۔ITIبانڈی پورہ کے نئے کمپلکس کاافتتاح، نئے ہنروں کی تربیت شروع | بانڈی پورہ کیلئے309کروڑ روپے کا منصوبہ منظور،30نئے فلٹریشن پلانٹوں کا قیام:سامون
بانڈی پورہ//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر سامون نے ضلع بانڈی پورہ کے واٹ پورہ گائوں میں گورنمنٹ پولی تکنیک کالج کے نئے کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے کلاس روموں اور لیبارٹریوں سمیت نئے کمپلیکس کا معائینہ کیا او رطلباء سے بات چیت کی۔پرنسپل سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ گورنمنٹ پولی تکنیک کالج کا نیا کمپلیکس 18کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا۔پرنسپل سیکرٹری نے طلباء او رکالج کے عملے کے ساتھ کالج میں بنیادی سہولیات سے متعلق مختلف اَمور پر تبادلہ خیال کیاجن میں سکالر شپ ، عملے کی تعداد ، انٹیک صلاحیت میں اِضافہ وغیرہ شامل ہیں۔اُنہوں نے موجودہ سہولیات میں اِضافے کی یقین دہانی کرائی اور طلاب پر زور دیا کہ وہ سہولیات سے اِستفادہ کریں اور خود کو ہنر سے آراستہ کریں تاکہ مارکیٹ میں خود کو روزگار کے قابل بنایا جاسکے۔ڈاکٹر اصغر سامون نے کہا کہ طلباء کو مختلف ہنرمندی کے لئے اِضافی کورسز فراہم کئے جائیں گے اور اُنہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں ہنر مند نوجوانوں کو ایڈ جسٹ کرنے کے لئے پلیسمنٹ ڈرائیو ز بھی منعقد کی جائیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ہنر مند نوجوانوں کے لئے بھرتی مہم کو منظم کرنے کی خاطر مختلف قومی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیاحت کے طلباء کے لئے اورنٹیشن پروگرام بھی منعقد لئے جائیں گے۔اُنہوں نے آئی ٹی آئی میں ہاؤس کیپر اور کارپینٹر سمیت دو نئے ہنروں کا بھی اِفتتاح کیا۔ڈاکٹراَصغر سامون نے بانڈی پورہ کے ایک پرائیویٹ اِنسٹی چیوٹ میں این ایس ڈی سی کے زیر اہتمام کووِڈ واریر کورس کا بھی اِفتتاح کیا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری نے جل جیون مشن کے تحت 39.21 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ واٹر سپلائی سکیم آیتم اللہ کا اِفتتاح کیا ۔ اِس سکیم سے 334 گھرانوں کے 3864نفوس مستفید ہوں گی۔اِس موقعہ پر ڈاکٹر سامون نے کہا کہ موجودہ سال بانڈی پورہ کے رہائشیوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں اِنقلابی سال ثابت ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کے لئے 309 کروڑ روپے کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے جس میں 30نئے فلٹریشن پلانٹس ، 60آبی ذخائر کے علاوہ ایچ ایچز کی صد فیصد کوریج کے ساتھ فنکشنل واٹر کنکشن کی تعمیر کا تصور کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ نے سکولوں ، آشرموں او رآنگن واڑی مراکز کو بذریعہ پائپ پانی کی فراہمی کی مہم شروع کی ہے اور اَب تک اِن عمارتوں میں سے زائد اَز 90 فیصد عمارتوں کا احاطہ کیا جاچکا ہے جبکہ باقی عمارتوں کو جلد از جلد پائپ فراہم کیا جائے گا۔بعد میں پرنسپل سیکرٹری اور ڈی ڈی سی چیئرمین عبدالغنی نے مرکزی معاونت والی مختلف سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی جانب سے منعقدہ ورکشاپ کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی ممبران ، اے ڈی ڈی سی علی افسرخان ، اے ڈی سی ظہور احمد میر ، اے سی آر پرویز رحیم ، اے سی ڈی عبدالرشید داس ، اسسٹنٹ کمشنر پنچایت ، بی ڈی سی ممبران ، سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ ضلع کے دیگر سینئر اَفسران موجود تھے۔ڈاکٹر اَصغر سامون نے مشروم یونٹس ، ٹرائوٹ ریئر نگ یونٹ ، کارپ پونڈ ، 100ایوز ، ڈائری یونٹس ، قالین بننے کے مراکز سمیت مختلف منصوبوں کا اِی ۔ اِفتتاح کیا اور زرعی آلات تقسیم کئے۔اُنہوں نے ٹریکٹر ، ایم سی وی ، برش کٹر ، ایم پی سپرئیر کے علاوہ وہیل چیئرس ، ہیئر نگ ایڈز ، لیبر کارڈ ، کوآپریٹیو رجسٹریشن سر ٹیفکیٹ اور کار یگر رجسٹریشن کارڈ تقسیم کئے۔ڈاکٹر سامون نے سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔ سول سوسائٹی ارکان نے انہیں مفاد عامہ کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر سامون نے بغور سنااور اُنہیں یقین دِلایا کہ وہ متعلقہ اَفسران کے ساتھ مسائل اُٹھائیں۔
دیوالی کے تہوار پر سیاسی رہنمائوں کے مبارکبادی پیغامات
سچ کی جھوٹ پر فتح:میر/کثرت میں وحدت کی عکاس:لون/قیدیوں کو رہاکرکے مثبت پیغام دیا جائے ::نظام الدین بٹ
سرینگر//مختلف سیاسی رہنمائوں نے دیوالی کے تہوار کے ،مبارک موقعے پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ روشنیوں کایہ تہوار ہم سب کیلئے خوشیوں اورامن وامان کی نوعید لے کرآئے گا۔پردیش کانگریس کے صدرغلام احمدمیر نے بدھ کو دیوالی کے موقعہ پراپنے پیغام میں لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی خوشحالی کی دعاکی۔اپنے بیان میں غلا م احمدمیر نے کہا ’’روشنیوں کاتہوار‘‘ایک منفرد اور متبرک موقعہ ہے اور یہ سچ کی جھوٹ پرفتح کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ روشنیوںکایہ تہوار ہم سب کیلئے خوشیوں کی بہار لے کر آئے۔پیپلزکانفرنس کے صدرسجادغنی لون نے دیوالی کے موقعہ پرلوگوں کو مبارکباددیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ یہ تہوارروایتی ہم آہنگی،بھائی چارے کے ساتھ منایا جائے گا۔اپنے پیغام میں سجاد لون نے جموں کشمیر کے لوگوں کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا ۔انہوں نے بھائی چارے کے ماحول میں تہوارمنانے کواُجاگر کیااور اس روایت کو مضبوط بنانے پرزوردیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے تہواروں سے جموں کشمیر کی کثرت میں وحدت کی عکاسی ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ دیوالی کا یہ تہوار ہم سب کیلئے خوشیوں اور شادمانیوں کی نوید لے کر آئے گا۔پیپلزکانفرنس کے رہنما نظام الدین بٹ نے بھی لوگوں کو دیوالی کے موقعہ پرمبارکباد دیتے ہوئے حکومت ہند سے ملک کی مختلف جیلوں میں نظر بندکشمیری نوجوانوں اور لڑکوں کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔ایک بیان میں سابق قانون ساز یہ رکن نے کہا کہ ایسے مواقع پرحکومتیں عام طور سے ہمدردی اور نرم دلی کا مظاہر ہ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکوں کی رہائی دیوالی کے موقعہ پر ایک مثبت پیغام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اعتماد سازی کے ایسے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور سالہاسال کی بیگانگی کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔
باطل پر حق کی فتح کی علامت
مشیروں اور چیف سیکریٹری کی عوام کو مبارکباد
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے صلاح کار راجیو رائے بھٹناگر اور فاروق خان اور چیف سیکریٹری ڈاکٹر اے کے مہتہ نے دیوالی کے موقعہ پر جموںوکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کی ہے ۔اَپنے تہنیتی پیغامات میں صلاح کاروں نے کہا کہ یہ تہوار حق کی باطل پر فتح کی علامت ہے اور یہ تہوار ملک کی تہذیبی تاریخ کے اَعلیٰ اقدار کو اُجاگر کرتا ہے ۔مشیر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار جموں و کشمیر کے لوگوں کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے جموںوکشمیر کے لوگوں کو دیوالی کے موقعہ پر مبارک باد دی۔اَپنے مبارکبادی پیغام میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ تہوار برائی پر اَچھائی کی فتح پر منایا جاتا ہے اور دیانت داری ،سچائی اور نیکی کے اعلیٰ اَصولوں کو اِختیار کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے لوگوں کو پر زور دیا کہ وہ تہوار کے دوران کووَڈ کی مناسبت سے تمام اَحتیاطی تدابیر پر عمل پیر ارہ کر محفوظ دیوالی منائیں۔
رہبر تعلیم اساتذہ کیلئے ٹرانسفرپالیسی بنانے کامطالبہ
یواین آئی
جموں// جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی (جے کے ٹی جے اے کے ) کا مطالبہ ہے کہ رہبر تعلیم اساتذہ کے لئے بھی ایک ٹرانسفر پالیسی بنائی جائے ۔کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بدھ کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں زائد از پچاس ہزار رہبر تعلیم اساتذہ ہیں جو ایک ہی اسکول میں کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا،’’پانچ برسوں تک ایک ہی اسکول میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد اب یہ اساتذہ ریگولرائز ہوئے ہیں لیکن ان کے لئے کوئی ٹرانسفر پالیسی نہیں بنائی گئی ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا،’’ان اساتذہ کے لئے ایک ٹرانسفر پالیسی بنائی جانی چاہئے‘‘۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ پہلے پانچ سال ان اساتذہ کے سروس ریکارڈ میں شامل کئے جانے چاہئے تاکہ انہیں مشکلات سے دوچار نہ ہونا پڑے ۔انہوں نے کہا کہ انہیں اولڈ پنشن پالیسی سے محروم نہ کیا جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ اس میں مداخلت کریں۔
دردپورہ لولاب میں سکوٹی کی ٹکر سے55برس کا شہری ہلاک
سرینگر//لولاب میں ایک شخص سکوٹی کی ٹکر سے زخمی ہوکر چل بسا۔کے این ایس کے مطابق لولاب کے درد پورہ علاقے میں منگل کی شب قریب ساڑھے نو بجے ایک تیز رفتار سکوٹی نے ایک راہگیر کو اس وقت زورد دار ٹکر مار کر شدید زخمی کر دیا جب وہ ایک کراسنگ پار کر رہا تھا۔ زخمی شہری کو فوری طور سب ضلع ہسپتال سوگام پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو نازک حالت کے پیش نظر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (سکمز) صورہ کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔متوفی کی شناخت55برس کے ولی محمد نجار ولد عبدالعزیز نجار ساکن درد پورہ لولاب کے طور ہوئی ہے۔دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔
جموں ہوائی اڈے پر نئے ٹرمنل کی تعمیر
ائرپورٹ اتھارٹی کو122ایکڑ اراضی منتقل کی جارہی ہے
سرینگر//جموں و کشمیر انتظامیہ جلد ہی ایرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کو 122 ایکڑ اراضی فراہم کرے گی جہاںایوی ایشن باڈی جموں ہوائی اڈے پر نئے ٹرمینل تعمیر کرے گی۔کے این ایس کے مطابق جموں کے ڈویژنل کمشنر راگھو لنگرنے نئے ٹرمینل کے لیے زمین کی حد بندی پر پیش رفت کا جائزہ ایک میٹنگ کے دوران لیا۔میٹنگ میںحکام نے کہا کہ 122 ایکڑ یا 974 کنال اراضی کی پہلے ہی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسے جلد ہی ٹرمینل کی تعمیر کے لیے ائرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ حکام نے کہا کہ اس سے ایئر لائنز اور مسافروں کو بڑی راحت ملے گی۔ڈویژنل کمشنر نے محکمہ مویشی پالن کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے جانوروں اور اس کے دفتر کی عمارتوں کو فوری طور پر دیگر مقامات پر منتقل کرے کیونکہ جموں ہوائی اڈے کی توسیع کے لیے اس کی 100 ایکڑ سے زیادہ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔جموں کے ڈپٹی کمشنر سے کہا گیا ہے کہ وہ زمین کی حد بندی کریں اور اسے ہوائی اڈے کے حکام کے حوالے کریں تاکہ کام شروع ہو سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نگروٹہ میں زمین پہلے ہی محکمہ مویشی پالن کو دفاتر اور پولٹری کی منتقلی کے لیے الاٹ کی جاچکی ہے۔ڈویژنل کمشنر نے ستواری سے فورتھ برج تک دہلی-کٹرا ایکسپریس وے کے الائنمنٹ کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ایکسپریس وے دہلی سے کٹرہ براستہ کنجوانی اور ستواری چوک سے بھگوتی نگر چوتھے پل تک تعمیر کیا جائے گا تاکہ اسے جموں اکھنور روڈ پروجیکٹ سے جوڑا جا سکے۔
امن امان کے دعوے صحیح ہیںتو
اضافی فورسزکمک کس لئے؟ڈاکٹر مصطفی کمال
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے وادی میں مزید5ہزاراضافی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طرف مرکزی حکومت اور مقامی انتظامیہ یہاں امن وسکون اور تعمیر و ترقی کے دعوے کرتے نہیں تھکتے لیکن دوسری جانب آئے روز فورسز کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اگر یہاں واقعی امن قائم ہوا ہے تو پھر ان اضافی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لانے کا کیا مقصد ہے؟ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر سینئر پارٹی لیڈران اور عہدیداران کیساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ وادی میں 5ہزار اضافی فورسز اہلکاروں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر کمال نے کہا کہ رپورٹوں کے مطابق 3ہزار فورسز اہلکاروں کو سرینگر میں تعینات کیا جارہا ہے جبکہ 2ہزار کو دیگر اضلاع میں بھیجا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں اُن کے مطابق سرینگر میں کئی مقامات پر کمیونٹی ہالوں کو فورسز اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لیا ہے جبکہ اس سے قبل ہی تمام شاہرائوں اور گلی کوچوں پر نئے بنکر تعمیر کئے گئے ہیں اور مزید بنکر بنانے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ سے مرکزی وزراء اور اُن کے افسران یہاں کے دورے کررہے ہیں اور ہر کوئی یہ دعویٰ کررہا ہے کہ یہاں کے حالات پُرامن ہیں اور لوگ کھلی فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔ اگر مذکورہ وزرا اور افسران کے دعوے صحیح ہیںتو یہاں اضافہ فورسز کمک کی کیا ضرورت آن پڑی ہے۔
نئی دہلی کی پالیسیوں پر عوامی نیشنل کانفرنس کو تشویش
سری نگر// عوامی نیشنل کانفرنس نے نئی دہلی کی جموں و کشمیر کے لوگوں کو تقسیم کرنے اور انہیں مزید بے اختیار کرنے کی پالیسی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق عوامی نیشنل کانفرنس کی کور گروپ نے جنرل سکریٹری کی سربراہی میں منعقدہ میٹنگ میں نئی دہلی کی طرف سے مذہب، ذات اور نسل کی بنیاد پر فرقہ واریت کا سہارا لینے کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اپنی کشمیر پالیسی کی ناکامی کو چھپانے کے لیے اس کا استعمال کرتی ہے۔میٹنگ نے کہاگیا کہ لوگوں کو مزید تقسیم کرنے اور جموں و کشمیر کی ’’مکمل طور پر بے اختیاری‘‘ کے ایجنڈے کو پورا کرنے کے لئے بی جے پی کے اس مذموم منصوبے کو شکست دینے کے لئے تمام حلقوں کومکمل اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔عوامی نیشنل کانفرنس کے کور گروپ نے زور دیا کہ عوام کو اجتماعی طور پر ایسے منصوبوں کو شکست دینے کے لیے کمر کسناچاہیے۔میٹنگ میں مزید کیاگیا کہ جموں، کشمیر اور لداخ وکرگل کو آہستہ آہستہ اس کے آئینی اور جمہوری حقوق،کاروبار، روزگار، سیاحت، زمین اور قدرتی وسائل کے حق وغیرہ سے محروم کیا جا رہا ہیں۔
پاکستانی زیرانتظام کشمیرمیںحادثہ،22ہلاک8زخمی
اسلام آباد//پاکستانی زیرانتظام کشمیرمیں ایک بس کے کھائی میں گر جانے سے 22لوگ ہلاک اور8زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ سدھونتی ضلع میں اس وقت پیش آیا جب ضلع کے بلوچ علاقے سے ایک بس راولپنڈی جارہی تھی ۔حکام کے مطابق بس میں کوئی تیکنیکی خرابی پیداہوئی جس کے باعث یہ 500میٹر گہری کھائی میں جاگری اوراس میں سوار22مسافرجن میں عورتیں اوربچے بھی شامل ہیں،ہلاک ہوگئے۔اخباری اطلاعات کے مطابق سڑک پرایک ریڑی والے نے بس کو کھائی میں گرتے دیکھااور اس نے مقامی امام کو اس کی فون پراطلاع دی۔مقامی امام صاحب نے اس کے بعد مسجد کے لائوڈ اسپیکر سے اس بارے میں اعلان کیااورلوگوں کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور بچائو کارروائیوں میں حصہ لینے کو کہا۔ پاکستانی زیرانتظام کشمیر ایک پہاڑی خطہ ہے اور یہاں کی سڑکیں خطرناک ہیں۔ ڈرائیوروں کی لاپرواہی،ناکارہ گاڑیاں اور خستہ حال سڑکیں اکثر حادثات کے باعث بنتے ہیں۔گزشتہ ہفتے پونچھ اور نیلم اضلاع میں دوالگ الگ حادثوں میں چارطلاب اور چار مسافر ہلاک اور32زخمی ہوگئے تھے۔
40مہلوک اہلکاروں کے پسماندگان کی تقرری کے احکامات
ڈی جی پی نے مرکز اور لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا
سرینگر//جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے 40مہلوک پولیس اہلکاروں کے پسماندگان میں تقرری کے احکامات کیلئے مرکزاور لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیاہے ۔جموں و کشمیر پولیس کے ڈائراکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے بدھ کو وزارت داخلہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور دیگر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مہلوک اہلکاروں کے 40 قریبی رشتہ داروں کی تقرری کے احکامات جاری کئے۔ڈی جی پی جموں و کشمیر دلباغ سنگھ نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری اے کے بھلا، چیف سکریٹری ڈاکٹر اے کے مہتا، پرنسپل سکریٹری محکمہ داخلہ شالین کابرا اور ایم ایچ اے اور محکمہ داخلہ کے دیگر افسران کا ہمدردانہ تقرری کے احکامات جاری کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔پولیس نے ٹویٹ میں کہاہے ’’ڈی جی پی نے کہا ہے کہ یہ احکامات جاری کرنے سے ان خاندانوں کو بہت زیادہ ضروری مالی راحت ملے گی جنہوں نے قوم کی خودمختاری اور سالمیت اور جموں اور لوگوں کے مفادات کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے نگراں کو کھو دیا ہے۔
مویشیوں میں منہ اور کھر کی بیماری سے بچائو
سرینگرضلع میں دوسرے مرحلے کی ٹیکہ کاری مہم شروع
نیوز ڈیسک
سرینگر //مویشیوں میں منہ اور کھر کی بیماری کی روکتھام کیلئے نیشنل انیمل ڈیزیزکنٹرول پروگرام کے تحت سرینگرضلع میں دوسرے مرحلے کی ٹیکہ کاری مہم شروع کی گئی،جبکہ دیگراضلاع میں بھی ٹیکہ کاری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔پروگرام کے تحت منہ اور کھرکی بیماری کیلئے موشیوں کو مفت ٹیکہ لگائے گئے۔ اس موقع پر مویشی پالنے والے کسانوں میں ہیلتھ کارڈ بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب کے دوران ڈائریکٹر پشو پالن کشمیر پرنما متل نے مویشوں میں ٹیکہ کاری کی اہمیت اور پائوں اور منہ کی بیماری کو قابو کرنے کی اہمیت پر بات کی۔ تقریب میں انہوں نے گوالوں کے ساتھ بھی بات چیت کی، جنہوں نے محکمہ مویشی پالن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ڈائریکٹر نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ مویشوں کی 100فیصد ٹیکہ کاری کو یقینی بنائیں۔ پائوں اور منہ کی بیماری کو ختم کرنے کیلئے شروع کی گئی ٹیکہ کاری مہم مرکزی سرکاری کی مالی معاونت سے چلائی جاری ہے تاکہ سال 2025تک بیماری کو قابو کیا جائے اور سال 2030تک بیماری کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔
فیس بک کا ’چہرہ شناختی فیچر‘ ختم کرنے کا اعلان
پرائیویسی سے متعلق خدشات کے تناظر میں فیصلہ
مانٹیرنگ ڈیسک
سر ینگر / / سماجی رابطہ ویب سائٹ فیس بک نے چہرے کی شناخت (فیس ریکگنیشن) کے نظام کو ختم کرنے اور اربوں فیس پرنٹس ڈیلیٹ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اپنے بیان میں کہا کہ ’معاشرے میں چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کے مقام کے بارے میں بہت سے خدشات موجود ہیں، اور ریگولیٹرز ابھی تک اس کے استعمال کو کنٹرول کرنے کے لیے قوانین وضع کرنے کے لیے کوشاں ہیں‘۔کمپنی نے مزید کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ اس غیر یقینی صورتحال کے دوران چہرے کی شناخت کے استعمال کو محدود رکھنا مناسب ہے‘۔اس فیصلے کے نتیجے میں فیس بک کا ایک ایسا فیچر ختم ہوجائے گا جو خود بخود ان لوگوں کی شناخت کرتا ہے جو صارفین کی ڈیجیٹل تصاویر میں نظر آتے ہیں، اور یہ فیچر چہروں کی ایک وسیع و عریض، عالمی لائبریری بنانے کی بنیاد تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اس نظام کو بند کرنے کے نتیجے میں ’ ایک ارب سے زائد افراد کے چہرے کی شناخت کے انفرادی ٹیمپلیٹس کو حذف کر دیا جائے گا‘۔
پولیس کی جانب سے طلباء کو طلب کرنے کا معاملہ
کرگل ڈیموکریٹک الائنس برہم
غلام نبی رینہ
کنگن// کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے پولیس کی جانب سے طلبا اور سیاسی کارکنوں کوسوشل میڈیا پر متحرک رہنے اور مختلف احتجاجی مارچ منظم کرنے کے سلسلے میں طلب کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے ایک بیان میں پولیس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائی جمہوریت اور بھارتی آئین کے خلاف ہے۔معلوم ہوا ہے کہ کرگل میں پولیس نے حال ہی میں تریپورہ تشدد کے سلسلے میںٹویٹ کرنے پر سیاسی کارکن سجاد حسین کرگلی کو طلب کیا ہے ۔کرگل پولیس کی جانب سے مختلف طلبا انجمنوں کے زیر اہتمام ہونے والے پُرامن مارچ کی حمایت پر طلبا رہنمائوں کو بھی طلب کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سجاد کرگلی اورطالب علموں کے رہنمائوں کو تھانوں پرطلب کرنا جمہوریت کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ڈاکٹر فاروق اور الطاف بخاری کاآغا مہدی کو برسی پر
خراج عقیدت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرحوم آغا سید مہدی کے یوم وصال پر انہیں زبردست خراج عقیدت ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک ایسے عالم دین تھے جن کا عمل ان کے علم اور تقویٰ پر قوی تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم زندگی کے ہر شعبے میں شریعت اسلامی کی بالادستی کے متمنی تھے اور یہی ان کے اسلاف کا مشن تھا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ شیعہ سنی اتحاد کے مشن کی آبیاری کی اور زندگی بھر لوگوں کی بے لوث خدمات انجام دیں۔ ڈاکٹر فاروق نے بدھ کو بڈگام جاکرمرحوم کے یوم وصال کے سلسلے میں منعقدہ دعائیہ مجلس میں شرکت کی۔ اُن کے ہمراہ صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ، وسطی زون صدر علی محمد ڈار اور ضلع صدر بڈگام عبدالاحدر ڈار بھی تھے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر،ایڈوکیٹ محمد اکبر لون، آغا سید محمود، محمد سعید آخون اورتنویر صادق سمیت دیگر لیڈروں نے بھی مرحوم کوخراج عقیدت پیش کیا۔اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم جموں وکشمیر کے سابق کابینہ وزیر آغا سید روح اللہ کے والد تھے۔ ایک بیان میں الطاف بخاری نے آغا سید مہدی کو اخلاص، صدق دلی، عاجزی کا پیکر قرار دیا جنہوں نے ہمیشہ سماج کے کمزور طبقہ جات اور غرباء کی بہتری کے لئے کام کیا۔
فوج کا میجر سومناتھ شرما اور میجر پی پرشوتم کو خراج عقیدت
سرینگر//فوج نے بدھ کو پہلے پرم ویر چکر ایوارڈ یافتہ میجر سومناتھ شرما اور دفاعی ترجمان میجر پی پورشوتم کو خراج عقیدت پیش کیا۔میجر سومناتھ نے 1947میں قبائلی حملہ آوروں سے لڑتے ہوئے اپنی جان دی تھی۔ فوج کی طرف سے سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر واقع جنگی یادگار پر میجر سومناتھ شرما کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی۔ دفاعی ترجمان کے مطابق میجر سومناتھ شرما نے 4 کمان کی ’ڈی‘ کمپنی کی قیادت کی اور 3نومبر 1947کو شمالی جانب سے سرینگر کی طرف آنے والی پاکستانی افواج کے خلاف بڈگام میں ایک اڈہ قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ہتھیاروں، مارٹروں اور بھاری خودکار ہتھیاروں کی مدد سے عددی لحاظ سے اعلی دشمن کا سامنا کرنے کے باوجود میجر سومناتھ شرما اور ان کی کمپنی اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے اور کئی گھنٹوں تک سری نگر کے ہوائی اڈے کی طرف ان کی پیش قدمی کو ناکام بنایا،اور اپنی جان دی۔ ترجمان نے کہاکہ ان کی حتمی ہمت، قیادت اور فرض کی پکار سے آگے لگن کے لیے، میجر سومناتھ شرما کو ملک کے پہلے اور جنگ کے وقت کے سب سے بڑے ایوارڈ، پرم ویر چکر سے، بعد از مرگ نوازا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد پہلی جنگ میں ہندوستان کی فتح میں میجر شرما کی عظیم قربانی نے اہم کردار ادا کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے، جی او سی چنار کور، بریگیڈیئر سومیش سیٹھ، کمانڈنٹ، جموں و کشمیر لائٹ انفنٹری رجمنٹل سینٹر کی جانب سے، میجر سومناتھ شرما،کو جنگی یاد گار پر یاد کیا گیا۔سری نگر، 3 نومبر (پی ٹی آئی) سری نگر میں دفاعی تعلقات عامہ کے دفتر نے بدھ کو دفاعی ترجمان میجر پی پرشوتم کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا، جو 1999 میں جنگجوئوںکے ایک خودکش حملے میں پانچ فوجیوں کے ساتھ مارے گئے تھے۔ دفاعی پی آر او نے ایک بیان میں کہابادامی باغ چھانی میں میجر پورشوتم میموریل پر گلباری کی گئی۔بیان کے مطابق سرینگر کے بادامی باغ چھانی میں منعقدہ ایک تقریب میں، تعلقات عامہ کے دفتر کے تمام رینکوں نے فدائین حملے میں 1999میںمارے گئے میجر پروشوتم اور ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور چار اہلکاروں سمیت پانچ فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔ .ترجمان کے مطابق حملے کے وقت پی آر او کے دفتر میں موجود صحافیوں کو بچانے کی کوشش میں وہ اور ان کے ساتھی مارے گئے۔
بابا داؤد خاکی پبلک پارک کچرے کے ڈھیر میں تبدیل
سر ینگر / / بابا ڈیمب روڈ پر خانیار کے قریب واقع بابا داؤد خاکی پارک غلاظت کے ڈھیر تبدیل ہو چکی ہے۔ لوگوں کا الزام ہے کہ پارک کی دیکھ بھال میں حکام ناکام ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ پارک نہ صرف عام لوگوں کے لیے اہمیت کی حامل تھی بلکہ اس پارک میں آنے والے مریض اور ان کے تیماردار غوثیہ اسپتال میں جگہ کی کمی کی وجہ سے وقت گذارتے تھے۔ اس پارک کو حکام کی لاپرواہی کے نتیجے میں نہ صرف گندگی ڈالنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے بلکہ گاڑیوں کی پارکنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔پارک میں کتے سارا دن گھومتے نظر آ رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے انتظا میہ سے اس معاملے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔