موجودہ دور میں عوام کا جینا دوبھر ہو گیاہے: عمر عبداللہ | نیشنل کانفرنس عوامی مسائل اجاگر کرنے کیلئے کوشاں
سرینگر// نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہماری جماعت ہر سطح پر عوامی مسائل اُجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے کے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دینے کی از حد کوششیں کرتی ہیں۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مختلف عوامی وفود، پارٹی کارکنوں ، عہدیداروں اور لیڈران کیساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ عمر عبداللہ نے لوگوں کے مسائل ومشکلات سُنے اور ان کا سدباب کرانے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملات اُٹھائے ۔ عمر عبداللہ نے وفود کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہیں اور ہم اس بات سے بھی باخبر ہیں کہ موجودہ دور میں عوام کا جینا کیسے دوبھر ہو گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ریاستی عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہماری جماعت نے ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔ اس دوران پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، خواتین ونگ کی ریاستی شمیمہ فردوس، سینئر لیڈران نذیر احمدخان گریزی، ترجمان اعلیٰ تنویر صادق، محمد خلیل بند، پیر محمد حسین، ڈاکٹر محمد شفیع، ڈاکٹر سجاد شفیع، سلمان علی ساگر، احسان پردیسی، مدثر شاہمیری ،سارا حیات شاہ، عفراء جان بھی عمر عبداللہ سے ملے۔ اس دوران انہیں پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں ۔ عمر عبداللہ نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ہر سطح پر اُجاگر کریں۔
یوکرین سے لوٹے طب کے طلاب لیفٹیننٹ گورنرسے ملاقی
تعلیم کی تکمیل کیلئے ملک کے مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے مدد دینے کی درخواست
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے یہاں راج بھون میں وادیٔ کشمیر کے ایم بی بی ایس طلباء سے ملاقات کی جو یوکرین سے واپس آئے ہیں۔طلباء نے لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جنگ زدہ ملک سے ان کے انخلاء پر حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے ’’ آپریشن گنگا‘‘ کے تحت یوکرین سے ہندوستانی طلباء کی بہ حفاظت واپسی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھی تعریف کی۔دورانِ بات چیت طلباء نے یوکرین کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اَپنی پڑھائی کے حوالے سے خدشات کا اِظہار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر کواَپنے اِنخلاء کی داستانیں بھی بتائیں۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کی وہ انہیں مزید تعلیم کے لئے جموںوکشمیر اور ملک کے دیگرحصوں کے میڈیکل کالجوں میں جگہ دیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی اور جموںوکشمیر یوٹی حکومت یوکرین سے واپس آنے والے طلباء کو ہندوستان میں اَپنی تعلیم مکمل کرنے میںمدد کرنے کی پالیسی پر کام کر رہی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کرنے والے طلباء میں راسخ مظفر، اَدفر منظور ثمرین مشتاق ، بلقیسہ اختر ، نہار نور ، خادم حسین ،امیر حامد اور شیراز خان شامل ہیں۔
پی ڈی پی ،نیشنل کانفرنس عوام دشمن پارٹیاں:سجاد غنی لون
کشمیریوں کو نیچادکھانے اورذلیل کرنے کی کوششیں جاری
عارف بلوچ
اننت ناگ//نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پیپلزکانفرنس کے چیئرمین سجادغنی لون نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے اقتدار کیلئے کشمیریوں کے ساتھ جھوٹے وعدے کئے۔ ساگم اننت ناگ کے بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ممبرایڈوکیٹ محمدسلیم پرے کی پیپلزکانفرنس میں شمولیت کے موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سجادلون نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کادعویٰ ہے کہ وہ قراردادپاس کرکے دفعہ 370 کو واپس لائے گی جوایک جھوٹ اورفریب ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دفعہ370کی واپسی بھی ہوگی تو وہ عدالت کے ذریعے ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں جماعتیں کشمیردشمن ہیں اورانہوں نے ہمیشہ اقتدار کیلئے لوگوں کو گمراہ کیا۔لون نے کہا کہ کشمیر کے دولوگوں کو اب تک پھانسی دی گئی اور دونوں پھانسیوں پرنیشنل کانفرنس کے دستخط ہیں۔انہوں نے کشمیر فائلز فلم پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں صرف ایک کمیونٹی کی ترجمانی کی گئی ہے جب کہ کشمیرکے تمام طبقے ملیٹینسی کاشکار ہوئے ۔سجاد لون نے کہا کہ پیپلز کانفرنس اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ کشمیر میں قیادت کا مطلب موقع پر اٹھنا اور کشمیریوں کو نقصان پہنچانے کے بجائے انہیں بچانا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کی صورتحال واضح طور پر غیر معمولی ہے،لوگ درد میں ہیں اور چاروں طرف بے بسی ہے۔انہوں نے کیا 5 اگست کو شروع ہونے والی بے اختیاری اب مسلسل عمل بن گئی ہے اور شاید ہی کوئی دن ایسا گزرتا ہے جب کشمیریوں کو نیچا دکھانے، ان کی تذلیل کرنے اور انہیں مزید کمزور کرنے کے لئے کوششیں نہ کی جاتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قیادت اپنی نیند سے اٹھے اور یہ سمجھے کہ قیادت جو بھی لفظ بولتی ہے اس کا نتیجہ کشمیری عوام پر ہوتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ کم از کم جو یہ رہنما کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ وہ اپنی کھوکھلی اور بلند پایہ بیان بازی کے ذریعے کشمیریوں کو سزا دینے میں آسانی پیدا نہ کریں۔
آورہ ترہگام میں
زنگ آلودہ ہتھ گولہ ناکارہ
اشرف چراغ
کپوارہ//ترہگام کے مضافاتی گائوں آوورہ میں ایک زنگ آلودہ ہتھ گولہ ناکارہ بنا یا گیا ۔معلوم ہوا کہ میر مقام آوورہ میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب وہاں ایک نالہ کے نزدیک کھیل رہے بچوں نے ایک زنگ آلودہ گولہ دیکھا۔مقامی لوگوں نے فوری طور پرپولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد پولیس، فوج اور بم ناکارہ بنانے والی ٹیم وہاں پہنچ گئی اور زنگ آلودہ ہتھ گولہ کو ناکارہ کر کے ایک بڑے خطرے کو ٹال دیا ۔
پردھان منتری پوشن شکتی نرمان
8لاکھ بچوں میں17318میٹرک ٹن غذائی اجناس تقسیم:چیف سیکریٹری
جموں// چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پردھان منتری پوشن شکتی نرمان(پی ایم پوشن)کے لیے اسٹیئرنگ-کم-مانیٹرنگ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی اور سال کے دوران درج کی گئی کامیابیوں کا جائزہ لیا۔سکول ایجوکیشن، دیہی ترقی، جل شکتی، سماجی بہبود، اور خوراک، شہری سپلائی اور امور صارفین کے محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں کے علاوہ محکمہ خزانہ، ہاوسنگ اور شہری ترقی کے محکمے کے نمائندوں اور متعلقہ ایچ او ڈیز نے میٹنگ میں شرکت کی۔بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران، محکمہ نے 90 فیصد ہدف شدہ غذائی اناج (17318.942 MTs) تقریبا 8 لاکھ طلبا میں 93.54لاکھ روپے خرچ کر کے تقسیم کیے ہیں۔ 93.54 کروڑ اس نے پائلٹ بنیادوں پر جموں اور سامبا شہروں کی میونسپل حدود میں 15,081 طلبا کو گرم پکا ہوا کھانا فراہم کرنے کے لیے ’’اکشے پاترا‘‘ این جی او کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔محکمہ نے مزید 16,420 پوشن اسمبلیوں کو ورچوئل/فزیکل موڈ میں منظم کیا اور 2,72,000 بچوں کو غذائیت کی کمی، معاشرے پر اس کے اثرات اور صحت مند اور متوازن خوراک کی اہمیت کے بارے میں بات چیت میں شامل کیا، اس کے علاوہ صحت کے ذخیرے کو برقرار رکھنے کے لیے 12.07 لاکھ طلبا میں اسکول ہیلتھ کارڈ تقسیم کیے گئے۔ تمام اسکول جانے والے بچوں کی.پوشن اسکیم کا جائزہ لیتے ہوئے چیف سکریٹری نے محکمہ سکول ایجوکیشن سے کہا کہ وہ خوراک، شہری سپلائیز اور کنزیومر افیئر ڈیپارٹمنٹ اور دیہی ترقی کے محکمے کے ساتھ موثر تال میل کے ذریعے طلبا کو صحت مند کھانے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ کھانے کی تیاری اور تقسیم میں افرادی قوت کا مناسب انتظام کرنے کو بھی کہا گیا تاکہ جموں و کشمیر کے سرکاری اسکولوں میں فراہم کی جا رہی تعلیم کے معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر تدریسی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔اسکیم کے تحت تازہ، صحت مند اور متوازن غذا کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے، اسکولوں سے پوشن واٹیکاس میں اپنے پچھواڑے میں پھلوں اور سبزیوں کی افزائش کو فروغ دینے کے لیے کہا گیا تھا۔ زمین کی کمی کا سامنا کرنے والے اسکولوں کو اس معاملے میں متعلقہ پنچایتوں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور قریبی مناسب زمین پر واٹیکا قائم کرنے کی ترغیب دی گئی۔چیف سکریٹری نے اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے کہا کہ وہ پنچایتی راج اداروں کو شامل کرکے اسکیم کا سماجی آڈٹ کرے اور پکے ہوئے کھانوں کی تقسیم کی باقاعدہ نگرانی کو یقینی بنائے۔اسکیم کے تحت حصولی اور تقسیم کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے، ڈاکٹر مہتا نے محکمہ کو 1 اپریل 2022 تک ریئل ٹائم اور GPS پر مبنی معلومات فراہم کرنے کے لیے ایک POSHAN مانیٹرنگ موبائل ایپلیکیشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔مزید برآں، چیف سیکرٹری نے بچوں میں غذائی قلت کا جلد پتہ لگانے کی اہمیت پر زور دیا اور محکمہ سے کہا کہ وہ محکمہ سماجی بہبود کے ساتھ مل کر غذائی قلت، خون کی کمی اور اسٹنٹنگ پر ایک سروے کرے تاکہ طلبا کی صحت مند اور مجموعی ترقی کے لیے فوری مداخلت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔ مزید یہ کہ محکمہ کو ایک ماہ کے اندر تمام طلبا کو ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کو کہا گیا۔رپورٹ شدہ کچن-کم-اسٹور سے متعلق التوا کے بارے میں، محکمہ سے کہا گیا کہ وہ متعلقہ فنڈز کے اجرا کے لیے 3 دنوں کے اندر AG آڈٹ شدہ مالیاتی تخمینہ محکمہ خزانہ کو جمع کرے۔پردھان منتری پوشن شکتی نرمان کے لیے UT سطح کی اسٹیئرنگ کم مانیٹرنگ کمیٹی نے مالی سال 2022-23 کے لیے سالانہ ایکشن پلان کو منظوری دے دی جس کا ہدف پری پرائمری سے لے کر ایلیمنٹری اسکولوں کے تقریبا 9.31 لاکھ طلبہ میں 2363.92 MT غذائی اناج کی تقسیم ہے۔
سینکڑوں درجہ چہارم اسامیاں بھرتی بورڈکو روانہ کرنے کامقصدکیا؟
عارضی ملازمین کا30مارچ کومطالبات کے حق میں احتجاج کااعلان
سرینگر//بلال فرقانی// عارضی ملازمین نے30مارچ کو سرینگر میں احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگرتمام سرکاری محکموں میں درجہ چہارم کی خالی اسامیوں کی نشاندہی کرکے ہزاروں اسامیوں کو ہنگامی بنیادوں پر بھرتی عمل کیلئے سروس سلیکشن بورڑ کو روانہ کی گئی ہیں تو عارضی ملازمین کو کن اسامیوں پر اور کس طرح مستقل کیا جائے گا۔ سرینگر میں جموں و کشمیر ڈیلی ویجرس کیجول لیبرس فورم کے صدر سجاد احمد پرے نے کہا کہ حال ہی میں گورنر انتظامیہ نے محکمہ بجلی میں تعینات تقریباً12بارہ ہزار عارضی ملازمین کود رجہ چہارم خالی اسامیوں پر مستقل ملازمت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور باقی محکمہ جات میں تعینات61ہزارعارضی ملازمین کو SRO 64/520کے تحت مستقل کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ ایک خوش آیندہ قدم ہے تاہم سرکار نے سال2020میں ایک کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن اس کمیٹی کی سفارشات کبھی منظرعام پرنہیں آئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں جموں کشمیر کے حوالے سے اگرچہ حالیہ بجٹ میں تمام شعبہ جات کیلئے اضافی فنڈس کو مختص کیا گیا تاہم پچھلے 25برس سے مستقلی کے منتظر عارضی ملازمین کو نظر انداز کر کے سالانہ بجٹ میں ایک پیسہ کا بھی ذکر نہیں ہے جو کہ افسوسناک اور سر اسر نا انصافی ہیں۔انہوں نے کہا کہ61ہزار ملازمین5لاکھ نفوس کے ،روزگار اور تعلیم کا معاملہ ہے۔ سجاد پرے نے کہا کہ کرونا وائرس کے دوران انہوں نے اپنے اہل و عیال کی جان خطرے میں ڈالی،تاہم ان کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے۔ سجاد احمد پرے نے سیاسی، سماجی ، مذہبی ، و سیول سو سائٹی ، تاجر و ملازم انجمنوں،صحافی برادری سے اپیل کی کہ وہ انکے حصول حق کی جدوجہد میں انکا ساتھ دیں۔سجاد پرے نے کہا’’یہ صورتحال ہمارے لئے کسی دہشت سے کم نہیں ہے اور اس صورتحال سے باہر نکلنے کیلئے ہمارے پاس احتجاج کرنے کے سوائے کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کیجول ڈیلی ویجرس فورم نے یہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ اپنے جائیز تسلیم شدہ مطالبات کی حصولیابی کی خاطر 30مارچ کو پریس کالونی سرینگر میں ایک پر امن احتجاج بلند کرنے کا اعلان کیا۔
باباریشی جارہی سوموحادثے کاشکار | خاتون لقمۂ اجل،ڈرائیورسمیت5زخمی
ٹنگمرگ //مشتاق الحسن // ٹنگمرگ سے نلہ سرباباریشی جارہی ایک سوموگاڑی کے سرنزآبشار کے قریب اُلٹ جانے سے ایک خاتون ہلاک اور پانچ مسافرزخمی ہوگئے۔ ٹنگمرگ سے نلہ سر بابا ریشی جارہی ایک مسافر سومو گاڈی زیر نمبر JK09 -8450 اچانک سرنز فال کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں چھ مسافر شدید زخمی ہوگئے جن میں سومو گاڑی کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔ حادثہ پیش آتے ہی وہاں موجود مقامی لوگوں نے شاہینہ بیگم زوجہ نزیر احمد خان ،نزیر احمد خان ولد یعقوب خان ساکنہ نلہ سر، ڈرائیور فیاض احمد بٹ ساکنہ چچی لورہ ٹنگمرگ، عبدالمجید ڈار ناگہ بل ،راہل مجید ڈار ناگہ بل، ریاض احمد ڈار ساکنہ بال دجی نلہ سر کو فوری طور ٹنگمرگ اسپتال اور پرائمری ہیلتھ سینٹر چندوسہ منتقل کیا، تاہم شدید طور زخمی ہوئی خاتون شاہینہ بیگم زوجہ نزیر احمد خان نے سب ڈسڑکٹ اسپتال ٹنگمرگ میں دم توڈ دیا جبکہ دیگر زخمی افراد کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ ادھر پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ۔
ڈاکٹر کرن سنگھ کے فرزند کانگریس سے مستعفی
جموں//کانگریس کے سینئر رہنما ڈاکٹرکرن سنگھ کے فرزندوکرمادیتہ سنگھ نے تنظیم سے استعفیٰ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی جموں کشمیرکے لوگوں کی خواہشات پرکھرااترنے میں ناکام ہوئی ہے۔انہوں نے کانگریس میں سن2018میں شمولیت اختیار کی تھی۔کانگریس سربراہ سونیاگاندھی کے نام ایک خط میں انہوں نے کہا کہ میں پارٹی کی ممبرشپ سے مستعفی ہورہاہوں ۔انہوں نے2015میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی اوروہ قانون سازکونسل کے ممبر بھی تھے۔2017میں انہوں نے پی ڈی پی سے علیحدگی اختیارکی تھی اورکہاتھا کہ یہ پارٹی جموں کے لوگوں کے مطالبات اورخواہشات کو پوراکرنے میں ناکام ہوئی ہے۔
جموںوکشمیر میں انتظامیہ مفلوج: کانگریس
بجٹ عوامی اُمنگوں کو پورانہیں کرسکتی
نئی دہلی/ /یواین آئی// کانگریس نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتظامی نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے اور مرکزی حکومت بجٹ کے ذریعے وہاں کے لوگوں کی امنگوں کو پورا نہیں کر سکتی، اس لیے وہاں جلد سے جلد جمہوری نظام کو بحال کیا جائے۔کانگریس کے وویک تنکھا نے منگل کو راجیہ سبھا میں جموں و کشمیر کے لیے سال -23 2022 کے لیے گرانٹس اور بجٹ کے مطالبات پر بیک وقت بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں کشمیر کے بجٹ پر بحث ہو رہی ہے لیکن اس میں کشمیری عوام کی نمائندگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا یہ بجٹ عوام کی امنگوں پر پورا اترتا ہے اور اگر نہیں تو جلد از جلد وہاں جمہوری نظام کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کی طرف متوجہ ہوتے ہوئے کہا کہ آپ بطور وزیر خزانہ کتنا ہی اچھا بجٹ بنائیں کیا یہ عوام کی امنگوں پر پورا اترے گا۔ تنکھا نے کہا کہ پانچ برسوں کے دوران یا تو صدر راج تھا یا گورنر راج، جس نے انتظامیہ کی سطح کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پارلیمانی وفد نے ڈل جھیل کا دورہ کیا تو وہاں کی صورتحال تشویشناک تھی۔ سرمایہ کاری کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غیر ملکی کشمیر میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا بلکہ صرف وہ لوگ جو کشمیر چھوڑ چکے ہیں وہی لوگ سرمایہ کاری کریں گے۔ لیکن اس کے لیے ایک ماحول بنانا ہوگا۔ کشمیر میں سیب اور زعفران کا کاروبار بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے۔
زونی مر میں پولیس اہلکار کی ہلاکت
الطاف بخاری کی مذمت
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے پولیس اہلکار عمران احمد کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں بخاری نے کہاکہ ’’میں دُکھ کی اِس گھڑی میں غمزدہ کنبے اور عزیز اوقارب کے ساتھ ہوں، تشدد یہ عمل قابل نفرت ہے اور اس کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ یہ صرف تباہی وبربادی ہی کرتا ہے اور ہمارے دکھ تکالیف میں اضافہ کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں اِس حملے کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور مقتول کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
IPSتربیتی کورس
10پولیس افسروں کی ڈیپوٹیشن پر روانگی کومنظوری
سرینگر//بلال فرقانی// جموں کشمیر حکومت نے حید آباد میں4اپریل سے شروع ہونی والی آئی پی ایس تربیتی کورس کیلئے10پولیس افسراں کو ڈیپوٹیشن پر ٹریننگ کیلئے روانہ کرنے کو منظوری دی۔ محکمہ داخلہ کے فائنانشل کمشنر(ایڈیشنل چیف سیکریٹری) آر کے گوئل کی جانب سے منگل کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکادمی حید ر آباد میں4اپریل سے13اپریل تک43ویں’ آئی پی ایس انڈکشن تربیتی کورس‘ میں ان افسراں کو ڈیپوٹیشن پر روانہ کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ان افسراں میں شکتی کمار پاٹھک،ڈاکٹر حسیب مغل، شاد معراج راتھر، ڈاکٹر اجیت سنگھ، الطاف احمد خان، حسیب الرحمان، وکاس گپتا،عبدالقیوم، نشا ناتھیال اور جاوید اقبال متو شامل ہیں۔
تحفظ امورصارفین قانون
ضلع کمیشن کے سربراہاں اور ممبران کا تقرر
سرینگر//بلال فرقانی// محکمہ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین نے تحفظ صارفین قانون کے تحت کئی اضلاع میں ڈسڑک کمیشنوں کے سربراہاں اور ممبران کی تقرری عمل میں لائی ہے۔کمشنر سیکریٹری محکمہ خوراک و شہری رسدات زبیر احمد کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ تحفظ صارفین قانون مجریہ 219کے دفعہ32 اور دفعہ28کی شق2کی ذیلی شق(B) کے تحت سرینگر میں ضلع کمیشن کیلئے فرح دیبا ساکن تکیہ بل در نمبل سوپور بارمولہ اور شبنم منشی ساکن شیو پور سرینگر جبکہ ضلع اننت ناگ کیلئے گوہر حسین میر اور ضلع بڈگام کے ڈسڑکٹ کمیشن کیلئے نور الامین بٹ اور رخسانہ فاروق کی ممبران کے طور پر تقرری عمل میں لائی گئی۔ ایک اور حکم نامہ کے مطابق ضلع ادھمپور کیلئے سبکدوش ڈسڑک و سیشن جج کشور کمار کو ضلع کمیشن کا سربراہ جبکہ سدیش گپتا کو ممبر کے طور پر تقررکیاگیا۔ ضلع راجوری کے کمیشن کیلئے رونی پرمار جبکہ ضلع کھٹوعہ کیلئے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج(ر) مون سنگھ پریہار کو صدر جبکہ درگا داس شرما اور نیلم بالا بردواج کی ممبران کے طور پر تقرری عمل میں لائی گئی۔ ایک اور علیحدہ حکم نامہ کے مطابق ضلع جموں کیلئے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج(ر) پون کمار کوتوال کو صدر اور ہیما چودھری و ماہیپ گپتا کو ممبران کے طور پر تقرری عمل میں لائی گئی۔ حکم نامہ میں تقرری عمل میں لائے گئے لوگوں کو متعلق ضلع ترقیاتی کمشنروں کے پاس21دنوں کے اندر رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
تیل اورگیس کی قیمتیں کم کی جائیں:غلام حسن میر
سرینگر//سابق کابینہ وزیر اور اپنی پارٹی سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کہا ہے کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں غیر متوقع اضافے کی وجہ سے اِس وقت جموں وکشمیر کے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ میر نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں نے ہرچیز کو متاثر کیا ہے جس سے لوگوں کو عام گھریلو استعمال کی چیزیں بھی خریدنامشکل ہوگئی ہیں۔ انہوں نے حکومت سے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم کر کے لوگوں کو راحت پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ایکبار پھر قیمتیں بڑھا کر عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جو کہ پہلے ہی پریشان حال ہے۔ کووِڈ بحران کی وجہ سے پہلے ہی لوگوں کا کام کاج متاثر ہوا ہے، جس وجہ سے ضروری اشیاء کی خریداری متاثر ہوئی ہے اور تاجرابھی بھی لاک ڈاؤن کے بوجھ سے باہر نہ نکل سکے ہیں۔ اس کے علاوہ سماج کے مختلف طبقہ جات کا طرز ِ حیات بھی تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ صورتحال کا فوری جائزہ لیکر تیل اور گیس کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے اقدامات اُٹھائے جائیں۔
پیپلزڈیموکریٹک فرنٹ کی تمام کمیٹیاں تحلیل
سرینگر//چیئرمین پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ حکیم محمد یاسین نے اپنے اختیارات کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنی تنظیم پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے تمام مرکزی ،صوبائی و ضلع سطحی کمیٹیوں کو تحلیل کیا ہے ۔تنظیم کو مزید فعال اور عوام دوست بنانے کے لئے مذکورہ کمیٹیوں کو بہت جلد از سر نو تشکیل دیا جائے گا۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کو مزید فعال بنانے کے لئے تمام مرکزی ،صوبائی و ضلع سطحی کمیٹیوں کو فوری طور تحلیل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ کمیٹیوں کو بہت جلد نئے سرے سے تشکیل دیا جائے گا ۔انہوں نے پارٹی کے عہدیداران سے کہا ہے کہ وہ مذکورہ کمیٹیوں کے از سر نو تشکیل دینے تک پارٹی کے لیٹر پیڈ ، مہر ( سیل )یا میل آئی ڈی(ID) کو کسی بھی صورت میں استعمال نہ کریں ۔
اتحادِ امت پرخاص توجہ دیں | متحدہ علمائے اہل سنت کی علماء سے اپیل
سرینگر//متحدہ علمائے اہل سنت جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ اس وقت جب سارا عالم نفرتوں کے سیلاب میں بہہ رہا ہے ،علماء،خطبا اورایمہ پر ذمہ داری عاید ہوتی ہے کہ وہ اسلام کے آفاقی اقدار پر مرکوز رہیں ۔ علماء ،خطبا اورایمہ سے حالیہ واقعات کے تناظر میں اتحاد کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام محی الدین نقیب، مولانا غلام رسول حامی، مولانا مبارک حسین نعمانی نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ اتحاد و یکجہتی قائم کریں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اتحادِ امت اور باہمی اتفاق، احترام ،محبت معاشرے کی اہم ترین ضرورت ہے۔اگرچہ اختلاف رائے فطری امر ہے تاہم اختلاف رائے کے دائرے میں رہ کر بھی برداشت اور باہمی احترام سے مسائل سمجھائے جاسکتے ہیں لیکن یہ رویہ اختیار کرنا کہ میں جو کہہ رہاہوں جو طریقہ کار بتا رہا ہوں، جو سوچ رہا اور جو لائحہ عمل دے رہاہوں اس پر سب ہاں کردیں اور اتفاق کر لیں، تب اتحاد قائم ہوگا ایسا ہونا عملًاناممکن ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ باہمی رنجش، فساد اور انتشار کا ہی سبب بنتی ہے۔سبھی علماء نے کہا کہ ملت اسلامیہ میں افراط و تفریط پر مبنی اور اعتدال و توازن سے ہٹ کر اختلاف نے تفریق اور باہمی مخاصمت کو بڑھاوا دیاہے۔ امت مسلمہ بیرونی دشمنوں کے حملوں کی زد میں تو ہے ہی لیکن اندرونی اختلافات نے حالات مزید ابتر کر دئے ہیں۔
زرعی یونیورسٹی میں جانوروں کی افزائش بہتر بنانے کیلئے تربیت کا آغاز
سرینگر//زرعی یونیورسٹی نے ’مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے موجودہ جانوروں کی افزائش کے نظام کی اصلاح کے لیے استعمال‘ کے موضوع پر سات روزہ تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔ ویٹرنری سائنسز اینڈ اینیمل ہسبنڈری، شوہامہ کیمپس میںمنگل کو ورلڈ بینک-ICAR کی مالی اعانت سے چلنے والے قومی زرعی اعلیٰ تعلیم کے منصوبے کے تحت سات روزہ ورکشاپ کے دوران ملک بھر کے سرکردہ اداروں کے نامور سائنسدان مختلف متعلقہ موضوعات پر غور و فکر کریں گے۔وائس چانسلر پروفیسر نذیر احمد گنائی، جو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ،نے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے ویٹرنری اور مستقبل کے تقاضوں کے تناظر میں مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر گنائی نے کہا کہ ڈیویژن آف انیمل جینیٹکس اینڈ بریڈنگ مصنوعی ذہانت میں تحقیق کرنے اور بھیڑوں کی افزائش کے فارموں کے لیے AI سے چلنے والا فیصلہ سپورٹ سسٹم تیار کرنے میں پیش پیش ہے، جسے اسمارٹ شیپ بریڈر کا نام دیا گیا ہے۔ڈین ایف وی ایس سی اینڈ اے ایچ، پروفیسر ایم ٹی بانڈے نے مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ جیسی جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے کی اہم ضرورت کے بارے میں بات کی، خاص طور پر جانوروں کی افزائش اور جینیات میں جو اس شعبے میں انقلاب لانے میں مدد کر سکتی ہیں۔ڈائریکٹر ریسرچ، پروفیسر سرفراز احمد وانی، OSD ٹو وائس چانسلر، پروفیسر عظمت عالم خان، شعبوں کے سربراہان، سائنسدانوں اور سکالرز کے علاوہ ٹرینیز نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔اس سے قبل ڈاکٹر سید شہناز، ہیڈ ڈویڑن برائے اینیمل جینیٹکس اینڈ بریڈنگ اور تربیتی پروگرام کے کورس ڈائریکٹر نے آنے والے دنوں میں منعقد ہونے والے سیشنز کے بارے میں تربیت کا ایک مختصر جائزہ پیش کیا۔ ڈاکٹر رخسانہ شاہ، اے جی بی کے اے پی ڈویڑن نے شکریہ کی تجویز پیش کی۔
زرعی کاروبار کا انتظام
زرعی یونیورسٹی میں سرٹیفکیٹ کورس شروع
سرینگر//زرعی یونیورسٹی میں ’آرگینک ایگری بزنس اینڈ مینجمنٹ‘ پر دو ماہ کا آن لائن انڈسٹری پر مبنی پروفیشنل سرٹیفکیٹ کورس یہاں شروع ہوا۔یہ تربیت انڈین انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹیشن منیجمنٹ (IIPM) بنگلورو کے ذریعے SKUAST-K کی ادارہ جاتی ترقی کے لیے ورلڈ بینک-ICAR فنڈڈ نیشنل ایگریکلچرل ہائر ایجوکیشن پروجیکٹ (NAHEP) کے تحت منعقد کی جا رہی ہے۔سرٹیفکیٹ کورس کی افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلرسکاسٹ پروفیسر نذیر احمد گنائی نے ڈائریکٹر، آئی آئی پی ایم، ڈاکٹر وی جی دھن کمار، فیکلٹی، آئی آئی پی ایم، ڈاکٹر کے نریندرن، وائس چانسلر کے او ایس ڈی اور کو پی آئی این اے ایچ ای پی اسکواسٹ کے، ڈاکٹر عظمت عالم خان، ڈین ایف او اے، پروفیسر ریحانہ حبیب خان، کی موجودگی میں کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی آئی پی ایم کے ڈائریکٹر نے کہا کہ طلباء کے فائدے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کی بڑی گنجائش ہے۔ ڈاکٹر عظمت عالم نے نامیاتی کاشتکاری کے لیے فعال نقطہ نظر اور SKUAST کشمیر کے نامیاتی وڑن کے بارے میں ایک مختصر تفصیل دی۔ انہوں نے سامعین کو چند اہم اقدامات کے بارے میں بتایا جو SKUAST نے خطے میں نامیاتی ثقافت لانے کے لیے کیے ہیں اور معاشرے پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے لیے یونیورسٹی کے اندر مختلف سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے لیے اہم اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ پروفیسر ریحانہ حبیب کنٹھ نے اس طرح کے اشتراکی پروگراموں کی اہمیت اور طلباء کی ترقی پر اثرات پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر نوید حامد نے طالب علم کو ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنے پر دونوں اداروں کے مختلف افسران کا شکریہ ادا کیا جہاں وہ یونیورسٹی میں آرگینک ایگری بزنس اسٹارٹ اپ کلچر کی بنیاد بنانے کے لیے اپنے خیالات اور دماغی طوفان کا تبادلہ کرسکتے ہیں۔
دانتوں کی مختلف بیماریاں اور حفاظت
کشمیر یونیورسٹی میں جانکاری کیمپ کا انعقاد
سرینگر// کشمیر یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر (KUHC) نے منگل کو ایک روزہ اورو ڈینٹل ہیلتھ بیداری کیمپ کا انعقاد کیا۔رجسٹرار ڈاکٹر نثار اے میر نے محکمہ صحت عامہ، گورنمنٹ ڈینٹل کالج (جی ڈی سی) سرینگر کے تعاون سے یونیورسٹی کے طلباء ، فیکلٹی ممبران اور غیر تدریسی عملے کے لیے ایک روزہ کیمپ کا افتتاح کیا۔ڈاکٹر نثار نے کہا کہ یونیورسٹی کے ہیلتھ سینٹر کو یونیورسٹی کے طلباء ، اسکالرز اور فیکلٹی ممبران کے فائدے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے کیمپوں کا انعقاد جاری رکھنا چاہیے اور اس طرح کی کوششوں کے لیے یونیورسٹی کے تعاون کا یقین دلایا۔سینکڑوں طلباء اور فیکلٹی ممبران نے کیمپ کا دورہ کیا اور جی ڈی سی سرینگر کے ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا اور ضروری ادویات کا مشورہ دیا۔انہیں دانتوں کی مختلف بیماریوں اور ان کی خوراک کی عادات کو تبدیل کرنے اور دانتوں کی مناسب حفظان صحت پر عمل کرکے ان کی روک تھام کے بارے میں بھی تعلیم دی گئی۔پروگرام کا انعقاد اس حقیقت کے پیش نظر کیا گیا کہ 95 فیصد آبادی آگہی کی کمی، منہ کی صفائی کی ناقص غذا، غذائی عادات کی وجہ سے دانتوں کے کسی نہ کسی امراض میں مبتلا ہے۔ماہرین کے مطابق حالیہ کوویڈ 19 وبائی امراض کے نتیجے میں دانتوں کی مختلف بیماریوں میں واضح اضافہ ہوا ہے۔جی ڈی سی سرینگر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عاصم فاروق شاہ نے بھی ’دانتوں کی صحت: روک تھام اور انتظام‘پر ایک مختصر گفتگو کی۔ڈاکٹر اشفاق اے زری، جوائنٹ رجسٹرار اور انچارج کے یو ہیلتھ سنٹر نے کیمپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی، جس میں اسپیشل سیکریٹری ٹو وائس چانسلر ڈاکٹر تنویر اے شاہ نے بھی شرکت کی۔
ٹیچرز فورم سنگھ پورہ کا زونل ایجوکیشن افسر کو استقبال
سرینگر// ٹیچرز فورم زون سنگھ پورہ کے ایک وفد نے اس کے زونل صدر پرویز احمد ڈار کی قیادت میں نئے فیاض احمد شاہ کو زونل ایجوکیشن افسرکا چارج سنبھالنے پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر بشارت نذیر نے تقریب کی کارروائی چلائی اور جے کے ٹیچرز فورم کی جانب سے زونل ایجوکیشن افسر کا خیرمقدم کیا اور وہاں موجود مندوبین، ممبران کا تعارف کروایا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے شامل ہونے والے ZEO کے ساتھ آنے والے بہت سے دوسرے ZEO بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر پرویز احمد ڈار زونل صدر JKTF سنگھ پورہ کلاں نے ZEO فیاض احمد شاہ کو خوش آمدید کہا اور ٹیچرز فورم کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور مزید کہا کہ بچہ ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہا ہے۔
راہل گاندھی کا امرین بدر سے اظہار تعزیت
سرینگر//آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کے سابق صدر راہل گاندھی نے انجینئربدر محی الدین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے ۔اس سلسلے میں انہوں نے مرحوم کی اہلیہ اورجے کے پی سی سی کی نائب صدر امرین بدرکو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔راہل گاندھی نے مرحوم کے برادر اکبر اور سینئرکانگریس لیڈر تاج محی الدین اور دیگر سوگواران کے ساتھ بھی بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔راہل گاندھی نے مرحوم کی روح کے سکون اور سوگوار خاندان صبر کیلئے دعا کی ۔دریں اثناء جموںکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر نے پارٹی کے ایک سینئر لیڈر کے وفد کی قیادت میں مرحوم کی رہائش گاہ پہنچے اور امرین بدر اور تاج محی الدین سے تعزیت کی۔وفد نے اہل خانہ کے ساتھ کچھ وقت گزارا جبکہ مرحوم کی روح کیلئے ابدی سکون کی دعا کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔جے کے پی سی سی صدر کے ساتھ بشیر احمد ماگرے، سریندر سنگھ چنی، غلام نبی میر لسجن، عبدالغنی خان، عرفان نقیب، مشتاق احمد کھانڈے، عمر جان اور دیگر موجود تھے۔
مولانا ہمدانی کا اظہارِ تعزیت
سرینگر//جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے وادی کی معروف اسلامی شخصیت سید عبدالحمید شاہ (حقانی) ساکن بچھوارہ ڈلگیٹ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں مولانا نے مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ اس دوران مولانا ہمدانی نے خواجہ عبدالرحمن مجاہد منزل کی دختر کے انتقال پربھی صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوںنے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی ۔ جمعیت کے وفد نے مرحومہ کے گھر جاکر تعزیت کی۔
بمنہ خمینی چوک میں جاری کام کا معائنہ | ڈپٹی کمشنر بڈگام کی جنگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت
بڈگام//ڈپٹی کمشنربڈگام شہباز احمد مرزا نے منگل کو بمنہ کا دورہ کیا تاکہ بمنہ خمینی چوک سڑک پر ڈرین کی جاری تعمیر کی رفتار اور پیش رفت کا موقع پر جائزہ لیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ کئی افسران بھی تھے۔ دورے کے دوران ڈی سی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈرینج کی تعمیر کا کام ڈبل شفٹوں میں کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس منصوبے کو اپریل 2022کے آخر تک جنگی بنیادوں پر دھارکھل سے گڑی کدل تک مکمل کیا جائے۔ڈرینج کی تعمیر 1.75کلومیٹر لمبی سڑک پر چل رہی ہے جس کی لاگت 11.57کروڑ مختص کی گئی ہے۔خمینی چوک سے بڈگام ہمہامہ کی طرف ٹریفک کا رخ موڑنے کی وجہ سے آئی جی روڈ ہمہامہ پر ٹریفک جام ہونے کے تناظر میں یہ معائنہ کیا گیا۔
سوپور میں 3شہری نشیلی ادویات سمیت گرفتار
سرینگر// پولیس نے سوپور میں 3افرادکو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے سائیکو ٹراپک مادہ برآمد کیا۔ سوپور تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے ایس ایچ او کی قیادت میں چنکی پورہ میں قائم ایک چوکی پر دو افراد کو روکا۔ تلاشی کے دورانان کے قبضے سے 840 نشیلی دوائیاں برآمد ہوئیں ۔ انہیں گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا ۔دوسری کارروائی میں پولیس چوکی وارپورہ کی پولیس پارٹی نے وارپورہ میں قائم ایک چوکی پر ایک شہری کو گرفتار کیا جس کی شناخت بلال احمد راتھرساکن ڈانگر پورہ سوپور کے طور پر کی گئی۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 672کیپسول برآمد ہوئے۔پولیس اسٹیشن سوپور میں مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
بیروہ اور ماگام میں پولیس دربار
سرینگر// بڈگام میں پولیس نے ماگام اوربیروہ تھانوں میں پولیس اورعوامی بات چیت کی میٹنگوں کی سہولت فراہم کی۔ ماگام میں میٹنگ کی صدارت ایس ڈی پی او ماگام محمد سلیم لون نے ایس ایچ او ماگام کے ساتھ کی جبکہ بیروہ میں بھی میٹنگ کی صدارت ایس ایچ او بیروہ نے کی۔ ان میٹنگوں میں قصبہ ماگام کے کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہان، بیروہ کے اینٹ بٹھوں کے مالکان اور ان علاقوں کے معزز شہریوں نے شرکت کی۔ان ملاقاتوں کے دوران اینٹوں کے ریٹ، اوور لوڈنگ، ترپال کے غلاف کا استعمال، ٹپر کی تیز رفتاری، منشیات کی لعنت وغیرہ پر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پولیس افسران نے یقین دلایا کہ ان کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور کوچنگ کے سربراہان پر بھی زور دیا گیا کہ ادارے نوجوان طلبا کو منشیات کے مضر اثرات اور نتائج کے بارے میں آگاہ کریں گے۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو مثبت انداز میں اخلاقی رویہ اپنانے کی ترغیب دیں جو ہمیشہ روشن مستقبل کی طرف لے جاتا ہے۔پولیس افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے علاوہ مختلف سماجی برائیوں بالخصوص منشیات کی لعنت کے خاتمے کے لیے ان سے تعاون طلب کیا۔