چہرے کی شناخت والابائیو میٹرک نظام
دفاتر کیلئے جلداز جلد مشینری نصب کرنے کی ہدایت
سمت بھارگو
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے ضلع کے تمام ڈرائنگ اور ڈسبرسنگ آفیسرز (DDOs) کو 31 مارچ 2022 سے پہلے سرکاری دفاتر اور اداروں میں چہرے کی شناخت کرنے والے بائیو میٹرک آلات نصب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ڈی ڈی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سسٹم میں ملازمین کے اندراج کو یقینی بنائیں اور جب تک ہدایات پر عمل درآمد نہیں ہوتا کوئی تنخواہ جاری نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری ہونے والے اس حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وقت کی پابندی کو یقینی بنانے اور ضلع کے سرکاری دفاتر اور اداروں میں کارکردگی اور شفافیت کو فروغ دینے کیلئے تمام ڈی ڈی اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ راجوری حاضری پورٹل www.atmisrajouri.nic.net.in. پر اپنے دفاتر کی روزانہ حاضری جمع کرانے کو یقینی بنائیں۔جاری کردہ حکم نامے کے مطابق مارچ 2022 کے بعد کسی بھی زمرے کے سرکاری ملازمین کے حق میں کوئی تنخواہ یا اجرت نہیں دی جائے گی جب تک کہ وہ چہرے کی شناخت کے بائیو میٹرک اٹینڈنس سسٹم (FRBAS) میں اپنا اندراج نہ کر لیں۔
پونچھ میں دکان خاکستر ،ساز و سامان تباہ
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے پولیس لائن وارڈ نمبر تین علاقے میں ایک دکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سازوسان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔عینی شاہدین کے مطابق قریشی فرنیچر ہاؤس میں صبح ساڑھے دس بجے کے قریب بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ نمودار ہوگی اور اس آگ کے واردات میں دکان جل کرپوری طرح تباہ ہوگئی۔لوگوں کے مطابق فائرسروس کو اطلاع دی گئی تو اس کے اہلکاروں نے آگ پر قابو کرنے میں لوگوں کے تعاون سے کام کیا اور نزدیک مکانوں اور دکانوںمیں آگ پھیلنے سے بچایادکان کے جل جانے سے لاکھوں کی مالیت کا نقصان ہوا ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے متاثر کارپینٹر کی مدد کی اپیل کی تاکہ یہ پھر سے اپنی زندگی شروع کرسکے۔
ٹریفک حکام کی پونچھ میں کارروائی
قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کئے گئے
حسین محتشم
پونچھ// ٹریفک پولیس نے پونچھ میں ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے دوران متعددگاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چالان کئے ۔ٹریفک پولیس کی جانب سے ضلع ٹریفک انسپکٹر محمد قاسم کی سربراہی میں ناکہ لگایا گیا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان کاٹے گئے۔اس دوران ٹریفک پولیس پونچھ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے۔ انھوں نے کہا ٹریفک پولیس پونچھ میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لا رہی ہے اور شہر کی سڑکوں پر غلط پارکنگ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم چلا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس شہریوں کو پارکنگ قوانین اور دیگر قوانین سے متعلق بیداری کا عمل بھی جاری ہے۔
ڈھانگری میں یک روزہ پہاڑی کنونشن
راجوری//ضلع راجوری کے ڈھانگری علاقہ میں پہاڑی قبیلے کا ایک روزہ پہاڑی کنونشن منعقد ہوا۔کنونشن کے دوران مقررین نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پہاڑیوں کو جلدازجلد ایس ٹی کا درجہ دیا جائے ۔کنونشن کے دوران قبیلے کے اراکین نے ایک آواز میں اپنی پست حالی پر تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے یقین دہانیاں کروانے کے باوجود بھی ابھی تک پہاڑی قبائل کو ان کے حقوق نہیں دئیے گئے ہیں ۔مندوبین نے دعویٰ کیا کہ ایک محاذ پر جب حکومت نے جموں و کشمیر یو ٹی میں جنگلات کے حقوق کا قانون نافذ کیا،ایس ٹی طبقہ کیلئے مخصوص نشستیں، پہاڑی قبیلے کے اراکین نے مخالفت نہیں کی۔مقررین نے حال ہی میں مرکزی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد کی تعریف کی جنہوں نے پہاڑیوں کے معاملہ کی مرکزی میں جا کر وکالت کی ۔اس سلسلہ میں منعقدہ پروگرام کی صدرات کیول شرما نے کی جبکہ پونچھ سے ایگزیکٹو ممبران سنجیو شرما، سہیل ملک اور ایڈووکیٹ افتخار احمد بزمی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔خطاب کرنے والوں میں وکرانت شرما، گرودیو ٹھاکر، عارف جٹ، دنیش شرما و دیگران بھی شامل تھے ۔
بھاٹی دھار میں ہینڈ پمپ نصب کیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین پونچھ چوہدری محمد اشفاق نے مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹی دھار علاقہ میں ایک ہینڈ پمپ نصب کیا گیا ۔اس موقعہ پر مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ پنچایتی اراکین بھی موجود تھے ۔مکینوں نے بتایا کہ علاقہ میں پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رجوع کیا گیا جس کے بعد ضلع ترقیاتی کونسل کی جانب سے اس مانگ کو پورا کر دیا گیا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے ڈی ڈی سی وائس چیئر مین نے بتایا کہ عوامی پریشانی کو دیکھتے ہوئے مشینری کو نصب کروایا گیا ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس عمل سے علاقہ میں پانی کی قلت پوری ہوگی ۔انہوں نے عوام کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اس عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے گا ۔
تھنہ منڈی میں کرکٹ ٹورنا منٹ اختتام پذیر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سیوک ایکشن پروگرام کے تحت جموں و کشمیر پولیس کے ذریعہ تھنہ منڈی سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کرکٹ ٹورنامنٹ اتوار کو اختتام پذیر ہوا۔اس کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد راجوری پولیس نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی میں کیا۔ ٹورنامنٹ میں کل چھ ٹیموں نے حصہ لیا اور اتوار کو فائنل میچ عظمت آباد کی ٹیم اور تھنہ منڈی کی ٹیم کے درمیان کھیلا گیا جس میں عظمت آباد کی ٹیم نے فائنل میچ جیت لیا۔ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے موقع پر ڈی ڈی سی ممبر تھنہ منڈی عبدالقیوم میر مہمان خصوصی تھے جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر مہمان خصوصی تھے۔ فائنل میچ کی تقریب میں ایس ڈی پی او تھنہ منڈی امتیاز احمد، ایس ایچ او تھنہ منڈی شوکت امین، سول سوسائٹی کے ممبران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر فاتح ٹیموں اور رنر اپ ٹیموں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ ایس ایس پی راجوری محمد اسلم نے کہا کہ یہ کرکٹ ٹورنامنٹ سیوک ایکشن پروگرام کے تحت منعقد کیا گیا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت میں استعمال کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔
مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // الفیضان چیری ٹیبل ٹرسٹ کے زیر اہتمام مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ ہائیر سکینڈری سکول تھنہ منڈی میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس کیمپ کا انعقاد سینئر میڈیکل آفیسر سی ایچ سی تھنہ منڈی ڈاکٹر نثار حسین چوہدری اور کی ساری ٹیم کی بھرپور معاونت سے کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ میں متعدد امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے حصہ لیا اور مریضوں کے مختلف قسم کے ٹیسٹ بھی بلا معاوضہ کئے گئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شوکت چوہدری نے بتایا کہ اس قسم کا مفت میڈیکل کیمپ اسلئے منعقد کیا گیا ہے کہ کچھ بیماریاں ایسی ہوتی ہیں جن کے بارے میں لوگوں کو علم نہیں ہوتا یا پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ بروقت اور بہتر علاج و معالجہ کروانے سے قاصر رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ چنانچہ الفیضان چیری ٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے شوگر ، بلڈ پریشر، آنکھوں اور دانتوں کی بیماریوں کی جانچ کیلئے ایک مفت کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں لوگوں کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں متعلقہ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ انھوں نے بتایا کہ شوگر اور بلڈ پریشر جیسی بیماریوں کا صحیح وقت پر علاج کرانے سے انسان کی جان بچ جاتی ہے۔اس کیمپ میں فیضان چیری ٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے پیٹ جگر اور آنتوں کے ماہر معالج ڈاکٹر شوکت چوہدری ،گردوں کے ماہر معالج ڈاکٹر محمد اقبال بٹ، آنکھوں کی ماہر معالجہ ڈاکٹر سدرہ دانش رینہ اور دانتوں کی ماہر معالجہ ڈاکٹر سونیا اطہر رینہ کے علاوہ دیگر کئی معالجین کو مدعو کیا گیا تھا ۔اس موقع پر مسلم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے سرپرست خورشید بسمل نے بڑی آبادی کے پس منظر میں ایسے کیمپوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ الفیضان چیری ٹیبل ٹرسٹ غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے جو کہ انتہائی خوش آئند بات ہے۔
منجا کوٹ میں میاں دادن کا عرس منایا گیا
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں میاں دادن کا سالانہ عرس منایا گیا جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔تحصیل ہیڈ کوارٹر کیساتھ منسلک گائوں نیلی میں منعقدہ مذکورہ پروگرام میں مذہبی سکالروں و علماء کیساتھ ساتھ مقامی معززین اور عام لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مولاناخلیفہ عبدالخالق نقشبندی منعقدہ پروگرام میں میاں بشارت حسین لاروی نے صوفیانہ تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں کو تلقین کی کہ وہ روحانی شخصیات کے بتائے ہوئے راستوں پر چل کر دین کی خدمت کریں ۔انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے بچوں کو دین کی جانب راغب کریں ۔اس موقعہ پر مولانامفتی شفیق ،حاجی محمد شفیع،مولانا فاضل حسین ودیگران بھی موجود تھے ۔
پنچایت سطح کا کرکٹ ٹورنامنٹ شروع
پرویز خان
منجا کوٹ //ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی ہدایت پر منجا کوٹ تحصیل میں شعبہ یوتھ سروسز کی جانب سے پنچایت سطح کے کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغازکیا گیا ۔پنچایت راجدھانی میں شروع ہوئے مذکورہ ٹورنامنٹ میں مختلف پنچایتوں کی کل 6کرکٹ ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔ٹور نامنٹ کا افتتاحی میچ گھمبیر مغلاں بی اور منگلناڑ اپر پنچایتوں کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔اس موقعہ پر زیڈ ای پی او چوہدری گلزار احمد بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے جبکہ ان کیساتھ ساتھ محمد شبیر خان ،حاجی محمد حنیف ،عبدالرشید خان ودیگران بھی موجود تھے ۔کرکٹ ٹورنامنٹ ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے ضلع آفیسر سنیل سنگی سمبیال کی قیادت میں کھیلا جارہا ہے ۔
پیر بہار علی شاہ کا 40واں منایا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی علاقہ میں روحانی بزرگ پیر بہار علی شاہ کا چالیسواں منایا گیا ۔اس تقریب میں مرحوم کیساتھ عقیدت رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔مینڈھر سب ڈویژن کے گوہلد ریالاں میں منعقدہ تقریب کے دوران علماء و معززین نے شرکت کے کر مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی جبکہ والدین اور امت پر زور دیا گیا کہ وہ دینی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے اپنے بچوں کو بھی دین کی جانب راغب کریں ۔
ڈھرانہ میں فلوریکلچر پروجیکٹ کا افتتاح
جاوید اقبال
مینڈھر //فوج کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن کے ڈھرانہ علاقہ میں’ زینت اے گلشن ‘کے عنوان سے ایک فلوریکلچر پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا ۔فوج کے بھمبر گلی بریگیڈ کے اعلیٰ آفیسران نے مقامی معززین و پنچایتی اراکین اور دیگر ملازمین کی موجود گی میں مذکورہ پروجیکٹ کا افتتاح کیا ۔اس موقعہ پر ایس ڈ ی پی او مینڈھر شیزا ن بٹ ،محمد اقبات خان ،حاجی شارک ،محمد اخالق خان ودیگران نے بھی منعقدہ پروگرام میں شرکت کر کے فوج کی جانب سے اٹھائے جارہے اقدامات کی تعریف کی ۔مقررین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ فوج آئندہ بھی عوام کی فلا ح و بہبود کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی ۔
پونچھ میں 5مقامات پر میگا بیدار ی پروگرام منعقد
مینڈھر //یوتھ مشن کے زیر تحت سرحدی ضلع پونچھ میں مختلف مقامات پر بیداری پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ۔یوتھ اور آئوٹ ریچ اقدمات کے تحت منعقدہ پروگراموں کے دوران نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کرنے کیساتھ ساتھ ان کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ مختلف سکیموں کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی گئی ۔ ان بیداری پروگراموں کا انعقاد ضلع انتظامیہ پونچھ نے تمام لائن محکموں کے اشتراک سے کیا تھا۔بیداری کے ان پروگراموں کے آغاز پر تمام محکموں کے ریسورس پرسن کی جانب سے شرکا کو تفصیلی معلومات فراہم کی گئی ۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف سکیمیں شروع کی گئی ہیں جن سے فائدہ اٹھا نے کیلئے پہل کریں ۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کیساتھ ساتھ خواتین کی با اختیاری کیلئے بھی حکام کی جانب سے کئی سکیمیں شروع کی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں آئندہ بھی مذکورہ پروگراموں کو منعقد کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائینگے ۔
ڈی سی راجوری نے مختلف پروجیکٹوں کا معائینہ کیا
راجوری//ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل نے راجوری ٹاؤن کا ایک وسیع دورہ کر کے مختلف حصوں میں چلائے جانے والے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام کی پیش رفت کا معائنہ کیا۔آفیسر موصوف نے عبداللہ پل تاہیملٹن پل تک اپروچ روڈ، ویدانت آشرم تک اپروچ روڈ، لیبر ڈپارٹمنٹ کی عمارت، ورکشاپ پل سے گھمبیر براہمناں سڑک اور راجوری قصبہ سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری تک سڑک کا معائینہ کر کے آفیسران کو ضروری ہدایت جار ی کیں ۔عبداللہ پل کی کل لمبائی 120 میٹر کے دوہرے راستے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کو 6.20 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے ایک سستی اسکیم کے تحت منظور کیا گیا تھا۔ متعلقہ افسر نے بتایا کہ جلد ہی سلیب ڈال دی جائے گی۔راجوری شہر سے بی جی ایس بی یو روڈ پر سے متعلقہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے متعلقہ ٓفیسران نے بتایا کہ پروجیکٹ کی تخمینہ لاگت 2670.05 لاکھ ہے اور سڑک کی کل لمبائی 08 کلومیٹر ہے ۔ ہملٹن پل تک اپروچ روڈ پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسر نے بتایا کہ سڑک کی تخمینہ لاگت 16 لاکھ ہے۔ ڈی ڈی سی نے ویدانت آشرم کے اپروچ روڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں بتایا گیا کہ سڑک کی تخمینہ لاگت 268 لاکھ ہے اور جلد ہی سڑک پر کام شروع ہو جائے گا۔گورنمنٹ گرلز ماڈل ہائر سیکنڈری سکول راجوری میں ڈی ڈی سی کو بتایا گیا کہ عمارت کو 139 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل کر کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ڈی ڈی سی نے افسران سے کہا کہ وہ جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں اور طے شدہ اہداف کو پہلے سے طے شدہ وقت سے پہلے حاصل کرنے کیلئے پروجیکٹوں پر کام کو تیز کریں۔
ناری نکیتن مینڈھر میںتقریب کا انعقاد
مینڈھر//’خوشی کے عالمی دن‘ کے موقع پرناری نکیتن مینڈھر میں فوج کی جانب سے بچیوں کیلئے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب کے دوران فوجی آفیسران نے کہا کہ اس کا مقصد ہر ایک کی زندگی میں خوشی پھیلانا اور لوگوں کوخوشیاں پھیلانے کی ترغیب دینا ہے۔غور طلب ہے کہ فوج کی جانب سے مینڈھر میں بیواہ خواتین اور یتیم لڑکیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے ناری نکتین کی تعمیر عمل میں لائی ہوئی ہے جہاں پر ان لڑکیوں و خواتین کو بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔اس موقعہ پر لڑکیوں کے بیڈ منٹن و دیگر کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جس میں انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔