مولانا پیر شمس الدین کی وفات ناقابل تلافی نقصان
میرواعظ اور انجمن اوقاف جامع مسجد کی تعزیت
سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر اور نظر بند رکھے گئے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے سرکردہ عالم دین اور معروف داعی جموںوکشمیر میں تبلیغی جماعت کے بانی رکن الحاج مولاناپیر شمس الدین کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔انجمن نے اپنے تعزیتی بیان میں پیر شمس الدین کی طویل ترین، بے لوث دینی، دعوتی ،تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ موصوف نے پوری زندگی دین اسلام کی اشاعت اور دعوت و تبلیغ میں صرف کرکے پورے کشمیر خاص طور پر علاقہ کپوارہ میں دینی مزاج اور فہم پیدا کرنے میں ایک ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے ۔انجمن نے اپنی اور میرواعظ کشمیر کی جانب سے پیر شمس الدین کی وفات کو دینی حلقوں کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے لواحقین اور مریدین ، متعلقین اور منتسبین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تبارک و تعالی سے لواحقین کیلئے صبر جمیل اور مرحوم کیلئے جنت الفردوس کی خصوصی دعا کی۔اس دوران انجمن کا ایک اعلی سطحی وفد مفتی غلام رسول سامون امام جامع مسجد سرینگر اور مولانا ایم ایس رحمن شمس مرحوم کے گھر کپوارہ جاکر اہل خانہ اور حاضرین کے ساتھ نظر بند رکھے گئے میرواعظ کشمیر کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا پیغام پہنچایا اور مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے ایصال ثواب کیا اور فاتحہ پڑھی۔
سوپور میں 68 واں آل انڈیا کوآپریٹو ہفتہ منایا گیا
غلام محمد
سوپور// 68 واں آل انڈیا کوآپریٹو ہفتہ ملک بھر میں ’’تعاون کے ذریعے خوشحالی‘‘ کے مرکزی موضوع پر دوبارہ شروع ہوا جس کا مقصد عوام میں تعاون پر مبنی بیداری پیدا کرنا ہے۔ضلع بارہمولہ میں کوآپریٹو مارکیٹنگ سوسائٹی سوپور میں جشن کا آغاز ہوا جس کا اہتمام کوآپریٹو سوسائٹی سوپور نے بلاک سوپور اور زینہ گیر میں کیا جس میں مختلف مقررین نے کوآپریٹو مومنٹ کے کردار اور تاریخ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کوویڈ 19 وبائی امراض سے نمٹنے اور کوآپریٹو کو مضبوط بنانے میں کوآپریٹو کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ تقریب میں کوآپریٹو سوسائٹی کے اراکین، ملازمین اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔
کریسنٹ کلاسز کیNEET اور JEE کے کامیاب طلاب کو مبارکباد
سرینگر//کریسنٹ کلاسز نے JEE اور NEET-2021 میں کامیابی حاصل کرنے والے طلاب کو مبارکباد پیش کی ۔تقریب نسیم باغ میں کریسنٹ کلاسز کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں مقررین اور فیکلٹی نے کریسنٹ کلاسز کے کردار پر روشنی ڈالی جس میں کیرئیر کے حصول کے ارتقائی عمل کے ساتھ کشمیر میں طلباء کی کمیونٹی تک رسائی حاصل کی۔ اس موقع پر چیئرمین کوچنگ سینٹرز ایسوسی ایشن جی این وار، منظور احمد وانگنو چیئرمین کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ اینڈ مورل اینڈ ریلیف کونسل، شبیر احمد میر نائب صدر PSAJK اور چیئرمین RP گروپ آف سکولز، انجینئر محمد شاہد ڈار ڈائریکٹر کریسنٹ کلاسز اور محمد شکیل ڈار چیئرمین کریسنٹ سکول موجود تھے۔جی این وار نے اس موقع پر کہا کہ یہ کریسنٹ فیملی، اساتذہ اور طلباء کی محنت اور لگن ہے جنہوں نے ریاست کا نام روشن کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔ انہوں نے اس کوچنگ سنٹر میں مصروف اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا’’نتائج اہم ہیں لیکن کریسنٹ کلاسز میں فراہم کی جانے والی خدمات کی سطح اور معیار کے لیے مساوی کریڈٹ اہمیت رکھتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر، اننت ناگ اور بارہمولہ میں پہلے سے قائم اس طرح کے کوچنگ سنٹروں کے علاوہ کشمیر صوبے کے ہر ضلع میں تعلیم کے شعبے میں ان کی شراکت کے لیے ایک ایسا سینٹر قائم کیا جانا چاہئے۔ منظور احمد وانگنو نے کہا کہ کریسنٹ کلاسز میں طلبہ کی کامیابی کے لیے کردار، علم اور تصورات کی مضبوط بنیاد بنانے پر توجہ مرکوز کریں، مسابقتی امتحانات کی تیاری اور بورڈ کی سطح کی تعلیم کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کریں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ کریسنٹ کلاسز کے 35 امیدواروں کو ایم بی بی ایس کیلئے منتخب کیا گیا ہے اور این آئی ٹی میں 26 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔
کنگن میں پولیس دربار
مسابقتی امتحانات کیلئے کونسلنگ شروع کرنے کی یقین دہانی
سرینگر//عوام تک پہنچنے کی اپنی مسلسل کوشش میں پولیس نے کنگن میں عوام کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔میٹنگ کی صدارت ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر نے کی جس میں کمانڈنٹ 118 بٹالین سی آر پی ایف، ایس ڈی پی او کنگن، ڈی ڈی سی امیدوار، ایس ایچ او کنگن اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ میٹنگ میں تحصیل کنگن کے پی آر آئیز، اساتذہ، ڈاکٹروں، اوقاف کے اراکین اور عام لوگوں نے شرکت کی۔بات چیت کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے کئی مسائل پر روشنی ڈالی جو عام لوگوں کو درپیش ہیں۔ چیئرنگ افسر نے موقع پر ہی متعدد مسائل کا ازالہ کیا اور شرکاء کو یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی دیگر حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سول انتظامیہ سے متعلق مسائل ان کے جلد از جلد ازالے کیلئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائے جائیں گے۔اس موقع پر ایس ایس پی گاندربل نے کہا کہ پولیس ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر بالخصوص منشیات فروشوں اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے تاکہ ضلع میں محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے عوام اور سول سوسائٹی اراکین سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کے لیے آگے آئیں تاکہ ان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ایس ایس پی گاندربل نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ گاندربل پولیس آئی اے ایس، جے کے اے ایس اور آئندہ سب انسپکٹر بھرتیوں کے لیے کیرئیر کونسلنگ پروگرام شروع کرے گی۔
پینے کے پانی کی قلت
آری گام ترال میں لوگ مشکلات سے دوچار
سرینگر//ترال کے آری گام نامی گائوں میں پینے کے پانی کی قلت کے نتیجے میںلوگوںکو سخت مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ مضر صحت پانی استعمال کرنے کی وجہ سے بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔لوگوں نے بتایا کہ جل شکتی محکمہ آج تک اس اہم معاملے کا کوئی خاطر خواہ حل نکالنے میں مکمل طور ناکام ہے ۔انہوںنے بتایا کہ پانی کی عدم دستیابی کے سبب لوگ ایک گندے نالے کا پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے اس سلسلے میں اے ڈی سی ترال اور جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
پلوامہ میں بھائی چارہ کی مثال برقرار
مسلمانوں نے پنڈت کے آخری رسومات ادا کئے
سرینگر //وادی کشمیر میں روایتی بھائی چارہ ہنوز قائم ودائم ہے جس کی ایک تازہ مثال پلوامہ کے وہی بگ علاقے میں دیکھنے کو ملی جہاں ایک معمر پنڈت کے انتقال کے بعد مقامی مسلمانوں نے اُس کے آخری رسومات میں حصہ لیا ۔ علاقے میں اتوارکوایک معمر پنڈت کنہیا لال طویل علالت کے بعد فوت ہوئے۔ کنہیا لال کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم میں خدمات انجام دینے کے بعد چندسال قبل نوکری سے سبکدوش ہوئے تھے۔ موصوف کے اہل خانہ اگرچہ بیرون وادی قیام پذیر ہیں تاہم کنہیا لال نے 90کی دہائی میںوادی میں اکیلے رہنے کا فیصلہ کیا۔مذکورہ پنڈ ت کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی مقامی مسلم برادی اُس کے گھر پہنچ گئی اوراُس کے آخری رسوم ادا کئے ۔ سی این ایس
ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر کا اننت ناگ دورہ
باغ مالکان کوجدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی تلقین
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل ہاٹی کلچر اعجاز احمد بٹ نے اتوار کواننت ناگ کے وائلو اور کوکر ناگ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں محکمہ کی کارکردگی کے بارے میں افسران سے آگاہی حاصل کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے مختلف باغات اور نرسریوں کا بھی جائزہ لیا جس دوران عملے کی جانب سے نرسریوں کی بہتر طریقے سے دیکھ ریکھ کرنے پر ان کے کام کاج کو سراہا ۔ انہوںنے اس موقع پرافسران پر زور دیا کہ وہ دور افتادہ علاقوں کا دورہ کرکے وہاں لوگوں کو آگاہی فراہم کریں تاکہ جدید سائنسی تقاضوں کے تحت وہ اپنے باغات کی دیکھ ریکھ کر سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے بعد میں دور افتادہ علاقے متی گورون جا کر وہاں پر محکمہ کے ایک ملازم عبدالغنی کھانڈے کے گھر والوں سے تعزیت پرسی کی۔ بتادیں کہ عبدالغنی کھانڈے اتوار کی صبح کو دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا تھا ۔
سماج میں خواتین کااہم کردار
ہدایت البنات کرالہار میں 8عالمات کی عزت افزائی
بارہمولہ//اہل سنت کے اہم دینی مرکز جامع ہدایت البنات کرالہار کانسپور بارہمولہ میں جلسہ ردا پوشی منعقد ہوئی جس میں8طالبات کی ردا پوشی انجام دی گئی۔اس موقع پران بچیوں کو ردائے فضیلت سے نوازا گیا۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے ہدایتہ البنات کے مہتمم اور طالبات کو ہدیہ تہنیت پیش کی۔اس موقع پر علماء نے خواتین کو اسلام کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی تاکیدکی۔انہوں نے کہاکہ آندہ نسلیں خواتین کی گود میں پرورش پاتی ہیںاور یہی گود بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔
شاعر شوکت انصاری کے دو مجموعوں کی رسمِ رونمائی
سرینگر//ادبی مرکز کمراز کی سرپرستی میں کشمیر مرکز ادب و ثقافت چرارِ شریف کے اہتمام اور حسینی ویلفیئر کمیٹی کے اشتراک سے مسجدِ سجادیہ حسن آباد سرینگر میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب دو نشستوں پر مشتمل تھی۔ پہلی نشست میں شوکت انصاری کی دو کتابیں ’ دَشہِ گوند‘ اور ’دردِ سفر‘کی رونمائی انجام دی گئی۔اس نشست کی صدارت آغا سید مجتبیٰ نے کی جبکہ ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ،عابد حسین حسینی، شوکت انصاری، کشمیر مرکز ادب و ثقافت کے سرپرست عنایت گُل، منظور ہاشمی کلچرل فورم کے صدر سرور ہاشمی بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ ان کتابوں پرعنایت گل اور سرورہاشمی نے دو تبصرے پیش کئے۔ تقریب کی دوسری نشست محفلِ مسالمہ پر مبنی تھی، اس نشست کی صدارت پروفیسر محمد زمان آزردہ نے کی جبکہ فیاض تلگامی، گُلستان چینل کے کلچرل کاڈی نیٹر مجید مسرور،ڈاکٹر مشتاق حیدر، ڈاکٹر غضنفر علی اور روزنامہ تعمیل ارشاد کے سینئر سب ایڈیٹرناظم نذیر بھی ایوانِ صدارت میں موجود تھے۔ اس نشست میں جن شعراء نے امام عالی مقامؑ اور اُن کے رفقاء کو سلام پیش کئے جن میں راشد مقبول، مجید مسرور، فیاض تلگامی، سید ذیشان جے پوری، سید عباس جوہر، میر شبیر، ڈاکٹرروف صالح، نثار گلزار، شیر علی مشغول، نذیر احمد نذیر، محی الدین شلزاری، یوسف چلکی، ڈاکٹر مشتاق حیدر، عبدالرشید شاد، فقیر رحیم شاہ، صائمہ ،امداد ساقی،عنایت گل اور ڈاکٹر غضنفر علی قابلِ ذکر ہیں ۔ تقریب پر پروفیسر شاد رمضان، حلقہ ادب سوناواری حاجن کے صدر شاکر شفیع سمیت کئی افرادموجود تھے۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر محمد زمان آزردہ اور شوکت انصاری نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
کلچرل سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے محفل مشاعرہ
سرینگر //ڈسٹرکٹ کلچر سوسائٹی پلوامہ کی جانب سے پلوامہ میں ایک محفل مشاعرہ کا انعقاد ہوا،جس میں ضلع کے دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے شعراء نے شرکت کی۔مشاعرے کی صدارت غلام محمد دلشاد نے کی جبکہ نظامت کے فرائض شاداب یاسمین نے انجام دئے۔شعراء نے اپنے کلام سے شرکاء کو محظوظ کیا۔مشاعرے کے اختتام پرڈسٹرکٹ کلچر سوسائٹی پلوامہ کے منتظمین نے شعراء کا شکریہ ادا کیا۔
جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں سیرت کانفرنس
توہین رسالت کے پس پردہ عزائم پر علما ء کا اظہار خیال
سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام میں شاندار سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں باب العلم کے سینکڑوں کے طالب علموں ، معلمین و تنظیمی اراکین کے علاوہ لوگوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی ۔سیرت کانفرنس کی صدارت تنظیم کے صدر آغا سید حسن نے کی۔ سیرت کانفرنس سے متعدد علماء اور مفکرین نے خطاب کیا جن میںشیخ غلام رسول نوری ،مولانا مسرور عباس انصاری، آغا سید مجتبیٰ ،مولاناخورشید احمد قانونگو ،مولاناسیدالرحمان شمس ،مولاناشعیب شوکت شاہ اورایڈوکیٹ زاہد علی شامل ہیں ۔انجمن کے زیر اہتمام وادی کے جمعہ مراکز کے ائمہ حضرات نے بھی شرکت کی ۔تقریب میںجن نعت خوانوں نے شرکت کی اُن میں غلام حسن غمگین اور شبیر احمد میرشامل ہیں۔مقررین نے سرور کائناتؐ کی سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسوہ رسولؐ قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے اور آپؐ کی سیرت طیبہ رہتی دنیا تک عالم بشریت کے لئے باعث رحمت و نجات ہے۔ مقررین نے توہین رسالت و قرآن کے پے در پے سانحات کو امت مسلمہ کے لئے نہایت تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سانحات کا بہترین رد عمل یہ ہے کہ ہم مکمل طور پر اپنی زندگی اور جملہ معاملات کو شریعت اسلامی اور سیرت رسولؐ کے سانچے میں ڈال کر دشمنان اسلام کے مکروہ عزائم اور مقاصد کے حصول سے باز رکھیں۔ اپنے صدارتی خطاب میں صدر انجمن آغا سید حسن نے سیرت رسولؐ کو امت مسلمہ کے جملہ مسائل اور مصائب کا راہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کے موجودہ حالات مسلمانوں سے تقاضا کر رہے ہیں کہ وہ مکمل طور پر سیرت رسولؐ پر عمل پیرا ہوجائیں اور ہر سطح پر ملی اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دشمنان اسلام کی تمام تر منصوبہ بندیوں کے باوجود کرہ ارض پر اسلام کا بول بالا ہو کر رہے گا۔
حقانی ٹرسٹ کاحضرت سید محمد سعید حقانی کو خراج عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ نے حضرت سید محمد سعید حقانی کے یومِ وصال پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمیداللہ حقانی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ سادگی اختیار کی ۔ انہوں نے ہمیشہ لوگوں کو خود انحصاری کے اصول پر چلنے کی ترغیب دی اور ایسے کئی واقعات ہیں جہاں انہوں نے لوگوں کواس اصول پر عمل پیرا ہونے کیلئے ہر طرح کی معاونت کی۔ان کے یوم وصال پر ایک دینی مجلس خانقاہِ حقانیہ واقع سویہ بگ میں منعقد ہوئی جس میں ختمات المعظمات اورذکر و اذکار کا اہتمام ہوا۔