لداخ میں کووِڈ19-کے 3 نئے کیس
لیہہ//لداخ میں جمعہ کو کوروناوائرس کے تین مریض پائے گئے اور اس طرح خطے میں اب تک اس بیماری سے28195لوگ متاثر ہوئے ہیں۔مرکزی زیرانتظام اس علاقہ میں فی الوقت کووِڈ- 19کے 54معاملے ہیں جن میں52لداخ اور دوکرگل میں موجودہیں۔حکام کے مطابق جمعرات کو بھی خطے میں اس وباء سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ۔لداخ میں اب تک 228لوگ اس بیماری سے فوت ہوئے ہیں ،ان میںلیہہ میں168لیہہ میں اور60کرگل میں شامل ہیں۔تین نئے مثبت معاملے لیہہ میں پائے گئے ہیں۔اس دوران 16افراد کو کورونا سے شفایاب ہونے کے بعد اسپتالوں سے رخصت کیاگیااوراس طرح خطے میں شفایاب ہونے والوں لوگوں کی تعداد27913ہوگئی ہے۔
بانڈی پورہ میں اسکول گاڑیوں کی جانچ
حکام نے فٹنس اوردیگرلوازمات کاجائزہ لیا
بانڈی پورہ //عازم جان// اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسربانڈی پورہ نے جمعہ کو ضلع میں اسکول گاڑیوں کا معائنہ کرکے ان میں حفاظتی انتظامات اور ضابطوں کے تحت دیگرسہولیات کی جانچ کی۔ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ کی ہدایت پر اس مہم کے دوران ان گاڑیوں کی فٹنس اور دیگر لوازمات کاجائزہ لیا گیا۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ مہم اس لئے شروع کی گئی تاکہ بچوں کولیجانے والی گاڑیوں کے تیکنیکی طورمحفوظ ہونے کو یقینی بنایا جاسکے اورضوابط کے تحت ان گاڑیوں میں مطلوبہ سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ اسکول بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہء اورخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹاجائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ مختلف اسکولوں کی گاڑیوں کی کھڑکیوں پرگرلزلگانے،جی پی ایس نصب کرنے ،آگ بجھانے کے آلات کی موجودگی اور گاڑیوں میں فسٹ ایڈ بکس سہولیات کیلئے ان کی جانچ کریں۔
گراجز ڈرائیوروں کی ماہانہ کارکردگی
حکام کا پرسنل سیکشن جائزہ لے گا:جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ
سرینگر// بلال فرقانی//سرکاری ملازمین کی ماہانہ کارکردگی سے متعلق رپورٹوں کے پورٹل پر رجسٹریشن کی وضاحت کرتے ہوئے انتظامیہ نے کہا ہے کہ افسراں کے ساتھ تعینات ڈرائیوروں کو رجسٹریشن میں مشکلات کا سامنا ہے،جبکہ انکی رجسٹریشن افسراں کے پرسنل سیکشنوں میں کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ عمومی انتظامی محکمہ کی انڈر سیکریٹری روپالی آرورو نے ڈائریکٹر موٹر گراجز کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے جس میں ملازمین کی ماہانہ کارکردگیوں کے پورٹل پر رجسٹریشن سے متعلق وضاحت کی گئی ہے۔ اس مکتوب میں کہا گیا ہے کہ افسراں کے ہمراہ تعینات ’ مشترکہ پول ‘کے ڈرائیوروں کو رجسٹریشن کرنے اور متعلقہ تفصیلات پیش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے،جبکہ کئی ایک ڈرائیوروں کی جانب سے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو سوالات بھی موصول ہوئے۔ روپالی ارورا نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے دفاتر میں کام کر رہے ڈرائیوروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے سہولیات سے متعلق وضاحت کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ افسراں کے ساتھ منسلک ڈرائیوروں کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اس افسر کے پرسنل شعبے کا سربراہ لے گا اور اگر کسی افسر کا پرنسل شعبہ نہیں ہوگا تو براہ راست ہی وہ افسر کارکردگی کا جائز لے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ کامن پول کے ڈرائیوروں کے ماہانہ کارکردگی کا جائز لینے کیلئے ڈائریکٹر موٹر گراجز کس افسر کو نامزد کرے گا۔
بجلی صارفین متوجہ ہوں
جموں//محکمہ بجلی نے صارفین کی سہولیت کے لئے متعلقہ دفتروں کو اِس مہینے میں آنے والی باقی سرکاری تعطیلات کو کھلارکھنے کا فیصلہ لیا ہے تاکہ صارفین ماہانہ بجلی بِل اَدا کرسکے۔محکمہ نے صارفین بجلی سے گزارش کی ہے کہ اِس موقعہ کا فائدہ اُٹھائے اور بقیہ بجلی فیس اَدا کرے تاکہ ان کے بجلی کنکشن نہ کاٹے جائے۔
نائو پورہ پل کے قریب سڑک پر رکاوٹیں
کشادگی کا مقصد فوت ، مسافر اور ٹرانسپوٹر بھی پریشان
بلال فرقانی
سرینگر// نائو پورہ پل کے قریب سڑک پر ڈھانچے ٹریفک کی نقل و حمل میں رکاوٹیں کھڑی کر رہئے ہیں، مقامی لوگوں نے ان ڈھانچوں کو فوری طور پر ہٹانے کی اپیل کی۔ شہر کے نائو پور ہ علاقے میں پل کے نزدیک میرک شاہ روڑ پر آئے دن ٹریفک کی نقل و حرکت میں خلل کی وجہ سے مقامی لوگ اور ڈرائیور زبردست پریشان ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نیشنل کانفرنس کی سربراہی والی حکومت نے ڈلگیٹ سے میرک شاہ سڑک کو کشادہ کرنے کا منصوبہ ہاتھوں میں لیا تھا تاکہ اس سڑک پر ٹریفک کی نقل و حرکت بہتر ہو۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ اس سلسلے میں کام بھی شروع کیا گیا اور سڑک کو کشادہ بھی کیا گیا تاہم، نائو پور پل کے نزدیک کچھ ایک ڈھانچوں کو سڑک پر ہی رکھا گیا،جس کی وجہ سے سڑک کو کشادہ کرنے کے خواب پر پانی پھیر گیا۔محمد یوسف نامی ایک مقامی باشندے نے کہا کہ چند ایک ڈھانچوں کی وجہ سے یہ منصوبہ ٹھنڈے بستے میں پڑ گیا جس کی وجہ سے سڑک کی کشادگی کا مقصد فوت ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑک پر ٹریفک جام کی وجہ سے حادثات کا خطر بھی لاحق ہوتا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر سڑک پرکھڑے ڈھانچوں کو ہٹایا جائے تاکہ اس سڑک کو کشادہ کرنے کا مقصد پورا ہو۔
کنزر ٹنگمرگ میں مارکیٹ چیکنگ
خلاف ورزی کے مرتکب تاجروں پر جرمانہ عائد
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری ٹنگمرگ اور انفورسمنٹ ونگ بارہ مولہ نے مشترکہ طور وائیلو کنزر میں مارکیٹ چیکنگ کے دران زاید المعیاد اشیاء ضایع کرنے کے علاوہ خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے دوکانداروں سے موقعے پر ہی 24,00سو روپیہ جرمانہ وصول کیا ۔گزشتہ 2 ماہ کے دوران محکمہ امور صارفین و تقسیم کاری نے انفورسمنٹ ونگ بارہمولہ کے باہمی اشتراک سے سب ڈویژن ٹنگمرگ کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں مارکیٹ چیکنگ کا عمل شروع کر کے سب ڈوثرن میں بلیک مارکٹنگ کا قلع قمع کیا ہے، وہیں منافع خوری کے مرتکب پائے گئے تاجروں سے ہزاروں کی رقم بطور جرمانہ وصول کیا ۔
سمبل بالا گنڈ میں پانی کی قلت ، لوگ پریشان
غلام نبی رینہ
کنگن / /سمبل بالا گنڈ کنگن میں پینے کے پانی کی قلت کے باعث مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بستی کے لوگ ندی نالوں کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں اور متعلقہ محکمہ لوگوں کو صاف پانی فراہم کرنے میں ناکام ہے ۔ مقامی شہری عبدالاحد گنائی نے بتایا کہ سید بستی سے سمبل بالا کی طرف جو پانی کی سپلائی لائن دی گئی ہے اس کیلئے جو پانی کی پائیپں زمین کے اندر بچھانی تھی ان کو زمین کے اوپر ڈالا گیا ہے اور ان پائپوں سے پانی خارج ہو کر ضایع ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے ایک تو لوگوں کو صاف پانی نہیں ملتا اور جو پانی خارج ہو جاتا ہے اس سے زمین کے کھسکنے کا خطراہ لاحق ہو گیا ہے ۔ مقامی لوگوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ پائپیں ایک نالہ میں بھی ڈال دی گئی ہیں اور جب نالہ میں پانی کی رفتار بڑھ جائے گی تو وہ پانی کی پائپوں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر لے جائے گا ۔ محکمہ جل شکتی کے جونیئر انجینئر نے بتایا کہ جلد ہی سمبل بالا کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا ۔
ڈی سی بانڈی پورہ نے ڈی ایل آر سی میٹنگ کی صدارت کی
عازم جان
بانڈی پورہ// ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے جمعہ کو ضلع کی ڈی ایل آر سی میٹنگ کی صدارت کی جس میں مختلف اسکیموں کے تحت بینکوں اور دیگر محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد، لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر بانڈی پورہ عبدالرشید ملک، تمام بینکوں کے کوآرڈینیٹر، مختلف محکموں کے نمائندوں اور دیگر ترقیاتی ایجنسیوں کے افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ضلع میں کام کرنے والے تمام بینکوں نے مجموعی طور پر RS کی رقم تک کریڈٹ بڑھا دیا ہے۔ ترجیحی شعبے کے تحت 264.34 کروڑ روپے اور غیر ترجیحی شعبے کے تحت 179.12 کروڑ روپے جو کہ 887.13 کروڑ روپے کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر 443.46 کروڑ روپے کا کریڈٹ ہے۔ افسروں نے بتایا کہ بینکوں نے ترجیحی شعبے میں 34%، غیر ترجیحی شعبے میں 154% کی کامیابی درج کی ہے۔ اس طرح 31 دسمبر 2021 تک کل سالانہ کریڈٹ پلان میں 50% کی کامیابی ظاہر ہوئی ہے۔ لیڈ ڈسٹرکٹ منیجر بانڈی پورہ عبدلرشید ملک نے بتایا کہ اکیلے جے اینڈ کے بینک نے ترجیحی شعبے کے تحت 196.28 کروڑ روپے اور غیر ترجیحی شعبے کے تحت 166.45 کروڑ روپے تقسیم کئے ہیں جو کہ 444.23 کروڑ کے سالانہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی طور پر 362.73 کروڑ روپے کے قرضے پر مشتمل ہے۔ڈاکٹر اویس نے ضلع کے ہر بینک کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور انہیں اہداف کو جلد از جلد پورا کرنے اور مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔
شب برات پر اہل اسلام کو سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی طرف سے مبارکباد
خوشحالی وامن وامان کیلئے دعا کریں:اے این سی
سرینگر //عوامی نیشنل کانفرنس نے شب برات کے مقدس موقع پر مسلمانانِ عالم خصوصا جموں کشمیر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اِس مقدس اور بابرکت شب میں اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر عالم اسلام کی سربلندی اور جموں کشمیرکے لوگوں کی خوشحالی وامن وامان کیلئے دعا کریں۔ پارٹی نے فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپیل کی کہ وہ اس رات انسانیت کی بقا کیلئے دعا کریں۔ دریں اثنا پارٹی نے صوبائی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ شب برات کے سلسلے میں تمام مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام باڑوں میں بجلی، پینے کا پانی، صحت وصفائی اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات میسر رکھیں۔
گناہوں سے معافی طلب کرنے کا ایک نادر موقع: متحدہ علمائے اہل سنت
سرینگر//متحدہ علمائے اہل سنت جموں وکشمیر نے امت مسلمہ کو بالعمو م اور جموں کشمیر کے لوگوں کوبالخصوص شب برات کے مقدس موقعے پر مبار کباد پیش کی ہے۔ متحدہ کے رہنماوں مولانا غلام محی الدین نقیب مولانا غلام رسول حامی ،مولانا عبدالرشید داودی،مولانا ریاض الحق نورآبادی، سید حمید اللہ حقانی نے کہا کہ اس مقدس رات اللہ تعالی اپنے بندوں کو آسمان ِ اول پر پکارتاہے ،مسلمان اس شب خصوصی طور اللہ تعالی کی بارگاہ میں توبہ و استغفار کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شب برات گناہوں سے معافی طلب کرنے کا ایک نادر موقع ہے۔متحدہ کے جنرل سکریٹری مولانا مبارک حسین نعمانی اور پروفیسر بشیر احمد ڈار، شعبہ تعلیم کے مفتی قمرالدین نے دعا کی کہ اللہ کرے یہ رات ہمارے لئے باعث نجات و فلاح ثابت ہو۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اِس مقدس اور بابرکت شب میں اللہ کے دربار میں سربسجود ہوکر عالم اسلام کی سربلندی اور جموں کشمیرکے لوگوں کی خوشحالی وامن وامان کیلیے خصوصی دعاوں کا ایتمام کریں۔
ہر گوشہ محبت اور امن و سکون کا گہوارہ بنے :حقانی میموریل ٹرسٹ
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ جموں و کشمیر نے مسلمانان عالم کو عموما اور جموں و کشمیر کے مسلمانوں کو بالخصوص شب برات کے مقدس موقع پر مبار کباد پیش کی ہے۔ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اورجنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اس رات کو نمازوں اور تلاوت قرآن کا اہتمام کرکے توبہ و استغفار کریں۔ اس متبرک رات کوہمیں اللہ کے حضور سربسجود ہونا چاہئے اور توبہ و استغفار کرلینا چاہئے انہوں نے مسلمانوں سے گزارش کی کہ اللہ تعالی کی بارگاہ میں مسلمانوں کی خوشحالی اور جموں و کشمیرمیں امن و امان کیلئے خصوصی دعاوں کا اہتمام کریں۔اللہ تعالی آنے والے تمام دنوں کو عالم اسلام اور اس سرزمین کیلئے مبارک بنائے ہمیشہ اپنی رحمت کا سایہ رکھے ۔اس وطن کا ہر ہر گوشہ محبت اور امن و سکون کا گہوارہ بنے
اللہ ہماری ہم آہنگی اور ثقافت کو مضبوط بنائے: سوز
سرینگر // سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے شب برات کے موقع پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔اپنے پیغام میں پروفیسر سوز نے کہا کہ اس بابرکت موقع کا مشاہدہ معافی، خیر خواہی، امید اور اچھے اعمال کے جذبے کو تقویت دیتا ہے۔انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک موقع ہم آہنگی کی ثقافت کی بنیاد کو مزید مضبوط کرے اور ریاست جموں و کشمیر میں ترقی، امن اور خوشحالی اور سب کی بھلائی کو فروغ دے‘۔
ہولی کے تہوار پر نیشنل کانفرنس اور اپنی پارٹی کی تہنیت
سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ کے علاوہ اپنی پارٹی کے صدر سید الطاف بخاری نے ہولی کے تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ،کہ جموں وکشمیر کے لوگ صدیوں سے اپنی فرقہ دارانہ ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے آئے ہیں ۔نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے کہا کہ یہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے ایک دوسرے کو اُن کے تہواروں پر مبارکباد اور خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ،کہ مذہبی تہوار انسانیت، ہمدردی ، پیار محبت اور اتحاد واتفاق کا درس دیتے ہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا اور صوبائی صدر کشمیر ناصر اسلم وانی کے علاوہ پارٹی لیڈر کے نائب ترجمانِ اعلیٰ ڈاکٹر گگن بھگت، بھوشن لعل بٹ اور جگدیش سنگھ آزاد نے بھی اِس تہوار پر ہندو برادری کو مبارکباد پیش کیا ہے۔اس دوران جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے ہولی کے موقع پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔اپنے پیغام میں بخاری نے کہا کہ ہولی کا تہوار بڑے دھوم دھام اور جوش و خروش سے منایا جانا ایک نئی شروعات اور جوان ہونے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تہوار ہندوستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کا ایک اہم جزو ہیں جو بھائی چارے، محبت اور بھائی چارے کے بندھن کو مضبوط کرتے ہیں۔
شب برات بھائی چارہ کا درس دیتا ہے :میر
سرینگر// جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر غلام احمد میر نے جمعہ کو شب برات کے پرمسرت موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی اور لوگوں کی امن، استحکام اور بھلائی کیلئے دعا کی۔کے پی سی سی کے صدر غلام احمد میر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج رات شب برات منائی جا رہی ہے اللہ تعالیٰ سے رحمت اور مغفرت طلب کرنے کا بہترین موقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمدرد رہنے اور لوگوں بالخصوص غریبوں اور ناداروں کی خدمت کرنے کا درس دیتا ہے۔مجھے امید ہے کہ یہ مبارک موقع (شب برات) جموں و کشمیر میں مکمل امن اور جامع ترقی کے دور کا آغاز کرے گا۔
خوشگوار زندگی گزارنے کیلئے دعا کریں : درخشاں اندرابی
سرینگر //جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعہ کو شب برات اور ہولی کے تہوار پر لوگوں کو اپنی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار ہمیں اپنے اندر اور باہر انسانیت اور امن کا پیغام دیتے ہیں۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ شب برات کے موقع پر آئیے ہم سب اپنی سرزمین اور پوری انسانیت کیلئے امن کے لیے دعا کریں تاکہ ہم اس کرہ ارض پر خوشگوار زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے ہولی کے موقع پر بھی لوگوں کو مبارک باد پیش کی ۔ ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ تہوار ہم میں انسانی اقدار کو ابھارنے اور مضبوط کرنے کے مواقع ہیں تاکہ ہم خدا کی اس سرزمین کو امن اور ہم آہنگی کی جگہ بنائیں۔
مولانا اخضر حسین کی والدہ کا انتقال
مذہبی تجارتی اور ادبی حلقوں کا اظہار رنج
سرینگر// علمائے احناف کے سربراہ مولانا اخضر حسین کی والدہ کا طویل علالت کے بعد انتقال ہوا۔ مرحومہ کو آبائی قبرستان دلنہ بارہمولہ میں سپرد لحد کیا گیا۔مرحومہ کے نماز جنازہ میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران مذہبی،سماجی،تجارتی اور ادبی حلقوں نے مولانا اخضر حسین کی والدہ کے انتقال پر رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ متحدہ مجلس علماء نے مولانا اخضر حسین کی والدن کے انتقال پر صدمے کا اظہار کرتے ہوے پسماندگا ن سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا۔ عوامی مجلس عمل کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے بھی علمائے احناف کے صدر مولانا اخضر حسین کی والد ہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے حق میں دعائے مغفرت کی۔کشمیر اکنامک الائنس کے شریک چیئرمین فاروق احمد ڈار نے مولانا اخضر حسین کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین قیوم وانی ننے بھی دکھ اور صدمہ کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متوفی ایک پرہیزگار خاتون تھی اور اپنے علاقے میں سبھی ان کی عزت کرتے تھے وانی نے غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ہے ۔اہل خانہ کے مطابق مرحومہ کے انتقال کے نسبت سے عمر آباد،شاہمدان لین سیکٹر2،مکان نمبر146ایچ ایم ٹی میں تعزیت مجلس کا اہتمام کیا جائے گا۔
پٹن میں پولیس کمیونٹی پارٹنرشپ گروپ کی میٹنگ کا انعقاد
سرینگر // پولیس اور عوام کے بیچ بہتر تعلقات قائم رکھنے کے خاطر نہال پورہ پٹن میں ایک پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ ایس ڈی پی او پٹن، محمد نوا ز مہمان خصوصی تھے۔ گاؤں بونیار اور ملحقہ دیہات کے عوام کی جانب سے ایس ڈی پی او پٹن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی ڈی سی پٹن، ایس ایچ او پی ایس پٹن، انسپکٹر نثار احمد اور تھانہ پٹن کا عملہ بھی موجود تھا۔ جلسہ عام میں معززین شہر، اوقاف کمیٹیوں کے ممبران، نمبرداروں، چوکیداروں اور ٹریڈرز فیڈریشن سمیت گردونواح سے عوام نے شرکت کی۔بات چیت کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل کو اٹھایا۔ ایس ڈی پی او نے تحمل سے شکایات سنیں اور اس کے بعد انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور علاقے کے لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور ان کے دیگر مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھائے جائیں گے تاکہ جلدی سے ازالہ ہوسکے۔میٹنگ کے دوران شرکاء پر زور دیا کہ وہ علاقے میںامن و قانون کو برقرار رکھنے اور ملک اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کرنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں جو ہمیشہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔