مزید خبریں

سڑک کی تعمیر کے بغیر ہی فنڈز کی وگزاری 

پنچایت بلنوئی کے مکینوں نے تحقیقات کا مطالبہ کیا 

جاوید اقبال 
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت بلنوئی کے مکینوں نے بتایا کہ لواہر والا بیلہ میں 3کلو میٹر ٹریکٹر روڈ کی تعمیر کے بغیر ہی فنڈز نکال دیئے گئے ہیں لیکن اس سلسلہ میں متعلقہ اور ضلع آفیسران سے رجوع کرنے کے بعد بھی کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ 2017-18 میں ایک ٹریکٹر روڈ کی تعمیر کو منظوری دی گئی تھی جبکہ اس کی تعمیر کےلئے 3لاکھ روپے کے فنڈز کو بھی منظوری دی گئی تھی لیکن متعلقہ ملازمین کی ملی بھگت کی وجہ سے تعمیر اتی عمل کے بغیر ہی فنڈز نکل لئے گئے ہیں ۔سبکدوش حوالدار طالب حسین ،سبکدوش حوالدار محمد لطیف اور سبکدوش حوالدار خلیل احمد نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے سلسلہ میں متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی بل نکال لئے گئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ،اے ڈی سی اور متعلقہ آفیسران سے بھی رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک واقعہ کی کوئی تحقیقات نہیں کروائی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ تعمیر ای کام کےساتھ ساتھ بلاک منکوٹ میں ہونے والے کاموں کی مکمل تحقیقات کروائی جائے جبکہ غیر قانونی کاموں میں ملوث ملازمین کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
 

مینڈھر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی 

جاوید اقبال 
مینڈھر //گزشتہ دنوں بھمبر گلی سیکٹرمیں حد متارکہ پر دراندزی کی کوشش کے بعد خطہ بالخصوص مینڈھر سب ڈویژن میں سیکورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں ۔سب ڈویژن کے تمام داخلی اور خارجی پوائنٹس پر جموں وکشمیر پولیس کی اضافی نفری کی تعینات کےساتھ ساتھ گاڑیوں کی چیکنگ کے عمل میں بھی تیزی لائی گئی ہے ۔پولیس کی جانب سے ناکے لگا کر گاڑیوں کےساتھ ساتھ سب ڈویژن میں داخل ہونے والے مسافروں کےساتھ ساتھ باہر جانے والوں کے شناختی کارڈبھی چیک کئے جارہے ہیں ۔
 

کووڈ کی ٹیسٹنگ کا عمل دوبارہ سے شروع 

جاوید اقبال 
مینڈھر //بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز خان کی قیادت میں محکمہ صحت کی جانب سے مینڈھر سب ڈویژن میں کووڈ ٹیسٹنگ کا عمل دوبارہ سے شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کو کم کرنے میں مدد مل سکے ۔بی ایم او کی ہدایت پر محکمہ کی جانب سے مینڈھر قصبہ کے مختلف علاقوں میں ایمبو لینس کی مدد سے عام شہریوں و راہگیروں کی ٹیسٹنگ کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے جموں وکشمیر میں کووڈ معاملات میں تیز آرہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت کےساتھ ساتھ سیول انتظامیہ بھی متحرک ہو گئی ہے ۔محکمہ صحت نے عام لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر قصبہ میں بغیر ماسک و دیگر احتیاطی تدابیر کے داخل ہونے سے گریز کیا جائے اور محکمہ کی جانب سے بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی کےساتھ عمل کریں تاکہ وائر س کے پھیلاﺅ کو کم کیا جاسکے ۔
 
 

 ویب پورٹل سے وابستہ صحافی کےساتھ بدتمیزی 

انتظامیہ نے یف پی ایس ڈیلر کومعطل کر دیا گیا

سمت بھارگو 
راجوری //راجوری ضلع میں حکام نے ویب پورٹل سے وابستہ شخص کےساتھ بدتمیزی و مار پیٹ کرنے کے الزام میں فیئر پرائس شاپ (ایف پی ایس) ڈیلر کو معطل کر دیا ہے جبکہ ویت بورٹل سے وابستہ شخص جس کے جسم کے مختلف حصوں پر کئی زخم آئے ہیں، اس وقت گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری میں زیر علاج ہے ۔زخمی صحافی نے بتایا کہ ، وہ مستحقین میں راشن کی کم تقسیم کے معاملے پر اپنے تاثرات ظاہر کررہا تھا جبکہ اس دوران ڈیلر نے حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مقامی پولیس سٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔اس دوران محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے تک ڈیلر کا لائسنس منسوخ کر دیا ہے ۔تحصیل سپلائی آفیسر راجوری کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق معاملہ کی تحقیقات مکمل ہونے تک ڈیلر محمد شبیر کو معطل کر دیا گیا ہے ۔
 

صحافی کےساتھ بد سلوکی 

پریس کلب راجوری نے واقعہ کی مذمت کی 

راجوری //راجوری ضلع میں ویب پورٹل سے وابستہ صحافی کےساتھ ہوئی بد سلوکی اور مار پٹائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صحافی طبقہ سے معاملہ میں ملوث ڈیلر کےخلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پریس کلب راجوری کی جانب سے یہاں جاری ایک مشترکہ پریس بیان میں صحافیوں نے جموں وکشمیر پولیس سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ طے شدہ اصولوں کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمرمت کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کے اہم ستون پر اس طرح کے حملوں کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پولیس حکام کو اس معاملہ کو سنجیدگی کےساتھ لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کرنی چاہئے جبکہ اس عمل میں ملوث ڈیلر کےخلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔چیئر مین پریس کلب راجوری عارف قریشی نے واقعہ کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے تحقیقات کی مانگ کی ۔
 
 
 

کووڈ گائیڈ لائنز کی چیکنگ ناکوں تک محدود 

تھنہ منڈی قصبہ میں کھلے عام خلاف ورزیاں جاری 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // تھنہ منڈی بازار کے داخلی اور خارجی راستوں پر لوگوں اور راہگیروں کو روک کر ماسک کےلئے تنگ کیا جا رہا ہے لیکن پورے بازار میں کرونا ایس او پیز کا کہیں بھی دور تک اطلاق نظر نہیں آ رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر مسافروں کو ہراساں کیا جاتا ہے لیکن قصبہ کے اندر قاعدہ پر عمل کروانے کےلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے ہے کہ یا تو سارے علاقے میں کرونا ایس او پیز کا سختی سے نفاذ کیا جائے یا پھر ماسک کے نام پر بلاوجہ لوگوں کو تنگ نہ کیا جائے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بعض جگہوں پر جو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں وہ بلاوجہ لوگوں کو پریشان کر رہی ہیں جبکہ ان کی ڈیوٹی دوسری جگہوں پر ہے۔ اس سلسلے میں جب تحصیلدار تھنہ منڈی ساحل علی شاہ سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ پورے علاقے میں جو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں انہیں اپنے اپنے علاقوں میں ہی کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں لہذا اگر کوئی بھی اہلکار انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
 
 
 

رسول پاک عالم انسانیت کےلئے پیغمبر ہیں :سید مختار حسین

حسین محتشم
پونچھ//صدر شیعہ علماءکونسل صوبہ جموں مولانا سید مختار حسین جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دفاع قرآن و پیغمبر اسلام سب پر فرض ہے ہمیں پوری دنیا کے تمام انسانوں کو یہ بتادینا اور باور کرانا چاہیے کہ قرآن کریم اور پیغمبر اسلام صرف مسلمانوں کےلئے ہی نہیں بلکہ تمام عالم انسانیت کےلئے فلاح و نجاح اور سعادت و خوش بختی کا باعث اور تکمیل حیات و زیست کا ذریعہ ہیں ان دو الہی نشانیوں کی توہین تمام مذاہب کے مقدسات کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا چونکہ کائنات اور اس میں جو کچھ بھی ہے انہی کے صدقے میں ہے یہی دونوں کائنات میں حیات و زیست امن و سلامتی تہذیب و تمدن اور تعلیم و تربیت کا سرچشمہ ہیں۔ ان دونوں سے دشمنی خدا سے دشمنی ہے اور ان کی توہین خدا کی توہین ہے اور ہر مذہب کے مقدسات کی توہین ہے کائنات انہی کے وجود کا پرتو ہے انہی سے کائنات شروع ہوتی ہے اور انہی پر ختم ہوتی ہے ہر انسان کا یہی حق ہیں اور ہر انسان پر انہی کا حق ہے ان کی توہین کرنے والا مسلمان ہندو سکھ جین بدھ عیسائی یہودی وغیرہ وغیرہ کچھ بھی نہیں ہوسکتا ۔لہذا تمام انسانوں کو اور ہر مذہب و مسلک اور فرقے اور جماعت اور تمام احزاب اور گروہوں کو ان کا دفاع کرنا چاہیے اور دنیا کے کسی بھی گوشے میں کسی بھی شناخت رکھنے والی حکومت کو کسی بھی انسان کو ان کی شان میں گستاخی کرنے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان کی حکومت کو اپنے سیکولر اور جمہوری چہرے کو بچانے کی خاطر توہین کرنے والے افراد اور جماعتوں کو قانونی دفعہ لگا کر منظر عام سے دفع کرنا چاہیے اور ان ناپاک افراد کو مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے بھیانک جرم کا مرتکب ہونے کے لیے کھلا نہیں چھوڑنا چاہیے ورنہ قدرت کا حساب وعقاب بہت دردناک ہوتا ہے۔