پنچایتی اراکین کے کام کی تعریف
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی پنچایت ساج 2 میں سرپنچ شاہین اعجاز بھٹی کی قیادت میں محکمہ پنچایت کی جانب سے تسلی بخش کاموں کا سلسلہ جاری ہے جس پر عوام نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پنچایتی اراکین کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرپنچ شاہین اعجاز بھٹی اور پنچایت کے دیگر ممبران بالخصوص محمد اسلم قریشی ممبر وارڈ نمبر 4 حلقہ پنچایت میں بحسن وخوبی اپنے فرائض منصبی انجام دینے میں مصروف عمل ہیں جس کیلئے وہ مبارک بادی کے مستحق ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی نوجوان محمد اشرف قریشی نے بتایا کہ پنچایت میں 63KV ٹرانسفارمر اور مختلف وارڈوں میں ہینڈ پمپ کی تنصیب کے ساتھ ساتھ سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں جاری کام ، منریگا اور PMAY سکیموں کے تحت لوگوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
مینڈھر قصبہ میںچوری کی واردات
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں گزشتہ 2دنوں سے چوری کے مسلسل معاملات سامنے آرہے ہیں تاہم ابھی تک پولیس حکام چوروں پر کنٹرول کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو ئے ہیں ۔جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب چوروں نے ’مغل فسٹ ایڈ میڈیکل شاپ ‘پر اپنا ہاتھ صاف کرتے ہوئے 4ہزارروپے نقدی و ادویات بھی چوری کرلی ۔میڈیکل سٹور کے مالک نے بتایا کہ ان کی دکان پولیس سٹیشن سے 50میٹر کی دور ی پر ہے تاہم اس کے باوجود بھی پولیس مذکورہ نوعیت کی وار داروں کو کنٹرول کرنے میں ناکا م ثابت ہوئی ہے ۔غور طلب ہے کہ ایک دن قبل بھی مینڈھر قصبہ میں چوری کی ایک وار دات رونما ہوئی تھی ۔جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
گاندھی جینتی کے سلسلہ میں سرحدی ضلع راجوری پونچھ میں انتظامیہ کی جانب سے کئی پروگرام منعقد کئے گئے
راجوری میں میونسپل کونسل ،پولیس ودیگر محکموں نے مہم چلائی
سمت بھارگو +پرویز خان +محمد بشارت +عظمیٰ یاسمین
راجوری //راجوری ضلع میں گاندھی جینتی کے سلسلہ میں کئی جگہوں پر صفائی مہم چلائی گئی جس کے دوران سرکاری ملازمین ،جموں وکشمیر پولیس و فوجی اہلکاروں نے مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی کر کے عام لوگوں کو قدرتی ماحول کو صاف رکھنے کی تلقین کی ۔راجوری ضلع میں میونسپل کونسل کی جانب سے ایک صفائی مہم چلائی گئی جس میں متعدد کونسلروں کیساتھ ساتھ عام معززین نے بھی شرکت کی ۔اس دوران بولتے ہوئے میونسپل کونسل کے چیئر مین محمد عارف نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران میونسپل کونسل کونسلروں کی مدد سے 17وارڈوں میں کئی پروگرام منعقد کرئے گی تاکہ صفائی ستھرائی کیساتھ ساتھ اس عمل کیلئے مقامی لوگوں کو بھی بیدار کیا جاسکے ۔انہوں نے کہاکہ میونسپل کونسلر راجوری قصہ کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے ایک اہم رول ادا کررہے ہیں ۔میونسپل کونسل صدر نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ قدرتی ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اپنا رول ادا کریں ۔جموں وکشمیر کی دیگر جگہوں کی طرح منجا کوٹ تحصیل میں بھی گاندھی جینتی کے سلسلہ میں صفائی مہم چلائی گئی ۔ایس ڈی پی او منجا کوٹ تنویر جیلانی کی قیادت میں ایک صفائی مہم چلائی گئی جس کے دوران پولیس اہلکاروں نے مختلف جگہوں پر صفائی عمل میں لائی ۔اس موقعہ پر ایس ایچ او منجا کوٹ ہر میندر سنگھ ودیگر پولیس آفیسران بھی موجود تھے ۔مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائر سکینڈری سکول تھنہ منڈی کے بچوں اور اساتذہ نے آزادی کا امرت مہا اْتسو کے سلسلہ کے تحت ادارہ کے سرپرست خورشید احمد بسمل کی صدارت میں ایک پروگرام منعقد کیا جس میں سکول کے اساتذہ اور سینئرطلباء و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر ادارہ کے سرپرست خورشید احمد بسمل نے بچوں سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی گاندھی جینتی کے موقع پر سوچھتا ابھیان پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے ۔بابائے قوم مہاتما گاندھی کوبہترین خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے،خورشید بسمل نے اساتذہ، طلباء کو قومی اتحاد ، جذبہ ایثار اور صفائی ستھرائی کی اہمیت و افادیت پر سیر حاصل گفتگو کی اور سوچھ بھارت مشن کے تحت بچوں کو صفائی کے تئیں بیدار کیا۔اس کے علاوہ سب ڈویژن کے مختلف مقامات پر گاندھی جینتی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے بھی الگ الگ مقامات پر صفائی ابھیان چلایا گیا۔ اس دوران تھنہ منڈی پولیس نے ایس ایچ او تھنہ منڈی فرید احمد چوہدری کی سربراہی میں مختلف جگہوں پر صفائی کی گئی جن میں تحصیل کمپلیکس تھنہ منڈی، کورٹ،پولیس تھانہ تاور خوبصورت سیاحتی مقام دہرہ گلی میں بھی صفائی ستھرائی کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔
مہاتما گاندھی کی152 ویں سالگرہ کے موقع پر پونچھ ضلع میں صفائی مہم
حسین محتشم+بختیار کاظمی+جاوید اقبال
پونچھ// مہاتما گاندھی کے 152 ویں سالگرہ کے موقع پر پورے ملک کی طرح پونچھ میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں ۔اس حوالے سے ایک تقریب ضلع انتظامیہ پونچھ کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جسمیں بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چیئرمین تعظیم اختر ، ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت ، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ پروفیسر ایم ایچ شاہ، ڈی وائی ایس ایس او نے ایک سوچھتا ریلی کو جھنڈی دکھائی۔مقررین نے کہا کہ مذکورہ دن مہاتما گاندھی کی جانب سے ملکی آزادی کیلئے کی گئی جدو جہد کو یاد کرنے کے طورپر بھی منایا جاتا ہے ۔ڈی ڈی سی چیئرپرسن تعظیم اختر نے بابائے قوم مہاتما گاندھی اور سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا یہ دن ہمارے لئے گاندھی جی کی جدوجہد اور قربانی کو یاد کرنے کا موقع ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب کو ان کی تعلیمات، نظریات اور زندگی کی اقدار پر عمل کرتے ہوئے یہ عہد کرنا چائیے کہ ہم سب ان کے خوابوں کا ہندوستان بنانے کی کوشش کریں ۔اسی طرح بلاک ڈیولپمنٹ دفتر ننگالی میں بھی ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران صفائی ستھرائی کی مہم بھی چلائی گئی ۔کورٹ کمپلیکس پونچھ میں پرنسپل اینڈ سیشن جج اشوک کمار کی سربراہی میں تمام ججوں اور وکلاء نے آزادی کا امرت مہاتسو کے تحت صفائی مہم کو انجام دیا اور مہاتما گاندھی کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع ہیڈکوارٹر میں ضلع صدر انجینئر محمد رفیق چشتی کی سربراہی میں ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں مہاتما گاندھی کے اصولوں پر روشنی ڈالی گئی اور انہیں یاد کیا گیا۔ محکمہ میونسپل کونسل کی جانب سے ٹائون ہال میں ایک اعزازی پروگرام منعقد ہوا جس میں صفائی کرمچاریوں کی عزت افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا گیا۔گاندھی جینتی کے سلسلہ میں سرنکوٹ بس سٹینڈ پر صفائی مہم چلائی گئی جس کے دوران ایس ڈی ایم سرنکوٹ ودیگر آفیسرا ن نے بھی مہم میں شرکت کر کے مہاتما گاندھی کر خراج عقیدت پیش کیا ۔گاندھی جینتی کے سلسلہ میں مینڈھر قصبہ میں ایس ڈی ایم ڈاکٹر ساحل جنڈیال کی قیادت میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب کے بعد تحصیل کمپلیکس میں آفیسر موصوف کی قیادت میں ایک صفائی مہم بھی چلائی گئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی ۔ایس ڈی ایم مینڈھر نے تاجروں و عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں صفائی ستھرائی کے سلسلہ میں وہ اپنا رول اد اکریں تاکہ قدرتی ماحول کو آلودہ ہونے سے بچایا جاسکے ۔اس کے علاوہ بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر کی قیادت میں سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں ایک صفائی مہم چلائی گئی جس کے دووران ہسپتال کے ارد گرد نالیوں کی مکمل صفائی کی گئی ۔اس کے بعد سب ڈویژن کے بھمبر گلی علاقہ میں ایک صفائی مہم کے دوران محکمہ صحت ،جموں وکشمیر پولیس کے اہلکاروں وفوجی جوانوں کی جانب سے مشترکہ طور پر ایک صفائی مہم چلائی گئی ۔اس کے علاوہ مینڈھر پولیس سٹیشن میں تعینات اہلکاروں و محکمہ صحت کے سب سنٹر بھروتی میں بھی صفائی مہم چلائی گئی ۔
دہلواڑی میں یک روز ہ پہاڑی کنونشن
محمد بشارت
راجوری //راجوری ضلع کے دہلواڑی علاقہ میں یک روزہ پہاڑی کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں پہاڑی قبائل کے کئی معززین و نوجوانوں نے شرکت کی ۔اس کنونشن کے دوران مکینوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑی قبائل کیساتھ کئے گئے وعدوں کو جلدازجلد پورا کیا جائے تاکہ قبائل کے نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو سکے ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا نے اقتدار میں آنے سے قبل پہاڑیوں سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے گاتاہم ابھی تک اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس سے قبل آنے والی تمام حکومتوں نے پہاڑی قبائل کے جذبات کیساتھ کھلواڑ کی ہے لیکن لوگوں کو مودی حکومت سے کافی امیدیں وابستہ تھیں لیکن ابھی تک مذکورہ حکومت کی جانب سے بھی کوئی فلاحی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقررین نے کہاکہ حکومت 1989سے پہاڑی طبقہ کے لوگوں کیساتھ کھلواڑ کررہی ہے جس کی وجہ سے پہاڑی قبائل کے نوجوانوں کو مستقبل تاریک ہوتا دیکھائی دے رہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑی قبائل کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کی اقتصادی حالت بہتر ہوسکے ۔
ماڈل سکول کو بھیرہ سے کالابن منتقل کرنے کا معاملہ
ڈی ڈی سی رکن نے انتظامیہ کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل رکن مینڈھر بی کے انتظامیہ کی جانب سے ماڈل سکول کو بھیرہ سے دور افتادہ گائوں کالابن منتقل کرنے کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ایجوکیشن کی جانب سے عوامی مفاد کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کونسل ممبر انجینئر واجد بشیر خان نے یہاں جاری ایک بیان میں محکمہ ایجوکیشن کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کی جانب سے پہلے مذکورہ سکول کو مینڈھر قصبہ کے نزدیک بھیرہ گائوں میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ اس فیصلے کو سیاسی دبائو میں تبدیل کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع آبادی کو نقصان پہنچنے کا حدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ کالابن علاقہ میں پہلے سے ہی کافی تعداد میں پرائمری اور مڈل سکول قائم کئے گئے ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے مینڈھر تحصیل کیلئے ایک ماڈل سکول کو منظوری دی گئی تھی جبکہ اس کی تعمیر کیلئے بھیرہ گائوں کو منتخب کیا گیا تھا ۔ڈی ڈی سی نے کہاکہ جگہ کی نشاہدی کے سلسلہ میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کی جانب سے چیف ایجوکیشن آفیسر کو ایک تحریری نوٹس زیر نمبر DSEJ/P307/2021-22/31731-733dated20/9/2021 جاری کیا گیا تھا اور اس حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ سکول کی تعمیر کیلئے تحصیل کے مرکز میں کسی علاقہ کی نشاندہی کی جائے لیکن اب متعلقہ شعبہ کی جانب سے عوام کش فیصلہ کر کے سکول کو منتقل کر دیا گیا ہے ۔موصوف نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سکول کے منتقل کرنے کے فیصلے پر عوامی مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے روک لگائی جائے اور پہلے سے طے شدہ جگہ پر ہی تعمیر ات کا حکم جاری کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں بچوں کی رسائی ممکن ہو سکی ۔
کوٹرنکہ کی سڑکیں مسافروں کیلئے درد سر
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژںکوٹرنکہ میں رابطہ سڑکوں کی انتہائی خراب حالت کی وجہ سے عام لوگوں ،ٹرانسپورٹروں و مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ و محکمہ پی ایم جی ایس وائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑکوں کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے جبکہ مرمت و تعمیرات کے نام پر سالانہ لاکھوں روپے ہڑپ لئے جاتے ہیں ۔انہوں نے بتا یا کہ کوٹرنکہ سے جواہر نو ودیہ ودیالیہ کو جانے والی 2.8کلو میٹر سڑک گزشتہ 11برسوں سے عام لوگوں کیلئے مصیبت کا باعث بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے گرد نالیوں کاکوئی بندوبست ہی نہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی زمینیں و رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے ۔مقامی نائب سرپنچ محمد امین چیچی ،سرجیت سنگھ ٹھاکر ،شیراز احمد ودیگران نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے اپیلیں کی جارہی ہیں لیکن ابھی تک سڑک کی نالیاں ہی نہیں بنائی جارہی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ کی رابطہ سڑکوں کو معیاری بنانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
پونچھ قصبہ میں آوارہ کتوں کی دہشت
حسین محتشم
پونچھ// پونچھ کے صدر مقام پرآوارہ کتوں کی ایک بڑی تعداد بزرگوں و بچوں کیلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ ان کتوں کی تعداد پر کنٹرول کرنے کیلئے متعلقہ شعبہ کی جانب سے کوئی کام نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ایک معمر خاتون نے بتایا کہ وہ روزانہ آوارہ کتوں کی وجہ سے پریشان ہو جاتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سڑکوں، چوراہوں،اورپارکوں میں ہر طرف کتے کھڑے رہتے ہیں جو ان کو چلنے بھی نہیں دیتے اور کئی بار لوگوں کو کاٹ لیتے ہیں۔انہوں نے انتظامیہ سے آوارہ کتوںپر کنٹرول کرنے کی اپیل کی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ کچھ عرصہ میں کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے چھوٹے بچوں کو گھروں سے باہر نکلنے میں مسائل کا سامنا کرناپڑتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ کتوں پر کنٹرول کیاجاسکے ۔
سرحدی علاقوں کی عوام پی ایم اے وائی سکیم کا فائدہ نہ اٹھا سکے
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ ضلع کے سرحدی گائوں دیگوار کے غریب اور بے سہارا افراد نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کو پی ایم وائی سکیم کے زمرے میں لانے کیلئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے بنائی گئی فہرستوں میں مذکورہ علاقہ کے مستحقین کو شامل ہی نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے وہ ابھی بھی بوسیدہ گھروں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔منشاہ بی نامی ایک مقامی خاتون نے بتایا کہ اگرموجودہ سرکار کے دوران غریبوں کو ایم جی نریگا ،پی ایم اے وائی وغیرہ سکیموں کے زمرے میں نہیں لایا گیا تو اس کے بعد کسی سے کوئی امید نہیں رکھی جاسکتی ۔انہوں نے کہاکہ حکومت سرحدی علاقوں میں تعمیر وترقی کے سلسلہ میں کئی نعرے لگا رہی ہے لیکن زمینی سطح پر کوئی بھی کام نہیں کیا گیاہے ۔سرحدی علاقوں کے مکینوں نے محکمہ دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو کسی بھی مرکزی سکیم کے زمرے میں لانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی علاقوں کے مکینوںکو پردھان منتری اواس یوجنا کے زمرے میں لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔
ساوجیاں ہائر سکینڈری میں شمسی توانائی کے پلانٹ کا افتتاح
حسین محتشم+عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے ماڈل ہائر سکینڈری سکول میں میں پانچ کلو واٹ شمسی توانائی پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر جوائنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم سید زبیر حسین شاہ مہمان خصوصی تھے۔ان کے ہمراہ تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان پرنسپل انور خان اور نائب تحصیلدار ساوجیاں اور عبد الرؤف چوہدری بھی موجود تھے۔اس شمسی توانائی پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ڈائریکٹر ٹریننگ نے کہا کہ اس پلانٹ کے چلنے سے سکول کے اندر بجلی کی ضرورتوں کو پورا کیا جا سکے گا جس سے نہ صرف صرف طلباء بلکہ سکول کا سٹاف بھی مستفید ہوگا۔انہوں نے کہااس سے آن لائن کلاس کی تیاری کیلئے ایک پلیٹ فارم میسر کیا گیا ہے۔ سکول کے پرنسپل انور خان نے بتایا کہ اس شمسی توانائی پلانٹ سے سکول میں پہلے سے موجود انفارمیشن ٹیکنالوجی لیبارٹری کو زیادہ موثر ڈھنگ سے چلایا جاسکے گا۔انہوں نے بتایا کہ اس پاور پلانٹ سے سکول کی پوری عمارت میں ناصرف روشنی کا بندوبست ہوگیا ہے بلکہ سکول کے اندر نصب شدہ کمپیوٹرز کو بھی بروئے کار لایا جا سکے گا جو پہلے بجلی کی کمی کی وجہ سے اپنی پوری طرح استعمال نہیں ہو سکتے تھے۔ تحصیلدار منڈی شہزاد لطیف خان نے کہا کہ وہ توانائی کے متبادل ذرائع جیسے شمسی توانائی کی طرف دھیان دیں کیونکہ روایتی ذرائع جہاں کم ہوتے چلے جارہے ہیں وہیں وہ ماحول میں آلودگی کا سبب بھی بنتے ہیں۔اس دوران گاندھی جینتی کے حوالے سے ایک خصوصی گفتگو بھی کی گئی اور یہ عہد کیا گیا کہ اپنے اردگرد اور معاشرے میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
’نشے سے نئی نسل کو کیسے بچایا جائے‘
اسلامک انٹر نیشنل اکیڈمی میں سیمینارکا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ //علامہ انور شاہ کشمیری اسلامک انٹرنیشنل اکیڈمی پونچھ کی زیر نگرانی نشے سے اپنی نسل کو کیسے بچائیں کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد گیا جس کی صدارت ایڈیشنل ایس پی پونچھ لیاقت کالس کررہے تھے ۔اس پروگرام میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی، الحاج جہانگیر حسین میر سابق ڈپٹی چیئرمین قانون ساز کونسل، چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ عبدالمجید، الحاج بشیر احمد خاکی ریٹائرڈ نائب تحصیلدار، جہانگیر خان سی ڈی پی او پونچھ، ڈاکٹر سرفراز میر علیگ چیئرمین سر سید ایجوکیشن مشن پونچھ، پردھان سردار نریندر سنگھ، سردار سورجن سنگھ، ڈاکٹر سکھوندر سنگھ،جمیل احمد کوہلی بی ڈی سی ممبر، سول سوسائٹی کی معزز شخصیات، اکیڈمی کی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے معزز افراد نے شرکت کی۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ لیاقت کالس اور دیگر مقررین نے نشے کے نقصانات پر اہم گفتگو کی۔اس دوران ادارے کے طلباء وطالبات نے انگریزی، اردو اور ہندی زبانوں میں مختصر پروگرام پیش کیا۔تقریب کے دوران کورونا ایس اوپیز کا خیال رکھتے ہوئے پچیس افراد پر مشتمل افراد کو دعوت دی گئی تھی جس میں نشے سے اپنے آپ و اہل خانہ اور اپنے علاقے کو پاک کرنے اور نشے میں ملوث افراد کو حکمت عملی کے ساتھ سمجھانے اور ان کو راہ راست پر لانے کی محنت کرنے کا عہد کیا گیا۔
منڈی کا چکھڑی علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کا علاقہ چکھڑی اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑریا ہے ۔4000 سے زائد آبادی والے اس علاقہ کی عوام بجلی ،پانی اور بہتر تعلیمی نظام سے محروم ہیں ۔پنچایت چکھڑی کی متعدد وارڈیں ایسی ہیں جن میں آج تک بجلی کا بلب بھی نہیںجبکہ راشن لینے کیلئے یہاں کی عوام کو دس کلو میٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ اگر چہ سرکار کی جانب سے اس علاقہ میں ایک مڈل اور ایک پرائمری سکول کا قیام کیا گیا ہے مگر ان سکولوں میں بچوں کو پڑھانے کیلئے تعینات ملازمین کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے نظام تعلیم بھی متاثر ہورہا ہے ۔سرپنچ چکھڑی پیر محمد یاسین نے بتایا کہ مذکورہ پسماندہ علاقہ میں عوام کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات کی قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے جبکہ عوامی مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں بھی لایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک سے 10کلو میٹر کی دوری پر ہونے کی وجہ سے مذکورہ گائوں یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں چار سو ایسے کنبے ہیں جہاں پر بجلی جیسی بنیادی سہولیات ہی فراہم نہیں ہیں ۔پنچایتی اراکین نے بتایا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعلیم کیساتھ ساتھ لوگوں کے دیگر معاملات پر بھی اثر پڑتا ہے ۔مقامی سرپنچ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تعلیمی اداروں میں ٹیچروں کی مبینہ غیر حاضری طلباء کی پڑھائی کو متاثر کررہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پرائمری سکول ناگا ناڑی میں تعینات ٹیچر اکثر غیر حاضر رہتے ہیں جبکہ محکمہ کی جانب سے ایک ٹیچر کو دوسرے سکول میں اٹیچ بھی کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں معیاری طبی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو دیگر علاقوں میں قائم کر دہ ہسپتالوں میں در بدر ہونا پڑتا ہے ۔مکینوں وپنچایتی اراکین نے ضلع انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پسماندہ گائوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
جنگلات تحفظ کمیٹی از سر نو تشکیل دینے کا مطالبہ
مکینوں کا محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی اراکین کیخلاف احتجاج
عشرت حسین بٹ
منڈی// لورن بلاک کی پنچایت تانترے گام کے مکینوں نے فارسٹ رائٹ ایکٹ کمیٹی کی دوبارہ تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے محکمہ دیہی ترقی و مقامی پنچایتی اراکین کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔چوہدر ی محمد شفیع کی قیادت میں احتجاج کے دوران مظاہرین نے کہاکہ الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی میں قبائلی طبقہ کو مناسب نمائندگی ہی نہیں دی گئی ۔بشیر احمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ ہر ایک جگہ پر قاعدہ کے تحت کمیٹی میں دس اراکین کو شامل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ اس میں قبائلی طبقہ کی نمائندگی کے سلسلہ میں بھی قاعدہ بنایا گیا ہے لیکن مذکورہ کمیٹی میں قبائلی افراد کو قاعدہ کے مطابق شامل ہی نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گوجر طبقہ کو انتظامیہ نے یکسر نظر انداز کرتے ہوئے محض 4ممبران کو ہی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ حکام سے متعدد مرتبہ رابطہ کرنے کے بعد بھی اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھایاگیا ہے ۔اراکین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کو منسوخ کر کے از سر نو تشکیل دینے کا حکم جاری کیا جائے ۔
نجی سکول ایسوسی ایشن کی منڈی میں میٹنگ
منڈی //نجی سکول ایسوسی ایشن پونچھ کے اراکین نے منڈی میں ایک اجلاس کا اہتمام کیا جس میں پونچھ اور تحصیل منڈی کے نجی سکولوں کے متعدد ذمہ داران نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت سبکدوش زونل ایجوکیشن آفیسر میر محمد میر کررہے تھے۔ اس دوران پرنسپل ہائی سکول جامعہ ضیاالعلوم پونچھ وحید احمد بانڈے پرنسپل سنت میلا ہائی سکول پونچھ نہار سنگھ ،پرنسپل اندرا میموریل ہائی سکول پونچھ راکیش پوری ،عظیم ملک پرنسپل ضیاء اکیڈمی پونچھ ،معشوق احمد پرنسپل ماڈرن پبلک ہائی سکول چنڈک ،مقبول مخلص پرنسپل مدنی ایجوکیشن ٹرسٹ پونچھ کے علاوہ جامعہ فیض القران منڈی کے پرنسپل اسحاق احمد ملک، اقراء اکیڈمی کے پرنسپل مولانا بشیر احمدکے علاوہ دیگراراکین نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران نجی سکولوں کے مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اراکین نے کہاکہ اس وقت ڈائر یکٹر سکول ایجوکیشن میں فائلیں طلب کی جارہی ہیں تاہم اس وقت فائلیں مرتب کر کے جمع کروانا مشکل عمل ہے کیونکہ سکولوں میں کووڈ کی وجہ سے عملہ ہی موجود نہیں ہے ۔ پرنسپل ہائی سکول جامعہ ضیاالعلوم پونچھ ودیگران نے حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ نجی سکولوں کو مشکلات حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے لورزامات کے سلسلہ میں چھوٹ دی جائے ۔
خواتین کا دریا برد ہونے کا معاملہ
تلاشی کے دوران دوسری لاش بھی بازیاب
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع میں حکام کی جانب سے گزشتہ دنوں دریائی ریلے میں بہہ جانے والی دوسری خاتون کی لاش کو بھی باز یاب کروالیا گیا ہے ۔گزشتہ دنوں ضلع میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے ضلع کے سرحدی علاقہ میں ماں بیٹی دریائی ریلے کا شکار ہوگئی تھی جن کی شناخت گلزار بی عمر 55برس زوجہ محمد اکبر اور اس کی بیٹی مقصودہ بی عمر 35برس کے طورپر ہوئی تھی ۔گلزار بی کی لاش کو جمعہ کے روز ہی باز یاب کروالیا گیا تھا جبکہ مقصودہ بی کی لاش کو سنیچر کے روز باز یاب کرلیا گیا ہے ۔ضلع انتظامیہ کے ایک اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ پولیس و ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کی جانب سے دریا میں تلاشی آپریشن مسلسل جاری رکھا گیا تھا جس کے دوران دوسری لاش کو بھی باز یاب کر لیا گیا ہے ۔پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے لاش کواہل خانہ کے حوالے کر دیا ہے ۔
کنڈی سڑک حادثے میں 2زخمی
راجوری //راجوری ضلع کے کنڈی سراں علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے کے دوران دوافراد زخمی ہوگئے ۔سب ڈویژن کوٹرنکہ میںپیش آئے حادثے کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK11D-3775کو کوٹرنکہ کنڈی سڑک پر چلتے ہوئے پیش آئے ایک حادثے میں مذکور ہ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ موٹر سائیکل کی زد میں ایک عام راہگیر آنے کی وجہ سے حادثہ پیش آگیا ۔زخمی ہونے والوں کی شناخت ممتاز احمد ولد محمد شبیر اور محمد اسلم ولد لعل دین کے طورپر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ دنوں زخمیوں کو کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی میں داخل کروا کر مزید کارروائی بھی عمل میں لائی جارہی ہے ۔
بھاجپا کارکنوں نے خون کا عطیہ دیا
راجوری //بھاجپا کارکنوں کی جانب سے راجوری ضلع میں گاندھی جینتی کے سلسلہ میں خون کا عطیہ دیا گیا ۔اس سلسلہ میں گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں ایک صفائی مہم بھی چلائی گئی جس کے دوران کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔صفائی مہم کے دوران بھاجپا کارکنوں نے میڈیکل کالج کے بلڈ بینک میں جا کر خون کا عطیہ دیا ۔اس دوران بولتے ہوئے کارکنوں نے بتایا کہ گاندھی جینتی کے موقعہ پر انسانیت کی خدمت کے سلسلہ میں انہوں نے خون کا عطیہ دیا ہے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس وویک گپتا ،پرنسپل میڈیکل کالج راجوری برج موہن گپتا ،میڈیکل سپرنا ٹینڈ نٹ ڈاکٹر محمود بجاڑبھاجپا ضلع صدر راجندر گپتا ودیگران بھی موجود تھے ۔
تھنہ منڈی میں سوچھتا ابھیان اختتام پذیر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ڈاک بنگلہ تھنہ منڈی میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر کی صدارت میں آزادی کا امرت مہا اتسو پروگرام کے تحت تھنہ منڈی میں صفائی مہم کے سلسلہ میں ایک شاندار پروگرام کا انعقادکیا گیا۔ اس پروگرام میں تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ مہمان خصوصی تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے تحت تھنہ منڈی میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے اور صفائی ابھیان کی کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کیلئے صفائی ابھیان کا سلسلہ جاری رہا جس کا گزشتہ روز آخری دن تھا۔ اس صفائی ابھیان کوتحصیل انتظامیہ ، سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ ای او محمد قاسم چوہدری اور سنٹری انسپکٹر حاجی محمد بشیر چوہدری کی نگرانی میں ہونے والے اس پروگرام میں چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر، ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر فرید احمد چوہدری، تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ، کونسلر الحاج محمد اقبال رینہ ، کونسلر سردار شوکت حسین، کونسلر مشتاق احمد ٹھاکر، کونسلر حاجی عبدالحمید ، کونسلر محمد یونس خان اور میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے تمام ملازمین کے علاوہ تحصیل انتظامیہ ، سول سوسایٹی اور سیاسی و سماجی ورکروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں ، معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی نے کہا کہ ہفتہ بھر پورے قصبہ کو صاف ستھرا اور آلودگی سے پاک بنانے کیلئے بہتر اقدامات پر مکمل تعاون کیلئے سب کا شکریہ ادا کیا۔
پتراڑہ سے مشکوک حالت میں لاش برآمد
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے پتراڑہ علاقہ سے مشکوک حالت میں ایک شخص کی لاش بر آمد ہوئی ۔معاملہ کی اطلاع موصول ہونے کیساتھ ہی منجا کوٹ پولیس سٹیشن سے پولیس کی ایک ٹیم نے موقعہ پر جاکر لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پرائمری ہیلتھ سنٹر منجا کوٹ منتقل کر دیا ۔پولیس نے بتایا کہ انہوں نے لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ مرنے والے کی شناخت نظیر حسین ولد محمد حسین سکنہ درابہ سرنکوٹ کے طورپر ہوئی ہے ۔اہل خانہ نے بتایا کہ مذکورہ شخص دل کی مختلف بیماروں میں مبتلا ہے جبکہ انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس کی موت حرکت قبل بند ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔