نوگام سرینگر کے متصل ٹرین حادثہ
۔16 سالہ پونچھ کی لڑکی کچلی گئی
بڈگام//ارشاد احمد//نوگام ریلوے اسٹیشن سرینگر کے قریب ٹرین کے ایک المناک حادثہ میںپونچھ کی ایک جواں سال لڑکی ٹرین کے نیچے کچلی گئی۔عینی شاہدین کے مطابق آری باغ مانچھواہ کے درمیان 162کلو میٹر کی جگہ پر 16سالہ شکیلہ اختردختر غلام محمد ماگرے ساکن بلنوائیمنڈی ضلع پونچھ شام 6بجکر 10منٹ پرریل کی پٹری سے گزر رہی تھی کہ اسی دوران بانہال سے بارہمولہ جانے والی ٹرین کی زد میں آکر کچل ڈالی گئی۔وہ موقعہ پر ہی دم توڑ گئی۔اس موقع پر ریلوے پولیس اسٹیشن نوگام میں واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش پسماندگان کے سپرد کردی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ لڑکی کا بھائی اسی رلاقے میں مقامی مسجد شریف میں امامت کے فرائض انجام دیتا ہے اور اسکی بہن شام کے وقت ریل پٹری کی طرف ٹہلنے کیلئے گئی ہوئی تھی۔
سرینگر جموں شاہراہ پربھاری ٹریفک جام
محمد تسکین
بانہال//سرینگرجموں شاہراہ پربھاری ٹریفک کی وجہ سے ناشری اور بانہال فورلین ٹنل کے آرپار ٹریفک جام کا سلسلہ پچھلے کئی روز سے وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ سنیچرکو بھی بانہال اور فورلین ٹنل کے آر پار بھاری ٹریفک کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا، تاہم دوپہر بعد ٹریفک جام میں کمی واقع ہوئی۔ٹریفک پولیس ذرائع نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ خانہ بدوشوں کی نقل و حرکت اور بھاری ٹریفک کی وجہ سے شاہراہ کے کئی مقامات پر ٹریفک جام رہا تاہم دوپہر بعد اس پر قابو پایا گیا۔
شوپیان تیز آب حملہ
ملزم 3روز بعدگرفتار
شوپیان//شوپیان پولیس نے لڑکی پر تیز اب سے حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ 5اکتوبرکو تھانہ کیلر شوپیاں کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ ایک شخص وسیم علی شاہ ولد علی محمد شاہ آدو کیگام نے ایک لڑکی پر تیزاب سے حملہ کیا ، جس کے نتیجے میں لڑکی کے جسم پر زخم آئے اوراُسے علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ۔تھانہ پولیس کیلر شوپیان نے اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آر نمبر84/2021، خلاف درج کرکے تحقیقات شروع کی اور ملزم جوروپوش تھا، کی تلاش شروع کی۔پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور آج اس کی موجودگی سے متعلق مخصوص معلومات ملنے پر شوپیان پولیس کی ٹیم نے مخصوص جگہ پر چھاپہ مارا اورملزم کو گرفتار کیا۔
مغل باغات کاتحفظ
۔6رکنی پروجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل
بلال فرقانی
سرینگر//حکومت نے مغل باغات شالیمار اور نشاط باغ کی بحالی کے لیے تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کے لئے 6رکنی پروجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کو تشکیل دیاہے اور اس کی کمان محکمہ پھولبانی و باغات کے کمشنر سیکریٹری کو سونپی گئی۔ سرکار کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیاہے’’ مغل باغات نشاط و شالیمار کے تحفظ اور ترقی کے کاموں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے میسرز جندال اسٹیل ورکس فاؤنڈیشن کے ساتھ بین محکمانہ تعاون کیلئے باہمی مفاہمت کے لحاظ سے پروجیکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی ہے‘‘۔اس کمیٹی کی کمان محکمہ پھولبانی،باغات و پارکوں کے کمشنر سیکریٹری کو سونپی گئی ہے،جبکہ6رکنی کمیٹی میں محکمہ ثقافت کے نمائندے جو ایڈیشنل سیکریٹری سے کم رتبے کے نہ ہو، کے علاوہ جنڈل سٹیل ورکس کے چیف ایگزیکٹو افسر اشونی سکسینہ،پروجیکٹ منیجمنٹ کے ماہر سندیپ گوکھلے، ڈائریکٹرآثار قدئمہ و عجائب گھر اور کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کے سربراہ پروفیسر محمد یوسف گنائی ممبران کے طور پر کام کریں گے۔ عمومی انتظامی محکمہ کے کمشنر سیکریٹری کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ اس کمیٹی کو پروجیکٹ کے ہموار اور بروقت کام کو آسان بنانے اور بین محکمانہ اور بین سرکار تال میل ، مقامی اور قانونی اداروں اور انتظامیہ سے منظوری کے لیے تمام ضروری معاونت میں مدد فراہم کرنا ہے۔ آرڈر کے مطابق کمیٹی ابتدائی تشخیصی رپورٹوں کے ساتھ ساتھ تحفظ کے منصوبوں (تفصیلی پروجیکٹ رپورٹس) کا جائزہ لے گی تاکہ ترجیحات ،وقت کا تعین اور کاموںکو ترتیب دیا جاسکے جو عملدرآمد کے لیے طریقہ کار کی نشاندہی کرے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ 6 رکنی کمیٹی پروجیکٹ پر کئے جانے والے کاموں کی رپورٹس میں پیش کردہ معیارات اور طریقہ کار کے مطابق نگرانی کرے گی۔
منتخب عوامی نمائندوں کی تکریم کی ہدایت
سرینگر// بلال فرقانی//حکومت نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی اداروں کے نمائندوں کو معقول’ پروٹوکول‘ فراہم کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کے دائرے حدود میں آنے والے سرکاری تقاریب اور میٹنگوں میں انہیں مدعو کرے۔ سرکاری سرکیولر میں کہا گیا کہ 73 ویں اور 74 آئینی ترمیم کے نفاذ کے تناظر میںعوام کے منتخب نمائندوں کو تمام سرکاری دفاتر میں مناسب طریقے سے’ پروٹوکول‘ فراہم کرنا لازمی ہے۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سمت میں پہلے ہی متعدد محکموں نے کئی ہدیات اور ایڈ وائزری جاری کیں،تاہم اس کے باوجود بھی ان عوامی نمائندوں کے پرو ٹوکول میں مسلسل طور پر خلل پڑ رہا ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری سرکیولر کے مطابق جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے تمام متعلقہ افسران وعہدیداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ ان نمائندوں کو ان کے پروٹوکول کے حوالے سے سرکاری دفاتر میں ترجیحی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے،جبکہ اس بات کو کو یقینی بنایا جائے کہ ان عوامی نمائندوں کو ان کے دائرہ اختیار میں منعقدہ تقاریب و میٹنگوں ،جہاں پر یہ نمائندے متعلقین کی حیثیت رکھتے ہیں،میں مدعو کیا جائے۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے کہ ان عوامی نمائندوں کے دائرے حدود میں آنے والے علاقوں میں کسی اہم شخصیات کے دورے کے دوران بھی انہیں مدعو کیا جائے۔
۔13اسسٹنٹ ایگزیکیٹوانجینئر،انچارج ایگزیکیٹوانجینئر بنائے گئے
بلال فرقانی
سرینگر// حکومت نے محکمہ تعمیرات عامہ میں13انچارج اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئروں کی انچارج ایگزیکٹو انچارج کے طور تعیناتی کو منظوری دی ہے جبکہ42 انچارج ایگزیکٹوں انجینئروں کی تقرریاں عمل میں لائی۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ شیلندر کمار کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ان اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئروں کو اپنے ہی گریڈ اور تنخواہوں پر انچارج ایگزیکٹو انجینئروں کی ذمہ داری ان اسامیوں کو پُر ہونے تک سونپی گئی۔ ان انجینئروں میں ریاض احمد، شبیر احمد وید، سریندر کمار،فسٹ،وریندر شرما، دیپک کول، دنیش کمار نائر، کیول کمار، رومیش کمار، تلک راج، نریندر شرما، راجیش کمار اگستام،رام لال اور شوکت علی شامل ہیں۔ آرڈر میں اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ ذمہ داریاں سونپنے کے بعد اس بنیاد پر انہیں ترقیوں کے مطالبے کا کوئی حق نہیں ہوگا۔سرکاری آرڈر میں کہا گیا کہ ان اسسٹنٹ ایگزکیٹوں انجینئروں کو انچارج ایگزیکٹو انجینئروں کی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے بعد کئی انچارج ایگزیکٹوانجینئروں کی تقریاں عمل میں لائی گئیں۔ آرڈر کے مطابق ریاض احمد کو محکمہ پھولبانی سے جے کے پی سی سی سرینگر ڈویژن، شبیر احمد وید کو جے کے پی سی سی سے مغل روڑ پروجیکٹ،وریندر شرما کو ریو سے تبدیل کرکے محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج کے ماتحت دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ دیپک کول کو ریو سے جے کے پی سی سی، دنیش کمار نائر کومحکمہ تعمیرات عامہ سامبا سے جے کے پی سی سی، کیول کمار آرتی کو محکمہ تعمیرات عامہ سامبا سے محکمہ تعمیرات عامہ کنسٹریکشن ڈویژن فسٹ جموں،رومیش کمار کو محکمہ تعمیرات عامہ رام بن سے محکمہ سیاحت، تلک راج کو محکمہ تعمیرات عامہ نوشہرہ سے شہری ترقی و مکانات،نریندر کمار کو جے ٹی آر ایف سے اکنامک ریکنسٹرکشن ایجنسی،اشونی کمار کو آر اینڈ بی سامبا سے آر اینڈ بی ڈویژن کٹرہ،رام لال کو پی ایم جی ایس وائی سے شہری ترقی و مکانات، شوکت علی کو پی ایم جی ایس وائی راجوری سے مغل روڑ پرجیکٹس،نثار احمد لالہ گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی سے محکمہ تعمیرات عامہ پلوامہ اور نذیر احمد شاہ کو محکمہ تعمیرات عامہ سپیشل ڈویژن گریز سے چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی کے ٹیکنکل افسر کے طور تقرری عمل میں لائی گئی۔ محمود احمد کو ایس ایم اے جی آر اے اسکول ایجوکیشن محکمہ سے پی ایم جی ایس وائی پونچھ، دیوندر سنگھ کو جے کے سپورٹس کونسل سے محکمہ دیہی ترقی،بشارت حسین کو مغل روڑ پروجیکٹس سے محکمہ داخلہ،محمد اعجاز مبارکی کو ایل آر سی آر سے محکمہ سیاحت،فیاض احمد میر کو آر آر سی آر سے سپورٹس کونسل، سریشن کمار کو پی ایم جی ایس وائی ڈوڈہ سے پی ایم جی ایس وائی ٹھاٹری،سنجیو کمار گپتا کو محکمہ تعمیرات عامہ کٹرہ سے محکمہ تعلیم،راجندر کمار گپتا کو ریو کھٹوعہ سے وشنو دیوی شرائن بورڈ، فاروق احمد کو محکمہ تعمیرات عامہ سمبل سے سپیشل ڈویژن گریز، غلام حسن بٹ کو جے کے پی سی سی سے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی،سید اعجاز احمد کو محکمہ تعمیرات عامہ وائلوں سے محکمہ تعمیرات عامہ کنسٹریکشن ڈویژن اسکینڈ سرینگر اور محمد محبوب کو آر یو ایس ائے،محکمہ تعلیم سے محکمہ تعلیم میں تقرری عمل میں لائی گئی۔پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ کے شیلندر کمار کی جانب سے جاری حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ الطاف احمد شیخ کو محکمہ تعمیرات عامہ وائلوں سے پی ایم جی ایس وائی کولگام، راجیش کمار ملہوترا کو جے کے پی سی سی سے محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن چھاتروں،مشتاق احمد میر کو سٹی روڈس سرینگر سے ایس ایم سی،افتخار احمد درویش کو محکمہ تعمیرات عامہ پلوامہ سے محکمہ دیہی ترقی،پرویز احمد کو ڈی آئی کیو سی سرینگر سے محکمہ شہری ترقی و مکانات،رویندر کول کو محکمہ تعمیرات عامہ جموں سے محکمہ شہری ترقی و مکانات،ونود سبھروال کو جے کے پی سی سی جموں سے محکمہ سیاحت اور ابراہیم احمد حلیم شیر وانی کو محکمہ تعمیرات عامہ کنسٹریکشن ڈویژن اسکینڈ سرینگر سے آر آر سی آر ڈویژن اسکینڈ میں بطور انچارج ایگزیکٹو انجینئروں کے طور پر ذمہ داری سونپی گئی۔آرڈر کے مطابق اشتیاق حسین کو محکمہ تعمیرات عامہ پلوامہ سے محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن سمبل، راکیش صراف کو ہارٹی کلچر،ایم اینڈ ایم سے محکمہ اعلیٰ تعلیم،مشتاق احمد بژھ کو لینڈ سکیپ ڈویژن سرینگر سے محکمہ تعلیم اور ابراہیم الحق کو پی ایم جی ایس وائی بڈگام سے پی ایم جی ایس وائی بارہمولہ، عبدالحمید بابا کو پی ایم جی ایس وائی گاندربل سے پی ایم جی ایس وائی،احتشام الدین کو جے کے پی ڈی سی سے جے کے پی سی سی اور عبدالمنان دیوا کو ہارٹی کلچر،پی اینڈ ایم سے ایل آر سی آر ڈویژن سرینگر میں بطور انچارج ایگزیکٹو انجینئر کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ انجینئر فردوس احمد جو فی الوقت طبی رخصت پر تھے کو محکمہ تعمیرات عامہ کے چیف انجینئر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سوپور کے کمسن کی نعش ہنوز بازیاب نہیں ہوئی
۔27روز قبل غرقآب ہوا تھا، والدین پریشان
غلام محمد
سوپور //شمالی قصبہ سوپور میں 27روز قبل غرقآب ہوئے کمسن لڑکے کی نعش دریائے جہلم سے ابھی تک بازیاب نہیں کی گئی جس کے نتیجے میں مذکورہ بچے کے والدین اورعزیز و اقارب تشویش میں مبتلا ہیں ۔غرقآب ہوئے کمسن کے والد طارق احمد باتھوں ساکن مہاراجپوہ سوپورنے بتایا کہ 12ستمبر 2021کو اس کا 12سالہ فرزندسلمان طارق نہانے کے دوران دریائے جہلم میں غرقآب ہوگیا ۔ انہوں نے بتایاکہ24روز سے اس کی نعش بازیاب نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لخت جگر کی بازیابی کیلئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ ایس ڈی آر ایف اور نیوی کے اہلکاروں نے پہلے کچھ دنوں تک بچائو کارروائی جاری رکھی تاہم بعد میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر انہوں نے یہ آپریشن بند کر دیا ۔طارق احمد کے مطابق27روز گزرنے کے بعد بھی میرے لخت جگر کی نعش دریائے جہلم سے بازیاب نہیں ہوئی۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے ایک بار پھر اپیل کی اُس کے لخت جگر کی نعش کو بازیاب کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔
عرس خواجہ نقشبندصاحبؒ
مولانا قانونگو، مولانا اخضر اورنیشنل کانفرنس لیڈران کی مبارکباد
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے حضرت خواجہ نقشبند صاحبؒ کے عرس مبارک پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خواجہ نقشبند صاحبؒ کی تعلیم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت نقشبند صاحبؒ کی تعلیمات انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہیں۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر اور معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال اور سینئر لیڈر میاں الطاف احمد نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔ادھر انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور انجمن علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین نے حضرت خواجہ نقشبند صاحبؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلسلہ نقشبندیہ احیائے سنت کمالات علمی و روحانی میں ندامت حاصل ہونے کی تحریک ہے۔ انہوں نے الگ الگ بیانات میںکہا کہ حضرت نقشبند صاحبؒ نے استقامت، وقت کی قدر و قیمت، فکری ذہن کو انتشار سے حفاظت اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق ، اخلاقی عروج و خدمت خلق کی تربیت ِ ملت فرمائی۔بیان کے مطابق پابندی نہ ہونے کی صورت میں خانقاہ نقشبندیہ خواجہ بازار میں آج تا عشاء سیرتی تقریب ہوگی۔
پارمپورہ آتشزدگان کی بازآبادکاری جنگی بنیادوں پر کی جائے: ڈاکٹر فاروق
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارمپورہ میں آگ کی ہولناک واردات پر زبردست دکھ کا اظہار کیا ہے اور حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرین کی بازآبادکاری جنگی بنیادوں پر کی جائے۔ دریں اثناء پارٹی لیڈر بٹہ مالو عرفان احمد شاہ نے پارمپورہ جاکر متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور محکمہ مال کے دیگر حکام سے اپیل کی کہ متاثرین کی فوری بازآبادکاری کے علاوہ ان کے قیام و طعام کا بندوبست کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں سے بیشتر کنبے پہلے ہی پسماندہ تھے اور ہولناک آگ نے انہیں مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ شاہ نے صاحب ثروت لوگوں سے بھی اپیل کی کہ آتشزدگان کی اعانت کیلئے آگے آئیں۔
ذہنی صحت کا عالمی دن
ضلع ہسپتال بانڈی پورہ میں ورکشاپ کا اہتمام
عازم جان
بانڈی پورہ//ضلع ہسپتال بانڈی پورہ نے ضلع لیگل سروسز اتھارٹی کے اشتراک سے ذہنی صحت کے عالمی دن پر ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا۔آزادی کا امرت مہا اتسو کے تحت اس ورکشاپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ظہور احمد میر ،چیئرمین ڈسٹرکٹ و لیگل سروسز اتھارٹی وپرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ابراہیم وانی ،سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی (سب جج) فارقہ نذیر، سپرانٹنڈنٹ ہسپتال ڈاکٹر شیخ مشتاق ورکشاپ میں موجود تھے ۔ بانڈی پورہ کے معروف فزیشن ڈاکٹر پرویز ،میونسپل کونسل کے چیف ایگزیکٹو ولی محمد اوردیگر افسران نے خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کی ۔اس موقع پر مقررین نے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وترہیل بڈگام میں پولیس پبلک میٹنگ
پانی ، بجلی اور ٹریفک جیسے مسائل پر بات چیت
سید اعجاز
ترال//گورنمنٹ ڈگری کالج ترال میں’گاندھی اینڈ گلو بل پیس ‘کے موضوع پر ایک روزہ سمینار منعقد کیا گیا ۔ سمینار کا آغاز پروفیسر اسحاق احمد وانی ہیڈ شعبہ انگریزی نے تعارفی کلمات سے کیااور شعبہ فزیکس کے پروفیسر شکیل احمد کھانڈے نے افتتاحی خطاب کیا۔تکنیکی سیشن میں طلباء نے بہت معلوماتی اور متاثر کن مقالے پیش کئے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گاندھی کی تعلیمات موجودہ دور کے تنازعات سے دوچار عالمی مسائل کا ایک قابل عمل حل ہے۔سمینار میں پروفیسر سیدہ لیلیٰ خالد نے مہاتماگاندھی کی لکھی ہوئی مختلف کتابوں پر روشنی ڈالی۔ کالج کے پرنسپل پروفیسر (ڈاکٹر) محمد فاروق میر نے طلباء کو ان کی شاندار کار کردگی کے لیے سراہا اور اس طرح کے سمینار منعقد کرنے پرشعبہ انگریزی کو مبارکباد دی۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر مختار احمد ڈار نے انجام دی اور شکریہ کی تحریک ڈاکٹر سومیہ فردوس نے پیش کی۔ادھر کالج میں شعبہ زالوجی نے این ایس ایس کے اشتراک سے وائلڈ لائف ہفتہ کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی جس میں کالج کے طلباء اور عملے کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شعبہ کے سربراہ نے بتایا کہ ہفتہ بھر کی سرگرمیوں کا آغاز 5اکتوبر 2021کے سیشن سے ہوا۔طلباء نے وائلڈ لائف کے تحفظ کی ضرورت کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔
قندوزحملہ افسوسناک
آغا حسن کی مذمت
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے صدرآغا سید حسن نے افغانستان کے صوبہ قندوز کی ایک شیعہ مسجد میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس سانحہ میں جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد شفا یابی کے لئے دعا کی ۔آغا حسن نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد جنگ سے تباہ حال ملک میں کئی قوتوں کے درمیان ایک نئی سیاسی کشمکش کا آغا ز ہو چکا ہے، مایوس قوتیں وہاں دہشت گردوں کو منظم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سانحہ کو اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہئے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان کی نئی قیادت ایسے سانحات کا سخت نوٹس لیکر وہاں مذہبی اور مسلکی اقلیتوں کے تحفظ کویقینی بنائے گی ۔