مزید خبریں

درخشاں اَندرابی کی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات | عوامی اہمیت کے مسائل پر تبادلہ خیال

جموں//چیئر پرسن مرکزی وزارت ِاقلیتی امور کی وقف ترقیاتی کمیٹی اور بی جے پی کے قومی ایگزیکٹیو ممبر ڈاکٹر درخشان اَندرابی نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔ڈاکٹر اَندرابی نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پید اکرنے ، امن واَمان کی صورتحال اور دیگر ترقیاتی اَمور سے متعلقہ عوامی اہمیت کے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔اُنہوں نے قبائلی آبادی تک پہنچنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیر قیادت اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا اور جموںوکشمیرکی پہاڑی کمیونٹی کو شیڈول ٹرائب قرار دینے کے معاملے کو مرکزی حکومت کے ساتھ اُٹھانے کی درخواست کی۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو تاریخی شاردا پیٹھ کے قریب ایل او سی کے قریب ٹیٹوال میں آئندہ شاردا تیرتھ بیس کیمپ کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹر اندرابی کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل اور تجاویز پر غور کیا جائے گااور انہوں نے ان سے کہاکہ وہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے رہیں۔
 
 
 

پونے میں انڈیا انٹرنیشنل ٹریول مارٹ |  محکمہ سیاحت اورٹورآپریٹروں میں تبادلہ خیال

سرینگر//انڈیاانٹرنیشنل ٹریول مارٹ (آئی آئی ٹی ایم)کے حاشیئے پرجموں کشمیر کے محکمہ سیاحت نے پونے میں ٹوراورٹراول آپریٹروں کے ساتھ تبادلہ خیال کااہتمام کیا جس میں کافی تعداد میں ٹوراینڈ ٹرائول آپریٹروں نے شرکت کی۔اس کامقصد متعلقین کو جموں کشمیر کی سیاحت کی طرف راٖغب کرنے کیلئے انہیں یہاں کے سیاحتی دلکشی کے مقامات کی جانکاری دیناتھا۔ڈائریکٹر سیاحت جموں، وویکا نند رائے، ڈائریکٹر سیاحت کشمیر،ڈاکٹر غلام نبی ایتو اورسیکریٹری سیاحت وسیم راجا اس تبادلہ خیال کے دوران موجود تھے۔سیاحتی متعقلین سے بات کرتے ہوئیوویکاننداور ایتو نے گزشتہ کئی ماہ کے دوران محکمہ سیاحت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلی جانکاری دی۔انہوں نے پونے نشین سیاحتی آپریٹروں کو 75ایسی سیاحتی مقامات کی جانکاری جن کے بارے میں ابھی تک لوگوں کو کم ہی جانکاری تھی اورجنہیں فروغ دینا محکمہ سیاحت کے منصوبوں میں شامل ہیں۔ انہیں بتایاگیا کہ محکمہ کی طرف سے دیگر متعدد اقدامات بھی کئے گئے ہیں جن کا مقصدسیاحت کوبحال کرنا ہے۔اس موقعہ پر وسیم راجا نے جموں اور کشمیر کے بہترین سیاحتی مقامات کاخلاصہ پیش کیا۔دکن کالج میں محکمہ کی طرف سے ایک مصوری کے مقابلے کااہتمام کیا گیا جس میں کالج کے کلاب نے حصہ کیا۔اس کے علاوہ انڈیا انٹرنیشنل ٹرائول مارٹ میں جموں کشمیر کا اسٹال لوگوں کی کافی دلچسپی کاباعث رہا۔
 
 

سرکاری اراضی پر قبضۂ ناجائز |  شوپیان میں10کنال چھڑائی گئی

شوپیان//تحصیلدارزینہ پورہ شوپیان کی قیادت میں محکمہ مال کے اہلکاروں کی ٹیم نے تحصیل زینہ پورہ میں 10کنال سرکاری اراضی کوناجائز قبضے سے چھڑایا۔یہ اراضی ضلع انتظامیہ کی سرکاری،کاہچرائی اور جنگلاتی اراضی کو ناجائز قبضے سے چھڑانے کی مہم کے دوران واپس حاصل کی گئی ۔اس حوالے سے ضلع میں حکام  اورمجسٹریٹوں کی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔ضلع مجسٹریٹ شوپیان سچن کمارویشیا نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرکے اس مہم کا کامیاب بنائیں جس کامقصدلوگوں کی بہبودی ہے اور عوامی وسائل کی تحفظ اور سلامتی ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے ناجائز قبضہ کرنے والوں سے بھی اپیل کی کہ وہ سرکاری اورکاہچرائی زمین سے ازخود ناجائزقبضے ہٹائیں تاکہ انتظامیہ کو انکے خلاف سخت قوانین کا استعمال نہ کرناپڑے۔
 
 
 

مشرقی لداخ میں چین کے دفاعی ڈھانچے میں توسیع

سڑکوں کی تعمیر، میزائل رجمنٹ تعینات ، ہندوستان کا اظہار تشویش 

مانٹیرنگ ڈیسک
 نئی دہلی //چین کی طرف سے مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ فوجی ڈھانچے میں توسیع پر بھارت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ علاقے میں رابطہ سڑکیں ، شاہراہوں کی تعمیر اور میزائل رجمنٹ بھاری ہتھیاروں سمیت  تعینات کیا گیا ہے ۔دونوں ممالک کے درمیان حال ہی میں ہونے والی بات چیت کے دوران، ہندوستانی فریق نے مشرقی لداخ سیکٹر کے نزدیکی علاقوں میں چینی فوج کی فوجی ڈھانچے کی نئی تعمیر پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان کے لئے تشویش کی وجوہات ہیں کیونکہ چینی نئی شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بنا رہے ہیں، لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب نئی رہائش گاہیں اور بستیاں تعمیر کر رہے ہیں اور میزائل رجمنٹ سمیت بھاری ہتھیاروں کو جمع کر رہے ہیں۔ فوجی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن بہت اہم رہی ہے کیونکہ وہ شاہراہوں کو چوڑا کر رہے ہیں اور کاشغر، گر گنسا اور ہوتن میں مرکزی اڈوں کے علاوہ نئی ہوائی پٹیاں تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ایک بڑی وسیع شاہراہ بھی تیار کی جا رہی ہے جو LAC پر چینی فوجی پوزیشنوں کے اندرونی علاقوں کے ساتھ رابطے کو مزید بہتر بنائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ چینی فوج نے اپنی فضائیہ اور فوج کے لیے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر بھی توجہ مرکوز کی ہے تاکہ انہیں گہرائی والے علاقوں میں امریکی اور دیگر سیٹلائٹ سے چھپایا جاسکے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ اگر پچھلے سال کی سردیوں سے موازنہ کیا جائے تو چینی باشندے پناہ گاہوں، سڑکوں کے رابطے اور موافقت کے لحاظ سے بہت بہتر ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ تبت خود مختار علاقے میں پی ایل اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں راکٹ اور میزائل رجمنٹ کو تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینیوں کی جانب سے ڈرونز لگانے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ ان کی بڑی تعداد کو سیکٹر میں نگرانی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ہندوستان بھی گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت زیادہ تیار ہے کیونکہ اس نے خطے میں کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کے لیے افواج کو جو بھی تعینات کیا ہے۔
 
 
 

لداخ میں کووِڈ- 19کا پھیلائو جاری، مزید27متاثر

سرینگر // مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووِڈ- 19 کے 27 نئے کیس رپورٹ ہوئے، جس سے متاثرین کی تعداد 21,494 ہوگئی اور 249 مریض زیر علاج ہیں۔  محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وبا کے پھیلنے کے بعد سے لداخ میں بیماری کی وجہ سے 213 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے لیہہ میں 155 اور کرگل میں 58 افراد ہلاک ہوئے۔ ہفتہ کو کل 2366 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ لیہہ میں 25 اور کرگل میں دو کیسز کی تصدیق ہوئی۔بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 افراد کو لیہہ اور ایک کو کرگل کے اسپتال سے فارغ کیا گیا۔ لداخ میں اب تک 21,032 لوگ انفیکشن سے پاک ہو چکے ہیں۔ فی الحال 229 مریض لیہہ اور 20 کرگل میں زیر علاج ہیں۔لیہہ ضلع میں اس ماہ کے آغاز سے کورونا کے کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے نتیجے میں رات کا کرفیو اور تمام اسکولوں اور رہائشی ہاسٹلز کو بند کرنے کے علاوہ کووِڈ رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کئی پابندیاں اور جرمانے عائد کیے جاتے تھے۔
 
 
 

جموں کشمیر کاریاستی درجہ بحال کیا جائے

پردیش کانگریس صدر کا خانصاحب میں عوامی جلسے سے خطاب

 بڈگام//جموں کشمیر پردیش کانگریس صدر غلام احمدمیر نے اتوار کومرکز سے کہا کہ وہ جموں وکشمیر کوریاستی درجہ دے کراس کے عزت ووقاربحال کریں اورجموں کشمیر کے لوگوں کے جمہوری حقوق کو بحال کریں۔ایک بیان کے مطابق میر نے کانگریس پارٹی کو ہی اتحاد کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی جماعت ملک میں  ووٹ حاصل کرنے کیلئے لوگوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والوں کاتوڑ کرسکتی ہے ۔سکھناگ خان صاحب میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمدمیر نے کہا کانگریس پارٹی کو کمزور کرنے کی کوششوں کا توڑ کیا جائے گااور کہا کہ یہی جماعت لوگوں کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے اور اس جماعت نے آزادی کے بعد75برس ملک کی خدمت کی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ پارٹی ناانصافی ،امتیازی پالیسی اور جموں  کشمیرمیں لوگوں کے تئیں بھاجپا کے تعصب کیخلاف لڑنے کیلئے پرعزم ہے۔اس موقعہ پر انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کی حمایت میں اُٹھ کھڑے ہوں تاکہ ان کی مشکلات  جیسے بیروزگاری،اقتصادی بدحالی،اوردیگرمسائل کا سدباب کیاجائے ۔پردیش کانگریس صدر غلام احمدمیرنے بھاجپا حکومت کی طرف سے جموں کشمیر کے لوگوں کے تئیں رویہ پر ناراضگی کااظہار کیا۔
 
 
 

مرکزی حکومت کی نیت صحیح نہیں :چودھری رمضان

کپوارہ میں نیشنل کانفرنس کا پارٹی کنونشن

اشرف چراغ 
کپوارہ//مرکزپرجموں کشمیرکے تئیں نیت صحیح نہ ہونے کاالزام عائد کرتے ہوئے سابق وزیر اور نیشنل کانفرنس کے سینئررہنما چودھری محمدرمضان نے کہاکہ اگلے سال ملک کی سات ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں لیکن جموں کشمیرمیں اسمبلی چنائو کا معاملہ ابھی زیرغور نہیں ہے۔کپوارہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جمو ں وکشمیر میں جان بوجھ کر اسمبلی انتخابات کرنے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ہیں جبکہ حد بندی کمشن نے بھی ابھی تک اپنی رپورٹ نہیں دی ۔انہو ں نے کہا کہ مرکزی سرکار کب تک جمو ں و کشمیر کے لوگو ں کو اپنے حق سے محروم رکھے گی ۔انہو ں نے کہا کہ جمو ں و کشمیر میں اس وقت چند بیورو کریٹوں کا راج ہے ۔انہو ں نے کہا افسرشاہی کو یہا ں کی جغرافیائی حالات کا پتہ تک نہیں ہے اور اس کے لئے لوگو ں کو چایئے کہ وہ نیشنل کانفرنس کا ساتھ دیں ۔اس موقع پر نیشنل کانفرنس نے جمو ں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کا مطالبہ دہرایا ۔کنونشن میں ضلع صدر اور سابق ایم ایل سی قیصر جمشید لون ،سابق وزیر چودھری محمد رمضان ،سابق وزیر میر سیف اللہ کے علاوہ خواتین ونگ کی ضلع صدر رابعہ وانی کے علاوہ دیگر لیڈر موجود تھے ۔اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران پارٹی لیڈرو ںنے کہا کہ جمو ں و کشمیر کے تشخص اور خصوصی پوزیشن کی بحالی کیلئے پارٹی کی جدوجہد کرنے کے عزم کو دہرایا گیا ۔انہو ں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس پانچ اگست2019کے فیصلہ کے خلاف تب بھی تھی اور آج بھی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ جمو ں و کشمیر میں دفعہ 370منسوخ کئے جانے سے یہا ںکے لوگ مایوس ہوئے ہیں ۔
 
 
 

رانچی میں کشمیریوں پرحملہ کرنے والے3 گرفتار

قصورواروں کو بخشا نہیں جائے گا:وزیراعلیٰ جھارکھنڈ

 رانچی//جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا ہے کہ جھارکھنڈ میں مذہبی دشمنی اورامتیاز کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے ٹوئٹر پر رانچی میں کشمیری تاجروں پرحملہ کرنے پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ جھارکھنڈ میں مذہبی منافرت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور کشمیری تاجروں پرحملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔رانچی کے ایس ایس پی  سریندرکمارجھانے بتایاکہ اس معاملے کی تحقیقات ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے اورپوچھ گچھ جاری ہے ،جو کوئی بھی اس میں ملوث ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ایک34برس کے کشمیری جورانچی میں گرم ملبوسات بیچتا ہے ،نے پولیس میں شکایت درج کی کہ سنیچرکو لوگوں کے ایک گروپ جس میں کم سے کم 25افراد شامل تھے،نے اُس اور کئی دوسرے کشمیری تاجروں پر حملہ کیااور انہیں رانچی کے ڈورانڈا میں ’جے شری رام ‘اور’پاکستان مردہ بار‘کانعرہ لگانے پرمجبور کیا۔اس کاایک ویڈیو بھی سوشل کی میڈیاپروائرل ہوگیااوراُسے ٹوئٹر پرشیئر کیاگیا۔ان میں سے ایک آدمی کہتا ہے ،’ ’کشمیری ہوناایک جرم ہے۔انہوں نے ہماری زندگی جہنم بنائی ہے ۔کیا ہم ہندوستانی نہیں ہیں؟یہ ہمیں ’جے شری رام‘ اور ’پاکستان مردہ باد‘کانعرہ لگانے پر مجبور کرتے ہیں۔ہم میں سے چار لوگوں کو پیٹاگیا۔ہم ہندوستانی ہیں اورقانون سب کیلئے یکساں ہے ۔۔۔اس میں کوئی امتیازنہیں ہوناچاہیے‘‘۔
 
 

پردیش کانگریس کو تشویش

سرینگر//رانچی جھارکھنڈ میں کشمیری شال فروشوں پرحملہ کئے جانے کی جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے شدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے لیفٹینٹ گورنر انتظامیہ پرزوردیا ہے کہ وہ جھارکھنڈ حکومت کے ساتھ اس معاملہ کو اُٹھائیں۔جموں کشمیر پردیش کانگریس نے کشمیری شال فروشوں پرحملہ کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لئے جانے کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ملک کی مختلف ریاستوں میں روزگار کمارہے کشمیریوں کی سلامتی کویقینی بنایاجائے۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدرغلام احمد میر اوردیگرسینئررہنمائوں نے رانچی میں کشمیر ی شال بیوپاریوں پر حملے پرسخت فکرمندی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملوں سے ملک کی مختلف ریاستوں میں مقیم کشمیریوں میں خوف پیدا ہوگاجس کاتدارک کرناضروری ہے تاکہ ان کی سلامتی کو یقینی بنایاجائے۔میرنے کہا کہ ملک میںیہ ریاستی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے عناصر کو لگام دیں،جو ایسے حملے کرکے اپنی ریاستوں کا نام بدنام کررہے ہیں۔پردیش کانگریس صدرغلام احمدمیر نے لیفٹینٹ گورنرپر زوردیا کہ وہ ذاتی طور یہ معاملہ جھارکھنڈ حکومت کے ساتھ اُٹھائیں تاکہ کشمیری تاجروں کاتحفظ یقینی ہو۔
 
 
 

شمالی کشمیر سڑکوں کے معاملے میں نظرانداز:راجا اعجاز علی 

سرینگر//شمالی کشمیر کو نظر انداز کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر راجا اعجاز علی نے مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڑکری کی جانب سے جموں کے ڈوڈہ علاقے میں نیشنل ہائی وئے کی تعمیر کے بارے میں اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔ راجا اعجاز علی نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی مجموعی تعمیر و ترقی میں سڑکوں کی تعمیر انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر پنچال اور خطہ چناب کی جانب کافی توجہ فراہم کی جا رہی ہے اور مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جو وہاں اعلانات کئے گئے ،ہم ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار گریز کو فروغ نہیں دینا چاہتی ہے اور نہ ہی شمالی کشمیر کے لوگوں کیلئے سڑکیںتعمیر کرنا چاہتی ہے۔ سی این آئی
 
 
 
 
 

راجوری میں انجمن اردو صحافت کا تربیتی ورکشاپ | بہترین معاشرے کیلئے ذمہ دار صحافت پرمقررین کا زور

 راجوری// انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کی جانب سے اتوار کو ایوان ِ صحافت راجوری (پریس کلب راجوری ) میں خطہ پیر پنچال کے عامل صحافیوں کے لئے’’دور ِجدید میں صحافت کے بدلتے تقاضے ‘ ‘ کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔دونشستوں پر مشتمل ورکشاپ کے دوران عالمی شہر ت یافتہ اور کہنہ مشق صحافی یوسف جمیل نے ’’صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داریاں ‘ کے موضوع پرتفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذمہ دار صحافت ہی ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں صحت مند رول ادا کرسکتی ہے ۔انہوں نے اپنے تجربات اور مشاہدات کی روشنی میں عامل صحافیوں پر زورد یا کہ وہ معیاری صحافت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبداری ،احساس ذمہ داری ،برد باری اور تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں اور خبروں کو اپنے قارین ،ناظرین اور سامعین تک پہنچانے کے عمل میں اپنی پسند اور ناپسند کو درکنار رکھ کر صرف حقائق بیان کرنے تک ہی اپنے رول کو محدود رکھیں ۔سرکردہ صحافی ریاض مسرور نے عملی مشق کے ذریعے عامل صحافیوں کو جدید صحافت کے تقاضوں سے روشناس کرایا ۔انہوں نے ڈیجیٹل صحافت کو صحافت کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ عامل صحافیوں کو اپنے آپ کو آج سے ہی خود کو اس کے لئے تیار کرنا چاہیے ۔ریاض مسرور نے ویڈیو جرنلزم کے فارمیٹ انتہائی سلیس انداز میں بیان کرتے ہوئے معیاری صحافت کی صحت برقرار رکھنے کے پیمانے مدلل انداز میں بیان کئے ۔سینئر صحافی ہارون ریشی نے ’’خبر نگاری کا صحافتی اسلوب ‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگرچہ صحافت کے بنیادی اصول تبدیل نہیں ہوتے ہیں ،تاہم بدلتے وقت کے ساتھ خبر نگاری کے تقاضے بدلتے رہتے ہیں اور ہمیں اپنے آپ کو ان تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا چاہیے ،تاکہ ہمارا صحافتی سفر جمود کا شکار نہ ہو ۔ورکشاپ میں خطہ پیر پنچال اور جموں کے کم وبیش 60عامل صحافیوں نے شرکت کی ۔ورکشاپ کے نظامت کے فرائض حسین محتشم نے انجام دیے جبکہ پریس کلب راجوری کی طرف سے ایڈوکیٹ تعظیم ڈار اور عمر ارشد ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔انجمن کے نائب صدر عشرت حسین بٹ نے ورکشاپ کے مقصد پر تفصیلی روشنی ڈالی جبکہ تقریب کے آخر پر صدر ِ انجمن ریاض ملک نے تمام مہمانوں اور شرکاء کے علاوہ راجوری پریس کلب شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جنوری میں انجمن تنظیمی انتخابات سے قبل خطہ چناب کے لئے بٹوت رام بن میں تربیتی ورکشاپ منعقد کرے گی۔ شرکاء کو انجمن اردو صحافت جموں وکشمیرکی جانب سے سندِ شرکت سے نوازا گیا ۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اننت ناگ میں 2افرادنشیلی اشیاء سمیت گرفتار

 سرینگر//پولیس نے اننت ناگ میں دو افراد کو گرفتارکر کے اُن کے قبضے سے منشیات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔بجبہاڑہ تھانہ کی ایک پارٹی نے ایس ایچ او بجبہاڑہ کی قیادت میں ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے ساتھ ایک مخصوص جگہ پر چھاپہ مارا۔چھاپہ مار کارروائی کے دوران 70کلو پوست کا بھوسا برآمد ہوااور بشیر احمد ریشی ساکن بٹ پورہ کو موقع پرگرفتار کر لیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ 2ملزمان سجاد احمد بٹ ساکن واگہامہ اور ابو حمید میر ساکن ناٹی پورہ سنگم نامی دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ اس دوران ایک اور کارروائی میں اننت ناگ تھانہ کی ایک پارٹی نے مہندی کدل میں ناکہ پرنصیر احمد خان ساکن ہاپت ناڈ کوگرفتار کیا گیا۔مذکورہ شہری کے قبضے سے 2.7کلو گرام چرس برآمدہوا۔متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔کے این ایس
 

آریانز میں مواد لکھنے کی مہارت پر ورکشاپ 

سرینگر//اعلیٰ معیار کا مواد لکھنے کیلئے آریانز کالج میں ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی اطلاعات اور تعلقات عامہ افسرشیلجا کوشلاور دیگر ماہرین نے طالب علموںسے خطاب کیا۔ ڈاکٹر انشو کٹاریہ، چیئرمین، آریانز گروپ نے سیشن کی صدارت کی۔شیلجا کوشلا نے کہا کہ مواد کی تحریر ویب مواد کی منصوبہ بندی، تحریر اور ترمیم کا عمل ہے، خاص طور پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے مقاصد کے لیے۔ اس نے بتایا کہ اس میں بلاگ پوسٹس اور مضامین، ویڈیوز اور پوڈکاسٹس کے لیے اسکرپٹ اور مخصوص پلیٹ فارمز کے لیے مواد شامل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے ویڈیو اسکرپٹس، ای میل، نیوز لیٹر، کلیدی تقریروں، سوشل میڈیا پوسٹس، پوڈ کاسٹ ٹائٹلز، وائٹ پیپر، ویب پیج کاپی، لینڈنگ پیجز، یوٹیوب ویڈیو کی تفصیل میں مواد کے کردار کو مزید بیان کیا۔ مواد لکھنے والا بلاگ رائٹر، برانڈ جرنلسٹ، کاپی رائٹر، گھوسٹ رائٹر، ٹیکنیکل رائٹر اور اسکرپٹ رائٹر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس پیشے کے لیے مہارتوں کے ایک مخصوص سیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جس میں بہترین گرائمر اور اسلوب، جلد لکھنے اور ڈیڈ لائن کو پورا کرنے کی صلاحیت اور ڈھانچے کا علم، تخلیقی صلاحیت، کمیونیکیشن، کلیدی الفاظ کی تحقیق کا علم وغیرہ شامل ہے۔
 

ذوالفقار نقوی کے شعری مجموعہ کی اجرائی 

اردو تعلیم میں طلبہ کی عدم دلچسپی تشویشناک :فاروق خان

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے ابھینو تھیٹر کے کے ایل سیگل ہال میں غزلوں کے مجموعہ پر ایک کتاب بعنوان ’’ دشتِ وحشت ‘‘ جاری کی۔ذوالفقار نقوی کی کتاب 99غزلوں ، نظموں کا مجموعہ ہے جن میں اِنسانی اَقدار ، قومی یکجہتی ، جذباتی کتھا رسس اور بہت کچھ شامل ہیں۔اِس موقعہ پر اَپنے خطاب کرتے ہوئے مشیر فاورق خان نے نوجوانوں میں اُردو تعلیمی اِداروں میں داخلے کے لئے دلچسپی میں کمی پر تشویش کا اِظہار کیا ۔اُنہوں نے اُردو اکیڈیمی اور دیگر زبان سے محبت کرنے والوں کو اِس کے اِستعمال کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔ اُنہوں نے ہندوستان کی امیر مادری زبان کی وراثت کو زندہ رکھنے میں جموںوکشمیر کے لوگوں کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے مصنف کو ان کی تیسری کتاب جاری کرنے پر مبارک باد دی اور سامعین سے درخواست کی کہ وہ ان کے سابق کاموں کو بھی دیکھیں۔مصنف ذوالفقار نقوی شیعہ برداری سے تعلق رکھنے والی ایک ممتاز اَدبی شخصیت ہیں جن کی کتابیں بیرونِ ہندوستان میں بھی پڑھی جاتی ہیں۔ذوالفقار نقوی اِس وقت گورنمنٹ بوائز ہائیر سکینڈری سکول مینڈھر میں بحیثیت اِنگلش لیکچرر کام کر رہے ہیں۔تقریب کا اہتمام اَدبی آرگنائزیشنوں تحریک بقاء ِ اُردو اور انجمن فروغ اُردو نے کیا تھا ۔ اِس موقعہ پر اُردو پس منظر سے تعلق رکھنے والے متعدد ماہرین تعلیم اور اَدبی شخصیات موجود تھیں۔
 

 الطاف بخاری کا پارٹی لیڈر سے اظہار تعزیت 

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی ضلع نائب صدر کپوارہ عبدالرشید بٹ کی چچیری بہن کے انتقال پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ’’میں دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ کنبہ بالخصوص عبدلرشید کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں، میں دعاگو ہوں کہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت ہو اور پسماندگان کو صبر جمیل سے نوازے‘‘۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، چیئرمین پارلیمانی کمیٹی محمد دلاور میر، نائب صدر عثمان مجید، نائب صدر ظفر اقبال منہاس، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ہلال شاہ، چیف کارڈی نیٹر عبدالمجید پڈر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ترجمان اعلیٰ جاوید بیگ اور دیگر پارٹی لیڈران نے بھی سوگواران ِ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔