کوکرناگ میں لاش بر آمد
اننت ناگ//عارف بلوچ//کوکرناگ میں ایک شخص کی لاش پر اسرار حالت میں بر آمد کی گئی ۔45 سالہ غلام محمد وگے ولد محمد شعبان وگے ساکنہ شانگرن ڈورو کی لاش آبائی گائوں سے چند کلو میٹر دور وئے بمڈورہ کے نزدیک جنگلی علاقہ سے بر آمد کی گئی ۔لاش کی خبر پھیلتے ہی بمڈورہ کے آس پاس خوف وہراس پھیل گیا ۔پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پوراکرنے کے بعد وارثان کے حوالے کی ۔پولیس ذرائع کے مطابق مہلوک کی موت بظاہر قدرتی نظر آرہی ہے۔
حیدرپورہ تصادم
اپنی پارٹی وفدکی مہلوکین کے لواحقین سے تعزیت پرسی
سرینگر//اپنی پارٹی لیڈران کے ایک وفد نے پیر کو حیدرپورہ تصادم میں جاں بحق کئے گئے معصوم شہریوں کے گھر جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ۔وفد نے برزلہ میں محمد الطاف بٹ اورباغات کنی پورہ میں ڈاکٹر مدثر گل کی رہائش گاہوں کا دورہ کر کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ وفد میں ڈی ڈی سی چیئرمین سرینگر ملک آفتاب، پارٹی صوبائی یوتھ صدر خالد راٹھور، ضلع آرگنائزر سرینگر پرویز احمد، کارپوریٹر راولپورہ اور انچارج حلقہ امیرا کدل محمد اشرف ڈار، صوبائی آرگنائزر یوتھ ونگ عادل بھٹ، ضلع صدر یوتھ سرینگر محسن ظفر شاہ، پارٹی لیڈر اور وارڈ صدر راولپورہ نذیر احمد ڈار اور شوکت محی الدین نے بھی شرکت کی۔ وفد نے غمزدہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کی۔ ملک آفتاب نے کہاکہ لیفٹینٹ گورنر نے پہلے ہی اِس معاملہ میں غیر جانبدارنہ تحقیقات کی واضح ہدایات دی ہیں تاکہ احساس جوابدہی کی بالادستی ہو اور لوگوں کو انصاف ملے۔ وہ پُر اُمید ہیں کہ غمزدہ کنبوں کو انصاف ملے گا اور مستقبل میں ایسا کوئی سانحہ پیش نہیں آئے گا۔
اسلامک یونیوسٹی میں کووِڈ- 19کی جانچ
اونتی پورہ//اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈٹیکنالوجی کے ہیلتھ سینٹرمیں منگل کو کووِڈ- 19کی جانچ کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ کئے گئے۔یونیورسٹی کے طلاب،فیکلٹی ممبران،اوردیگر حکام کے علاوہ مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر اپنے نمونے کوروناکی جانچ کیلئے دیئے۔اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میڈیکل کنسلٹنٹ ڈاکٹرزاہدہ رسول نے کہا کہ جموں کشمیرمیں حال ہی میں کووِڈ- 19کے معاملات میں اُچھال کے بعد ہم نے یہ ٹیسٹ کئے۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹنگ سے یونیورسٹی کمپس میں کووِڈ کی صورتحال کا پتہ چل جائے گا۔
میڈیکل افسروں کی 450اسامیوں کیلئے درخواستیں طلب
سرینگر //پرویز احمد //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے جموں و کشمیر میں مختلف زمروں کے تحت میڈیکل آفیسروں کی 450اسامیوں کو پر کرنے کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت و خاندانی بہبود میں راست تقرری کیلئے 450اسامیوں کو پر کرنے کیلئے درخواستیں طلب کی جاتی ہیں۔ حکم نامہ کے مطابق او پن میرٹ میں 225، ایس سی کیلئے 36، ایس ٹی کیلئے 45، شوشل کاسٹ کیلئے 18، اے ایل سی کیلئے 18، آر بی اے کیلئے 45، پی ایس پی کیلئے 18، ای ڈبلیو ایس کیلئے 45اسامیاں مختص رکھی گئیں ہے۔ حکم نامہ میں اس کے علاوہ پرانی فہرست میں خالی پڑیں 258اسامیوں کیلئے بھی دوبارہ درخواستیں طلب کی گئی ہیں جن میں ایس سی کیلئے 37، ایس ٹی کیلئے 59، اے ایل کیلئے 23، ایس ایل سی کیلئے 26، پی ایس پی کیلئے 31، ای ڈبلو ایس اُمیدواروں کیلئے خالی پڑیں 82سیٹیں پر کرنا مطلوب ہے۔
لداخ میں کووِڈ- 19کے22نئے معاملات
لیہہ//لداخ میں16نئے کووِڈ مریضوں کی نشاندہی کے بعد مرکز کے زیرانتظام اس علاقے میں متاثرین کی تعداد21349ہوگئی ہے،جبکہ خطے میں اس وقت فعال کووِڈمریضوں کی تعداد218ہے۔حکام کے مطابق مرکزی زیرانتظام علاقہ میں212کووِڈ مریضوں کی موت ہوئی ہے جن میں 154لداخ سے تعلق رکھتے تھے جبکہ58کاتعلق کرگل سے تھا۔لیہہ میں اسپتال سے34مریضوں کو شفایاب ہونے کے بعد رخصت کیاگیااورخطے میں وبائی بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد20919تک پہنچ گئی ہے۔پیرکوخطے میں کسی کے کووِٖڈ سے فوت ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
بانہال میں دوٹرکوں میں ٹکر، ٹریفک کی نقل وحمل میں خلل
بانہال //محمد تسکین//سرینگرجموں شاہراہ پربانہال میں دوٹرکوںکے درمیان ٹکر کے نتیجے میں سڑک پر ٹریفک کچھ دیر کیلئے رُک گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو ذہنی کوفت ہوئی۔ منگل کوریلوے سٹیشن بانہال سڑک پر واقع ٹی چوک میں دو ٹرکوں کی آپس میں ٹکر ہوئی، تاہم دونوں ٹرکوں میں سوار مسافر معمولی خراشوں کے ساتھ بچ نکلے ۔ ٹرکوں کی ٹکر کے نتیجے میں جموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت کچھ وقت کیلئے تھم گئی اور ٹریفک جام کہ لمبی قطاریں لگنا شروع ہوئیں۔ بعد میں پولیس اور فوج نے سڑک کے بیچ میں ٹکرائی گاڑیاں ایک طرف کیں اور معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا۔
بونہ ہامہ گاندربل میں شاہ جیلانؒکانفرنس
مولانا حامی نے منشیات کے خاتمہ کیلئے تعاون طلب کیا
گاندربل//ارشاد احمد// گاندربل میں منگل کو دارالعلوم غوث الا عظم میں ایک شاہ جیلانؒ کانفرنس کا انعقادعمل میں لایا گیا۔کانفرنس میں بھاری تعداد عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر کاروان اسلامی کے امیر اعلیٰ مولانا غلام رسول حامی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میںکہا کہ کشمیر میں منشیات سے نجات کیلئے لوگوں سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ معاشرے سے اس لت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور اس کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔کانفرنس کے دوران دارالعلوم کے دو طالب علموں مولانا سجاد رضا نظامی (عمر 19سال)اورمولانا راہی رضا ( عمر 17سال)کو قرآن پاک حفظ کرنے پر دستار بندی کی گئی۔
ڈاکٹر فاروق کا اظہارِ رنج
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے سیاسی شخصیت ایڈوکیٹ محمد عبداللہ مسعودی ساکن ایبٹ آباد مظفرآباد کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے مرحوم کے جملہ سوگواروں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین خصوصاً ڈاکٹر عبدالرشید مسعودی اور ایڈوکیٹ شبیر احمد مسعودی کے ساتھ ٹیلیفون پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ مرحوم پارٹی کے اولین جنرل سکریٹری مولانا مسعودی کے بھتیجے تھے۔
لولاب کے ایڈوکیٹ غلام شاہین فوت
لولاب /اشرف چراغ / لولاب وادی سے تعلق رکھنے والے سینئر وکیل غلام شاہین ساکن دار پورہ لولاب کے انتقال پر وکلاء سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے تعزیت کا اظہارکیا۔موصوف کچھ عرصہ سے صورہ میڈیکل انسٹچوٹ میں زیر علاج تھے جہا ں منگل کی صبح وہ انتقال کرگئے ۔موصوف گزشتہ دو دہائیو ں سے سوگام عدالت میں اپنے فرائض انجام دے رہے تھے ۔اُن کے انتقال پر مختلف سیاسی و سماجی تنظیمو ں کے علاوہ کلچرل ٹرسٹ کپوارہ اور شہجار ادب لولاب نے اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے حق میں مغفرت کی دعا کی ۔
بانڈی پورہ کی سیاسی شخصیت کے انتقال پر اظہاررنج
بانڈی پورہ/عازم جان /آجر بانڈی پورہ کی سیاسی شخصیت حبیب اللہ شیخ کے انتقال پر کئی سیاسی اور سماجی جماعتوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حبیب اللہ شیخ جموں وکشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے ساتھ بچپن سے وابستہ رہے ۔پیپلز کانفرنس کے سینئر رہنما نظام الدین بٹ نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔ نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر بانڈی پورہ میر غلام رسول ناز نے مرحوم کے گھر جاکر تعزیت پرسی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک عوام دوست انسان تھے۔ ان کے علاوہ پی ڈی پی لیڈر محمد عبداللہ وانی اورپیرزادہ محمد شریف سمیت سماجی اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے سوگوار کنبے سے تعزیت کی۔
اپنی پارٹی صوبائی صدر کا اظہار تعزیت
سرینگر// اپنی پارٹی کے صوبائی صدر کشمیر اشرف میر نے منگل کے روز پارٹی کے ضلع جوائنٹ سیکریٹری سرینگر محمد مقبول ہنگ کی بھتیجی کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی بیان میں اشرف میر نے مرحومہ کو شریف النفس لڑکی قرار دیا۔ انہوں نے مرحومہ کے ایصال ِثواب اور لواحقین کو یہ صدمہ عظیم بردداشت کرنے کے لئے دعا کی۔ ڈی ڈی سی چیئرمین ملک آفتاب، ڈی ڈی سی ممبر اور انچارج حلقہ سونہ وار اور ضلع یوتھ صدر سرینگر محسن ظفر شاہ نے بھی سوگوار کنبے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
اہم شریف بانڈی پورہ سڑک خستہ حال
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ اہم شریف سڑک سالہا سال سے نہایت خستہ حالت میں ہے اورحضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کی زیارت پر جانے والے زائرین کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آیت مولہ ،چکریشی پورہ ،آرم پورہ اوراہم شریف بلال کالونی پانار کے لوگوں نے اس سلسلے میںاحتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بانڈی پورہ اہم شریف سڑک کی مرمت کیلئے وہ گزشتہ تین برسوں سے مسلسل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور آر اینڈ بی حکام سے رجوع کرتے رہے ہیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ احتجاجی مظاہرین نے لیفٹیننٹ گورنر اور صوبائی کمشنر کشمیر سے مطالبہ کیا کہ اس خستہ حال سڑک کی مرمت کیلئے فوری طوراقدامات کئے جائیں ۔
پرگتی میدان میں جموں کشمیر کا دن منایا گیا
نئی دہلی// پرگتی میدان میں انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر 2031 کے دوران منگل کو جموں و کشمیر کا دن میں منایا گیا۔14 نومبر کو شروع ہونے والا میلہ 27 نومبر کو اختتام پذیر ہوگا۔اس دن کی خاص توجہ جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کے فنکاروں کی طرف سے پیش کیے گئے پروگرام تھے۔ پروگرام میں جموں و کشمیر کے ثقافتی اقدار کی بھرپور عکاسی کی گئی جس سے سامعین محظوظ ہوئے۔J&K پویلین میں ہزاروں لوگوں کا ہجوم تھا جہاں سٹال ہولڈروں نے اپنی اشیاء کی نمائش کی اور جموں و کشمیر کے مقامی فن اور دستکاری کی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس کی دنیا بھر میں پہچان ہے۔اس موقع پر مہمانوں نے پرگتی میدان میں ہینڈی کرافٹس اور ہینڈلوم محکموں کی طرف سے ثقافتی دعوت کو پسند کیا۔
بانڈی پورہ میں دو کسانوں کومرکزی سکیم کے تحت ٹریکٹر فراہم
عازم جان
بانڈی پورہ//ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے منگل کو ایک تقریب کے دوران ایک مرکزی سکیم کے تحت گریز کے کسانوں کو دو ٹریکٹر فراہم کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے مطلع کیا کہ کسانوں کو مزید 17ٹریکٹر فراہم کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر موصوف نے جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ امتیاز احمد کے ہمراہ سب ڈویژن گریز کے کسانوں کو چابیاں فراہم کی گئیں۔ تقریب میں چیف ایگرکلچر افسر بانڈی پورہ اور سب ڈویژن ایگریکلچر افسر بھی موجود تھے ۔