بانڈی پورہ میںلیگل سروسز اتھارٹی کے زیر اہتمام جانکاری پروگرام
عازم جان
بانڈی پورہ //ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ نے ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے اشتراک سے ’گھریلو تشدد ‘کے عنوان پرایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے اختتام پر ’بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو‘ کی حوصلہ افزائی کے تحت اُن طالبات کو میڈل اور اسناد سے نوازاگیا جنہوں نے رواں برس امتحانات میں اچھے نمبرات حاصل کئے تھے۔ جانکاری پروگرام کی صدارت پرنسپل اینڈ سیشن جج محمد ابراہیم وانی ،ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد، سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی فارقہ نذیر(سب جج) نے کی ۔ جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد ،ضلع انفارمیشن افسر جہانگیر احمد آخون بحیثیت مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔ تقریب میں ضلع افسران ،ڈی ڈی سی ممبران، سرپنچ اور پنچ موجود تھے۔ مقررین نے گھریلو تشدد کے موضوع پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور قانونی امداد کے متعلق بھی روشنی ڈالی گئی۔ جانکاری تقریب میں شرکت سے قبل ڈپٹی کمشنر اورپرنسپل اینڈ سیشن جج اور سیکریٹری لیگل سروسز اتھارٹی نے منی سیکریٹریٹ کے احاطے میں مختلف محکمہ جات کے سٹالوں کا معائنہ کیا۔
تیندوے کو بحفاظت باہر نکالا گیا
براکہ پورہ اننت ناگ میں ٹینکی میں پھنس گیا تھا
سرینگر//براکہ پورہ اننت ناگ میں پانی کی ٹینکی میں پھنسے ایک تیندوے کو محکمہ جنگلی حیات نے بحفاظت باہر نکالا۔ سنیچر کو براکہ پورہ کے باغات میں 10فٹ گہری پانی کی ٹینکی میں ایک تیندوا گرگیا۔ مقامی لوگوںنے تیندوے کی پھنسنے کی خبر محکمہ جنگلی حیات کو دیا اورمحکمہ کے اہلکاروںنے بچائو کارروائی کرتے ہوئے تیندوے کو باہر نکالنے کا آپریشن شروع کیا۔ محکمہ جنگلی حیات کے ایک عہدیدار کاکہنا ہے کہ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد تیندوے کو کنویں سے بحفاظت نکالاگیا ۔
گریز کا وفد ساگر سے ملاقی
عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا
سرینگر//گریز سے آئے ایک وفد نے نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد کی قیادت پارٹی کے بلاک صدر گریز محمد انور شنگرو کررہے تھے۔ وفد نے دیگر مسائل کے علاوہ شاہ پورہ بالا گریز میں موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی کا معاملہ بھی ساگر کی نوٹس میں لایا۔ وفد نے کہا کہ علاقے میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف لوگ ٹیلی فون سروس سے محروم ہیں بلکہ علاقے کے طالب علم آن لائن تعلیم سے محروم ہیں۔ جنرل سکریٹری نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اُن کے مسائل متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا کر ان کا سدباب کرانے کی پوری کوشش کریں گے۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صوبائی صدر محمد سعید آخون بھی موجود تھے۔
شیری شاپ کیپرس ویلفیئر کمیٹی تشکیل
فیاض بخاری
بارہمولہ//شیری نارواو بارہمولہ شاپ کیپرس ویلفیئر یونین نے شیری بازاربہبودکمیٹی تشکیل دی تاکہ سرینگرمظفرآبادشاہراہ پرواقع اس اہم بازار میں کاروبار کرنے والے تاجروں اوردکانداروں کے مسائل کا ازالہ کیاجاسکے ۔بیان میں کہاگیاہے کہ شاپ کیپرس ویلفیئر یونین شیری بارہمولہ کے چیئرمین ڈاکٹر شبیراحمدباغوان اورصدرسجادالبشیرلون نے ایگزیکٹوصدرغلام حسن لون ،جنرل سیکرٹری امتیازاحمدلون،ترجمان یونین فیاض بخاری کے علاوہ دیگر عہدیداروں نیزایگزیکٹو ممبران کے ساتھ مشاورت کرکے شیری بازاربہبودکمیٹی تشکیل دی،جس میں یونین کے سبھی ایگزیکٹو ممبران شامل ہونگے ۔کمیٹی کیلئے صحافی منظور شیری اورمجیدشیری کوبطورمیڈیاصلاحکار مقرر کیاگیا ۔شیری بارہمولہ شاپ کیپرس ویلفیئر یونین نے بیان میں مزیدکہاہے کہ اگرکسی بھی تاجریادکاندار کوکوئی مسئلہ درپیش ہوتووہ موبائل نمبرات9469477111اور9906513653پررابط کرسکتے ہیں۔
جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کا اجلاس
سماجی مسائل سے عوام کو آگاہ کرنے کی تلقین
سرینگر//جموںوکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی نے منشیات کے مضر اثرات، ماحولیاتی تحفظ ، روڑ سیفٹی اور سماجی مسائل کے بارے جانکاری میں اضافہ کرنے کی کوششوں پر زوردیا ہے۔ رورل سوسائٹی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس کپوارہ میں منعقد ہوا جس کی صدارت سوسائٹی کے شمالی کشمیر چیئرمین خواجہ محمد شفیع نے کی۔سوسائٹی کے چیئرمین مبارک گل نے اجلاس سے ٹیلیفونک خطاب کیا۔ مبارک گل نے سوسائٹی کے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ منشیات کے مضر اثرات، ماحولیاتی تحفظ ، روڑ سیفٹی اور سماجی مسائل کے بارے میں جانکاری کو عام لوگوں تک پہنچائیں۔ انہوںنے سوسائٹی کے ذمہ داروں سے تلقین کی کہ وہ سماج کے مفلوک الحال طبقہ کی مدد کرنے کیلئے آ گے آئیں۔ اجلاس میں خواجہ محمد شفیع نے حاضرین سے کہاکہ وہ سوسائٹی کے پروگراموں کو لوگوں تک پہنچائیں تاکہ معاشرہ میں سماجی مسائل سے متعلق بیداری کو عام کیا جائے۔ اجلاس میں شمالی کشمیر کے سیکریٹری پیرزادہ محمد امین، چیف آرگنائزر شمالی کشمیر و ضلع چیئرمین بارہمولہ عبدالمجید آخون، آفس سیکریٹری شمالی کشمیر فیاض احمد، ضلع کپوارہ وائس چیئرمین شیخ بلال غنی، ضلع سیکریٹری کپوارہ محمد افضل میراور ضلع کپوارہ جوائنٹ سیکریٹری چودھری اعجاز احمد موجود تھے۔
وہیل چیئر باسکٹ بال کھلاڑیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ
سرینگر//والنٹری میڈیکیئر سوسائٹی (VMS) وہیل چیئر باسکٹ بال فیڈریشن آف انڈیا اور انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے تعاون سے 12 سے 14 نومبر 2021 تک بمنہ سرینگر میں ادارے کے احاطے میں کوچز، ریفریز اور وہیل چیئر باسکٹ بال کھلاڑیوں کے لیے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کر رہی ہے۔ وہیل چیئر باسکٹ بال فیڈریشن آف انڈیا (WBFI) کے ماسٹر کوچز یعنی لی سائمن جو WBFI کے جنرل سکریٹری ہیں اور لوئس جارج میپراتھ (قومی ٹیم کے چیف کوچ) تربیت دے رہے ہیں۔ تربیتی ورکشاپ میں تقریباً 40 مرداور خواتین کوچز، ریفریز اور کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔
ٹنگمرگ میں ریشی مولؒ کا عرس منایا گیا
ٹنگمرگ /مشتاق الحسن/ٹنگمرگ میں ریشی مول صاحبؒ کا عرس عقیدت کے ساتھ منایا گیا جس میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر زائرین نے امن وامان اورکووڈ19سے نجات کیلئے دعا کی ۔
یو این آئی سرینگرکے انچارج ماجد جہانگیر کے ماموں فوت
سرینگر//سینئر صحافی اور یو این آئی سرینگر کے انچارج ماجد جہانگیر کے ماموں بلال احمد گنائی گذشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ وہ 48برس کے تھے ۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ بلال احمد گنائی کو جمعہ کے روز اپنے گھر واقع بارہمولہ میں دل کا دورہ پڑگیا۔دریں اثنا صحافتی برادری نے صحافی ماجد جہانگیر اور دیگر پسماندگان سے تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ۔یو این آئی کے سرینگر دفتر میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا۔
ٹریڈرس ایسوسی ایشن گلمرگ کا شاہد مسعود کے لواحقین سے تعزیت
سرینگر//گلمرگ ٹریڈرس ایسوسی ایشن کا ایک تعزیتی اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر غلام نبی لون منعقد ہوا جس میں تمام دوکانداروں نے شرکت کرکے صحافی شاہد مسود بخاری کی رحلت پر دکھ کا اظہارکیا اور مرحوم کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ایسوسی ایشن نے مرحوم صحافی کی عوام کے تئیں خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کئی بار گلمرگ ٹریڈرس ایسو سی ایشن کو درپیش مسائل کو اپنے پرگراموں میں اجاگر کیا۔
قیوم وانی کا اظہار تعزیت
سرینگر//جے کے سول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے ممتاز ٹریڈ یونین رہنما اور ضلع صدر ای جے اے سی بانڈی پورہ سید سجاد کی والدہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وانی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مرحومہ ایک پرہیزگار خاتون تھیں ۔انہوں نے مرحومہ کی روح کیلئے ابدی سکون اور سوگوار خاندان خاص طور پر سید سجاد کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اپنی پارٹی میں کئی سیاسی اراکین کی شمولیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے مطابق سنیچر کو کئی سیاسی اراکین نے شمولیت اختیار کی۔ اس سلسلے میں پارٹی مرکزی دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی صدر محمد اشرف میر نے نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کیا۔ میر نے نئے ساتھیوں سے کہاکہ وہ متعلقہ علاقوں میں لوگوں کے مسائل اُجاگر کرنے ، اُن کی فلاح وبہبودی کے لئے تندہی سے کام کریں اور ساتھ ہی پارٹی کیڈر کو بھی مضبوط کریں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری ہے۔
گاندربل میں کئی افراد کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت
ارشاد احمد
گاندربل//نیشنل کانفرنس کے ضلع دفتر گاندربل میں ایک تقریب میں متعدد پارٹی کارکنوں اور نیشنل کانفرنس کے روٹھے ہوئے کارکنوں نے شمولیت اختیار کی۔تقریب ضلع صدر گاندربل حاجی غلام نبی راتھر کی صدارت میں منعقدہوئی جس میں متعدد سیاسی جماعتوں سے وابستہ درجنوں کارکنوں نے شمولیت اختیار کی۔اس موق عگزشتہ کچھ سالوں سے نیشنل کانفرنس سے دوری اختیار کئے ہوئے کارکنوں نے بھی اس موقع پر گھر واپسی اختیار کی۔
ایڈوکیٹ ہانجورہ اردو کونسل کے صدر منتخب
سرینگر// جموں کشمیر اردو کونسل کے انتخابات میں معروف قانون دان ایڈوکیٹ اے آر ہانجورہ کو صدر منتخب کیا گیا،جبکہ جاوید ماٹجی ایک بار پھر جنرل سیکریٹری عہدے کیلئے منتخب ہوئے۔ انتخابات کے دوران انجینئر غلام نبی وارکی سربراہی والے الیکشن کمیشن نے 5ایگزیکیٹو ممبران کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ الیکشن کے دوران اعجاز احمد ککرو نائب صدر اول، پروفیسر حمید نسیم مرازی نائب صدر دوم ،علی محمد صوفی ناظم مالیات، جاوید کرمانی سیکریٹری اطلاعات،نذیر احمد قریشی سیکریٹری کارڈی نیشن،شبیر ماٹجی سیکریٹری پبلکیشن اور ناظم نذیر نا ظم دفتر منتخب کیا گیا۔
کوکرناگ میں عمارتی لکڑی ضبط
اننت ناگ/عارف بلوچ/ محکمہ جنگلات نے کوکرناگ میں غیر قانونی طور اسمگل کی جارہی کائرو 35فٹ لکڑی ضبط کی گئی ۔رینج آفیسر کوکرناگ پیرزادہ ریاض احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ کے اہلکاروں نے کہا کہ ضبط شدہ لکڑی کو رینج آفس منتقل کیا جارہا ہے اور کیس درج کیا جائے گا ۔
بمنہ میں بحالی مرکز کا دورہ
آلات کار اور طریقہ علاج کا جائزہ لیا
سرینگر //لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے یہاں بمنہ میں رضا کارانہ میڈیکئیر سوسائٹی( وی ایم ایس ) کے شفقت بحالی مرکز کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر مشیر نے بحالی کی سہولت کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور مریضوں اور عملے سے بات چیت کی ۔ انہوں نے خصوصی طور پر معذور مریضوں کے آلات ، مشینوں اور علاج کی لائین کے بارے میں دریافت کیا ۔ انہوں نے جم فزیو اور اکوپیشنل تھراپی سیکشن ، ڈیولپمنٹ تھراپی ، ووکیشنل تھراپی سیکشن کا دورہ کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے مرد و خواتین وارڈز ، مصنوعی اور آرتھوٹک ڈیپارٹمنٹ ، آڈیٹوریم سمیت دیگر حصوں کا معائینہ کیا ۔ اس موقع پر مشیر خان نے بحالی مرکز کی تعریف کی کہ ان کی خدمات ان لوگوں کو فراہم کی جاتی ہیں جنہیں خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مراکز سینکڑوں لوگوں کو امید دے رہے ہیں جنہیں مدد کی ضرورت ہے اور انہیں پیشہ ور افراد کی مداخلت کی ضرورت ہے ۔ مشیر نے شفقت انکلوسیو اسپیشل اسکول کا بھی دورہ کیا اور وہاں بچوں اور اساتذہ سے بات چیت بھی کی ۔ انہوں نے خصوصی طور پر معذور بچوں سے اُن کی تعلیم کے طریقہ کار کے بارے میں دریافت کیا ۔ مشیر خان نے بحالی مرکز میں مریضوں کے ساتھ آنے والے متعدد اتیمارداروں میں ایک ماہ کی راشن کٹس بھی تقسیم کیں ۔
مشترکہ مسابقتی امتحان(ابتدائی) کے نتائج کااعلان
بلال فرقانی
سرینگر//جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن نے ہفتہ کو مشترکہ مسابقتی( ابتدائی) امتحان 2021 کے نتائج کا اعلان کیا۔کنٹرولر امتحانات جموں کشمیر پبلک سروس کمیشن کی طرف سے اس سلسلے میں جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، کل 4544 امیدواروں نے امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں اور وہ جموں کشمیر مشترکہ مسابقتی امتحان ’مین‘ 2021 میں شرکت کریں گے جو ممکنہ طور پر فروری 2022 میں منعقد کیا جائے گا۔عدالتی ہدایات پر ابتدائی امتحان میں شامل ہونے والے امیدواروں کے نتائج کا اعلان عدالت کی مزید ہدایات کے مطابق کیا جائے گا۔
خصوصی لوک عدالت میں195معاملات حل
سرینگر//سرینگرمیں انچارج ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج جیمابشیر کی سربراہی میں ایک لوک عدالت منعقد ہوئی ۔اس موقعہ پر نوبنچوں کو معاملات اٹھانے کیلئے تشکیل دیاگیا۔بنچوں نے نشاندہی کئے گئے معاملوں کو اُٹھایا ،تاکہ افہام تفہیم سے انہیں حل کیا جائے۔ نورمحمدمیرسیکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی نے خصوصی لوک عدالت کوکارڈنیٹ کیا۔اس دوران 510معاملات کو باہمی افہام کیلئے اُٹھایا گیا جن میں 195کو حل کیا گیا۔
دیویہ آرایہ کی تصنیف ’پوسٹ آفس کشمیر ‘کی مطالعہ تقریب
سرینگر//بلال فرقانی// خاتون صحافی دیویہ آریہ کی تصنیف’ پوسٹ آفس کشمیر‘‘ کی مطالعہ کتاب کی تقریب منعقد ہوئی،جس کے دوران کتاب کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی گئی۔ایوان صحافت کشمیر میں منعقدہ اس تقریب کا اہتمام جموں کشمیر جرنلسٹس ایسو سی ایشن نے کیا تھا جبکہ تقریب کی میز بانی بی بی سی اردو سے وابستہ نامہ نگار اور مذکورہ انجمن کے سربراہ ریاض مسرور نے کی۔ تقریب پر دیویہ آرایہ نے اس تصنیف کو صفحہ قرطاس پر اتارنے سے متعلق اپنے تجربات سے شرکا ء کو مستفید کیا۔
جموں میں ایس آر ٹی سی کے تین ملازم برطرف
جموں //جموں و کشمیر سٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( جے کے ایس آر ٹی سی ) نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں غفلت برتنے پر تین ملازمین کو برطرف کر دیا ۔ برطرف کئے گئے ملازمین میں جے کے آر ٹی سی کے کنڈکٹر عبدالمجید ڈار اور شمش الدین کے علاوہ ہیلپر روف احمد شاہ شامل ہیں ۔ منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی نے تمام ملازمین کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اپنے فرایض پورے جوش و جذبے کے ساتھ انجام دیں اور اپنے فرایض کی انجام دہی کے دوران فنڈز کے غلط استعمال یا نااہلی کی وجہ سے کارپوریشن کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں ۔
گلشن کلچرل فورم کے اہتمام سے ادبی کانفرنس
تین کتابیں اجراء، سالانہ ایوارڈوں کا اعلان
سرینگر//گلشن کلچرل فورم کشمیر کے اہتمام سے بدرن میں ایک روزہ ادبی کانفرنس منعقد ہو ئی جس میں کشمیری زبان سے وابستہ کئی سرکردہ ادیبوں ،شاعروں اور قلم کاروں نے شرکت کی۔اِس موقع پر پروفیسر گلشن مجید مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود رہے۔ پروفیسر بشر بشیر اور شمشاد کرالہ واری نے بالترتیب نشستوں کی صدارت کی۔ فورم کے صدر سید بشیر کوثر نے کلیدی خطبہ پیش کیا جبکہ فورم کے جنرل سیکریٹری گلشن بدرنی نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔کانفرنس میں شہناز رشید ، ڈاکٹر جاوید انور، شمشاد کرالہ واری اور پروفیسر بشر بشیر نے کشمیر کے ادبی صورتحال کے تناظر میں منعقدہ مباحثے میں شرکت کی۔ رحیم رہبر اور پروفیسر گلشن مجید اور نثار عظم نے افسانے پیش کئے جن پر سیر حاصل بحث ہوئی۔اس موقع پر غلام حسن شائق کی نثری تصنیف متاعِ حسن، پروفیسر گلشن مجید کا افسانوی مجموعہ ٹنگہ ڈولمت بر اور گلشن بدرنی کا شعری مجموعہ زونہ گاشس منز اِجرا کی گئی۔خورشید خاموش ، ڈاکٹر جاوید انور اور سید بشیر کوثر نے اِجرا شدہ کتابوں پر تبصرے پیش کئے۔ کانفرنس کے دوران گلشن کلچرل فورم کے سالانہ ایواڈوں کا اعلان بھی کیا گیا۔ سال دو ہزار بیس کا ایواڈ شہناز رشید اور سال دو ہزار اکیس کا ایواڈ پروفیسر گلشن مجید کو ایک علاحدہ تقریب میں دیئے جائیں گے۔کانفرنس کے آخر پر ایک مشاعرہ منعقد ہوا۔ جس کی نظامت نثار عظم نے کی ۔صدارت کے فرایض شہناز رشید نے انجام دئے جبکہ صدارتی ایوان شیخ غلام رسول بھی موجود تھے۔ مشاعرے میں جو شعراء شریک ہوئے ان میں لطیف نیازی، مقبول شیدا، شہزاد منظور، عبدالرشید شہباز، عتیق اللہ عتیق، خورشید خاموش، آصف سافل، سید بشیر کوثر، غلام حسن شایق اورگلشن بدرنی شامل تھے۔
محکمہ مال کے 81اہلکارترقیاب
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر کی صدارت میں محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی ایک میٹنگ میں محکمہ مال کے81حکام کو ترقی دی گئی۔کمیٹی میں کشمیرکے سبھی دس اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کشمیر(ایس)،ایڈیشنل کمشنر کشمیر(سی) اورانتظامی محکمہ کے نمائندے شامل تھے۔محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی نے69پٹواریوں کو گرداور ،02 ہیڈاسسٹنٹوں کوسیکشن افسر،05محاسبوں کو صدرمحاسب،03سینئراسسٹنتوں کوہیڈاسسٹنٹ اورایک ملازم کو سینئراسسٹنٹ اورایک کوجونیئراسسٹنٹ کے طور ترقی دی۔