این آئی اے کی ایک اور چارج شیٹ داخل | پونچھ کے نوجوان پر اسلحہ پہنچانے کا الزام
نیوز ڈیسک
جموں //قومی تحقیقاتی ایجنسی( این آئی اے) نے تحریک المجاہدین کے ایک کارکن کے خلاف ضمنی چارج شیٹ فائل کیا۔این آئی اے نے اسلحہ اور گولہ بارود کی بازیابی سے متعلق محمد نقیم خان ولد محمد مشتاق ساکن سندوٹے، ضلع پونچھ کے خلاف ضمنی چارج شیٹ دائر کیا۔ان پر الزام ہے کہ اسکی قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، ہیروئن بر آمد کیا گیا جو ملی ٹینٹ تنظیم تحریک المجاہدین کیلئے استعمال کیا جارہا تھا۔این آئی اے نے مارچ میں کیس درج کیا تھا۔ تحقیقات میں ملزم محمد نقیم کے ساتھ دیگر چارج شیٹ والیملزمین اور انکے ہینڈلرز کے ساتھ رچی گئی سازش کا پردہ فاش کیا گیا جو سرحد پار سے آپریٹ کر رہے تھے اور لائن آف کنٹرول سے اسلحہ اور گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی نقل و حمل میںبالاکوٹ، پونچھ کے اندرونی علاقوں تک سہولت فراہم کرتے تھے۔ اس سے قبل NIA نے 07 ملزمین کے خلاف 24.06.2021 کو اور دو دیگر کے خلاف 04.10.2021 کو چارج شیٹ داخل کی تھی۔5 کیس میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ٹر یفک پولیس کی نوشہرہ میں کارروائی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن میں ٹریفک حکام نے ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کو روکنے کیلئے ایک مہم شروع کی جس کے دوران مختلف سڑکوں پر ناکے لگا کر گاڑیوں کے چالان کئے گئے ۔ٹریفک حکام کے مطابق گزشتہ دنوں سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے ڈرائیوروں کی جانب سے کی جارہی قوانین کیخلاف ورزی کے سلسلہ میں شکایت موصول ہو رہی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ سب ڈویژں کی حدود میں ڈرائیور طبقہ بغیر ڈرائیونگ لا ئسنس ،بغیر ہیلمٹ ،اور لوڈنگ ودیگر ٹریفک قوانین کیخلاف ورزیاں کررہے تھے جس کو دیکھتے ہوئے سب ڈویژن کی مختلف سڑکوں پر ناکے لگا کر 246چالان کئے گئے اس کیساتھ ساتھ ہزاروں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ٹریفک حکام نے ڈرائیوروں و مالکان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ قوانین پر سختی کیساتھ عمل کریں جبکہ قاعدہ کیخلاف چلنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
ڈھرانہ پنچایت میں پانی کی بحرانی صورتحال پید ا
خواتین گھنٹوں برتن لائنوں میں رکھنے پر مجبور ،انتظامیہ لاعلمی کا شکار
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی پنچایت ڈھرانہ اپر میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے علاقہ مکینوں کی مشکلات بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ حدمتارکہ کے قریب آباد پنچایت میں چلائی جارہی واٹر سپلائی سکیمیں گزشتہ کئی عرصہ سے بند پڑی ہوئی ہیں جبکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران کی لاپرواہی اور مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی لوگو ںکی مشکلات میں مزید اضافہ کر گئی ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ علاقہ کی خواتین کئی گھنٹوں تک اپنے برتن پانی لائنوں میں رکھ کر ہینڈ پمپ سے پانی بھرنے کیلئے انتظار کرتی ہیں ۔علاقہ کی خواتین نے بتایا کہ ان کا زیادہ تر وقت پانی لانے میں ہی ضائع ہو جاتا ہے لیکن محکمہ آپ رسانی کی جانب سے خراب پڑی ہوئی سکیموں کو بحال کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جار ہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں صرف ایک انتہائی خستہ حال ہینڈ پمپ موجود ہے جس میں پانی نکالنے کیلئے وقت ضائع ہو جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ حد متارکہ سے ملحقہ دیہات میں جہاں واٹر سپلائی سکیمیں بند پڑی ہوئی ہے وہائیں کچھ ایک جگہوں پر فوج کی جانب سے کبھی کبھار پانی کی سپلائی دی جاتی ہے جبکہ اس کے علاوہ انسانوں کیساتھ ساتھ مویشیوں کیلئے بھی پانی دستیاب نہیں ہے ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں واٹر سپلائی سکیموں کی بحالی کیساتھ ساتھ عام لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
مینڈھر قصبہ میں آگ کی مشکوک واردات
مالکان نے تیل ڈال کر آگ لگانے کا الزام عائد کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //گزشتہ دنوں مینڈھر قصبہ میں دو دکانوں کو لگی مشکوک آگ کے بعد دکان مالکان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دکانوں کو تیل ڈال کر مبینہ طورپر آگ لگا دی گئی ہے ۔ایک اندازے کے بعد مذکورہ دونوں دکانوں پر 20لاکھ سے زائد کا ساز و سامان بالخصوص جوتے اور ریڈی میڈ کپڑے جل کر راکھ ہو گئے تھے ۔دکان مالکان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کسی غنڈا عناصر نے جان بوجھ کر دونوں دکانوں کو تیل ڈال کر نذر آتش کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے پولیس سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے مکمل تحقیقات کی جائے ۔انہوں نے کہاکہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کر کے واقعہ کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
راجوری سڑک حادثے میں 3زخمی
سمت بھار گو
راجوری //جموں و پونچھ شاہراہ پر راجوری ضلع میں دو گاڑیوں کے مابین ہوئے آپسی تصادم میں کم از کم 3افراد زخمی ہو گئے ۔شاہراہ پر نوشہرہ سب ڈویژن کے ناریاں علاقہ میں ایک مسافر بس زیر نمبر JK02AH-5685مخالف سمت سے آنے والی گاڑی زیر نمبرJK02BE-2976کیساتھ ٹکرا گئی جسکی وجہ سے بس ڈرائیور ارشاد احمد ولد نظیر احمد سکنہ چنڈک پونچھ اور کار ڈرائیور منظور احمد اور معاون ڈرائیور ندیم رزاق ولد محمد رزاق سکنہ مینڈھر زخمی ہو گئے ۔زخمی کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال داخل کروادیا گیا ہے جبکہ جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
مفتی منیر حسین قاسمی کو صدمہ
جواں سال بیٹا بھی داعی اجل کو لبیک کہہ گیا
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بزرگ عالم دین مولانا مفتی منیر حسین قاسمی سکنہ شاہدرہ شریف تھنہ منڈی ، ضلع راجوری کے جواں سال بیٹے ضیاء الرحمن کا 4 دسمبر 2021 بروز سنیچر صبح امرتسر ۔ جموں قومی شاہراہ پر جالندھر کے مقام پر ایک ٹرک حادثے میں انتقال ہوگیا۔مرحوم کی نماز جنازہ اتوار دوپہر 1 بجے ان کے آبائی گاؤں شاہدرہ شریف تحصیل تھنہ منڈی میں ادا کی گئی جس میں کثیر تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی اور پرنم آنکھوں سے مرحوم کو سپردِ خاک کیا گیا۔ واضح رہے کہ مفتی موصوف کا جواں سال بیٹا پچھلے سال اسی طرح کے ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ دوسری جانب عظمت آباد کے رہائشی نصیب اللہ خان کی سولہ سالہ بیٹی واحدہ کوثر بھی مختصر علالت کے بعد جمعہ کی شام کو صورہ ہسپتال سرینگر میں وفات پا گئی جس کی نماز جنازہ سنیچر کے روز ایک بجے ان کے آبائی گاؤں عظمت آباد میں ادا کی گئی۔اس موقع پر علاقہ کی مختلف سماجی اورمذہبی تنظیموں نے مرحومین کی بیوقت موت پر گہرے رنج و دْکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت ویکجہتی کا اظہار کیا ہے اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت بھی کی ۔
تاریخ نسب نامہ حصہ دوم وسوم کی درہال ملکاں میں رسم اجرائی
محمد بشارت
تھنہ منڈی //در ہال مسلم ایجوکیشن ٹرسٹ اکیڈمی کے بانی الحاج ریٹائرڈ زونل ایجوکیشن آفیسر صادق ملک کی لکھی تصنیف مختصر تاریخ نسب نامہ کے حصہ دوم اور سوم کی رسم اجرائی کی گئی ۔اس تصنیف کا حصہ اول پہلے سے شائع ہو چکی ہے جبکہ حصہ دوم وحصہ سوم کی رسم اجرائی کی گئی ۔واضح رہے اس تقریب کا انعقاد شعبہ نشریات نے کیا ۔اس موقع پر مہمان خصوصی محمد طاہر ملک حال اسسٹنٹ ریونیو کمشنر کے علاوہ سابقہ ڈپٹی کمشنر تنویر ملک سابقہ ڈپٹی کمشنر طالب ملک سابقہ اسٹنٹ ریونیو کمشنر قدیر ملک چیف اکاؤنٹنٹ آفیسر شفیق ملک ڈاکٹر اقبال ملک ڈاکٹر محمد اکرم ملک اورکثیر تعداد میں آفیسر ان ،پنچایتی اراکین و عام لوگ موجود تھے ۔یاد رہے کہ صادق ملک ایک استاد کے عہدے پر تعینات ہوئے اور محکمہ میں رہ کر انہوں نے مختلف عہدوں پر محکمہ میں 32برسوں تک اپنی خدمات انجام دی اور 1999میں محکمہ سے سبکدوش ہوئے ۔موصوف نے بتایا کہ انہوں نے درہال ملکاں سے مختلف جنگوں کے دوران پاکستان ہجرت کرنے والوں کی تاریخ کے طور پر نسب نامہ تیار کیا ہے تاکہ آئندہ نسل کو اپنے خاندان کے بارے میں معیاری تفصیل مل سکے ۔
نئی حد بندی سے قبل پہاڑیوں کی مانگیں پوری کرنے کا مطالبہ
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//پہاڑی قبائل کے لوگوں نے بھاجپا کی مرکزی حکومت اور جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں نئی حد بندی سے قبل ہی پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کی اقتصادی حالت بہتر ہوسکے ۔سرنکوٹ کے معززین سے کہاکہ پہاڑی قبائل سے وابستہ لوگ گزشتہ کئی دہائیوں سے پسماندہ طرزی کی زندگی بسر کررہے ہیں اور اپنی حق کا مطالبہ بھی کررہے ہیں لیکن سابقہ تمام حکومتوں نے پہاڑی قبائل کیساتھ جھوٹے وعد ئے کئے لیکن اس قبائل کو صر ف انتخابی دنوں میں استعمال کرنے کے بعد اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا گیا جس کی وجہ سے مذکورہ طبقہ کے نوجوان اس وقت پسماندہ طرز کی زندگی بسر کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت کے دور میں جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے پہاڑیوں کو چار فیصد ریز رویشن دی گئی لیکن ابھی تک ایس ٹی کا درجہ نہیں دیا گیا ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں جاری نئی حد بندی سے قبل ہی پہاڑیوں کو ایس ٹی کا درجہ دیا جائے تاکہ ان کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔
کٹار مل و ککوڑ ا میں پانی کی شدید قلت
لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر لاپرواہی کا الزام لگایا
پرویز خان
منجا کوٹ //سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے ککوڑہ و کٹار مل علاقوں میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے عام لوگوں کو پریشان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آب رسانی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے ان کو کئی کلو میٹر پیدل مسافت طے کر کے پینے کے لئے صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا دیہات میں کئی برس قبل پانی کی سپلائی لائنیں بچھائی گئی تھی لیکن ملازمین و آفیسران کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ان لائنوں کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی اور اب پانی سپلائی بھی متاثر ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پاپئیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے کئی جگہوں سے پانی خارج ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی گھریلو سپلائی میں فرق پڑتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین ،آفیسران اور ضلع انتظامیہ سے بھی پانی کی بغیر خلل سپلائی کیلئے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پانی کی سپلائی اور خستہ حال نظام کی مرمت کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
بچوں کا تعلیمی نقصان، والدین فکر مند
نئی نسل کا مستقبل بچانے کیلئے سکولوں کو کھولنے کامطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//کرونا وائرس کی وجہ سے تعلیمی ادارے لگاتار بند ہیں۔اس وجہ سے سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کا شدید تعلیمی نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کے مستقبل کو لیکر سخت فکر مند ہیں۔ والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی سالوں سے ان کے بچوں کی تعلیم پوری طرح سے متاثر ہو رہی ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ ہی نہیں دی جارہی ہے۔ جعفر سہیم جعفری نامی ایک شخص نے کہا ہے کہ پچھلے دو سالوں سے سکولوں کی مسلسل بندش سے بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے لیکن کسی کو ٹس سے مس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کرونا وائرس نے شعبہ زندگی کے سب سے اہم ترین حصوں کو متاثر کیا ہے لیکن شعبہ ’تعلیم" پر انتہائی تباہ کن اثرات مرتب کئے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا کسی بھی ملک کی فلاح و بہبود اور انسانی ترقی و فروغ میں بنیادی کردار ہوتا ہے اور اس وبا ء نے تعلیمی نظام پر کاری ضرب لگائی ہے۔ اس سے لاکھوں بچوں کی زندگیاں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔سماجی شخصیت عبدلرشید شاہپوروی نے کہا کہ سکولوں کی مسلسل بندش کے پیش نظر طلبہ ان لائن کلاسز کے ذریعہ اپنی تعلیم کو جاری رکھے ہوئے ہیں جسے قطعی طور پر حصول تعلیم کا متبادل نہیں کہا جا سکتا کیونکہ اس سسٹم کے دور رس اثرات بہت پریشان کن ہو سکتے ہیں۔ چوہدری محمد شریف کوہلی نے تمام حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کیلئے مسلسل کوشش اور جدو جہد کریں تاکہ تعلیمی نظام کو پھر سے پٹری پر لایا جا سکے ورنہ تعلیمی اداروں کی بندش سے بچوں مستقبل خراب ہوجائے گا۔اس سلسلہ میں والدین نے ایل جی گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ بچوں کے مستقبل کو بچانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اس موقعہ پر فوجی رشید،اقبال کھانڈے،چوہدری مشتاق احمد چوہان،محمد اسلم ،آزاد چوہان،منیر حسین اور بھی کسیر تعداد میں ولدین نے دکھ کے اظہار میں شامل تھے۔
سابقہ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی برسی پر تقریب منعقد
حسین محتشم
پونچھ//سابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وجے کمار پھول کی برسی پر میونسپل کونسل پونچھ نے بار ایسوسی ایشن پونچھ کے تعاون سے ایک یادگاری تقریب کا انعقاد کیاجس میںپرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونچھ، سی جے ایم پونچھ، بار کے صدر پونچھ ،بار کے ممبران، چیئرمین میونسپلٹی اور سیاسی و سماجی کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران مرحوم وجے کمار پھول سابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جو کہ پونچھ کے بیٹے تھے کی تصویر پر گل باری کر کے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔واضح رہے کہ وجے کمار پھول کو 5 دسمبر 2001 کو ڈھیرا گلی میں سفر کے دوران عسکریت پسندوںنے شہید کیا تھا۔ وہ پونچھ کے پہلے شخص تھے جنہوں نے جموں و کشمیر میں اعلیٰ عدلیہ کا امتحان پاس کئے اور پونچھ کا نام روشن کیا تھا۔اس دوران خطاب کرتے ہوئے مقررین مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت بھی کیا گیا۔
شیخ محمد عبداللہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//نیشنل کانفرنس کی پونچھ اکائی کی جانب سے شفیق حسین بابا کی قیادت میں نیشنل کانفرنس کے بانی وسابق وزیراعلی جموں و کشمیر شیخ محمد عبداللہ کے 116 ویں یومِ پیدائش پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں پارٹی لیڈران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس دوران شیخ محمد عبداللہ کی روح کی تسکین کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 دسمبر 1905 کو سرینگر کے صورہ علاقے میں ایک متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہونے والے شیخ محمد عبداللہ نے اپنی وفات تک جموں کشمیر کے عوام کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کو ترقیوں کی طرف گامزن کرنے میں شیخ محمد عبداللہ کا اہم کردار رہا۔انہوں نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ سے جموں کشمیر کی عوام کس قدر محبت کرتی تھی یہ بات اس وقت واضح ہوئی جب 1982 میں لاکھوں افراد ان کے آخری سفر میں شامل ہو کر زار و قطار رو رہے تھے۔مقررین نیشیخ محمد عبداللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بابائے قوم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور جموں کشمیر کی عوام کبھی بھی ان کی قربانیوں کو بولے گی نہیں۔
ثقلین طارق کے پونچھ پہنچنے پر استقبال
حسین محتشم
پونچھ//قومی والی بال کھلاڑی ثقلین طارق کا پونچھ میں جامعہ ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیوٹ کی جانب سے ادارہ کیمپس میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کے دوران والہانہ استقبال کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام مولانا سعید احمد حبیب چیئرمین ضیاء العلوم گروپ آف انسٹی چیوٹ نے کیا تھا جس میں مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ڈی وائی ایس پی سچن گپتا نے ثقلین کی کارکردگی کی تعریف کی اور اسے مختلف سطحوں پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ثقلین نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل ہے اور جو لوگ منشیات میں ملوث ہیں انہیں ثقلین کی طرف دیکھنا چاہیے اور کریئر کا صحیح انتخاب کرنا چاہیے۔ مولانا سعید اے حبیب چیئرمین ضیاء العلوم نے ثقلین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ثقلین ہمارا فخر ہیںجنہوں نے ہندوستان کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے وہاں موجود دیگر نوجوانوں کو بھی مخاطب کیا اور کہا کہ ایک بار جب آپ اپنے آپ کو کچھ مقاصدکیلئے وقف کر دیں، اگر آپ مخلص اور پرعزم ہیں تو کوئی چیز آپ کو محروم نہیں کر سکتی۔ طارق خان چیئرمین شہید منجیت سنگھ والی بال کلب اور ثقلین کے والد نے کہا کہ ثقلین ہندوستانی والی بال ٹیم کے ٹاپ 12 میں شامل ہیں۔ ثقلین طارق جو کہ جامعہ کے الیومینی ہیں نے کہا کہ محنت کا کوئی متبادل نہیں ہے اور جس بھی کیرئیر کا انتخاب کرئیں اس میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے محنت کرنا پڑتی ہے۔ اس موقع پر چوہدری محمد اسد نعمانی چیئرمین سری مستان ٹرائبل ویلفیئر فاؤنڈیشن، مولوی فرید ملک چیئرمین پیر پنجال عوامی ڈویلپمنٹ فرنٹ، ڈاکٹر زمرد مغل ایم ڈی ہلابول، آصف میر صدر ڈسٹرکٹ کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن اور وحید اے بندے پرنسپل جامعہ ضیاء العلوم ہائی سکول موجود تھے۔