مزید خبریں

لداخ کے ضلع لیہہ میں زلزلہ، کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں

لیہہ// لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں منگل کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.7  ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مزکر ضلع لیہہ کا مشرقی علاقہ تھا۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق منگل کی علی الصبح قریب چار بج کر پچاس منٹ پر لیہہ میں 3.7 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس زلزلے کا مرکز لیہہ کا  مشرقی علاقہ تھا۔واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔جموں و کشمیر میں ماضی میں زلزلوں نے بے تحاشاہ تباہی مچائی ہے۔ 8 اکتوبر 2005 میں ہونے والے قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں ایل او سی کے آر پار زائد از 80 ہزار لوگوں کی موت واقع ہوئی تھی اور بے تحاشا مالی نقصان ہوا تھا۔ ریکٹر اسیکل پر اس زلزلے کی شدت 7.6 ریکارڈ ہوئی تھی۔
 

کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع کرگل میں اسکول ایک بار پھر بند

کرگل// کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع مجسٹریٹ کرگل نے ضلع میں تین دسمبر سے اسکولوں میں درس وتدریس کے عمل کو  ایک بار پھر بند کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ کرگل سنتوش سکھدیو کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ ضلع میں کورونا کیسز میں اضافہ درج ہونے اور عالمی صحت تنظیم کی طرف سے ’اومی کرون‘ نامی نئے کووڈ ویرینٹ کے انکشاف کے پیش نظر تمام سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں میں 3 دسمبر سے اگلے احکامات صادر ہونے تک تدریسی عمل بند رہے گا۔حکمنامے میں کہا گیا کہ تاہم دسویں اور بارہویں کے سالانہ بورڈ امتحانات حسب ڈیٹ شیٹ کورونا گائیڈ لائنز پر من و عن عمل در آمد کے بیچ منعقد ہوں گے۔موصوف ضلع مجسٹریٹ نے حکمنامے میں چیف میڈیکل افسر(سی ایم او) کرگل کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اسکولوں کے بند ہونے سے قبل ہی طلبا کی صد فیصد سمپلنگ کو یقینی بنائیں نیز بورڈ امتحانات میں حصہ لینے والے طلبا کی سمپلنگ ان متحانات کے اختتام کے فوراً بعد مکمل کی جانی چاہئے۔حکمنامے میں  چیف ایجوکیشن افسر(سی ای او) کرگل کو ان ہدایات سے تمام نجی سکولوں کے منتظیمن کو باخبر کرنے کی ہدایت دی گئی نیز انہیں کہا گیا کہ وہ امتحانات کے دوران کورونا گائیڈ لائنز پر عمل در ا?مد کو یقینی بنائیں۔حکمنامے میں کہا گیا کہ ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ کورونا کیسز میں کمی واقع ہونے کے بعد ضلع کرگل میں یکم ستمبر کو اسکول کھولے گئے تھے۔
 

چھاترو میں شارٹ سرکٹ سے لگی آگ 

 کشتواڑ// عاصف بٹ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن چھاترو کے علاقہ مہرمال میں بعد دوپہر لگی آگ پر مقامی نوجوانوں کی بروقت کاروائی سے قابو پالیا گیا اور اسے مزید پھیلنے سے روکا گیا۔ یہ واقعہ بعد دوپہر عبدل رحمان ولد خضرالدین کے گھر میں پیش آیا جب شارٹ سرکٹ سے کمرے میں آگ لگی اور پھیلنے لگی۔جسکے بعد مقامی لوگوںنے بروقت کاروائی کرکے اسے مزید پھیلنے سے روکااور نقصان سے بچالیا گیا۔
 
 

 پی ایچ ای ڈویژن ڈوڈہ میں ملازم کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب کا اہتمام 

ڈوڈہ //محکمہ پی ایچ ای ڈویژن ڈوڈہ کے غلام نبی ملک کی سبکدوشی کے سلسلے میں ایک مختصر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں غیر ملک کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی۔اس موقع پر ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای ڈویژن ڈوڈہ ہرجیت سنگھ، ٹیکنیکل آفیسر حفیظ اللہ ریشی، اکاؤنٹ آفیسر جاوید احمدکے علاوہ محکمہ کے دیگر ملازمین بھی تقریب میں موجود تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای ہرجیت سنگھ نے ریٹائر ہونے والے ملازم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی آئندہ زندگی میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مقررین نے اس دوران ان کی ایماندری اور لگن کے ساتھ کام کرنے پر ان کی تعریف کی ۔ملک نے اپنے اعزاز میں مختصر اور متاثر کن تقریب کے انعقاد پر پی ایچ ای کے تمام عملہ کا شکریہ ادا کیا۔
 

پیپلز پارٹی یونائٹیڈ کا تعزیتی اجلاس

 کشتواڑ//جموں وکشمیر پیوپیلز پارٹی یونائٹیڈریاستی اکائی نے ماتمی قرارداد پیش کرتے ہوئے اپنے لیڈر عبدالغفار عرف جافر ساکنہ بن آستان کشتواڑ کی وفات پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران ان کی عوام کے تئیں وفاداری، ایمانداری، خوش خلقی کو یاد کیا گیا۔اس ماتمی اجلاس میں مرحوم عبدالغفار کے لئے دعا مغفرت کی گئی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔پارٹی نے کہا کہ عبدالغفار کی قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سماجی کارکن کی طویل علالت کے بعد انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہوا ہے جو کسی بھی صورت میں پر نہیں کیا جاسکتا۔