محکمہ اطلاعات کے ملازمین کی تنخواہیںروکنے کا آرڈر منسوخ
سرینگر//ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ جموں وکشمیرنے اُس حکم کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوانہوں نے ان ملازمین کی تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کیا تھا جو مبینہ طور پر جموں و کشمیر میں معززین کے دورے کے دوران ڈیوٹی پر موجود نہیں تھے۔خیال رہے کہ منگل کے روزمتعلقہ محکمہ کے ملازمین نے احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تنخواہیں نامعلوم وجوہات کی بنا پر روک دی گئی ہیں۔جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن کشمیر سے موصولہ رپورٹ کی بنیاد پر یہ تصدیق کی گئی ہے کہ تمام ملازمین جموں و کشمیر کے مختلف معززین ڈیوٹی پر موجود تھے۔ لہٰذا28ستمبر2021کوجاری کردہ آرڈر زیرنمبر101/INFآف2021کو واپس لے لیا گیا ہے۔
مولوی افتخار انصاری کو سجاد لون اوریتو کا خراج عقیدت
سرینگر//پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کی معروف سیاسی شخصیت مولانا افتخار حسین انصاری کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔لون نے مرحوم کو ایک مشہور مذہبی اسکالر ،قابل مقرر اور سیاسی رہنما قرار دیا جنہوں نے اپنی زندگی ہمیشہ معاشرے کی پسماندہ طبقات کی بہتری کیلئے وقف کی تھی اور ان کے حقوق کے جدوجہد کے لیے ان میں خود اعتمادی پیدا کی۔ انہوںنے کہا کہ ریاست میں افراتفری ، غیر یقینی صورتحال اور تنازعات دور کرنے میں انصاری کے رول کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ دریں اثنا پی ڈی پی کے سابق لیڈر انجینئر نذیر احمد ایتو نے معروف سیاسی قائد اور اسلامی سکالر مولوی افتخار انصاری کو اُن کی ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صوبائی کمشنر کا فورشور روڈ کا دورہ | سڑک،فٹ پاتھ اور پارکوں کا جازئزہ لیا
نیوز ڈیسک
سرینگر //صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے بدھ کو فورشو روڑ کا دورہ کیا اور جموں و کشمیر ریجنل ٹرانسپورٹ کی جانب سے متعارف کرائی گئی بس میں سڑک، فٹ پاتھ اور پارکوں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بجلی کے کھمبوں، سڑک کے دونوں اطراف دیوار کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔ صوبائی کمشنر کے ہمراہ سیکریٹری سیاحت ٹورائمز، ڈی سی سرینگر اعجازاسد، ڈائریکٹر سیاحت جی این ایتو، ایس ایم سی کمشنر عامر اطہر امین اور لائو ڈا اور دیگر محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پرصوبائی کمشنر نے کوڑا کرکٹ، سڑک کے دونوں اطراف موجود تعمیراتی مواد ہٹانے اور چیف انجینئر جے کے پی ڈی سی ایم کو بجلی کھمبوں اورترسیلی لائنوں کو ٹھیک کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے زکورہ میں دستیاب پارکنگ کا بھی دورہ کیا جبکہ زکورہ اور حبک میں سڑکوں کے دونوں اطراف موجود پارکنگ کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ہے۔ انہوں نے لائو ڈا کے افسران کو گھروالوں کو پینٹنگ فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ وہ اپنے دیواروں پر تصویریں بناکر انہیں خوبصورت بنائیں۔ انہوں نے ڈل جھیل کے اردگردعارضی اور پختہ غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سڑکوں سے گوبر ہٹانے کا بھی حکم دیا ہے۔ انہوں نے چشمہ کو سرنو بنانے کی بھی ہدایت دی۔
بابہ ڈیمب میں ہولناک آگ، 4دکانیں خاکستر | خورشید عالم نے فوری معاوضہ کا مطالبہ کیا
سرینگر//بابہ ڈیمب سرینگر میںآگ کی ایک ہولناک واردات میں4دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ بدھوار کی صبح بابہ ڈیمب میں فرنیچر کی ایک دکان میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دیگر دکانوںکو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس کی لپٹیں دور سے دکھائی دے رہی تھیں۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر سروس عملہ موقع پر پہنچا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیاتاہم عبدالرشید نیلہ، عادل حفیظ ڈار، حاجی محمد شفیع اور رئوف احمد کی دکانیں راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئیں۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ پولیس نے کیس درج کرلیاہے۔دریں اثناء پیپلز کانفرنس لیڈر محمد خورشید عالم نے آتشزدگی واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرین کیلئے فوری طور معاوضہ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں حکومت پر زور دیا کہ متاثرہ دکانداروں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وبائی بیماری نے پہلے ہی کاروباری برادری کو بہت سارے مشکلات میں ڈال دیا ہے اور اب اس طرح کے افسوسناک واقع میں دکان کے مالکان خود کو ناقابل تسخیر مصیبتوں میں مبتلا ہوئے ہیں۔خورشید عالم نے حکومت بالخصوص ڈپٹی کمشنر سرینگر اعجاز اسد پر زور دیا کہ وہ متاثرہ دکانداروں کو ہونے والے نقصانات کی جلد از جلد بھر پائی کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنی روزی روٹی کما سکیں ۔
ریزن گنڈ میں محکمہ جنگلات کی عمارت خستہ | 2006میں لاکھوں روپئے کی لاگت سے تعمیر ہوئی تھی
غلام نبی رینہ
کنگن//محکمہ جنگلات کی طرف سے ریزن گنڈمیںلاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی عمارت خستہ حال ہے ۔اس عمارت کو2006 میں تعمیر کیا گیا تاکہ محکمہ کے ملازم جنگلات کی حفاظت کرنے کے علاوہ یہاں قیام بھی کرسکیں ۔ 2006میں یہ عمارت تیار ہونے کے بعد 2007تک اس میں محکمہ جنگلات کے ملازموں نے قیام کرنے کے علاوہ نزدیکی جنگلات کی حفاظت بھی کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ2007 کے بعد محکمہ نے اس عمارت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کے نتیجے میں عمارت خستہ حال ہوچکی ہے۔ علاقے میں تعینات ملازمین کرایہ کے مکانوں میں قیام پذیر ہیں لیکن محکمہ اپنی عمارت کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔
بانڈی پورہ میں خستہ حال سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ
عازم جان
بانڈی پورہ//وٹہ پورہ بالا بانڈی پورہ اور چکریشی پورہ ہرہ پورہ کی رابطہ سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ وٹہ پورہ بالا کے باشندگان نے کہا ہے کہ وہ تین برس سے آر اینڈ بی محکمہ سے آدھے کلو میٹر رابطہ سڑک کی مرمت کیلئے گزارش کر رہے ہیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرک کے بیچوں بیچ پانی کی سپلائی لائن بھی پھٹ گئی ہے جس کی وجہ سے عبور ومرور دوبھر ہو گیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے ڈپٹی کمشنر سے خستہ حال رابطہ سڑکوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ڈی پی کاچرارشریف میں عرس پر انتظامات بہم رکھنے پر زور
سرینگر //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک وفد نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری غلام نبی لون ہانجورہ کی قیادت میں بدھ کو چرارشریف کا دورہ کیا تاکہ عرس کے پیش نظر صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران ہانجورہ نے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور حکام سے عرس کے دوران بجلی پانی کی ترسیل، ایمبولینس ،صفائی اور دیگر چیزوں کے مناسب انتظامات پر زور دیا ۔پی ڈی پی لیڈر نے الزام لگایا کہ حکام نے چرار شریف کے لوگوں کی شکایات کو نظر انداز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی بیشتر سڑکیں خستہ حال ہیں اور لوگوں کو بہت سی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ہانجورہ کے ساتھ پی ڈی پی کے ضلعی صدر بڈگام محمد یاسین بٹ ، یوتھ کوآرڈی نیٹر وسطی کشمیر عارف لائیگرو ،ڈی ڈی سی ممبر فیاض احمد اور عبدالسلام زونل صدر ودیگر رہنما موجود تھے۔
نائجیر یا واقعہ قابل مذمت:آغا حسن
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن نے نائجیریا کی راجدھانی ابو جا میں اربعین کے جلوس پر سرکاری فورسزکی زیادتیوں کی مذمت کی ۔انہوںنے اس سانحہ میں مبینہ طور جاں بحق ہوئے عزاداروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور گرفتار شدگان و زخمیوںکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ۔
پیپلز کانفرنس ایک مضبوط اور قابل عمل متبادل: وکیل | پارٹی وفد کا ضلع کپوارہ کے مختلف علاقوں کا دورہ
سرینگر//پیپلز کانفرنس نے بدھ کے روز ضلع کپوارہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور زمینی سطح پرپارٹی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا اور پارٹی کے عہدیداروں اور عوام سے بڑے پیمانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت پارٹی کے سینئر نائب صدر عبد الغنی وکیل ، بشارت بخاری اور ایڈوکیٹ بشیر احمد ڈار نے کی۔ اس دوران سوگام ، لولاب میں کارکنوں کا اجلاس منعقد کیا جس میں پارٹی کے مجموعی کام کاج کا جائزہ لیا گیااور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ پارٹی نظریات اور سر گرمیوں سے خاص طور پر نوجوانوں کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈاک بنگلے میں ایک میونسپل کمیٹی کے کام کاج کا جائزہ بھی لیا جس میں قائدین اور پارٹی عہدیداروں نے کمیٹی کے مجموعی کام کاج اور علاقے میں لوگوں کیلئے مقامی انتظامیہ کو قابل رسائی بنانے کیلئے ضروری اقدامات پر غور کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق اجلاس میں ڈی ڈی سی وائس چیئرمین حاجی فاروق ، ڈی ڈی سی کرالپورہ مسرت فاروق ، ایم سی کپوارہ چیئرمین ریاض احمد میر اور دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔اس دوران موجودہ سیاسی صورتحال اور جموں و کشمیر کو کئی محاذوں پر گھیرے ہوئے بحرانوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے پیپلز کانفرنس کی جانب سے ادا کیے جانے والے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک مضبوط آواز بن کرابھر رہی ہے۔ تنظیم کے رہنماؤں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کو زمین پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریں اور اسے جمہوریت اور منصفانہ طریقے سے زمینی سطح پر لوگوں کی امیدوں کو زندہ کرنے کے لیے مشعل راہ بنائیں۔پارٹی وفد نے سابق سیکریٹری ہارٹی کلچر منظور احمد لون کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور ان کے والد کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی۔
195واں گنز ڈے،جی او سی چنار کورنے مبارکباد دی
سرینگر// چنار کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے 28 ستمبر 2021 کو 195 ویں گنرز ڈے کے موقع پر آرٹلری کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹلری جنگ جیتنے والا ایک بڑا بازو رہا ہے اور جدید جنگ میں اس کی اہمیت جاری ہے۔آرٹلری کی رجمنٹ ہر سال 28 ستمبر کو گنرز ڈے مناتی ہے۔ یہ موقع 1827 میں ایک ہی دن پانچ (بمبئی) ماؤنٹین بیٹری کے اٹھنے کے تاریخی واقعہ کی نشاندہی کرتا ہے ، جو اس وقت 57 فیلڈ رجمنٹ کا حصہ ہے۔آرٹلری ہر گزرتے سال کے ساتھ طاقت اور صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ رجمنٹ کو شاندار ماضی پر بھرپور روایات اور شاندار کامیابیوں پر فخر ہے۔ آرٹلری کی رجمنٹ ان تمام جنگوں کا حصہ رہی ہے جو ہندوستان نے آزادی کے بعد سے لڑی ہیں اورفوج نے اپنی پیشہ ورانہ ذہانت اور لگن سے اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ اس موقع پر گنرز نے مزید اعلیٰ معیار کے حصول کا عزم کیا ، خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے اور منشور میں شامل اخلاقیات اور جذبے کو برقرار رکھنے کیلئے سرشار کریں گے ۔
حضرت شیخ حمزہ مخدومؒکا 459واں عرس | مولانا خورشید قانونگو کا خراج عقیدت
سرینگر//حضرت شیخ حمزہ مخدومؒکا 459واں عرس وادی کشمیر میں عقیدت کے ساتھ منایاجارہا ہے۔ اس سلسلے میں انجمن حمایت الاسلام کے سربراہ مولانا خورشید احمد قانونگو نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے سلطان العارفین کوروحانی علوم سے نوازا تھا جن کے فیوض کیلئے وقت کے جید علما، اہل فتاویٰ ، فقہااور محدثین کو زانوئے ادب ہونا پڑا اور یہ پیغام دیا کہ آنحضورؐ نے اسلام و ایمان کے بعد جس احسان کا ذکر فرمایا وہیں تمام عبادات ، ریاضت اور حصول علم کا اصل مقصد ہے جس کے طفیل علم نافع، عمل صالح، عمل خالص اور فکر سلیم سے مزین ہوتے ہوئے تربیت اور خدمت خلق کیلئے خادم ملت کے منصب پر فائز ہوجاتا ہے ۔ عمل میں ریا، نام و نمود، شہرت اور دوسروں کی فکر اور غم سے بے نیاز ہوکر صرف اپنے لئے سوچنے میں پوری زندگی صرف کرتا ہے جبکہ ایک انسان خدمت خلق دردِ دل کے واسطے پیدا ہوا ہے۔ شیخ الاسلام علامہ باباداود خاکیؒ ، جو وقت کے جید عالم و قاضی القضا تھے ،نے اپنے منصب کو خیر باد کرتے ہوئیسلطان العارفین کے دامن میں آخری دم تک زندگی بسر کی۔ اللہ تعالی نے آنجناب کو ان خدمات کے عوض تاقیامت اہل کشمیرکو بنیادی عقائد تعظیم صحابہ اور محبت اہلبیت کی تربیت اور راسخ عقیدت کی تعلیم دی اور کسی بھی مصیبت کو استقامت ،عزیمت اور اتحاد سے سامنا کرنے کے ارشادات سے نوازا۔
حاجن اور ہندوارہ میںمنشیات مخالف مہم | 2گرفتار ،چرس اوربرائون شوگربرآمد
عازم جان
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ پولیس نے منشیات مختلف کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے حاجن میں ایک شہری کو گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او حاجن ظہور احمد کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے ہاکبارہ حاجن میں ناکہ لگایا اور چیکنگ کے دوران ایک شخص کے قبضے سے 200گرام چرس برآمد کرلیا ۔ حاجن پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت فاروق احمد ملہ ساکن یاربل ہاکبارہ حاجن کے بطور کی ہے ۔پولیس نے کیس درج کر کے پوچھ تاچھ شروع کی ہے۔ادھرہندوارہ پولیس نے کرالہ گنڈ علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک شہری کی گرفتاری عمل میں لاکر اس کے قبضے سے برائون شوگر ضبط کیا ۔ ایس پی ہندوارہ ڈاکٹر سندیپ گپتاکی نگرانی میں کرالہ گنڈتھانہ سے وابستہ پولیس کی ایک پارٹی نے گذشتہ روزکچھلو قاضی پورہ کے مقام پر ناکے کے دوران ایک شخص کو مشتبہ حالت میں گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت عبدالحمید شیخ ساکنہ کچھلو قاضی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔مذکورہ شہری کی جامہ تلاشی کے دوران 50گرام برائون شوگر ضبط کیا گیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس زیر نمبر662021زیر دفعہ 821این ڈی پی ایس ایکٹ پولیس تھانہ کرالہ گنڈمیں درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔
سفیدے کے درختوں کی کاشت | عدالت عالیہ کی ہدایت پر کمیشن کاقیام
سرینگر// حکومت نے مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر میں’ ’سفیدے کے درختوں ‘‘سے متعلق کمیشن کے قیام کو ہری جھنڈی دکھائی ہے جبکہ اس کی کمان پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات کے ہاتھوں میں دی گئی ہے۔ سرکار نے اس حوالے سے ایک حکم بھی جاری کیا جس میں 2020 میں جموں کشمیر میں سفیدوں کی کاشت اور استعمال سے متعلق قائم کی گئی کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں سفیدہ کمیشن کے قیام کو منظوری دی گئی۔ یہ کمیشن پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات کی سربراہی میں کام کرے گی۔عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ کمیشن سرکار کو جموں کشمیر میںسفیدے کے درختوں کی کاشت،استعمال اورریگولر ائزیشن کے مختلف پہلوں کے بارے میں مشورے دے گی۔ کمیشن ہائی کورٹ کی ہدایت کو مد نظر رکھتے ہوئے سفیدوں کی کاشت کے بارے میں پالیسی تیار کرے گی۔
سوپور میں صفائی بیداری مہم کا آغاز
سوپور/غلام محمد / میونسپل کونسل سوپور نے’ آزادی کا امرت مہااتسو ‘کے تحت قصبے میں صفائی مہم کا آغاز کیا۔ میونسپل کونسل صدر مسرت رسول کارنے اس سلسلے میں آگاہی پروگرام منعقد کیا۔قصبے کی تمام اوقاف کمیٹیوں کے صدور ، میونسپل کونسلروں ، ملازمین اور مقامی لوگوں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔اس موقع پر مسرت رسول نے کہا کہ اس آگاہی پروگرام کا مقصدقصبے کے تمام وارڈوں میں صحت وصفائی کے حصول کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔پروگرام کے دوران ٹھوس فضلہ کو سائنسی طریقہ سے ٹھکانے لگانے کیلئے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر میونسپل کونسل نے پالی تھین سمیت دیگرٹھوس فضلہ کوٹھکانے لگانے اوراس کے برے اثرات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے کونسلروں، میونسپل کونسل کے ملازمین اور صدر اوقاف پر زور دیا کہ وہ محلہ اور وارڈوںمیں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کریں ۔انہوںنے کہاکہ سوپورقصبہ کے ہر علاقے میں 100کوڈے دان گھروالوں کومفت فراہم کئے گئے تاکہ وہ گھروںمیں جمع ہونے والا کوڑا کرکٹ ان کوڈے دانوں میں ڈالیںاورمیونسپل کونسل کی گاڑیاں آنے پریہ ساراکوڑا کرکٹ اورٹھوس فضلہ اس میں ڈالیںگے ۔پروگرام کے اختتام پر مختلف کونسل کا تعاون کرنے کیلئے اوقاف کمیٹیوں کے صدور میں توصیفی اسناد تقسیم پیش کی گئیں۔
۔3 روزہ ویڈیو ٹرانسلیشن ورکشاپ اختتام پذیر
سرینگر//جموں و کشمیر کے طلباء کو مقامی زبانوں میں ڈیجیٹل تعلیمی مواد دستیاب کرنے کے مقصد سے3 روزہ ویڈیو ٹرانسلیشن ورکشاپ ایس ایم ای آر ٹی کے صوبائی دفتر کے کانفرنس ہال بمنہ میں اختتام پذیر ہوا۔ آئی ٹی ماہرین نے کم از کم 10 ویڈیوز کا ترجمہ کیا جو کہ معیار کی تشخیص کے لئےNCERT اور ٹیم دکشا ، وزارت تعلیم ، حکومت ہند کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ اس سےTic Tac Learn کی تیار کردہ 1800 ویڈیوز کے ترجمہ کا عمل شروع ہو جائے گا جو کہ سنٹرل اسکوائر فاؤنڈیشن اور گوگل آرگنائزیشن کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔Tic Tac Learnنے اعلیٰ معیار کے نصاب سے منسلک ڈیجیٹل لرننگ ریسورس کے سب سے بڑے اوپن سورس ذخیروں میں سے ایک بنایا ہے جس میں تقریبا 12ہزار ویڈیو ہر کسی کیلئے مفت دستیاب ہیں۔ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی ، جے اینڈ کے پروفیسر وینا پنڈتا نے کہا کہ ورکشاپ شرکاء کو نئی مہارتوں پر عمل کرنے کیلئے زیادہ وقت گزارنے کی اجازت دے گی۔انہوں نے کہاکہ ورکشاپ شرکاء کو انفرادی طور پر اور دوسروں کے ساتھ ، مواد کے موثر ترجمے کے لئے درکار بالکل نیا ہنر سیکھنے کا وقت دینے کی اجازت دے گی،جو بھی دستیاب ہے وہ یا تو اچھے معیار کا نہیں ہے یا ہمارے طلباء کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ایس سی ای آر ٹی پروفیسر پنڈیتا نے کہاکہ تین زبانوں میں اعلی معیار ، متحرک ، تدریسی آواز ، نصاب سے منسلک (این سی ای آر ٹی) ریاضی اور سائنس کے مواد کا ترجمہ اردو ، کشمیری اور ڈوگری زبان میں کرے گا۔ویڈیوز ، ایک بار ترجمہ کئے جانے کے بعد ، دکشا پورٹل پر ہوسٹ کئے جائیں گے جہاں سے وہ اپنی درسی کتابوں میں متحرک کوڈ کو اسکین کرنے کے بعد طالب علم کیلئے قابل رسائی ہوں گے۔ایک سافٹ ویئر کمپنی کی طرف سے کئے گئے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے ، ریاست کے کوآرڈینیٹر پیرزادہ بشیر احمد نے کہا کہ 93 فیصد اساتذہ کا خیال ہے کہ تعلیمی ویڈیوز کے استعمال سے سیکھنے کے تجربے میں بہتری آتی ہے۔پیرزادہ بشیراحمد نے کہاکہ درس وتدریس میں ویڈیوز کا استعمال نہ صرف طلباء بلکہ اساتذہ ، ان سے وابستہ اداروں اور پورے سکول سسٹم کو فائدہ پہنچاتا ہے۔یہ رکاوٹوں کو توڑنے کا بھی کام کرتا ہے ، جیسے طالب علم اور کیمپس کا مقام ، جو کبھی غیر دستیاب تھے۔دکشا کے ایک تکنیکی ماہر ریاض احمد ریشی نے کہا کہ ایک سے پانچ گریڈ کے طلباء ڈیجیٹل مواد سے فائدہ اٹھائیں گے تاکہ وہ ان زبانوں میں دستیاب ہوں جو وہ جانتے ہیں اور بہتر سمجھتے ہیں۔واضح طور پر ، نئی شروع کی جانے والی تعلیمی پالیسی عرف NEP-2020 پرائمری سکول اور 2027 تک اس سے آگے یونیورسل فاؤنڈیشن لٹریسی کو ترجیح دیتی ہے۔ ریاض احمدریشی نے کہاکہ مقامی زبانوں میں ڈیجیٹل مواد کی دستیابی بنیادی سیکھنے میں مدد دے گی یعنی بنیادی سطح پر پڑھنا ، لکھنا اور ریاضی۔اسکول کے اساتذہ کے لیے ، ڈیجیٹل مواد تدریس سیکھنے کے عمل کو زیادہ سازگار طریقے سے آسان بنائے گا۔ دکشا کے ساتھ آئی ٹی ماہر کے طور پر کام کرنے والے جاوید حسن صوفی نے کہاکہ مختصر ویڈیو کلپس کا استعمال زیادہ موثر پروسیسنگ اور میموری یاد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔سجاد اکبر راتھر کے مطابق ، ریاست کے آئی ٹی ماہر دکشا کے ساتھ ، ویڈیوز کی بصری اور سمعی نوعیت ، خاص طور پر پرکشش حرکت پذیری پر مبنی ، طلباء کو اپیل کرتی ہے اور انہیں معلومات کو اس طرح پروسیس کرنے کی اجازت دیتی ہے جو ان کے لیے فطری ہے۔انجلی اوم رائنانے کہاکہ ایک ٹیچر ایجوکیٹر کیلئے ، ورکشاپ ذاتی سیکھنے کا تجربہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ ورکشاپ نے کافی حد تک کلاس روم کے حوالے سے میری رجمنٹ کے نقطہ نظر کو ختم کر دیا ہے۔مخلوط سیکھنا ایک ایسی چیز ہے جسے ہر استاد کو خود سے واقف کرانا چاہیے۔ایک اور معلمہ معلم روحی سلطانہ کہتی ہیں کہ چاک اور بات کرنے کے طریقہ کار کے دن ختم ہو چکے ہیں۔ سلطانہ نے کہا کہ مقامی زبان میں ویڈیوز سیکھنے کا محفوظ ماحول ، طلباء کی مصروفیت میں اضافہ اور ان کی سیکھنے پر زیادہ خودمختاری فراہم کرے گی۔طارق منظور خان ، جو ایک پرائمری سکول میں پڑھاتے ہیں ، نے کہا کہ پلٹا ہوا کلاس روم وقت کی ضرورت ہے۔ خان نے کہا کہ ڈیجیٹل لرننگ کے سب سے بڑے فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ اس سے اساتذہ اپنے سیکھنے کے منصوبے یا نصاب کو انفرادی طالب علم کو پورا کر سکتے ہیں۔ورکشاپ اس مقصد کے حصول کی طرف ایک قدم ہے۔پروگرام کوآرڈینیٹر سہیل فاروق اور اسسٹنٹ پروگرام کوآرڈینیٹر غلام نبی شیخ نے ورکشاپ کو کامیاب بنانے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔