آر اے ٹی ٹیسٹ میں مثبت آئے طلباء کی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ منفی
ڈی سی نے کووڈ نوڈل آفیسرکو معطل کر کے بی ایم او سے جواب طلب کرلیا
سمت بھارگو +عظمیٰ یاسمین
راجوری //ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون نے گزشتہ دنوں ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژں میں سکول بچوں میں کووڈ کے 32معاملات سامنے آنے کے دو دنوں بعد آر ٹی پی سی آر ٹیسٹوں میں منفی رپورٹیں آنے کے بعد محکمہ صحت کے نوڈل آفیسر جو کہ ایک ڈینٹل ڈاکٹر بھی ہے ،کو معطل کر تے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر سے جواب طلب کرلیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ضلع کے تھنہ منڈی علاقہ میں کچھ دن قبل ایک سکول میں کووڈ ٹیسٹ کے دوران 32طلباء کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد علاقہ میں خو ف وہراس پیدا ہوگیا تھا جبکہ محکمہ صحت نے مذکورہ بچوں کو مختلف کووڈ کئیر سنٹروں میں منتقل کرتے ہوئے ان بچوں کو دوبارہ سے آر ٹی ۔پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے جن میں سبھی بچوں کی رپورٹیں منفی آئی ہیں جس کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے بلاک میڈیکل آفیسر درہال کو معاملہ کے سلسلہ میں اپنی پوزیشن واضح کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کووڈ مثبت آنے کے بعد ان سبھی بچوں کے دوبارہ سے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے جن میں سبھی کی رپورٹیں منفی آئی ہیں ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر نے زون کیلئے تعینات کووڈ نوڈل آفیسر کے نقطہ نظر کو ’غیر سنجیدہ ‘قرار دیتے ہوئے معطل کر کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کے دفتر کیساتھ اٹیچ کر دیا ہے ۔
مینڈھر میں الوداعی تقریب کا انعقاد
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیلدار مینڈھر ڈاکٹر وکرم کمار کی تبدیلی کے سلسلہ میں مینڈھر سب ڈویژن ہیڈکوارٹر پر متعدد الوداعی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ان تقریبات میں انتظامیہ کے اعلیٰ آفیسران کیساتھ ساتھ مقامی معززین و سیاسی لیڈران نے بڑے پیمانے پر شرکت کی ۔غور طلب ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ دنوں جاری کردہ ایک حکم نامے کے تحت تحصیلدار مینڈھر کو تبدیل کر کے کٹھوعہ ضلع میں تعینات کردیا گیا ہے ۔اس سلسلہ میں ہنو مان مندر مینڈھر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اراکین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ یاد گار مینڈھر میں بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل چیئر مین منکوٹ امان اللہ چوہدری کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں ضلع ترقیاتی کونسل رکن چوہدری عمران ظفر ،ایس ڈی پی او مینڈھر ،نائب تحصیلدار ،ایس ایچ او کے ساتھ ساتھ پنچایتی اراکین ،سناتم دھرم سبھا کے اراکین ودیگران نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے تحصیلدار موصوف کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
پہاڑی قبائل کیساتھ ناانصافی کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر //پہاڑی سٹوڈنٹ یونین مینڈھر کے اراکین نے بھاجپا کی مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پہاڑی قبائل کیساتھ نا انصافیاں کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت نے طبقہ کو ایس ٹی کا درجہ دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آئے کئی برس گزرنے کے بعد بھی ان کو ایس ٹی کا درجہ نہیں دیا گیا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں یونین کے صدر دلشاد قادری ،وقار خان ،عمران خان ،فضل محمود ودیگران نے بھاجپا حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سابقہ حکومتوں کی ہی طرح موجودہ حکومت نے بھی پہاڑی قبائل کیساتھ نا انصافیاں کی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں نئی حد بندی آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے جبکہ حکومت کو چاہئے کہ پہاڑیوں کو حد بندی مکمل ہونے سے قبل ہی ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ اس پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہبود ممکن ہوسکی ۔
ریحا ن دریاڑی علاقہ میں چیتے کا خوف
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت ریحان میں چیتے کی موجودگی سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مذکورہ پنچایت میں ایک چیتا اپنے دو بچوں کے ہمراہ گھوم رہا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کیلئے خطرہ پیدا ہو گیا ہے ۔مقامی سرپنچ نور عالم نے بتایا کہ گزشتہ دنوں سے گائوں میں چیتے کی موجودگی سے مقامی لوگ خوف زدہ ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت گائوں میں مکئی کی فصل اور گھاس ہونے کی وجہ سے جنگلی جانور بھی علاقہ میں آچکے ہیں ۔دوسری جانب محمد یاسین چوہان نامی ایک مقامی شخص نے بتایا کہ ریچھ و دیگر جنگلی جانوروں نے ان کی فصلیں بھی تباہ کر دہ ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان جنگلی جانوروں پر قابو پانے کیلئے کارروائی کریں ۔
کوٹرنکہ مرکزی پنچایت میں پانی وبجلی جیسی سہولیات موجود نہیں
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژں کوٹرنکہ کی مرکزی پنچایت میں پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہ ہونے سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بلندو بانگ نعرے لگائے جارہے ہیں لیکن زمینی سطح پر انتظامیہ کا پوار نظام ہی فیل ہو چکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس جدید دور میں بھی مرکزی پنچایت کوٹرنکہ کے کئی وارڈوں میں پینے کے صاف پانی جیسی کوئی سہولیت موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پیدل چل کر پینے کیلئے صاف پانے لانا پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی نظام انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدی مشکلات درپیش ہیں جبکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین وآفیسران کی جانب سے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کی ترسیلی لائنیں سبز درختوں و لکڑی کے کھمبوں کیساتھ آویزاں ہیں جس کی وجہ سے ایک معمولی سی بارش کے دوران بھی لوگوں کی بجلی سپلائی منقطع ہوجاتی ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بجلی فراہم کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے کئی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں تاہم سب ڈویژن میں بجلی کی فراہمی کیلئے ابھی تک کوئی عملی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی پنچایت میں عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفس تین دنوں کیلئے بند
سمت بھارگو
راجوری //محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے راجوری ضلع میں چیف ایجوکیشن آفس میں کووڈ کا ایک معاملہ سامنے آنے کے بعد 3دنوں کیلئے بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے ۔مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کووڈ ٹیسٹ کے دوران مذکورہ دفتر میں محکمہ کا تعینات ایک ملازم کووڈ مثبت آیا تھا ۔متعلقہ شعبہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ دفتر بدھ شام سے لے کر 2اکتوبر تک بند رہے گا ۔چیف ایجوکیشن آفیسر راجوری چوہدری گلزار حسین نے بتایا کہ ملازمین کے معائینہ کے دوران ایک ملازم کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد مذکورہ دفتر کو آئندہ تین دنوں تک بند رکھنے کا فیصلہ لیاگیا ہے جبکہ دفتر میں تعینات سٹاف ممبران کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ کووڈ ٹیسٹ کروائیں ۔انہوں نے لوگوں بالخصوص ٹیچروں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ان دنوں میں دفتر کا رخ نہ کریں ۔
زنگ آلودہ اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ
سمت بھارگو
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے سرحدی ضلع راجوری میں سے زنگ آلودہ اسلحہ برآمدکرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ جانکاری ملنے کے بعد کوٹرنکہ سب ڈویژں کے ترگائیں علاقہ میں ایک تلاشی مہم کے دوران لائٹ مشین گن کی گولیاں اور دیگر اسلحہ بارود برآمد کیا گیا ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ بدھل پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی کہ اس دوران چٹانوں میں سے مذکورہ اسلحہ برآمد ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک لفافے کو اپنی تحویل میں لیا جس میں سے مذکورہ اسلحہ برآمد کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اسلحہ اپنی تحویل میں لے کر اس سلسلہ میں ایک معاملہ بھی درج کرلیا ہے ۔
میونسپل کونسل راجوری نے کنونشن کا انعقاد کیا
راجوری //آزادی کا امرت مہا اتسو کے سلسلہ میں میونسپل کونسل راجوری کی جانب سے دکانداروں کیساتھ ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران گلیوں کوچوں کی صفائی ستھرائی کیساتھ ساتھ اس سلسلہ میں تعاون پر بھی زور دیا گیا ۔چیئر مین میونسپل کونسل راجوری محمد عارف کی قیادت میں منعقدہ کنونشن کے دوران کونسلر افتخار ڈار ،پشپندر گپتا ،یوگیش شرما ،مشتاق احمد منہاس ،سمینہ جاوید ،روبیہ قریشی ودیگران بھی موجود تھے ۔اس دوران ایک بیداری مہم چلائی گئی جس کے تحت تاجروں کو بیدار کیا گیاکہ وہ صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ۔اپنے خطاب میں چیئر مین میونسپل کونسل راجوری نے کہاکہ صفائی ہر ایک شہری کا بنیادی فرض ہے جبکہ تاجروں کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا رول ادا کریں ۔
تھنہ منڈی میں ’پوشن ماہ ‘کے تحت آگاہی کیمپ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سی ڈی پی او تھنہ منڈی نجمہ بخاری کی صدارت میں محکمہ آئی سی ڈی ایس کی جانب سے پوشن ماہ کے تحت ایک آگاہی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے تحت خواتین کو اچھی غذا اور تازہ سبزیاں وغیرہ استعمال کرنے کیلئے بیدار کیا گی۔ واضح رہے کہ ستمبر کے مہینے میں راشٹریہ پوشن ماہ کو پورے ملک میں پوشن ماہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پوشن ابھیان کا آغاز 2018 میں ہوا تھا اس کا مقصد خوراک میں غذائیت کی کمی کے چیلنجوں پر توجہ دینا ہے۔ خواتین اور بچوں کی ترقی کے محکمہ کو اس ابھیان کا نوڈل محکمہ بنایا گیا ہے جس کے تحت تھنہ منڈی میں پیدائش سے پہلے کی دیکھ بھال خون کی کمی ،بچوں کی بڑھوتری ،لڑکیوں کی تعلیم ، خوراک ، شادی کی صحیح عمر ،حفظان صحت اور صفائی ستھرائی اور حاملہ خواتین کو غذائیت سے بھر پور غذا کھانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی گئی وہیں PMMVY یوجنا کے تحت حاملہ خواتین کو اچھی اور صاف ستھری غذا کھانے کی جانکاری بھی دی گئی۔
منڈی میں بجلی کا نظام درہم برہم
۔4دن سے صدر مقام گھپ اندھیرے میں
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کا بجلی نظام کافی عرصہ سے درہم برہم ہوا ہے اور منڈی صدر مقام گزشتہ چار دنوں سے گھپ اندھیرے میں ہے ۔مکینوں نے بتایاکہ منڈی قصبہ کا بجلی نظام گزشتہ کئی عرصہ سے انتہائی خستہ حالی کا شکار ہوا ہے جسکی وجہ سے ان کو شدید مشکلات درپیش ہیں لیکن محکمہ کی جانب سے اس نظام کو سدھارنے کیلئے سنجیدہ اقدام نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔مکینوںنے بتایا کہ منڈی صدر مقام پر گزشتہ چار دنوں سے بجلی نہیں آ رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں اندھیرے میں راتیں گزارنی پڑتی ہیں۔انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے محکمہ کے نا اہل آفیسران کوتعینات کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ آفیسران کے پاس بگڑے ہوئے نظام کو معیاری بنانے کیلئے شکایتیں کئی مرتبہ کی گئی ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہاہے ۔انہوں نے بتایا کہ چار دن قبل خراب ہوئے ترانسفارمر کی ابھی تک مرمت ہی نہیں کی جاسکی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منڈی میں بجلی کی بحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔متعلقہ محکمہ کے جونیئر انجینئر نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ جلد ہی سپلائی کو بحال کر دیا جائے گا ۔
ہیروئن سمیت 1گرفتار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی کے دہرہ گلی علاقے میں جموں وکشمیر پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ایک شخص کو ہیروئن سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری کی سربراہی میں پولیس پارٹی نے منشیات کے خلاف ایک منظم مہم کے تحت دہرہ گلی میں ایک مصدقہ اطلاع کی بنا پر ناکے کے دوران ایک شخص کو تقریباً 5 گرام ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا جس کی پہچان منشی خان ولد خان محمد سکنہ ڈنی دھار راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی میں سوار ملزم کی تحویل سے تقریباً 5 گرام ہیروئن برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس سٹیشن تھنہ منڈی میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
منشیات کے بڑھتے رجحان سے والدین پریشان
بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے متعدد علاقوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجہ سے والدین میں تشویش پائی جارہی ہے جبکہ انہوں نے متعلقہ محکمہ و مقامی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے کارو بار میں ملوث افراد کیخلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔والدین نے بتایا کہ دیہات میں بھی کئی کم عمر بچے منشیات کے استعمال کی جانب راغب ہورہے ہیں جبکہ جموں و کشمیر پولیس او ر مقامی انتظامیہ کی جانب سے غیر قانونی عمل میں ملوث افراد کیخلاف کوئی سخت کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ برسوں سے سرنکوٹ کے کئی دیہات میں متعدد نوجوان منشیات کی وجہ سے اپنی جانیں ضائع کر چکے ہیں جبکہ اس وقت نوجوان نسل کے کئی نوجوان اس لت میں مبتلا ہو چکے ہیں ۔مقامی معززین نے بتایا کہ اس وقت سرنکوٹ میں کئی افراد منشیات سمگلنگ میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے نوجوانوں کو بھی مذکورہ منشیات سمگل کی جارہی ہے ۔انہوں نے جموں وکشمیر پولیس سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے استعمال کو روکنے کیلئے عملی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو بچایا جاسکے ۔
لمبیڑی میں چور نقدی و زیور ات لے گئے
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے لمبیڑی علاقہ میں چوری کی ایک واردات میں چور نقدی و زیورات اڑا لے گئے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ لمبیڑی علاقہ میں چور ایک لاکھ 80ہزارروپے کی نقدی اور 8تولے سونے کے زیورات لے کر فراد ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ چوروں نے ست پال رینہ کے گھر سے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب نقدی و سازو سامان لے کر فرار ہوگئے ہیں ۔اس سلسلہ میں جموں وکشمیر پولیس نے ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
پکھرنی گائوں میں 20دنوں سے پانی سپلائی بند
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے پکھرنی گائوں میں گزشتہ 20دنوں سے پانی کی سپلائی مکمل بند ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران پانی کی سپلائی بحال کرنے میں پور ی طرح سے ناکام ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پانی بند ہونے کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو آگاہ کیا گیا لیکن ابھی تک اس کی بحالی کیلئے کوئی عملی کام نہیں کیاجارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی کر کے ان کو پانی کی سپلائی بحال کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔