بدھل میں تعمیر اتی عمل سست روی کا شکار | محکمہ دیہی ترقی پر لاکھوں روپے کی ہیرا پھیری کا الزام
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بدھل بلاک کے سرپنچوں نے محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین و آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جہاں تعمیر اتی عمل کو انتہائی سست روی کیساتھ چلایا جارہا ہے وہائیں تعمیر اتی کاموں کے فنڈز میں لاکھوں روپے کی ہیرا پھیری کی گئی ہے ۔بدھل میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران سرپنچوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران مبینہ طورپر رشوت خوری کے عادی ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے پنچایتی سطح پر ہونے والے کاموں میں تاخیر کی جارہی ہے ۔سرپنچ کیول محمد فاروق نے بتایا کہ کپیکس بجٹ کیساتھ ساتھ دیگر ترقیاتی سکیموں کے زیر تحت تعمیر ہونے والے پروجیکٹوں کے وقت پر ٹینڈر ہی نہیں کئے گئے اور جن پروجیکٹوں کے ٹینڈر کئے گئے ہیں ان کی الاٹمنٹ نہیں کی جاسکی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ آفیسران جان بوجھ کر ٹینڈرنگ کے عمل میں تاخیر کررہے ہیں اور کمیشن دینے والوں کے کام جلدی کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں ۔اس دوران سرپنچ بدھل شبیر کملاک نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مارچ ماہ میں ٹینڈرنگ عمل شروع ہونا چاہئے تھا لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی کام نہیں کیا گیا ہے ۔چیئر مین بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل نے کہاکہ بدھل کیساتھ ہمیشہ سے ہی نا انصافیاں کی گئی ہیں ۔پنچایتی اراکین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ دیہی ترقی کے کام کاج میں شفافیت لائی جائے ۔
غیر قانونی تعمیر ات کیخلاف سرنکو ٹ میںمہم
بختیار کاظمی۔
سرنکوٹ// میونسپل کمیٹی نے نائب تحصیلدار سرنکوٹ اور پولیس ٹیم کے ساتھ قصبہ سرنکوٹ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف ایک جامع مہم شروع کی ہے۔اس دوران آفیسران نے قصبہ کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے غیر قانونی طورپر ہوئی تعمیر ات کا ہٹانے کیلئے خصوصی کارروائی عمل میں لائی ۔انہوں نے دکانداروں وعام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ غیر قانونی طورپر تعمیرات نہ کریں جبکہ قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔محکمہ مال کے آفیسران نے تاجروں و عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کیساتھ تعاون کریں ۔
منڈی میں منشیات سمگلر گرفتار ،معاملہ درج
عشرت حسین بٹ
منڈی //سماج سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پونچھ پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرنے اور اس کے قبضے سے ممنوعہ منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔پولیس نے بتایا کہ ایک خاص اطلاع پر پولیس سٹیشن منڈی کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او بشیر احمد کوہلی کی قیادت میں شکیل احمد ولد ابو حامد شیخ سکنہ اعظم آباد محلہ کی دکان پر چھاپہ مارا جو بس اسٹینڈ منڈی میں اپنی ریڈی میڈ کپڑے کی دکان چلاتا ہے۔چھاپے کے دوران پولیس نے بتایا کہ تحصیلدار منڈی کی موجودگی میں دکان سے 115 گرام چرس برآمد کی گئی۔اس معاملے پر ایف آئی آر نمبر 40/2022 کے تحت 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ پی ایس منڈی میں درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
رہبر تعلیم ٹیچرز فورم کا پونچھ میں اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//جے کے آر ای ٹی ٹی ایف پونچھ کا ضلع سطحی اجلاس سٹار ہوٹل پونچھ میں ضلع صدر حمید نباض کی قیادت میں منعقد ہوا جس میں ضلع کے تمام گیارہ زون کے زونل صدور و اراکین نے شمولیت کی۔ریاستی چیف میڈیا ایڈوائزر ایم ایم پٹھان،قمر لطیف،مقداد علی میر،ریاض حمدانی،نشاط تانترے،جمیل خان، جاوید منیر،شکور خان،کلیم خان،علی بہادر،ساجد شیخ،جلیل خواجہ،مرتضی علی بدر،لال حسین،شبیر راتھر،طارق نائیک ،مشتاق احمد،سمیر،طنویر احمد،محمدآصف،علی راٹھور،شبیر آرزو،محسن نائیک،سلیم بھٹ،راجہ میر،بلال راتھر،اقبال قریشی،افضل شیخ،شکیل انجم و دیگر اہم لیڈران تھے جنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچوں پر توجہ دے کر کووڈ کے دوران ہوئے نقصان کی طلافی کرنے میں کلیدی کردار نبھائیں اولڈ پنشن اسکیم کو ملازمین کے حق میں دوبارہ لاگو کیا جائے ۔نباض نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ان کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ۔
نوروز کا تہوار پونچھ میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
حسین محتشم+عشرت حسین بٹ
پونچھ//نوروز کا تہوار پورے ضلع پونچھ میں انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایاگیا۔اس روز لوگوں نے اپنے دوستوں اور اقارب کے گھر جاکر نوروز کی مبارکباد پیش کی۔ دیگر تہوار وں کی طرح اس روز بھی گھروں میں باضابطہ دعوتوں کا اہتمام کیاگیا۔واضح رہے کہ زیادہ تر مسلمان اس دن کو حضرت علی کی خلافت وامامت کی خوشی کے دن کی مناسبت سے مناتے ہیں۔پونچھ ضلع میں اس دن کے موقع پر خاص طور پر شیعہ آبادی والے علاقوں میں لوگوں نے اپنے دوست اور اقارب کے گھر جاکر نوروز کی مبارکباد پیش کی جبکہ بچوں میں عیدی کے طور نقدی کے علاوہ فروٹ بھی تقسیم کئے گئے جس کی وجہ سے بچوں کے چہرے پر مسکراہٹ نظرآئی۔رضوان حسین و شیخ سجاد پونچھی نے بتایا کہ پونچھ میں نوروز ہر سال بڑے جوش وخروش کے ساتھ منایاجاتاہے۔یہ دن خوشیوں کو دن ہے اس دن خوشیوں کودوسروں کے ساتھ بانٹ دیاجاتاہے۔ انہوں نے کہ نوروز موسم بہار کے استقبال اور اس دن رونما ہونے والے اسلامی تاریخی واقعات کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اکثر لوگ حضرت علی کی خلافت وامامت کی خوشی میں یہ دن مناتے ہیں۔انہوں نے کہا جموں کشمیر کے شیعہ آبادی والے علاقوں میں اس تہوار پر محافل کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ نوروز کا تہوار پوری دنیا کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ ساتھ ہی کورنا وئرس کے جلد خاتمے کے لئے ثابت ہو۔ منڈی تحصیل میںبھی نوروز کی تقریبات کا انعقاد عمل لایا گیا تھا جس دوران امام بارگاہوں اور مسجدوں میں محافل کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ۔منڈی صدر مقام پر امام بارگاہ عالیہ قدیم منڈی میں ایک محفل کا اہتمام کیا تھا جس میں نعت خواں اور منقبف خواں حضرات نے کلام پیش کے۔ اس سے قبل لوگوں نے ایک دوسرے کو اس دن کے حوالے سے مبارکباد پیش کی اور بزرگ لوگوں نے بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی۔
ملازمین کیلئے پونچھ میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// سماجی انصاف و اختیارات کی وزارت حکومت ہندنے ضلع انتظامیہ پونچھ کے اشتراک سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں صفائی ملازمین کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں میونسپل کونسل پونچھ اور میونسپلٹی سرنکوٹ کے تقریباً 150 ملازمین نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد ضلع پونچھ میں گٹر اور سیپٹک ٹینک کی مؤثر صفائی کے بارے میں صفائی ملازمین کو آگاہ کرنا تھا۔ مشتاق احمد چیف ایگزیکٹیو آفیسر پونچھ میونسپل کونسل نے کہا کہ یہ ورکشاپ کے دوران صفائی عملے کو گٹر اور سیپٹک ٹینک کی مؤثر صفائی کے بارے میں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران عملے کو گٹروں اور سیپٹک ٹینکوں اور مشینوں اور صفائی میں استعمال ہونے والے دیگر آلات کی صفائی سے پہلے اور بعد میں کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
پونچھ کی کنویاں اپر پنچایت بنیادی سہولیات سے محروم
دور جدید میں مواصلاتی سروس اور دیگر خدمات بھی فراہم نہیں
حسین محتشم
مینڈھر//سرحدی ضلع پونچھ کے کنویاں اپر حلقہ پنچایت کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنا پڑرہی ہے۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی پر واقعہ مذکورہ گائوں کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کو پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنا پڑرہاہی ہے۔مقامی لوگوں نے ایک احتجاجی مظاہرہ کے دوران انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گائوں میں موبائل نیٹ ورک کی سہولیات میسر نہیں ہے ۔علاقہ کے لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ان کی پنچائت ایک پہاڑی پر واقع ہے جسے حکومت نے بنیادی سہولیات سے دور رکھا ہواہے۔ انکا کہنا تھا علاقہ دور دراز ہونے کی وجہ سے بنیادی سہولیات سے دور ہے۔انھوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ بڑی آبادی والی پنچائت میں جان بوجھ کر موبائل سروس فراہم نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈون کے دوران سارا تعلیمی نظام انٹرنیٹ پر ہے۔ بچوں کی آن لائن کلاسز جی وہ متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ان کے بچوں کو شہر میں جاکر آن لائن کلاسوں میں شامل ہونا پڑتا تھا۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کر نے کی طرف توجہ دی جائے۔انہوں نے حلقہ پنچایت کنویاں اپر میں فوری طور پر مواصلاتی نظام قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔
یشپال شرما کی یاد میں پودے تقسیم کئے گئے
حسین محتشم
پونچھ//سابق ایم ایل سی یشپال شرما کی یاد میں سیاسی و سماجی کارکن اجے اتم نے لوگوں میں پودے تقسیم کئے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے گاؤں آجوٹ میں ایک پروگرام منعقد کیا جس میں یشپال شرما کے فرزند ڈاکٹر اْدیش پال شرما کے ذریعے پنچایت درجنوں لوگوں میں پیکانٹ کے پودے تقسیم کرکے شیر پونچھ شری یشپال شرما جی کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔اس دوران ڈاکٹر اْدیش پال شرما نے شیر پونچھ شری یش پال شرما جی کی یاد میں پونچھ کے لوگوں میں پودے تقسیم کرنے کیلئے اجے اتم جی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران خطاب کرتے ہوئے اجے اتم نے کہا کہ یشپال شرما جیسے لوگ صدی میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں۔
جسمانی طور معذور افراد کسمپرسی کا شکار
غریبوں کو ان کا حق دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ میں جسمانی طور پر معذورافراد اس ترقی یافتہ دور میں بھی کسمپرسی کا شکار ہیںتاہم انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مذکورہ غریبوں کو بنیادی سہولیات اور ان کے حقوق فراہم کرنے کیلئے عملی بنیادوں پر کام کرئے ۔ان خیالات کا اظہار پیر پنچال عوامی ڈیولپمنٹ پارٹی کے چیئر مین اور معذور افراد کی ایسوسی ایشن کے صدر فرید ملک نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سرکار کی جانب سے ضلع پونچھ میں اپنی زندگی بسر کر رہ جسمانی طور معذور افرادکو ہر لحاظ سے نظرانداز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سرکار کی جانب سے معذورافراد کو محض ایک ہزار روپیہ پنشن دی جاتی ہے جبکہ ملک کی دوسری ریاستوں اور یوٹیز میں رہ رہے معذوروں کو تین سے پانچ ہزار روپے ماہانہ پنشن دی جاتی ہے جو کہ جموں و کشمیر کے معذوروں کے ساتھ سرا سر نا انصافی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ انہیں بھی دوسری ریاستوں اور یوٹیز میں رہنے والے معذوروں کے طرز پر پنشن دی جائے ۔فرید ملک نے مانگ کی کہ معذوروں کو گاڑیوں میں سفر کرنے کیلئے نصف کرایہ لینے کیلئے کارڈ جاری کئے جائیں تاکہ ان کو مشکل کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔موصوف نے کہاکہ کئی مستحقین کو پردھان منتری اواس یوجنا جیسی دیگر فلاحی سکیموں سے بھی محروم رکھاگیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ معذور افراد کو ہر طرح کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔
نوشہرہ میں شجر کاری مہم چلائی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ ////21 مارچ 2022 کو جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر نوشہرہ فارسٹ ڈویژن کے نوشہرہ اور لمبیری فارسٹ رینج نے مختلف مقامات پر بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلائی جس میں پی آر آئی کے اراکین اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رینج فارسٹ آفیسر، لمبیری/نوشہرہ سدیش کمار نے بتایا کہ اس خاص دن پر سجاوٹی، دواؤں اور پھلوں کی مختلف اقسام کے 7000 پودے لگانے/تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور اس کے مطابق نوشہرہ اور لمبیری جنگلاتی حدود کے ساتوں بلاک فارسٹ آفیسرز کو 1000 پودے لگائے گئے/تقسیم کئے گئے۔ اس مہم میں مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ ماحولیاتی توازن کر بر قرار رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں پودے لگائیں ۔
درہال ہائر سکینڈری میں الوداعی تقریب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // درہال پبلک ہائرسیکنڈری اسکول درہال ملکاں میں بارہویں جماعت کے بچوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں گیارہویں اور بارہویں کلاس کے بچوں کے ساتھ ساتھ ادارے کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔پروگرام کی صدارت ادارے کے پرنسپل نے کی جبکہ بچوں کی طرف سے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے گئے۔ بچوں کے اس رنگا رنگ پروگرام میں ادارے کے سنیئر ٹیچر مرتضیٰ مرزا نے اپنی ٹیم کے ساتھ اپنی سریلی آواز میں پہاڑی گیت پیش کئے۔پروگرام میں بہت سارے اساتذہ نے بھی بچوں کو اخلاقی سبق دیا اور محنت سے آگے بڑھنے کی تلقین کی جن میں انتخاب، زبیر ملک، ندیم بٹ وغیرہ وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔
سخی میدا ن اراضی تنازعہ
ملزمان کیخلاف سخت کارروائی ہو گی:پولیس
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے سخی میدان علاقہ میں 4مارچ کو ہوئی آپسی لڑائی میں شدید زخمی ہوئی بزرگ خاتون کی موت کے بعد پولیس نے کہاہے کہ معاملہ میںملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس دوران لقمہ اجل بنی خاتون کی لاش کو آبائی گائوں منتقل کیا گیا جس کے دوران لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مانگ کی کہ اس معاملہ میں ملوث ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کیا جائے ۔اس دوران ایڈیشنل ایس پی پونچھ اور ایڈیشنل ڈی سی پونچھ کیساتھ ساتھ سب ڈویژن کے اعلیٰ آفیسران نے موقعہ پر جا کر اہل خانہ کو یقین دہانی کروائی کہ اس معاملہ میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔اس دوران خاتون کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جبکہ دیر رات آبائی گائوں میں سپرد خاک کردیاگیا ۔