ڈرائیوروں پر اضافی کرایہ وصول کرنے کا الزام
محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن میں مسافرو ں سے دوران سفر جہاں اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے وہائیں ان کیساتھ بدسلوکی کے معاملات بھی سامنے آرہے ہیں ۔سب ڈویژن کے کوٹرنکہ یا شاہپور روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مسافر گاڑیوں کے ڈرائیورں کی جانب سے اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے اس طرف دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک حکام اور اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی لا پرواہی کی وجہ سے 14کلو میٹر سفر کیلئے 50روپے سے زائد وصول کئے جارہے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں حکام سے شکایت کرنے کے بعد بھی کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مسافر وں سے اضافی کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے لائسنس منسوخ کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔
مڑہوٹ پنچایت میں بجلی نظام کا حال بے حال
تاریں درختوں کیساتھ آوایزں ،سپلائی لائنیں محفوظ نہیں
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ سب ڈویژن کی پنچایت مڑہوٹ میں بجلی نظام انتہائی غیر معیاری ہونے کی وجہ سے عام صارفین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے محکمہ پی ڈی ڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کی تر سیلی لائنیں درختوں اور لکڑی کے کھمبوں کیساتھ باندھی گئی ہیں جبکہ ملازمین ان پسماندہ دیہات میں اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہورہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کئی ایک جگہوں پر تاریں زمین کے بالکل قریب آچکی ہیں اور عام لوگوں کو راستوں سے گزرنا بھی مشکل ہو گیا ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ کے متعلقہ جونیئر انجینئر اور ملازمین کیساتھ رابطہ کرنے کے باوجود بھی لوگوں کو سہولیا ت فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کا سپلائی نظام صارفین کیلئے سہولیت کے بجائے مصیبت بن گیا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ ملازمین گائوں میں صرف بجلی کے ماہانہ بل ارسال کرنے کیلئے ہی آتے ہیں جبکہ خستہ حال بجلی نظام کو بہتر بنانے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ موسم سرما میں پڑنے والی برف کی وجہ سے مذکورہ نظام انتہائی متاثر ہوسکتا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مڑہوٹ میں خراب بجلی نظام کو درست کرنے کیلئے ملازمین و فیلڈ آفیسران کو ہدایت جاری کی جائے تاکہ برفباری سے قبل ہی اس نظام کو درست کیا جاسکے ۔
ساوجیاں میں سکولی اندراج مہم کا آغاز
عوام کو بیدار کرنے کیلئے ریلی کا اہتمام کیا گیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// منڈی سوجیاں کے پرنسپل ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کی سربراہی میں ایک بڑی سکولی اندارج مہم میں شروع کی گئی جس کے آغاز میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ریلی میں تقریباً 250 طلباء ، اساتذہ اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کر کے علاقہ کے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخلہ دلانے کیلئے راغب کرنے کی کوشش کی ۔اس موقعہ پر محکمہ تعلیم کے مختلف فلیگ شپ پروگراموں کے بارے میں عوام الناس سے مشاورت بھی کی گئی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کلسٹر ہیڈ ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں انور خان کی رہنمائی میں لیکچررز اساتذہ اور ماسٹرز کی ٹیمیں مختلف دیہاتوں میں آگاہی پروگرام منعقد کر رہی ہیں تاکہ عوام کو سرکاری سکولوں کی طرف سے دی جانے والی مختلف سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے اور یہ آگاہی پروگرام نہ صرف سکول چھوڑنے والے بچوں اور سکول سے باہر بچوں کو راغب کرنے کیلئے چلائے جاتے ہیں بلکہ وہ طالب علم بھی جو سرکاری سکولوں کو کم اختیار سمجھتے ہوئے نجی سکولوں کا انتخاب کرتے ہیں، کو بھی سرکاری سکولوں کی جانب راغب کیا جاتا ہے منگل کو اسی سلسلہ میں گورنمنٹ مڈل سکول میدان ساوجیاں سے محکمہ تعلیم کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جو ماڈل ہائر سیکنڈری سکول ساوجیاں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔بس سٹینڈ ساوجیاں کے اندر ماڈل ہائر سکنڈری سکول کے پرنسپل انور خان نے عوام کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کیا گیا جہاں پر انہوں نے لوگوں کو تعلیم کے فوائد اور سرکاری سکولوں میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بتایا۔ اس مہم میں علاقے کے 25 سے زائد سکولوں کے اساتذہ اور طلباء نے شرکت کی۔ لوگوں سے خطاب کرنے والوں میں مہراج خالد، سلیم ریشی، پرمپریت سنگھ، خالد محمود خان، سرفراز احمد اور چوہدری خادم حسین شامل تھے۔
آرمڈ فورسز فلیگ ڈے پونچھ میں بھی منایا گیا
حسین محتشم
پونچھ //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی قیادت میں ضلع سینک ویلفیر دفتر پونچھ میں ایک تقریب آرمڈ فورسز فلیگ ڈے پر منعقد کی گئی۔اس دوران سابق فوجیوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ،ایس ایس پی پونچھ اور دیگر افسران کو فلیگ لگائے،جس کے بعد تمام شرکا نے آرمڈ فورسز فلیگ ڈے فنڈ کے لئے اپنا عطیہ دیا۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے ملک کے عوام اور حدود کو تحفظ دینے میں بہادر فوجیوں کی قربانی کو یاد کرنے کا ایک بہترین موقعہ ہے۔انہوں نے کہاجنگ اور امن کے دِنوں میں آرمڈ فورسز کا اہم رول رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان فوجی اہلکاروں کی بہادری اور عزم کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھنا چاہئے جو ملک اور قوم کے لئے اپنی خدمات کئی بار جات تک قربان کردیتے ہیں۔ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار نے کہا کہ آ ڑمڈ فورسز فلیگ ڈے کے موقعہ پر عرصہ دراز سے رقومات جمع کرنے کا جو سلسلہ چلا آرہا ہے وہ رقومات ملک کے شہدیودوں کے کنبو اور دگر فوجیوں کے بہبود کے لئے استعما ل کی جاتی ہیں ۔اس دوران این این ایس ایس کے جوانوں اور سکولی بچوں نے سرکاری اور نجی اداروں میں اور عام لوگوں میں فلیگ ڈے فنڈ کے لئے بیداری مہم چلائیں اور رقومات جمع کی تاکہ سابق فوجیوں اور ان کے کنبوں کی بہبودی کے لئے ایک بڑی رقم جمع ہوسکے۔
الیکشن لڑنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کا معاملہ
کرائم برانچ جموں نے سرپنچ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا
راجوری //کرائم برانچ جموں نے سرحدی ضلع راجوری کے نوشہرہ سب ڈویژن کی ایک خاتون سرپنچ کی جانب سے جعلی سرٹیفکیٹ بناکر الیکشن میں حصہ لینے کے سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔کرائم برانچ کی جانب سے سرپنچ سنتوش کمار زوجہ بدھی چند ،بدھی چند وکد چھترو رام سکنہ بھونجواہ تحصیل نوشہرہ اور اس وقت کے تحصیلدار اکبر حسین ،پٹواری بلویندر کمار کیخلاف جعلی ایس سی سرٹیفکیٹ تیار کرنے کے سلسلہ میں ایک کیس درج کرلیا ہے ۔جوگیندر سنگھ ولد کستوری لعل سکنہ بونجواہ کی جانب سے دائر تحریری شکایت کرائم پرانچ کے پاس داخل کروائی گئی تھی جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس کی بیوی شیتل کماری نے گزشتہ پنچایتی انتخابات میں سنتوش کمار موجودہ سرپنچ کیخلاف الیکشن میں حصہ لیا تھا جبکہ کامیاب ہونے والی سرپنچ نے مبینہ طورپر جعلی کاغذات تیار کر کے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور ان ہی کاغذات کی بنیاد پر اس نے الیکشن میں کامیابی بھی حاصل کر لی تھی ۔اس شکایت میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ مذکورہ کامیاب سرپنچ ایس سی کمیونٹی کے بجائے راجپو ت کمیونٹی کیساتھ تعلق رکھتی ہے ۔اس شکایت کی وصولی پرایک ابتدائی تصدیق کی گئی اور تحقیقات کے دوران متعلقہ حکام سے ریونیو ریکارڈ حاصل کیا گیا جس میں سے ثابت ہوا کہ ایس سی سرٹیفکیٹ دیگر ساتھیوں کی مدد سے جعلی طورپر بنایا گیا ہے اس کے بعد کرائم برانچ نے ایک معاملہ درج کر کے اس کی مکمل تحقیقات کا عمل شروع کر دیا ہے ۔