مزید خبریں

بانہال میں ٹاٹا موبائل کھائی میں گرگئی، دو زخمی

ایم ایم پرویز
رام بن// ایک اور سڑک حادثے میں اتوار کو ایک کار سڑک سے پھسل کر ایک کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ ایک ٹاٹا موبائل زیررجسٹریشن نمبر JK01AG-7368 ادویات کی کھیپ سے لدا ہوا تھا جو سری نگر کی طرف جارہا تھا اور سڑک سے پھسل کر پولیس سٹیشن بانہال کے تحت آنے والے شال گڈی چملواس میں ایک کھائی میں جا گری۔ حادثے میں ڈرائیور اور اس کا ساتھی زخمی ہو گئے۔ ان کی شناخت35سالہ کفایت کریم ولد کریم اللہ ساکنہ چن پورہ پائین کرناہ ضلع کپواڑہ اور نذیر احمد ولد عبدالحمید ساکنہ ٹنگڈارکے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال میں داخل کرایا گیا۔ پولیس نے پولیس سٹیشن بانہال میں جلدی اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 203 کا مقدمہ درج کیا ہے۔
 
 
  

کاہرہ میں گرم پانی کا ڈرم پھٹ گیا 

۔4 کمسن بچوں سمیت 6 افراد جھلس گئے، جی ایم سی جموں منتقل 

 اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی تحصیل کاہرہ میں ایک دلدوز حادثہ میں 4 کمسن بچوں سمیت ایک ہی کنبہ کے 6 افراد گرم پانی سے جھلس گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی درمیانی شب کو کاہرہ گجر بستی میں محمد الطاف ولد محمد ابراہیم (38) کے گھر میں گرم پانی کا ڈرم پھٹنے سے 6 افراد بری طرح جھلس گئے۔اس واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال ٹھاٹھری منتقل کیا گیا وہاں سے ابتدائی طبی علاج کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ پہنچایا گیا جہاں سے سبھی زخمیوں کو جی ایم سی جموں منتقل کیا۔ ان کی شناخت محمد الطاف (38)ولد محمد ابراہیم، شبینہ بیگم (33)زوجہ محمد الطاف و ان کے چار بچے شامل ہیں جن کے نام عاطف (08)،فاطمہ (6)،عثمان (4) و قرعت (2) ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق پانی سے بھرا ڈرم زیادہ گرم ہوا اور پھٹ گیا جس دوران سبھی افراد زخمی ہوئے۔ متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے متاثرہ کنبہ کی معقول مالی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے کہا کہ سبھی افرد کو جی ایم سی منتقل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بچی شدید زخمی ہے اور دیگر افراد دس فیصد جھلس گئے ہیں جن کی سرجری ہو گی۔
 
  

 ملوار ن وارڈون آتشزدگی میں2 رہائشی مکان خاکستر 

 عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ واڑون کے ملوارن میں دیر شام آگ کی ہولناک واردات میں دو رہایشی مکان خاکستر ہوئے جبکہ قریبی رکھی گھاس بھی جل گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔ کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق علاقہ میں آگ قریب شام8 بجے کے قریب یب محمد سلطان و غلام حسین کے دوگھاس کوٹھوں سے نمودار ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے مزید پھیل گئی جسکے بعد مقامی نوجوانوں و پولیس نے آگ پر کافی مشقت کے بعد قابو پالیا تاہم اس دوران دو رہایشی مکانات و گھاس جل چکے تھے ۔
 
 

ون سٹاپ سینٹر ریاسی نے سوچھتا مہم پر ویب نار کی میزبانی کی 

ریاسی//سخی- ون سٹاپ سینٹر ریاسی نے خواتین کو بااختیار بنانے کے ضلعی مرکز/ مہیلا شکتی کیندر کے تعاون سے سوچتا پکھواڑا پر ایک ویب نار کا انعقاد کیا۔ماہر مقررین نے صفائی کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی اور تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ کھلے میں رفع حاجت کو ختم کریں، مجموعی طور پر صفائی کے لیے ٹھوس اور مائع فضلہ کے موثر انتظام کو فروغ دیں اور عوام میں اس بارے میں بڑے پیمانے پر بیداری پیدا کریں۔مختلف سرکاری، نجی اور غیر سرکاری اداروں کے ماہرین نے شرکاء سے خطاب کیا۔ماہر مقررین میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر گلشن کمار، گوردیو کمار، جنرل مینیجر ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سینٹر، سنجے کمار ٹیچر، مونیکا شرما ویمن ویلفیئر آفیسر، ایم ایس کے ریاسی، چائلڈ لائن ریاسی میں جیوتی دیوی ٹیم ممبر شامل تھے۔ پروگرام میں مختلف سکولوں اور کالجوں کے 50 سے زائد طلباء اور مختلف شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
 

بھلیسہ کے بزرگ سیاسی و سماجی کارکن الحاج غلام حسین ملک فوت 

متعدد سیاسی و سماجی شخصیات کا اظہار افسوس، آبائی گاؤں تلوگڑھ میں سپرد خاک 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ سے تعلق رکھنے والے بزرگ سیاسی و سماجی کارکن الحاج غلام حسین ملک طویل علالت کے بعد ہفتہ کی شام 77 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔مرحوم کا شمار علاقہ کے ذی شعور و صاحب فکر بزرگوں میں ہوتا تھا اور جامعہ غنیہ العلوم اخیار پور کے بانی الحاج غلام قادر غنی پوری علیہ رحمہ کے خاص مریدین میں سے ایک تھے. ان کی ہی نگرانی میں ڈوڈہ ضلع کی خوبصورت مساجد میں سے ایک جامع مسجد اخیار پور کی تعمیر ہوئی تھی۔وہ ہمیشہ مذہبی، سیاسی و سماجی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے۔ مرحوم غلام حسین ملک کم عمری میں یعنی ستر کی دہائی میں اپنے آبائی گاؤں تلوگڑہ پنگل کے سرپنچ بھی رہ چکے ہیں۔مرحوم ایک ملنسار، باکردار، خوش گفتار و باوقار شخصیت کے مالک تھے۔وہ ہندو مسلم اتحاد کے لئے بھی ہر وقت سرگرم رہتے تھے اور نوجوانوں کو اتفاق و اتحاد کا ہمیشہ درس دیتے تھے۔ایک ماہ قبل انہیں فالج کی شکائت ہوئی تھی اور تب سے بستر پر ہی رہے۔مرحوم کی نماز جنازہ آج اپنے آبائی قبرستان تلوگڑھ بھلیسہ میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔مہتمم مدرسہ غنیتہ العلوم الحاج برہان الحق غنی پوری نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی۔مرحوم کی وفات پر متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔
 
 

ڈوڈہ میں کووڈ 19 کا صرف 1 مثبت کیس 

۔2 مریض صحتیاب ،509277 ٹیکے لگائے گئے 

اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میں آج کوؤڈ 19 کا صرف ایک مثبت کیس سامنے آیا ہے اور دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران صرف 1 شخص کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جسے ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے وہیں دو مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد سمٹ کر 20 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7745 پہنچ گئی ہے۔ضلع میں اب تک کوؤڈ 19 سے 133 افراد فوت ہوئے ہیں اور 509277 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔