حدمتارکہ عبور کرنیکی کوشش
۔ 16سالہ نوجوان گرفتار
پونچھ//فوج نے مینڈھر پونچھ میںحد متارکہ پر ایک پاکستانی شہری گرفتار کرلیا ۔ جمعہ کو بلنوئی پونچھ میں حد متارکہ پر بعد دوپہر فوج نے مینڈھر نالے کے آس پاس مشکوک نقل و حمل دیکھی اور سرحد کے اِس پار آرہے ایک نوجوان کو دریا کے قریب حراست میں لیا۔ گرفتار کئے گئے نوجوان علی حیدر ولد محمد شریف ساکن پاسپورہ ( مظفر آباد)سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے ۔ اسکی عمر 15-16سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار جو اگلی چوکیوں کی حفاظت پر مامور نے نے حد متارکہ پر بلنوئی سیکٹر میں مینڈھر دریا کو عبور کرنے کی کوشش کے دوران مذکورہ نوجوان کو پکڑ لیا۔اسکی تفتیش کی جارہی ہے۔
ریاسی میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل
پتھر گرنے سے مزدور لقمۂ اجل
بانہال//محمد تسکین//ادھمپوربارہمولہ ریل پروجیکٹ پر ضلع ریاسی کے علاقے میں ایک زیر تعمیر ٹنل کے اندر بھاری پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے ایک غیر ریاستی مزدودکی موت واقع ہوئی ہے۔ یہ واقع جمعرات کی شب ریاسی کے کھنیکوٹ علاقے میں پیش آیا۔ پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 35 سالہ مزدور داوہارو بسومیتاری ساکن شیجوگوڑی کوکڑاجھاڑ آسام ،ریاسی کے کھنیکوٹ علاقے میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل نمبر T-13 کے اندر کام کررہا تھا کہ اچانک ایک بڑا بولڈر اس کے اوپر آ گرا جس کی وجہ سے اس کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اسے ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا جہاں قانونی لوازمات پورا کرنے کے بعد لاش کو متعلقہ ذمہ داروں کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ اسے اپنے آبائی گائوں بھیجا جا سکے ۔
انجمن علما وائمہ مساجد کی تعزیت
سرینگر//انجمن علما وائمہ مساجدکے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی خادم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ نے معروف عالم دین مولانا عبدالعزیز صفدر ، ضلعی سرپرست انجمن علما وائمہ مساجدضلع سرینگر و مہتمم دارالعلوم امدادیہ نٹی پورہ سرینگر کی ولدہ نسبتی ساکنہ پچھواڑہ ڈلگیٹ کی وفات پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔حافظ عبد الرحمن نے کہا کہ علما ء کرام وائمہ مساجد مرحومہ کے پسماندگان خاص کر مولانا صفدر کے غم میں برابر شریک ہیں اور مرحومہ کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبرجمیل کی دعا کی۔
۔3اکتوبر کو عشمقام اور پہلگام میںمفت طبی کیمپوں کااہتمام
سرینگر //جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کے اہتمام سے عشمقام اور پہلگام میں3اکتوبر کومفت طبی کیمپ منعقد کئے جارہے ہیں۔ سی این آئی کے مطابق اتوار کو زیارت زینہ شاہ صاحب ؒعشمقام میں طبی کیمپ منعقد کیا جارہا ہے جس میں صورہ سکمز کے معالجین کے علاوہ دیگر ہسپتالوں کے ڈاکٹر مریضوں کا علاج و معالجہ کرینگے۔ اس دوران ایک اور طبی کیمپ بٹہ کوٹ پہلگام میں بھی منعقد کیا جارہا ہے ۔ طبی کیمپوں میں ڈاکٹر رئیس حمید، محمد شفیع بابا اور اعجازاحمد ڈار اور معروف نیورالوجسٹ ڈاکٹر ہلال گنائی مریضوںکا معائنہ کرینگے۔ جی آر بیگ میموریل ٹرسٹ چیئرمین اشتیاق بیگ نے ڈائریکٹر سکمزڈاکٹر اے جی آہنگر اور ایڈیشنل کمشنر قاضی سرور کا طبی کیمپوں کے انعقاد کرانے میں تعاون دینے پر ان کا شکریہ اداکیا ہے ۔ اس دوران اشتیاق بیگ نے دونوں علاقوں کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ طبی کیمپوں میں آکر مفت علاج سے مستفید ہوں۔
سابق رکن پارلیمان غلام رسول متو کی اہلیہ فوت
ڈاکٹر فاروق اور جمعیت ہمدانیہ کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور جمعیت ہمدانیہ نے نامور تاجر اورسابق راجیہ سبھا ممبر مرحوم حاجی غلام رسول متو ساکن چمردوری زینہ کدل حال نگین حضرت بل کی نیک سیرت اور پرسااہلیہ محترمہ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے اہل خانہ خصوصاً اولادان اور متو خاندان کے جملہ سوگوران کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران محمد سعید آخون، پیر آفاق احمد اور تنویر صادق نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے معروف تاجر، ادیب، دانشور ، اہل قلم اور محب اولیاء مرحوم حاجی غلام رسول متو ساکن چمردوری زینہ کدل حال نگین حضرت بل کی نیک سیرت اور پرسااہلیہ محترمہ کے انتقال پررنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے گئے اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ میرواعظ ہمدانی نے مرحوم کے اہل ِ خانہ کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
بابہ ڈیمب آتشزدگان کی امداد کی جائے: کشمیر ٹریڈ الائنس
سری نگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے بابہ ڈیمب نقاش پورہ میں آتشزدگی واقعہ میں کروڑوں روپے کا ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہونے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی مانگ کی ہے۔ کشمیر ٹریڈ لائنس کے صدراعجاز شہدار کی قیادت میں کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک وفد نے گزشتہ روز بابہ ڈیمب سرینگرکا دورہ کیا اورتاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔ اعجاز شہدار نے ضلعی حکام سے رابطہ کرکے متاثرہ دکانداروں کی مدد کرنے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر دکان انشورنس کے دائرے میں نہیں ہے جبکہ تاجروں کو ہونے والے نقصانات بہت زیادہ ہے اور آتشزدگی میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا’’ متاثرہ تاجروں کے مشکل وقت میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور میں امید کرتا ہوں اور ان کے کاروبار کی جلد بحالی ہوگی‘‘۔ اعجاز شہدار نے متاثرہ تاجروں سے بات کرتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ متاثرین کی امداد کی جائے تاکہ وہ اپنا روزگار دوبارہ بحال کرے۔
درس وتدریس اور تعلیم کابدلتا ہوا منظر نامہ
پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کا اساتذہ کیلئے تربیتی کیمپ کا انعقاد
سرینگر//پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے پورے کشمیر ڈویژن میں اساتذہ کی صلاحیت بڑھانے کا ایک بڑا پروگرام شروع کیا اور اپنی نوعیت کا پہلا دو روزہ اساتذہ کا تربیتی پروگرام کل یہاں الہدا پبلک سکول پٹن میں اختتام پذیر ہوا۔ پٹن کے تین زونوں کے پرائیویٹ سکولوں کے30 سے زائد اساتذہ نے پروگرام میں حصہ لیا۔ پروگرام کے دوران اساتذہ کو درس وتدریس اور تعلیم کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے بارے میں تازہ ترین معلومات سے واقف کیا گیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایسوی ایشن کیصدرجی این وارنے کہا کہ ایسوسی ایشن نے اساتذہ کے لیے بڑے پیمانے پر صلاحیت بڑھانے کا پروگرام شروع کیا ہے اور جموں و کشمیر کے تمام زونوں کے پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کو تربیت دی جائے گی تاکہ اساتذہ معیاری تعلیم دینے کے لیے لیس ہوں ،بچوں کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق اور اساتذہ کو تعلیمی نظام میں چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے تقاضوں سے واقف ہو رہے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایس اے جی این شاکر نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کو تدریس کی جدید تکنیکوں سے آراستہ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ طلباء اپنے عالمی ہم منصبوں سے مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں ہوں۔