ زمینی سطح پر تعمیر و ترقی کے بجائے بلیک میلنگ کا ایک نہ تھمنے والا سلسلہ شروع ہو ا ہے اس پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
 

پونچھ میں بیداری مہم کا آغاز کیا گیا 

پونچھ// حسین محتشم//محکمہ میونسپلٹی پونچھ نے آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت ہفتہ بھر آگاہی مہم شروع کی۔ اس سلسلہ میں پونچھ کی وارڈ نمبر 1 میں صفائی مہم شروع ہوئی۔اس موقعہ پر سی ای او ایم سی پونچھ کی قیادت میں ایک ریلی کا اہتمام بھی کیا گیا جہاں عوام میں بیداری لانے کے لئے مختلف نعرے بھی لگائے گئے۔ مہم کے دوران مختلف قسم کے کچرے پیٹیاں ٹھوس فضلہ ، ڈسپوزایبل فضلہ وغیرہ کیلئے تقسیم کی گئی۔ وارڈ نمبر 4 پونچھ کے کونسلر امتیاز سالاریہ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حفظان صحت کا خیال رکھیں اور مذہبی طور پر اس پر عمل کریں تاکہ متعدی بیماریوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم گاندھی جینتی تک جاری رہے گی۔ ریلی میں تمام کونسلروں سینٹری انسپکٹر محمد حنیف ، سپروائزر وشال کمار ، حامد ، صدر صفائی کرمچاری وغیرہ موجود تھے۔