شدید بارش سے کوٹرنکہ کا نکاس نظام مفلوج
دکانوں و رہائشی گھروں میں نالیوں کا پانی داخل
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں جمعرات و جمعہ کی درمیابی شب ہوئی شدید بارش کی وجہ سے کوٹرنکہ قصبہ کا نکاسی نظام مکمل مفلوج ہو کر رہ گیا جس کی وجہ سے نالیوں کا گندہ پانی لوگوں کے گھروں میں دکانوں میں داخل ہونے کی وجہ سے نقصان بھی ہوا ۔مقامی لوگوں و تاجروں نے محکمہ گریف اور تعمیرات عامہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مقامی انتظامیہ و متعلقہ محکموں کی لاپرواہی کی وجہ سے تاجروں و عام لوگوں کا نقصان ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی عرصہ سے نالیاں مکمل طورپر بند ہوچکی تھی تاہم متعلقہ محکمہ اور مقامی سب ڈویژن انتظامیہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی عملی بنیادوں پر کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکا اور اب شدید بارش کی وجہ سے تمام نالیوں کے بند ہونے پر گندہ پانی گلیوں سے بہتا رہا ہے جبکہ دکانوں و رہائشی مکانات میں داخل ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کا ہزاروں روپے کا نقصان ہوگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں ہوئے نقصان کا تخمینہ لگاکر متاثرین کو ریلیف دی جائے جبکہ لاپرواہ ملازمین و آفیسران کےخلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے ۔
زونل ایجوکیشن آفیسر ہرنی 41سالہ ملازمت کے بعد سبکدوش
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ویجوکیشن زون ہرنی میںتعینات زونل ایجوکیشن آفیسرساجدہ بیگم جنجوعہ41سالہ ملازمت کی مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہو گئی ہیں ۔ان کی سبکدوشی کے سلسلہ میں زونل ایجوکیشنل دفتر ہرنی اور آبائی گاﺅں بھیرہ میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی ،سماجی لیڈران و معززین کےساتھ ساتھ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ آفیسران و ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ساجدہ بیگم 1981میں گور نمنٹ مڈل سکول سلواہ زون مینڈھر میں تعینات ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے متعدد سرکاری سکولوں میں مختلف عہدوں پر اپنی خدمات انجام دی ۔موصوفہ گور نمنٹ گرلز ہائی سکول اڑی میں بطور ہیڈ ماسٹر تعینات رہی جس کے بعد ان کو محکمہ کی جانب سے ترقی دے کر زیڈ ای پی او مینڈھر تعینات کیا گیا تھا جبکہ ملازمت کے آخری حصے میں ان کو ترقی دے کر زونل ایجوکیشن آفیسر ہرنی تعینات کر دیا گیا اور لگ بھگ وہ دو برسوں تک انہوں نے بطور زونل ایجوکیشن آفیسر اپنی خدمات انجام دی ۔الوادعی تقریب میں محکمہ کے آفیسران ،معززین و دیگر مقررین نے موصوفہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محکمہ میں رہ کر نہایت ہی ایمانداری اور محنت و لگن کےساتھ کام کیا ہے جس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔الواعی تقریب میں سابقہ ایم ایل سی مرتضی خان ،سابقہ ایم ایل سی رحیم داد ،ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین انجینئر واجد بشیر خان ،سابقہ چیف ایجوکیشن آفیسر صادق چوہدری کے علاوہ محکمہ کے کئی دیگر آفیسران ،پنچایتی اراکین و معززین نے بھی شرکت کی ۔اس کے علاوہ گورنمنٹ ہائی سکول ناڑ دھوڑیاں میں بطور فیزیکل ایجوکیشن ٹیچر خدمات انجام دے رہے سرفراز احمد خان30سالہ ملازمت کی مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہوگئے ہیں ۔اس سلسلہ میں مذکورہ سکول میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملازمین و معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھار گلون میں تعینات سنیئر اسسٹنٹ محمد شریف بھٹی محکمہ ایجوکیشن میں 29سالہ سروس کی مدت مکمل کرنے کے بعد سبکدوش ہو گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ہائر سکینڈری سکول کےساتھ ساتھ آبائی گاﺅں کانڈی گلہوتہ میں بھی پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا ۔مقررین نے موصوف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے محکمہ میں ایمانداری کےساتھ خدمات انجام دی ہیں ۔
مینڈھر میں چوری کی واردات
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں چوروں نے محمد جمیل کی دکان پر چوری کی ایک کوشش کے دوران 2ہزار روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے ۔دکان مالک نے بتایا کہ چوروں نے بڑی پیمانے پر چوری کی کوشش کی تاہم نامعلوم وجوہات کی وجہ سے وہ صرف کچھ ہی نقدی لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی ایک مرتبہ چوری نے ان کی دکان پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش کی تھی ۔مقامی تاجروں نے جموں وکشمیر پولیس سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ مینڈھر قصبہ میں سیکورٹی کا بندوبست مزید سخت کریں تاکہ اس طرح کے واقعات کو روکنے میں کامیابی حاصل کی جاسکے ۔
اے ڈی فوڈ سپلائی نے سرحدی علاقوں کا دورہ کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //اسسٹنٹ ڈائر یکٹر فوڈ سپلائی پونچھ نے تحصیل سپلائی آفیسر منکوٹ کے ہمراہ بلنوئی کے سرحدی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صارفین کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا ۔اس سے قبل صارفین کے ضلع انتظامیہ سے کئی مرتبہ شکایت درج کرواتے ہوئے کہا تھا کہ سرحدی علاقوں میں مواصلاتی نظام دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بائیو میٹرک نظام کی مدد سے راشن حاصل کرنے میں دقتوں کا سامنا کرناپڑتا ہے جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر نے علاقہ میں جا کر عوامی مسائل کا جائزہ لیا تاہم انہوں نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کے حکم نامے کے تحت ہی ان کو بائیو میٹر ک نظام کی مدد سے راشن دیا جارہا ہے جس کو مقامی سطح پر تبدیل نہیں کیاجاسکتا تاہم ضلع انتظامیہ سرحدی علاقوں میں مواصلاتی سروس کی فراہمی کےلئے کام کررہی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں راشن بائیومیٹرک نظام کے تحت دیا جارہاہے جبکہ چھجلہ و دیگر ملحقہ علاقوں میں بائیو میٹر ک کے بغیر ہی صارفین میں راشن تقسیم کیاجارہا ہے جو کہ سرحدی علاقوں کی عوام کےساتھ نا انصافی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں صارفین کو راشن بغیر بائیو میٹرک نظام کے دیا جائے تاکہ ان کو وقت پر راشن دستیاب ہو سکے ۔
حد متارکہ عبور کرتے پاکستانی شہری گرفتار
جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر کے سرحدی علاقہ میں سیکورٹی فورسز نے حد متارکہ عبور کرتے ہوئے ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا ۔سیکورٹی ایجنسیوں نے بتایا کہ سب ڈویژن کے بلنوئی سیکٹر میں سے حدمتارکہ عبور کرکے ہندوستانی زیر انتظامیہ کشمیر میں آئے ایک 15سالہ نوجوانوں کو گرفتارکرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدہ نوجوان کی شناخت علی حید ر ولد محمد شریف سکنہ عباس پور پاکستان کے طورپر ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نوجوان کے حد متارکہ عبور کی تھی جسکے بعد علاقہ میں دریا کے قریب تعینات کرشنا گھاٹی بریگیڈ کے اہلکاروں نے اس کو گرفتارکرلیا جبکہ آخری اطلاع ملنے تک فوج نے گرفتار شدہ نوجوان کو پولیس کے حوالے نہیں کیا تھا ۔
مینڈھرقصبہ کا نکاسی نظام
بہتری کےلئے پلان مرتب کرنے کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے نکاسی نظام کو معیاری بنانے کے سلسلہ میں ایس ڈی ایم مینڈھر کی قیادت میں محکمہ دیہی ترقی اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے آفیسران کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا ۔اجلاس کے ودوران گزشتہ دنوں مینڈھر میں ہوئی شدید بارش کے دوران پیدا ہوئی صورتحال و تاجروں کے نقصان پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ۔ایس ڈی ایم نے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر مینڈھر اور محکمہ تعمیر اتی عامہ کے اعلیٰ آفیسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ مینڈھر قصبہ کے نکاسی نظام کے سلسلہ میں ایک پلان مرمت کریں تاکہ اس کو منظوری کےلئے ضلع حکام تک پہنچایا جاسکے ۔آفیسر موصوف نے کہاکہ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سے بھی بات کی گئی ہے جنہوں پلان مرتب کر کے پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قصبہ کے پورے سسٹم کو ذہن میں رکھ کر پلان مرتب کیا جائے تاکہ عام لوگوں و تاجروں کو نقصان سے پچایا جاسکے ۔
نیرو سعید کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے ہرنی علاقہ کی رہائشی نیرو سعید دختر محمد سعید کو جموں یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی(ڈاکٹر آف فلاسفی) کی ڈگری تفویض کی گئی ہے ۔نیرو سعید نے ’آزادی کے بعد اُردو ڈرامہ ‘کے موضوع پرڈاکٹر فرحت شمیم کے زیر تحت کام کیا گیا ۔تحقیقی نتائج کو مختلف سطح کی کانفرنسوں اور جرائد میں شائع کیا گیا ہے۔ ہرنی کےساتھ ساتھ مینڈھر سب ڈویژن کے کئی معززین نے نیرو سعید کو شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے ۔
ہائر سکینڈری سکول میں الوداعی تقریب کا اہتمام
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ساج میں پرنسپل بچتر سنگھ کی صدارت میںایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ تعلیم کے سابقہ جوائنٹ ڈائریکٹر لال حسین بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ فزیکل ایجوکیشن ماسٹر مقبول حسین لون اور لیبارٹری اسسٹنٹ محمد تاج بھٹی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں محکمہ ایجوکیشن کے ملازمین و علاقہ کے معززین نے بڑے پیمانے پر شرکت کی ۔ اس موقع پر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں عہدیداروں کی کامیابیوں کو اجاگر کیا اور محکمہ تعلیم میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں عہدیدار بے شمار خوبیوں کے مالک ہیںجبکہ ان کے کام اور لگن کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ مہمان خصوصی نے ملازمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملازمین نے اپنے اپنے شعبوں میں ایمانداری و محنت اور لگن کےساتھ خدمات انجام دی ہیں ۔ اس تقریب میں ماسٹر شاہد بھٹی اور محمد اشرف قریشی کے علاوہ محکمہ تعلیم سے وابستہ کئی دیگر تدریسی اور غیر تدریسی شخصیات نے شرکت کی۔
بوائز ہائر سکینڈری سکول میں آن لائن کوئز کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سوچھتا پکواڑہ سکیم کے تحت جاری سرگرمیوںکے تحت گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی کے آئی سی ٹی لیب میں آن لائن زونل لیول انٹر سکول کوئز کا اہتمام کیا گیا جس میں بوائز ماڈل ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی، گورنمنٹ ہائر سکنڈری سکول بہروٹ، ہائر سکنڈری سکول پلانگڑھ اور گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول ساج کی ٹیموں نے حصہ لیا۔اس سلسلہ کے تحت سوچھ بھارت مشن کے بارے میں سوالات کے ذریعے طلباءکے علمی معیار کا اندازہ سادہ ، پیچیدہ اور مشکل سوالات کے ذریعے کیا گیا۔ جس میں طلباءنے پورے جوش اور جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ اس پروگرام میں حصہ لینے والے طلبا ءنے سکول کے پرنسپل محمد صدیق گنائی کا اس طرح کے اقدام کرنے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر سینئر استاد محمد ایاز رینہ نے سمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے بچوںکےلئے آن لائن کوئز سوالات مرتب کئے ۔اسکول انتظامیہ نے موصوف کے متاثر کن کوئز پروگرام کی سراہنا کی اور انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
فوج نے خواتین کےلئے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا
پونچھ //دیہات کی خواتین کو مختلف شعبوں میں باصلاحیت بنانے کے سلسلہ میں فوج کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔اس سلسلہ میں سرحدی ضلع پونچھ کے لورن علاقہ میں ایک تربیتی پروگرام کا ہتمام کیا گیا جس میں مقامی خواتین کےساتھ ساتھ معززین و فوجی آفیسران نے بھی شرکت کی ۔فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دیہات کی خواتین کو روز گار فراہم کرنے کےلئے سلائی ودیگر شعبوں میں با اختیار بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ اسی سلسلہ میں ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران تربیت حاصل کر چکی خواتین کو سرٹیفکیٹ بھی دئیے گئے ہیں ۔فوجی آفیسران نے خواتین سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ فوج کی جانب سے شروع کردہ فلاحی سرگرمیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا ۔
بھاجپا یوا مورچہ صدر کا راجوری دورہ
راجوری //جموں وکشمیر کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ کے صدر نے راجوری ضلع کے بدھل علاقہ کا تفصیلی دورہ کیا ۔بدھل میں پارٹی لیڈر منظور نائیک کی قیادت میں کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے موصوف کا استقبال کیا ۔یہاں جاری ایک بیان میں پارٹی کے یوا مورچہ کے اراکین نے کہا ہے کہ اس دورے کا اصل مقصد مقامی لوگوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے منشور کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کرنا ہے جبکہ اس کے علاوہ علاقہ کی تعمیر و ترقی کے سلسلہ میں پارٹی کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کے سلسلہ میں عوام کو جانکاری فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس موقعہ پر پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دینے کےساتھ ساتھ دیگر مسائل کو بھی اجاگر کیا گیا ۔اس موقعہ پر پارٹی سنیئر لیڈر دیو راج ودیگران بھی موجود تھے جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا ۔
آزادی کا امرت مہا اتسو
راجوری میںدوڑ کا اہتمام کیا گیا
راجوری //گور نمنٹ پی جی کالج راجوری میں آزادی کے امرت مہا اتسو کے سلسلہ میں این سی سی رضا کاروں کی جانب سے ’فٹ انڈیا ‘کے تحت کا دوڑ کا اہتمام کیا گیا جس میں این سی سی کے کئی رضا کاروں نے شرکت کی ۔رضاکاروں کی جانب سے مذکورہ دوڑ ڈگری کالج کے مین گیٹ سے دھنور تک منعقد کی گئی تھی ۔کپٹن تنویر احمد کی قیادت میں منعقد کی گئی دوڑ کا اصل مقصد عام لوگوں کو فٹ انڈیا مہم کے سلسلہ میں بیدارکرنا تھا ۔
پوٹھہ گاﺅں میں بجلی نظام خطرے سے کم نہیں
ترسیلی لائنیں صارفین کےلئے مصیبت کا باعث
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سے چار کلو میٹر دور آباد پنچایت اپر پوٹھہ میں محکمہ بجلی کا نظام انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے صارفین کےلئے خطرے کا باعث بن گیا ہے ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گاﺅں میں بجلی کا ترسیلی نظام سبز درختوں و لکڑی کے کھمبوں کے بغیر مکمل نہیں ہے جبکہ مذکورہ سبز درخت عام لوگوں کےلئے جان کا خطرہ بن گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گاﺅں کو کچھ برس قبل ماڈل ولیج کا درجہ دیا گیا تھا لیکن زمینی سطح پر عوام کو بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین گاﺅں میں صرف بجلی کے بل تقسیم کرنے کےلئے ہی آتے ہیں جبکہ نظام کی بہتری کےلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ گاﺅں میں دیگر بنیادی سہولیا ت بھی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے عام لوگ پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گاﺅں میں خستہ حال بجلی نظام کی بہتری کےلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں جبکہ لاپرواہ ملازمین کےخلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
منجا کو ٹ میں صفائی مہم چلائی گئی
پرویز خان
منجا کوٹ //گور نمنٹ گزلز ہائی سکول منجا کوٹ میں محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے ایک صفائی مہم چلائی گئی ۔زیڈ ا ی پی او منجا کوٹ اور مذکورہ سکول کے ہیڈ ماسٹر کی موجود گی میں چلائی گئی صفائی مہم کے دوران فیزیکل شعبہ کے ملازمین این وائی سی کے رضا کار ودیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔صفائی مہم کو منعقد کرنے کا اصل مقصد عوام کو سکولی بچوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ سوچھ بھارت ابھیان کے سلسلہ میں بیدار کرنا تھا ۔زیڈ ای پی او نے طلباءکو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے آس پاس میں قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے رول ادا کریں ۔
سرحدی گاﺅں کےلئے مسافر گاڑیاں دستیاب نہیں
حد متارکہ کے قریب آباد لوگ پیدل چلنے پر مجبور
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن سندر بنی کے سرحدی دیہات میں آباد لوگوں کےلئے ابھی تک مسافر گاڑیوں کا کئی بندو بست نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے کئی دیہات میں رہائش پذیر لوگ مشکل حالات میں بھی پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سندر بنی کے کئی دیہات حد متارکہ کے قریب آباد ہیں لیکن ابھی تک ان دیہات میں لوگوں کی آمد ورفت کےلئے مسافر گاڑیاں لگائی ہی نہیں گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ان سرحدی علاقوں میں سے مریضوں و حاملہ خواتین کو ہسپتالوں تک پہنچانے کےلئے پیدل سفر طے کرنا پڑتا ہے جبکہ اس سلسلہ میں متعلقہ شعبہ و مقامی انتظامیہ سے بھی کئی مرتبہ رجوع کیا گیا تاہم ابھی تک ان کو سہولیات فراہم نہیں کی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں آباد لوگوں کی آمد ورفت کےلئے رابطہ سڑکوں پر مسافر گاڑیاں لگائی جائیں تاکہ مشکل حالات میں رہائش پذیر لوگوں کی زندگیاں آسان ہو سکیں ۔
نوشہرہ کالج میں تقریب کا انعقاد
رمیش کیسر
نوشہرہ // گور نمنٹ ڈگری کالج نوشہرہ میں گاندھی جینتی کے سلسلہ میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کالج کے سٹاف ممبران کےساتھ ساتھ طلباءنے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کالج پرنسپل کی قیادت میں منعقدہ تقریب کے دوران سٹاف ممبران و طلباءنے مہاتما گاندھی کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے اس وقت ملک آزاد ہے ۔انہوں نے کہاکہ ملکی آزادی کی لڑائی میں بابا قوم نے ایک اہم رول ادا کیا ہے جس کو ہمیشہ کےلئے یاد رکھا جائے گا ۔مقررین نے گاندھی کے فلسفے و تعلیمات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی ۔
ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//ضلع عدالت پونچھ میںاے ڈی آر سنٹر کے کانفرنس ہال میں ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی پونچھ کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس میٹنگ میں ضلع کے تمام سٹیک ہولڈرز، انتظامیہ پونچھ اور عدلیہ کے افسران موجود رہے۔ اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونچھ نے کی جس کے دوران مختلف مسائل جیسے بنیادی ڈھانچہ ، سیکورٹی انتظامات ، سمن کی پھانسی اور وارنٹ جسے مدعو پر تفصیل سے بحث کی گئی اور مختلف مسائل کو حل کیا گیا۔اجلاس میںضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ، ایس ایس پی پونچھ ، سی جے ایم پونچھ ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی پونچھ، سب جج سپیشل موبائل مجسٹریٹ پونچھ ، منسف موبائل مجسٹریٹ ٹریفک پونچھ ، سپرنٹنڈنٹ جیل پونچھ،راجوری اور ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے۔
ڈی سی دفتر میں حلف برداری کی تقریب
حسین محتشم
پونچھ// ڈی سی آفس پونچھ کے کانفرنس ہال میں کلین انڈیا پروگرام کے تحت ایک حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کی۔اس موقع پر اضافی ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ عبدالستار ، اضافی ترقیاتی کمشنر پونچھ بشارت حسین، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ لیاقت چودھری کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود رہے۔اس موقع پر تمام افسران نے حلف لیا کہ وہ ضلع پونچھ کو صاف و شفاف بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے تمام افسران کو سوچتا ہی سیوا کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی ۔انھوں نے عوام میں صفائی کے متعلق بیداری لانے پر زور دیا۔
غیر منظم کارکنوں کی رجسٹریشن کےلئے بیداری کیمپ
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ لیبر پونچھ کی جانب سے غیر منظم کارکنوں کی رجسٹریشن کےلئے میگابیداری کیمپ بس اسٹینڈ پونچھ پر منعقدکیا گیا جس میںسینکڑوں مزدوروں،آٹو ڈرائیورز ، منی بس ڈرائیورز ، ریٹیل شاپرز ، ریڈی والس ، اسٹریٹ وینڈرز ، نائی ، کلینرز ، تعمیراتی کارکنوں نے حصہ لیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ عابد حسین شاہ نے رجسٹریشن کے عمل کی تفصیلات سے شرکاءکوآگاہ کیا۔انھوں نے سکیموں کے بعد رجسٹریشن کے فوائد جن میں مختلف سماجی تحفظ کے سکیم اور غیر منظم کارکنوںکےلئے فلاحی اقدامات شامل ہیں کے بارے میں بھی لوگوں کو تفصیلی جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی ہدایات پر آئندہ دنوں میں ضلع پونچھ میں کامن سروس سنٹرز (سی ایس سی) کے ذریعے اس مقصد کے لیے خصوصی کیمپ لگائے جا رہے ہیں جس کے لئے ای شرام پورٹل پر رجسٹریشن کے لیے آدھار کی تفصیلات ، فعال بینک اکاو¿نٹ کی تفصیلات اور موبائل فون نمبر درکار ہوں گے۔انہوں نے شرکاءسے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں اپنے ناموں کا اندراج کرائیں تاکہ مختلف سوشل سکیورٹی سکیموں کے تحت فائدہ حاصل کیا جا سکے۔