منجا کوٹ لفٹ سکیم خراب
تحصیل ہیڈ کوارٹر پر پانی سپلائی متاثر
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ پر لفٹ واٹر سپلائی سکیم بند ہونے کی وجہ سے پانی کی سپلائی گزشتہ کچھ دنوں سے متاثر ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ دنوں تحصیل ہیڈ کوارٹر کی لفٹ واٹر سپلائی سکیم خراب ہو گئی ہے جس کی وجہ سے کئی کنبوں کی پانی سپلائی متاثر ہو گئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کی جانب کوئی دھیان نہیں دے رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ سے رجوع بھی کیا گیا لیکن انہوں نے معاملہ کو حل کرنے میں کوئی سنجیدگی ظاہر نہیں کی ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی سپلائی جلدازجلد بحال کرکے لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
اسلامک تنظیموں کا راجوری میں شدید احتجاج
بھاجپا لیڈر و سابقہ ایم ایل سی کی گرفتاری کی مانگ
سمت بھارگو
راجوری //مختلف اسلامک تنظیموں کے بینر تلے راجوری میں مسلم کمیونٹی اراکین نے بھاجپا لیڈر اور سابقہ ایم ایل سی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے بھاجپا لیڈر کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ وکرم رندواہ نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی کوشش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے بیانات کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔مذہبی خیالات کو مجروح کئے جانے کے بعد مختلف مذہبی تنظیموں کے اراکین مرکزی جامع مسجد گوجر منڈی میں جمع ہوگئے جہاں پر انہوں نے بھاجپالیڈر کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔اس دوران مظاہرین نے ایک ریلی نکالی جو مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ تک پہنچی ۔مظاہرین نے اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کو ایک یاداشت بھی پیش کی ۔غور طلب ہے کہ بھاجپا لیڈر کی جانب سے مسلمانوں کیخلاف ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس کے بعد مختلف علاقوں میں مسلمانوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے ۔
بھاٹہ دھوڑیاں انکائو نٹر
گھیرائو ختم ،تلاشی مہم جاری
جاوید اقبال +سمت بھارگو
راجوری //مینڈھر سب ڈویژں کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم مسلسل چلائی جارہی ہے تاہم علاقوں کا گھیرائو ختم کر دیا گیا ہے ۔بھاٹہ دھوڑیاں کے ملحقہ جنگلات میں 14اکتوبر کو شروع ہوئے انکائونٹر کے بعد سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری علاقہ میں تعینات کر دی گئی تھی جبکہ کئی ملحقہ دیہا ت کا گھیرائو کر کے تلاشی مہم چلائی جارہی تھی ۔اس دوران جموں پونچھ شاہراہ کے بھمبر گلی تا جڑانوالی گلی حصے پر ٹریفک کی آمد ورفت کو بھی بند کردیا گیا تھا لیکن گزشتہ دنوں عوامی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی فورسز نے ٹریفک کو بحال کر دیا تھا جبکہ گزشتہ روز ملحقہ علاقو ں کا گھیرائو ختم کردیا گیا لیکن علاقہ میں تلاشی مہم مسلسل چلائی جارہی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے بھاٹہ دھوڑیاں ،سنگیوٹ اور ناڑ و دیگر ملحقہ علاقوں کا گھیرائو ختم کر دیا ہے تاہم تلاشی مہم مسلسل چلائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پورے علاقہ کی نگرانی کی جارہی ہے ۔
لاپتہ لڑکی 48 گھنٹوں میں بازیاب
حسین محتشم
پونچھ// جموں وکشمیر پولیس نے پونچھ میں لاپتہ لڑکی کو 48گھنٹوں میں بازیاب کرلیا۔پولیس تھانہ پونچھ میں ایک گمشدگی کا مقدمہ زیر دفعہ 363 آئی پی سی اور ایف آئی آر نمبر 280/2021 کے تحت درج کیا گیا تھا جس کے لئے ایس ایس پی پونچھ کی قیادت میں ایک پولیس ٹیم نے فوری کارروائی شروع کر کے لڑکی 48 گھنٹوں میں بازیاب کیا۔ پولیس تھانہ میں شکایت مستان حسین شاہ ولد میر حسین شاہ ساکن قصبہ حا محلہ کامسر سٹی پونچھ نے دائر کی تھی۔ لڑکی کے والدین کے مطابق لڑکی ٹیوشن پڑھنے کے لئے گئی تھی واپس گھر نہیں لوٹی تو کافی انتظار کرنے کے بعد انہوں نے خود اس کی تلاش کی لیکن جب لڑکی نہ ملی تو انہوں نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرنی پڑی۔ اہل خانہ نے فوری کارروائی کیلئے ایس ایس پی پونچھ کا شکریہ ادا کیا ہے۔