راجوری میں JKGF کے دھمکی آمیز پوسٹرچسپاں پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی
سمت بھارگو
راجوری//خطہ پیر پنچال میں جہاں متعدد عسکریت پسندوں کی مشتبہ موجودگی کی وجہ سے سیکورٹی گرڈ پہلے ہی ہائی الرٹ پر ہے، کچھ دھمکی آمیز پوسٹرزچسپاں کئے جانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد جموں وکشمیر پولیس نے تھنہ منڈی پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔تھنہ منڈی سب ڈویژن کے عظمت آباد میں کچھ دکانوں کے سامنے عسکریت پسند تنظیم جموں و کشمیر غزنوی فورس کے بنائے ہوئے کچھ پوسٹر چسپاں کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جنکہ پولیس نے معاملہ درج کر کے واقعہ کی چھان بین شروع کردی ہے ۔یہ پوسٹر جمعے کی دوپہر گاؤں کے علاقے میں دو دکانوں کے سامنے چسپاں ہوئے پائے گئے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے انہیں فوری طور پر ہٹا دیا اور فی الحال فورسز کے قبضے میں ہیں۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر 233/2021 پولیس سٹیشن تھنہ منڈی زیر سیکشن 3/13 UAPA کے تحت مقدمہ بھی درج کیا ہے اور ایک تفتیشی ٹیم ان مجرموں کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تحقیقات کر رہی ہے جن کے مقامی ہونے کا شبہ ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ان پوسٹروں پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ ایک جنگجو تنظیم جے کے جی ایف کے ہیں، سیکورٹی فورسز کے خلاف کچھ دھمکی آمیز بیانات تحریر کئیگئے ہیں جو سیکورٹی کیلئے تشویش کا باعث ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پوسٹر ان علاقوں کی دکانوں پر چسپاں کئے گئے تھے جن علاقوں میں کچھ عرصہ قبل ہی سیکورٹی فورسز او ر ملی ٹینٹوں کے مابین انکائونٹر ہو چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹروں کا ملنا سنگین معاملہ نہیں ہے بلکہ سنگین معاملہ یہ ہے کہ پوسٹر ایک ایسے وقت میں ملے ہیں جب خطہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ پر ہے ۔
BGSBU میں کھیل مقابلوں کا افتتاح کیا گیا
راجوری//آزادی کا امرت مہااتسو کی تقریبات کے سلسلے میں بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس نے یونیورسٹی کیمپس میں سپورٹس ایونٹ کا سلسلہ شروع کیا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر اکبر مسعود نے کھیلوں کی تقریب کے افتتاح کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران مجموعی نشوونما اور ترقی کیلئے ماہرین تعلیم کے ساتھ کھیلوں کو شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔پروفیسر اکبر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں ایسے کھلاڑی پیدا کرنا چاہئے اور اس سلسلہ میں سخت محنت و کوششیں بھی کرنی چاہئے کہ وہ قوم اور ملک کا نام بلند کریں گے ۔انہوں نے ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور تقریب کے انعقاد پر ڈائریکٹوریٹ آف فزیکل ایجوکیشن اینڈ سپورٹس کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ایونٹس کے سلسلے میں والی بال ٹورنامنٹ کا آغاز ڈیپارٹمنٹ آف مینجمنٹ اسٹڈیز اور ڈیپارٹمنٹ آف سول انجینئرنگ کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے میچ سے ہوا۔یہ میچ سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے 2-1 سے جیت لیا۔
سٹیٹ بینک کی شاخ میں ملازمین کی کمی
صارفین گھنٹوں لائنوں میں انتظار کرنے پر مجبور
جاوید اقبال
مینڈھر //سٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے مینڈھر میں قائم کر دہ بینک شاخ میں ملازمین کی قلت کی وجہ سے صارفین کئی گھنٹوں تک لائنوں میں انتظار کرنے پر مجبور ہیں ۔اس سلسلہ میں صارفین کا ایک وفد نائب تحصیلدار مینڈھر سے ملاقی ہوا جبکہ وفد میں شامل اراکین نے کہاکہ بینک شاخ میں آنے والی خواتین ،برزگ اور عام شہری ملازمین کے نہ ہونے کی وجہ سے کئی گھنٹوں تک اپنی باری کا انتظار کرنے پر مجبور ہیں جبکہ اس سلسلہ میں بینک حکام سے رجوع کرنے کے بعد بھی کو ئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بینک حکام کو معمول تعداد میںملازمین کی تعیناتی کے سلسلہ میں حکم جاری کیا جائے ۔غور طلب ہے کہ مینڈھر قصبہ میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کی شاخ میں سب ڈویژن کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے صارفین نے کھاتے کھولے ہوئے ہیں جبکہ ایک وسیع علاقہ ہونے کی وجہ سے ملازمین کیلئے پہلے سے ہی مشکل ہے تاہم ملازمین کی قلت اس عمل کو مزید پیچیدہ بنادیتی ہے ۔نائب تحصیلدار نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام کو جانکاری فراہم کی جائے گی ۔
بدھل کالج میں نعروں کا تحریری مقابلہ
کوٹرنکہ //گور نمنٹ ڈگر ی کالج بدھل میں ’خون کے عطیہ پر نعروں ی تحریر ‘کے مقابلے کا اہتمام کیا گیا ۔آزادی کے امرت مہا اتسو کے زیر تحت کالج کے این ایس ایس یونٹ کی جانب سے مذکورہ مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ۔تقریب پرنسپل پروفیسرمحمد مزمل حسین کی سرپرستی میں منعقد ہوئی جبکہ اس میں کالج کے 30 کے قریب طلباء نے جوش و خروش سے مقابلے میں حصہ لیا اور خون کے عطیہ کے حوالے سے نعرے تیارکئے جس میں اس بے لوث اور جان بچانے والے مقصد کو اجاگر کیاگیا۔ شرکاء کا فیصلہ جیوری کے رکن پروفیسروں نے کیا۔شرکا میں نازیہ کوثر، ادیبہ کوثر اور الفت فاروق نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔
بدھل کالج میں ’مہاپرینیروان دیوس‘منایا گیا
کوٹرنکہ //گور نمنٹ ڈگری کالج بدھل کی جانب سے سیول انتظامیہ کوٹرنکہ کے اشتراک سے ڈاکٹر بی آر امبیڈاکر کی برسی کے سلسلہ میں’مہاپرینیروان دیوس‘منایا ۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سریندر موہن شرما بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔تقریب کے افتتاح میں کالج پرنسپل ڈاکٹر محمد مزمل حسین ملک نے ڈاکٹر بھیم رائو امینڈاکر کو خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے سماج کے تئیں ان کی سنجیدگی اور ملکی آئین میں ان کے کردار کی تعریف کی ۔کالج کے شعبہ سیاسیات کے ایچ او ڈی ڈاکٹر محمد جاوید نے ڈاکٹر بی آر امبیڈاکر کی حالات زندگی اور کام کے تئیں اپنی خیالات ا اظہار کیا جبکہ پروگرام کے دوران کاج طلباء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ کے ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈاکر کی حالات زندگی اور ملکی آئین کو مرتب کرنے میں ادا کئے گے رول پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔انہوں نے کالج طلباء سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک اور سماج کی بہتری کیلئے مرحوم کی تعلیمات پر عمل کریں ۔
کوٹرنکہ قصبہ کی سڑکیں تالاب میں تبدیل
تاجروں کیساتھ ساتھ عام راہگیر بھی پریشان
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ قصبہ کی سڑکیں اور گلیاں خستہ حال ہو کر تالاب کی شکل اختیار کرتی جارہی ہیں لیکن مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑکوں کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی یم جی ایس وائی ،محکمہ تعمیر ات عامہ و دیگر شعبوں و سکیموں کے زیر تحت نکالی گئی سڑکیں آہستہ آہستہ نا قابل استعمال ہو تی جارہی ہیں لیکن عام لوگوں کی شکایت کے باوجود بھی ان کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔مقامی تاجروں نے بتایا کہ سڑک پر پڑے ہوئے کھڈے بارشوں میں تالابوں کی شکل اختیار کرلیتے ہیں اور کئی دنوں تک ان کھڈوں میں پانی جمع رہتا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کیساتھ ساتھ عام راہگیروں کو بھی مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کوٹرنکہ قصبہ کی سڑکیں قابل استعمال بنانے کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو سکے ۔
رسوئی گیس سلنڈوں کی قیمتوں میں اضافہ
سبسڈی کئی عرصہ سے نہیں آئی ،صارفین پریشان
محمد بشارت
کوٹرنکہ //رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے عام صارفین شدید پریشان ہیں جبکہ گزشتہ کئی عرصہ سے ان گیسوں کی سبسڈی بھی صارفین کے بینک کھاتوں میں نہیں آرہی ہے ۔صارفین نے بھاجپا کی مرکزی حکو مت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ رسوئی گیس سلنڈر بی پی ایل زمرے کے لوگوں کو دینے کے بعد تیل خاکی کی سپلائی بند کر دی گئی اور اب گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔کوٹرنکہ سب ڈویژن کی خواتین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ ایک برس سے گیس سلنڈر کی سبسڈی ان کے بینک کھاتوں میں نہیں آرہی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی مودی حکومت نے لوگوں کو راحت پہنچانے کے بجائے ان کو مصیبت میں مبتلا کر دیا ہے ۔خواتین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی حکومت نے غریبوں کو گیس سلنڈر فراہم کر کے تیل خاکی کی سپلائی بند کر دی جس کے بعدغریب لوگوں کے پاس گیس کے علاوہ کوئی متبادل موجود نہیں ہے او ر اب گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ سبسڈی بھی بینک کھاتوں میں منتقل نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ گیس کی قیمتوں پر روک لگانے کیساتھ ساتھ سبسڈی صارفین کے کھاتوں میں منتقل کی جائے ۔
مولانا مفتی منیر حسین کیساتھ اظہار تعزیت
جاوید اقبال
مینڈھر // دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے اساتذہ نے تھنہ منڈی کے بزرگ عالم دین مولانا مفتی منیر حسین قاسمی کے فرزند اور حضرت مولانا فتح محمد بانی و مہتمم دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے برادر نسبتی ضیاء الرحمن صاحب مرحوم کی حادثاتی موت پر اپنے گہرے رنج و غم اور دکھ کا اظہار کیا اور غمزدہ کنبے کے ساتھ اظہار ہمدردی کی۔انہوں نے جاری تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم ایک بااخلاق و باکردار شخصیت کے مالک تھے، بہت ساری خوبیوں و کمالات کے حامل تھے۔ اساتذہ نے ان کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ بالخصوص حضرت مفتی منیر حسین قاسمی کیساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ۔
سی ایچ سی کی ایمبو لینس کئی دنوں سے خراب
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے سی ایچ سی ہسپتال تھنہ منڈی کی ایمبولینس پچھلے ڈیڑھ ماہ سے خراب پڑی ہے۔ تھنہ منڈی کے دور دراز پہاڑی علاقوں اور تھنہ تا راجوری کی بدحال سڑکوں پر چلنے والی اس ایمبولینس نے پچھلے دس بارہ سالوں میں بہت ساری قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس مسکین گاڑی کو متعدد مرتبہ گیرج میں مستری کے پاس دیکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس گاڑی کی اس وقت بہت زیادہ ضرورت ہے کیونکہ اس ہسپتال میں اس وقت صرف ایک گاڑی کام کر رہی ہے جو ناکافی ہے۔ اس موقع پر عوام تھنہ منڈی نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ تھنہ منڈی ہسپتال میں ایمبولینس گاڑی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مشکل وقت میں مریضوں و حادثاتی طورپر زخمی ہونے والے افراد کو معیاری طبی سہولیات فراہم کروائی جاسکیں ۔
پونچھ میںکھلاڑیوں کیلئے کیمپ کا آغاز
حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کی جانب سے پریتم پویلین پونچھ میں چار روزہ انٹر زون ایتھلیٹکس کیمپ شروع کیاگیا۔ 6دسمبر سے شروع ہوئے کیمپ پونچھ کے مختلف زونوں سے کھلاڑی کھیلوں میں حصہ لے رہاہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ گیمز پونچھ کے دور دراز علاقوں کے کھلاڑیوں کو موقع فراہم کرنے کے لئے منعقد کی گئی ہیں تاکہ وہ اپنے کھیلوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ پریتم پویلین میں پونچھ میں ا یتھلیٹکس کیمپ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں کرنل جسویندر سنگھ 93انفینٹری برگیڈ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے جنہوں نے اس کیمپ کے افتتاح کا کیا۔ کیمپ میں شامل باہمت ایتھلیٹس کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ان کو اگلے کئی روز تک جاری رہنے والے کیمپ میں کوچز فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کے ساتھ ان ایتھلیٹس کو ریس کیلئے خصوصی ڈرلز بھی کروائیں گے۔
آل انڈیا ریڈیو پونچھ کا سابق ہیڈ آف سٹیشن کی موت پر اظہار تعزیت
حسین محتشم
پونچھ//آل انڈیا ریڈیو پونچھ کے عملے نے آل انڈیا ریڈیو پونچھ کے سابق سربراہ کے ایس ساہی کے انتقال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد کر کے انھیں خراج تحسین پیش۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ساہی نے اے آئی آر پونچھ کے چھ دسمبر2004 سے تیرہ مئی 2009 تک پروگرام سربراہ کے طور پر اپنی خدمات پیش کیں اور پونچھ کے اس سرحدی ضلع کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی ترقی اور تفریح کے لئے بہت سے جدید پروگرام منعقدکروائے۔اس تزیتی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انجنا بدیال پروگرام ایگزیکٹیو اے آل انڈیا ریڈیو پونچھ نے ساہی کے ساتھ اپنی طویل رفاقت کو یاد کرتے ہوئے اور ان کی خدمات کو سراہا۔ جی این میر پروگرام آفیسر آل انڈیا ریڈیو پونچھ نے بھی مرحوم کی روح کو خراج عقیدت پیش کیا اور مرحوم کو ایک شریف آدمی اور ایک سرشار پروگرام آفیسر بتایا۔اس موقع پر موجد پردیپ کھنہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ساہی نے آل انڈیا ریڈیو پونچھ کی باگ ڈور اس وقت سنبھالی جب پیر پنچال ریجن میں عسکریت پسندی اپنے عروج پر تھی۔انھوں نے کہادھمکیوں کے باوجود انہوں نے بے خوف ہو کر اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور اسٹیشن کو نئی بلندیوں پر لے گئے۔
تکمیل حفظ قرآن کے موقع پر مدرسہ میں دعائیہ مجلس کا انعقاد
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی میں مدرسہ فیضان غریب نواز متصل حنفیہ جامع مسجد میں مدرسہ کے طالب علم محمد یاسر نے اللہ کے مقدس کلام قرآن مجید فرقان حمید کو اپنے سینے میں محفوظ کیا۔اس پربہار اور پر رونق موقع پر حافظ قرآن کے اعزاز میں دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔دعائیہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ پروفیسر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری، مولانا مفتی ڈاکٹر ابراہیم مصباحی نے کہا کہ قرآن کریم وہ مقدس کتاب ہے جس کا ایک ایک حرف سچ اور حق ہے۔قرآن کریم پوری دنیا کے لوگوں کے لئے ایک ضابطہ حیات ہے۔قرآن کریم کا دلچسپ اور حیرت انگیز معجزہ یہ ہے کہ چھوٹے سے چھوٹا معصوم بچہ بھی اس کو اپنے سینہ میں محفوظ کرلیتا ہے۔حضرت امام غزالی سے کسی نے پوچھا کہ آپ نے قرآن کو کیسا پایا۔ انہوں نے جواب دیا کہ قرآن اتنا مشکل کہ چودہ سو سال سے علماء اس میں غوطہ لگا رہے ہیں مگر اس کی گہرائی تک نہیں پہنچ سکے اور اتنا آسان کہ ایک آٹھ سالہ لڑکا جب اس کو صدق دل سے یاد کرتا ہے تو وہ اپنے سینہ میں اس کو محفوظ کرلیتا ہے نصیحت کو جاری رکھتے ہوئے مولانا موصوف نے کہا کہ اس دور میں بھی دنیا بھر میں حفاظ کرام کی فہرست بہت لمبی ہے جس کا کوئی جواب ہی نہیںکفار و مشرکین اس طرح کی خبریں سن کر انگشت بدنداں رہ جاتے ہیں۔اللہ کے سچے کلام قرآن کریم کا یہ معجزہ پوری دنیا میں نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم پر عمل کرکے ہی دنیا اور آخرت کی نعمت سے آراستہ ہوسکتے ہیںروز مرہ پیش آنے والے مسائل کا حل قرآن کریم میں موجود ہے۔تکمیل حفظ قرآن مدرسہ فیضان غریب نواز میں اس دعائیہ مجلس کا اختتام متشرع نوجوان عالم دین حضرت مولانا محمد نصیر الدین نقشبندی کی دعاء پر ہوا۔ اس موقع پر نامور عالم دین حافظ محمد نصیر الدین نقشبندی، ایس ڈی پی او تھنہ منڈی عبدالحمید چوہدری، سردار شوکت حسین، ایڈوکیٹ ارشد سمیال، ایڈوکیٹ ظہور بھٹی، ریٹائرڈ اے ایس آئی محمد طفیل سمیال، مولانا نصیر حسین علیمی، حافظ محمد سلیم رضا، ٹھیکیدار حاجی وزیر حسین، حافظ ممتاز حسین، حافظ محمد عرفان مصباحی، حافظ محمد مقصود، حافظ خالد محمود خان، مولانا عبدالقیوم، کیپٹن جاوید قاضی، محمد حفیظ گارڈ، ماسٹر منیر حسین، مولوی محمد بشیر اور مولوی محمد رفیق ساکنہ مہور سمیت مدرسہ فیضان غریب نواز کے طلباء و مقامی افراد موجود تھے۔
منگلناڑ ۔دھار گلی رابطہ سڑک انتہائی خستہ حال
4پنچایتوں کو آپس میں جوڑنے والا پروجیکٹ 10برسوں سے التوا کا شکار
پرویز خان
منجا کوٹ //منجاکوٹ تحصیل کے سرحدی علاقوں کو آپسی میں جوڑنے والی منگلناڑ ڈینسرگلی تا دھا ر گلی رابطہ سڑک گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ایک وسیع سرحدی علاقہ کی عوام کو دوران آمد ورفت شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے سرحدی علاقوں کو دیگر علاقوں کے ساتھ جوڑنے کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیاجارہا ہے جسکی وجہ سے سرحدی علاقوں کے مقامی لوگوں مشکل حالت میں بھی کئی کلو میٹر کا سفر پیدل طے کر نے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر کا عمل 10برس قبل محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا لیکن محکمہ کی نا اہلی کی وجہ سے 4سرحدی پنچایتوں کی عوام کو مصیبت کا سامنا ہے ۔مقامی پنچایتی اراکین نے بتایا کہ محکمہ نے صرف زمین کی کٹائی کے بعد پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کی جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی نقل و حرکت گزشتہ کئی برسوں سے متاثر ہے وہائیں بارش کی وجہ سے سڑک کا پانی لوگوں کے گھروں و زرعی زمینوں میں داخل ہو جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سڑک کے مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 4بڑی سرحدی پنچایتوں کی 10ہزار سے زائد کی آبادی اس جدید دور میں بھی مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کر نے مکینوں کیلئے سہولیات دستیاب کی جاسکیں ۔
بی آر امبیڈاکر کی برسی پر نوشہرہ میں پروگرام
رمیش کیسر
نوشہرہ //
ڈگری کالج نوشہرہ کے تعاون سے بوائز ہائر سیکنڈری سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول نوشہرہ میں ’ڈاکٹر بی آرامبیڈاکر کی زندگی، کارنامے اور شراکت کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سریندر شرما نے پروگرام کا آغاز ہندوستان کی تاریخ کے ممتاز سماجی مصلح باباصاحب آمبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ کیا۔ اس پروگرام میں اے ڈی سی نوشہرہ بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اپنے خطاب میں موصوف نے کہاکہ باباصاحب آمبیڈکرنے مختلف مشکلات کا مقابلہ کیا اور اپنے دور اندیشی سے سماج میں اصلاحات لائی۔ اس موقعہ پرپرنسپل گرلز ہائر سیکنڈری سکول گجرال نوشہرہ اور راکیش شرما انچارج پرنسپل چلڈرن ہائر سیکنڈری سکول نوشہرہ بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی نوشہرہ نے ڈاکٹر بی آرامبیڈکر کے کارناموں اور موجودہ دور میں امبیڈکر فلسفہ کی مطابقت کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ باباصاحب کی زندگی سے سبق لیں اور ان کے نقش قدم پر چلیں۔