مزید خبریں

بارہمولہ میں جعلی سم کارڈ جاری کرنے والوں کا پردہ فاش

۔3گرفتار،قابل اعتراض موادبرآمد،کیس درج 
بارہمولہ//فیاض بخاری//پولیس نے بارہ مولہ میں جعلی سم کارڈ جاری کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے تین افراد جو اس جرم میں ملوث ہیں،کوگرفتار کرکے ان کے قبضے سے موبائل فون،سم کارڈ، الیکٹرانک آلات اور دیگردستاویزات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کے مطابق ایک مصدقہ اطلاع ملنے پرپولیس نے بارہ مولہ میں نقلی دستاویزات کی بنیادپرجعلی سم کارڈ جاری کرنے والے گروہ کو بے نقاب کیا ہے ۔ اس میںملوث تین افراد کی شناخت  فاروق احمد وازہ،سہیل عزیز میر اور جاویداحمد کنجوال کے طور ہوئی ہے۔ انہیں گرفتار کرکے پولیس تھانہ میں بند کیاگیا ہے اور تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ان کے خلاف کیس درج کیا گیاہے۔
 
 
 

سیٹم سیل ریسرج پروجیکٹ

سیل میڈ ٹیک اور زرعی یونیورسٹی میں دستاویز مفاہمت طے 

سرینگر //زرعی یونیورسٹی کشمیر اور سیل میڈ بائیوٹیک نامی کمپنی نے مشترکہ طورپر سیٹم سیل پر تحقیق کیلئے مفامتی سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں۔ سمجھوتے پر زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹریٹ ریسرچ نے مفاہمتی دستاویزات پر دستخط کئے اور علم حیوانات پر تشخیصی ،تدریسی اور کنیکل پروجیکٹوں پر مشترکہ کام کریں گے۔ دونوںفریقین تحقیق میں درپیش مشکلات کی نشاندہی کریں گے اور ان کے حل کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ مفاہمتی دستاویزات کے مطابق زرعی یونیورسٹی تحقیقی ادارہ ہونے کی وجہ سے اخلاقی اور ادارتی منظوریاں فراہم کریں گے جبکہ سیٹم سیل کی تحقیق پر آنے والے اخراجات اور ورکشاپ، کانفرنس اور دیگر چیزوں کا خرچہ سیل میڈ بایئوٹیک پرایئویٹ لمیٹیڈ برداشت کرے گا۔ پروجیکٹوں کی دیکھ ریکھ سٹیم سیل مونیٹرنگ کمیٹی کرے گی۔ تحقیق سے حاصل ہونے والے ایجادات، بہترین اوردریافت کے مالک دونوں ادارے شیر کشمیر ایگریکلچرل یونیورسٹی اور سیل میڈیا ٹیک پرایئویٹ لمیٹیڈ کو ملے گا۔ 
 

چوکی بل میں پتھر کی زد میں آکر معمر شہری ہلاک 

کپوارہ // اشرف چراغ //چوکی بل کرالہ پورہ کے مضافاتی دیہات زون ریشی میں 60 سالہ بزرگ شہری پتھر کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پیر کی سہ پہر کو محمد یاسین میر اپنے بھیڑوں کے ساتھ نزدیکی جنگل جارہا تھا کہ اس دوران جنگل کے اوپری حصہ سے ایک پتھر گرآیا جس کے نتیجہ میں مذکورہ شہری شدید طور پرزخمی ہوا ۔جنگل کے نزدیک لوگوں نے واقعہ کے بعد خون میں لت پت یاسین میر کو اسپتال لے جانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
 

عارف لائیگرواورقیوم بٹ کی عزت افزائی 

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی نے ایک تقریب پربٹہ مالوحلقہ انتخاب اور حبہ کدل کانسٹی چیونسی کے انچارجوں عبدالقیوم بٹ اورعارف لائیگرو کی عزت افزائی کی۔اس موقعہ پرپارٹی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے کانسٹی چیونسیوں انچارجوں کو مبارکباد دی اور انہیں زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ہدایات دیںاور کہا کہ وہ لوگوں کے ساتھ ان مشکل حالات میں قریبی تال میل بنائے رکھیں جب ہرکسی کوعدم استحکام کاسامنا ہے۔ اس موقعہ پردیگر لوگوں کے علاوہ عبدالحمیدکوہشین،غلام محی الدین وچی،حاجی پرویز،ڈاکٹر علی محمد،ضلع صدربڈگام محمدیاسین بٹ، میڈیاکارڈنیٹرکشمیر بشیراحمد بیگ وغیرہ بھی موجودتھے۔
 
 

حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کا عرس

انجمن اوقاف سرینگرکاخراج عقیدت ،کہا خدمات ناقابل فراموش

سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ کی اسلام کے تئیں تاریخ ساز دینی، دعوتی، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو ملت کیلئے انمول اور ناقابل فراموش سرمایہ قرار دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت ادا کیا ۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت شیخ سید عبدالقادر جیلانیؒ نے اپنے کردار و عمل اور مقناطیسی مواعظ حسنہ اور کشف و کرامات کے ذریعے جو ایک روحانی انقلاب پیدا کیا ،اس کے اثرات آج بھی عالم اسلام اور پوری دنیا میں دیکھے اور محسوس کئے جاسکتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ عصر حاضر میں ملت اسلامیہ کو درپیش جن گوناگوں مسائل کا سامنا ہے ان کا حل صرف اور صرف قرآن و سنت کی ہدایات کے مطابق حضرت پیران پیر اور بزرگان دین کی تعلیمات پر صدق دلی سے عمل کرنے میں ہی منحصر ہے ۔انجمن نے کہا کہ 9ربیع الثانی کو صدیوں کی روایات کے مطابق میرواعظ کشمیر محمد عمر فاروق آستان عالیہ خانیار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے تھے لیکن موصوف کی خانہ نظر بندی کے سبب یہ ممکن نہیں ہوپا رہا ہے جوباعث اضطراب ہے ۔
 
 
 

 کنزرہائیر سیکنڈری میں سمینار

بہترین کارکردگی کیلئے طلباء اور عملہ انعامات سے سرفراز

 ٹنگمرگ// ہائر سیکنڈری اسکول کنزر نے پیر کو اپنے سالانہ دن کے موقع پر تعلیمی اصلاحات پر ایک سمینار کا انعقاد کیا۔اس موقع پر مقررین نے تعلیمی اصلاحات اور عصری تعلیمی سرگرمیوں کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ڈاکٹر رخسانہ نے تعلیمی اصلاحات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔بہترین کارکردگی کرنے والے بچوں اور مدرسین کو بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے ستائشی اسناد دے دی گئیں۔ طلبا میں نکاس مشتاق، مہک لطیف اور عامر علی جبکہ عملے میں نظیر احمد زرگر، نذیر احمد ڈار، ماگرے رفیع، ارشاد احمد اور غلام نبی پال شامل ہیں۔ جاوید احمد پیر کو الوداعی یادداشت کا سرٹیفکیٹ دیا گیا جبکہ سکول کے پرنسپل کی حیثیت سے عبدالرشید ملہ کو وقت کی پابندی اور ہموار سکول انتظامیہ پر سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔
 
 

ہدایت البنات کرالہار میں 8عالمات کی عزت افزائی

بارہمولہ//اہل سنت کے اہم دینی مرکز جامع ہدایت البنات کرالہار کانسپور بارہمولہ میں جلسہ ردا  پوشی منعقد ہوئی جس میں8طالبات کی ردا  پوشی انجام دی گئی۔اس موقع پران بچیوں کو ردائے فضیلت سے نوازا گیا۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے ہدایتہ البنات کے مہتمم اور طالبات کو ہدیہ تہنیت پیش کی۔اس موقع پر علماء نے خواتین کو اسلام کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے کی تاکیدکی۔انہوں نے کہاکہ آندہ نسلیں خواتین کی گود میں پرورش پاتی ہیںاور یہی گود بچوں کی پہلی درسگاہ ہوتی ہے۔
 
 
 

شاعرعبدالاحد خوشرو کی برسی پر شوپیان میں  تقریب

سرینگر//شوپیان کے معروف شاعر عبدالاحد خوشرو کی چوتھی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس سلسلے میں نو و ادبی کاروان پلوامہ کی جانب سے زینہ پورہ شوپیان میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت نامور شاعر اور قلمکار عبدالرحمان فدا نے کی جس میں کئی شاعروں، ادیبوں اور قلمکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پر مرحوم عبدالاحد خوشرو کی زندگی اور ادبی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔محفل مقالات کی نظامت فیاض دلگیر نے جبکہ محفلِ مشاعرہ کی نظامت سکندر ارشاد نے انجام دی۔تقریب میں جن شعرا نے اپنا کلام پڑھا ان میں محمد یوسف دلدار ،سکندر ارشاد ،غلام رسول مشکور ،فیاض احمد فیاض ،فیاض دلگیر، بلال قاصر، محمد اکرم ،عبدالرحمن فدا اور مصروف خلیل شامل ہیں۔
 
 
 
 

 گلشن کلچرل فورم کے سالانہ ایوارڈوں کا اعلان

سرینگر//گلشن کلچرل فورم کی ایک روزہ سالانہ کانفرنس کے دوران فورم کے سالانہ ایوارڈوں کا اعلان کیا گیا۔ بیان کے مطابق اس سال کا گلشن کلچرل فورم ایوارڈ معروف شاعر شہناز رشید کو عطا کیا جائے گا اور سال کا سالانہ ایوارڈ سرکردہ افسانہ نگار، ادیب اور محقق پروفیسر گلشن مجید کو عطا کیا جائے گا۔ یہ اعلانات فورم کی ایوارڈ کمیٹی کی سفارش کے بعد ایک تقریب میں فورم کے جنرل سیکریٹری گلشن بدرنی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزازات ان کو بہت پہلے ملنا چاہئے تھے تاہم ان اعزازات کا اعلان کرتے ہوئے فورم کوفخر محسوس ہو رہا ہے۔ ان اعزازات میں ایک مومنٹو اور خلعت شامل ہو گی۔
 
 
 

سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی اورسیف الدین سوزکا الطاف بخاری سے اظہار تعزیت 

سر ینگر//آل پارٹیز سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی اور سینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے معروف تاجر سید محمد اقبال بخاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اے پی ایس سی سی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا کے ساتھ پارٹی کے دیگر رہنماؤں پرنسپل نرنجن سنگھ، اجیت سنگھ مستانہ، صدر جموں و کشمیر پنجابی ساہتیہ سبھا، سنت سنگھ، دیویندر سنگھ، ریجنل ہیڈ سکھ مشنری کالج، حکمت سنگھ، اندومیت سنگھ، بابو سنگھ اور دیگر نے تعزیتی پیغام میں پیغام میں کہا ہے کہ بخاری کے انتقال سے کشمیر کے کاروباری اور سماجی حلقوں میں ایک خلا پیدا ہوا ہے۔اے پی ایس سی سی کے رہنماؤں نے کہا کہ بخاری نے 1970 کی دہائی میں ایک بڑا بزنس ہاؤس قائم کرکے کشمیر کے صنعتی اور اقتصادی افق پر ایک اہم کردار ادا کیا جس سے سینکڑوں نوجوانوں کو روزگار ملا۔اے پی ایس سی سی رہنماؤں نے سوگوار خاندان خاص طور پر ان کے فرزند الطاف بخاری کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ادھرسینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے سید محمد اقبال بخاری کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری ، اُن کے برادر سید طارق بخاری اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
 
 
 

الطاف بخاری اورسکھ یوتھ فورم کا اوتار سنگھ سے اظہار تعزیت

سر ینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے پارٹی صوبائی سیکریٹری اور ڈی ڈی سی ترال اوتار سنگھ کی والدہ ماتا کمل کور کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں بخاری نے کہا کہ مذکورہ خاتون نیک سیرت اور مہمان نواز تھیں۔ انہوں نے کہاکہ ماں کو کھونا ایک بہت بڑا صدمہ ہے اور یہ ناقابل ِ تلافی ہے۔ انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ خاص طور اوتار سنگھ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا ہو۔سکھ یوتھ فورم چندری گام ترال نے مقامی ڈی ڈی سی ممبر ایس ا وتار سنگھ اور جموں سرینگر شاہراہ پر لقمہ اجل بنے باپ بیٹی کے غمزدہ کنبو ںسے تعزیت اور ہمدر دی کا اظہا ر کیا ہے۔ فورم کے صدر سنجیت سنگھ کے علاوہ فورم کے عہدیدارسربجیت اوتار سنگھ نے ڈی ڈی سی ممبر ترال اوتار سنگھ کی والدہ ممتا کمال کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوںنے آ نجہانی کی روح کی ابدی سکون کیلئے دعا کی ہے۔ دونوں سکھ لیڈران نیسرینگرجموں شاہراہ پر ایک حادثے میں جتندرسنگھ ولداجیت سنگھ ساکن گڑ ہ پورہ ترال اوراس کی چار برس کی بیٹی نردیپ کورکے المناک موت پر گہر ے رنج وغم کا اظہار کیا ۔
 
 

ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے قصبہ پانپور کی معروف دینی شخصیت پیرزادہ عبدالعزیز قادری ساکن غوثیہ کالونی نمبلہ بل پانپور کے انتقا ل پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً پیرزادہ غلام قادر، پارٹی لیڈر حسنین مسعودی اور یاور مسعودی کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے اورمرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ مرحوم پیرزادہ غلام جیلانی قادری کے برادرِ اصغر تھے۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر ،صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور ضلع صدر پلوامہ غلام محی الدین نے بھی اس سانحہ ارتحال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔