گول:بیک ٹو ولیج میں رکھے گئے مسائل حل نہیں ہوئے
زوہدمحلہ اوردسل پورہ میں بجلی کی آنکھ مچولی ،لوگ مسائل کے انبار میں
زاہد بشیر
گول//رواں سا ل مرکزی سرکا ر کی جانب سے بیک ٹو ولیج پروگراموں کا اہتمام کرایا جس میں لوگوں کے مسائل سننے گئے اور سرکار نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ پروگرام لوگوں کے مسائل ابھارنے کے لئے اہم ثابت ہوں گے لیکن یہ تین مرحلوں کے اس پروگرام میں پہلے مرحلے میں ہی دم توڑ بیٹھا تھا دوسرے مرحلے میں ہی لوگوں نے ان پروگراموں کا بائیکاٹ شروع کیا تھا اس طرح سے ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول میں بھی مختلف جگہوں پر بیک ٹو ولیج پروگراموں کا اہتمام کیاگیاتھا جس میں لوگوں نے اپنے مسائل رکھے لیکن تمام مسائل جوں کے توں ہیں ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے جو پروگرام بیک ٹو ولیج نام سے کرائے گئے تھے جس میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ عام لوگوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور لوگوں کو یہ اُمیدتھی کہ ان پروگراموں میں عوامی مسائل حل ہوں گے لیکن یہ تمام بے سود ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ تین مرحلوں میں منعقد ہونے والے بیک ٹو ولیج پروگراموں میں زوہد محلہ اور دسل پورہ پنچایت گول بی کی عوام نے سرکار سے مطالبہ کیا تھا کہ علاقہ میں بجلی کی بد تر صورتحال کو بدل دیا جائے اور لوگوں کو بہتر سپلائی دی جائے لیکن اب تک حالات جوں کی توں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مسائل حل کرنے میں سرکار ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں بجلی کی شدید قلت سے لوگ کافی پریشان ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں میں جلد از جلد بجلی کی سپلائی کو بہتر بنایا جائے تا کہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نا کرنا پڑے ۔
۔200گرام چرس سمیت2گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن// رام بن پولیس نے رام بن قصبے میں ناکہ چیکنگ کے دوران دو افراد کو ان کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد کرنے کے بعد گرفتار کیا۔پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معمول کی گشت کے دوران پارٹی نے دیکھا کہ دو افراد ایک سکوٹی زیر رجسٹریشن نمبر JK19A-0511 پر مشکوک حالات میں سوار تھے جس کے بعدانہیں چیکنگ کے لیے روکا گیااور ان کے قبضے سے 200 گرام چرس برآمد ہوئی۔دونوں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے دونوں کی شناخت سجاد احمد ولد مشتاق احمد ساکن کوباغ رام بن اور شاکر احمد ولد محمد افضل ساکن رام بن کے طور پر کی ہے۔ایس ایچ او تھانہ رام بن سندیپ چاڑک نے بتایا کہ تھانہ رام بن میں دفعہ 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ ایف آئی آر نمبر 160 درج کیاگیا ہے۔
۔9 برس قبل اہلیہ و 2 کمسن بچیوں کو قتل کرنے کا معاملہ
ایڈیشنل سیشن جج ڈوڈہ نے ملزم کو 10 سال کی قید و 50 ہزار جرمانہ عائد کیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ایڈیشنل سیشن جج ڈوڈہ محمود احمد چوہدری نے اہلیہ و 2 کمسن بچیوں کے قتل میں ملوث ملزم کو 10 سال کی قید و 50 ہزار جرمانہ عائد کیا ہے جو کہ ایف آئی آر نمبر 50/2012 زیردفعہ302,201 RPC کے تحت زیر حراست میں لیا گیا ہے۔استغاثہ کے مطابق گل محمد خان ولد احد خان ساکنہ چاپناڑی ڈوڈہ کی اہلیہ روبینہ بیگم کے یہاں دو بیٹیوں نے جنم لیا جس کے بعد سے ہی میاں بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا شروع ہوا اور کچھ دن بعد روبینہ بیگم اپنے والدین کے پاس چلی گئی.۔میکے میں کافی عرصہ گذارنے کے بعد دونوں طرف کی برادری کی مداخلت پر روبینہ بیگم واپس سسرال بھیجا گیا۔ ملزم گل محمد خان اس تاک میں رہا کہ اپنی بیوی و بچیوں سے کس طرح چھٹکارا حاصل ہو سکے۔آج سے 9 برس قبل یعنی 24 مارچ 2012 کو ملزم نے بیوی و دو بیٹیوں کو یہ کہہ کر جموں کے لئے تیار کیا کہ وہ اپنی بہن کے پاس جارہے ہیں اور ایک ماروتی زیر نمبر JK06 – 2352 میں سبھی جموں کی طرف روانہ ہوئے۔صبح 8 بجے کے قریب جب وہ ریگی نالہ پہنچے تو گل محمد نے گاڑی کو سڑک کے کنارے پر روک لیا اور خود نیچے اترتے ہی گاڑی کو دھکا دیا جو کہ دریائے چناب میں جاگری اور تینوں کی موت واقع ہوئی۔ اس معاملے پر پولیس تھانہ ڈوڈہ میں ایف آئی آر زیر نمبر 50/2012 زیردفعہ 302/201 مذکورہ شخص کے خلاف درج کیا گیا۔عدالت میں پیش کئے گئے چلان میں 20 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے جس میں ڈاکٹر و تحقیقاتی آفیسر بھی شامل تھے۔ شواہد کے مطابق اور وہاں ظاہر ہونے والے حالات جو کہ کسی شک کے پیچھے ثابت ہوتا ہے کہ ملزم نے غفلت و لاپرواہی سے گاڑی کو ایسی جگہ پر کھڑا کیا جو پارکنگ کے لئے محفوظ نہیں تھی اور یہ جانتے ہوئے کہ اس حادثہ سے تینوں کی موت ہو سکتی ہے۔ان تمام گواہوں و ثبوتوں کے مطابق عدالت نے ملزم کو 304 آر پی سی میں مجرم قرار دیا۔عدالت نے احتیاطی طور پر کیس کو 304-I و 304-II کے مطابق بھی دیکھا۔مقدمے کے حقائق اور حالات کی مجموعی پر غور کرتے ہوئے اور خاص طور پرپی ڈبلیو کی طرف سے استغاثہ کے حوالہ سے لواحقین اور قریبی رشتہ دار یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے کہ ملزم کی مردہ بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کے لیے ملزم کا پہلے سے ارادہ تھااور دیگر تمام گواہ بھی یہ ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں کہ ملزم کے پاس پہلے سے ہی بیوی و بچوں کو قتل کرنے کا منصوبہ و گاڑی کو دریا میں دھکیلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، لیکن اس نے گاڑی کو ایسی جگہ پر کھڑا کیا جہاں اس بات کا ہر ممکن امکان ہے کہ اگر گاڑی نیچے گر گئی، تو اس بات کا ہر ممکن امکان ہے کہ بیوی و بچے مر سکتے ہیں اور ملزم نے گاڑی کو کسی جگہ کھڑی کرنے میں کوئی احتیاط نہیں کی ، جس سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہیں گے۔ لہذا ملزم کا مقتول کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ، لیکن ملزم کو کافی علم ہے کہ اگر گاڑی نیچے گر جائے گی اور اس میں سوار افراد کا زندہ رہنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ لہٰذا کیس زیر دفعہ 304-II گر جائے گا نہ کہ زیردفعہ304-I RPC۔ایڈیشنل سیشن جج نے کہا کہ اس بنیاد پر ملزم 304-II آر پی سی میں ملوث ہے اور اسے مجرم قرار دیا جاتا ہے۔دونوں فریقین کے بیانات سننے کے بعد عدالت نے ملزم کو 304 پارٹ 2 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال کی قید و 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ایڈیشنل پبلک پراسیکیو ٹر راجیش گل نے بطور سرکاری وکیل و ملزم کی طرف سے ایڈووکیٹ امتیاز احمد میر عدالت میں پیش ہوئے۔
ڈوڈہ میں کووڈ 19 کے 6 نئے مثبت معاملات
۔5 مریض صحتیاب ،379944 ٹیکے لگائے گئے
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میںکورونا وائرس کے 6 نئے مثبت معاملات سامنے آئے ہیں اور 5 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ و عسر میں ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران چھ افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور پانچ مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 63 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7575 پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک کووڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 379944 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔
کووڈ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر26ہزار کا جرمانہ
۔ 3026 ٹیکے لگائے گئے ، 1552 نمونے جمع کئے گئے
رام بن//ضلع رام بن میں کووڈ پروٹوکول کے نفاذ کے لیے نافذ کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ ٹیموں نے چہرے کے ماسک نہ پہننے اور جسمانی فاصلہ برقرار نہ رکھنے پرمتعدد خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا۔انفورسمنٹ ٹیموں نے اپنے متعلقہ دائرہ کار میں معائنہ کے دوران 26ہزار100 روپے جرمانہ وصول کیا ۔انفورسمنٹ افسران نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ چہرے کے ماسک پہنیں اور جسمانی فاصلہ برقرار رکھیں اس کے علاوہ اپنے قریبی سی وی سی پر کوویڈ ویکسی نیشن کی خوراکیں لیں۔ ضلع امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر سریش نے بتایا کہ ضلع رام بن میں آج 3026 افراد کو پہلی اور دوسری کوویڈ ویکسین کی خوراک دی گئی۔چیف میڈیکل آفیسرڈاکٹر محمد فرید بھٹ کی طرف سے جاری کردہ روزانہ بلیٹن کے مطابق محکمہ صحت نے 1552 نمونے جمع کیے ہیں جن میں 356 RT-PCR اور 1196 RAT نمونے شامل ہیںجبکہ اس کے علاوہ ضلع کے مخصوص ویکسی نیشن سینٹرز میں 3026 افراد کو کوویڈ ویکسین فراہم کی گئی ہے۔
گرمائی زون سکولوں کیلئے
نئے اوقات کا اعلان
جموں//جموں ڈویژن کے گرمائی زون میں آنے والے ہائیر سیکنڈری سطح تک کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ (تسلیم شدہ) سکول میونسپل حدود میں صبح 9:00 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک اور دیہی علاقوں میں صبح 10:00 بجے سے 4:00 بجے تک اوقات کار پر عمل کریں گے اور یہ نظام آج یعنی یکم اکتوبر سے30اپریل2022تک نافذ العمل ہوگا۔