مزید خبریں

آفیسران کیلئے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا

عشرت حسین بٹ
منڈی//سابقہ ایس ایس پی پونچھ ڈاکٹر ونود کمار آئی پی ایس اور اڈیشنل ایس پی لیاقت چوہدری کے اعزاز میں میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ان دونوں پولیس آفیسران کی پونچھ سے تبدیلی کے بعد پولیس تھانہ منڈی میں ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں تحصیل منڈی کے معززین کے علاوہ پولیس کے متعدد آفسران نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر منڈی سیول سوسائٹی کے لوگوں نے دونوں آفسران کو ان کے پونچھ سے تبادلہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ دونوں آفسران نے ضلع پونچھ میں اپنی تعیناتی کے دوران عوام اور پولیس کے مابین بہترکردار نبھایا ۔معززین کا کہنا تھا کہ تبدیلی کسی بھی ملازم کی نوکری کا حصہ ہوتا ہے مگر سرکار نے پونچھ سے دونوں تبدیل شدہ پولیس آفسران کو پونچھ کے لوگوں کی خدمت کرنے کا کم وقت دیا۔ محض نو ماہ پونچھ ضلع میں نوکری کرنے کے بعد دونوں آفسران نے عوام کے دلوں میں اپنے لئے بہترین جگہ بنائی ۔اس موقہ پر ایس ایس پی ڈاکٹر ونود کمار اور اے ایس پی لیاقت چوہدری نے منڈی کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں عوام کے شکر گزار ہیںجنہوں نے اس دور میں ان کے ساتھ تعاون کیا ۔
 
 

راجور ی تھنہ منڈی سڑک پر ٹریفک جام 

کئی گھنٹوں تک ٹرانسپورٹر درماندہ رہے 

عظمیٰ یاسمین
 تھنہ منڈی // راجوری تاتھنہ منڈی روڈ کی توسیع کے نتیجے میں آئے دن سڑک پر شدید ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ہے جس سے نہ صرف مسافروں اور ڈرائیورں بلکہ مقامی آبادی کی آمد و رفت بھی متاثر ہو کر رہ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ کئی روز سے سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں مغل شاہراہ پر جاری کام کی وجہ سے کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا ہے لیکن کوئی پرسان حال نہیںوہیں گزشتہ تھنہ منڈی کے ساج علاقے میں کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت ترین سردی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈرائیوروں اور مسافروں نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ہمیں خوشی ہے کہ راجوری سے بفلیاز مغل روڈ کی تعمیر کا عمل شد و مد سے جاری ہے لیکن جس طرح سے تعمیراتی کمپنی کام کررہی ہے وہ راجوری آنے جانے والے مسافروں خاص کر ملازمین ، بیماروں اور طلبہ کے لئے مکمل طور پر پریشان کن ہے کیونکہ تعمیراتی ایجنسی کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی معقول لائحہ عمل نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے آئے دن شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھنہ منڈی کے ساج علاقے میں شدید ٹریفک جام رہا جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت مکمل طور پر متاثر ہو کر رہ گئی۔ اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ جس کی وجہ سے مسافروں اور دوسرے راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں نے یو ٹی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ گاڑیوں کی آمدورفت کے سلسلے میں کوئی اہم اقدامات کریں تاکہ مسافروں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
 
 
 

محبوبہ آج سے پیر پنجال کادورہ شروع کریں گی

سمت بھارگو 
راجوری//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی آج سے راجوری اور پونچھ اضلاع کے تین روزہ دورے پر پہنچ رہی ہیں اور راجوری اور پونچھ کے جڑواں اضلاع میں جلسوں کا ایک سلسلہ منعقد کرنے والی ہیں۔مفتی ہفتہ کی صبح راجوری پہنچیں گی جہاں وہ ڈاک بنگلہ راجوری میں یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گی جس میں ضلع بھر سے نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرنے والی ہے۔راجوری میں ایک رات قیام کرنے کے بعد، وہ اتوار کی صبح پونچھ کیلئے روانہ ہوں گی جہاں وہ 20 دسمبر کو جموں واپس آنے سے پہلے اس طرح کے مزید نوجوانوں کے پروگراموں سے خطاب کریں گی۔بی جے پی کے صدر رویندر رینہ اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے اپنے وسیع دوروں کو مکمل کرنے کے بمشکل ایک دن بعد محبوبہ آپ کی آمد ہوئی ہے۔
 
 

نوشہرہ میں محکمہ بجلی کا دفتر قائم کرنے کی مانگ 

رمیش کیسر 
نوشہرہ //نوشہرہ کے عوام نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ نوشہرہ کیلئے منظور کئے گئے محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر کا دفتر جلد از جلدکھولا جائے۔مکینوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایگزیکٹیو انجینئر کے دفتر کی منظوری کے سلسلہ میں ایک حکم نامہ بھی جاری کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ دفتر کی منظور کے 4برس بعد بھی نوشہرہ میں دفتر قائم ہی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔لوگوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ بجلی سے متعلق کسی بھی سرکاری کام کیلئے راجوری جاتے ہیں، جہاں کبھی کبھی افسران بھی اپنے دفتر میں دستیاب نہیں ہوتے، اور انہیں بار بار راجوری جانا پڑتا ہے۔ لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ نوشہرہ میں ایگزیکٹیو انجینئر الیکٹرسٹی ڈیپارٹمنٹ کا دفتر جلد از جلد کھولا جائے، اس میں افسر کو تعینات کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
 
 

ڈی سی و ایس ایس پی راجوری نے چارج سنبھال لیا 

راجوری //راجوری ضلع میں تعینات ہوئے نئے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی راجوری نے اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ۔جمعہ کو نئے تعینات ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل جن کو راجیش کمار شون کی جگہ تعینات کیا گیا ہے ،نے اپنے عہدے کا چار سنبھال لیا ۔غور طلب ہے کہ سابقہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش کمار شون کو جموں وکشمیر پروجیکٹ کنسٹر یکشن کار پوریشن کا ایم ڈی تعینات کیا گیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے ان کی جگہ 2013آئی اے ایس بیچ کے وکاس کنڈل کو ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری تعینات کر دیا گیا ہے ۔وکاس کنڈل اس سے قبل ایڈیشنل چیف ایگزیکٹو آفیسر، میٹروپولیٹن ریگولیٹری اتھارٹی سری نگرتعینات تھے ۔ان کیساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے راجوری ضلع میں نئے تعینات ہوئے ایس ایس پی محمد اسلم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے ۔محمد اسلم کو شیما قصاب کی جگہ تعینات کیا گیا ہے ۔جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے تحت سابقہ ایس ایس پی راجوری کو ایس ایس پی سی آئی ڈی تعینات کیا گیا ہے ۔
 
 

سردیوں کے شروع ہوتے ہی بجلی غائب 

سرنکوٹ کے متعدد گائوں میں صارفین گھپ اندھیرے میں 

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ سب ڈویژن میں سردیوں کے شروع ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل شروع ہو گیا ہے ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں گزشتہ 3روز سے بجلی کی کٹوتی کا کوئی شیڈول ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی اور جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے بلندو بانگ نعرے لگائے جارہے ہیں لیکن انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے زمینی سطح پر صورتحال یکسر تبدیل ہے ۔انہوں نے محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ سرنکو ٹ کے دیہات میں جہاں سپلائی کو جدید طرز کا بنایا ہی نہیں گیا ہے وہائیں غیر اعلانیہ کٹوتی عروج پر پہنچا دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے سب ڈویژن کے لسانہ، مدانہ، دھندک ،مرہوٹ، پھاگلہ، دندی دھڑا کلرکٹل سنئی بفلیاز لٹھونگ موڑا بچھائی ہاڑی مرہوٹ کے علاوہ دیگرکئی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہو گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ کے علاقہ سیڑھی چوہانہ میں بجلی پاور پروجیکٹ تعمیر ہو چکا ہے اور اس بجلی سپلائی بھی کی جا رہی ہے جبکہ سرنکوٹ درابہ کے مقام پر پرنئی پروجیکٹ زیر تعمیر ہے۔ اس کے باوجود بھی بجلی کی سپلائی کو یقینی نہیں بنایا جا سکا۔ انھوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ریاست میں بجلی کی دستیابی کے وسائل موجود ہیں مگر پھر بھی لوگ اندھیر میں رہنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں بجلی کی معیاری سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
 
 
 

سرنکوٹ میں کووڈ ٹیسٹنگ کا عمل شروع

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے بڑھتے میں معالات کی وجہ سے سرنکوٹ میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے کورونا خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیسٹنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جاسکے ۔محکمہ کی جانب سے ایک کثیر تعداد میں ٹیسٹنگ کی جارہی ہے جبکہ اس سلسلہ میں تحصیل کمپلیکس سرنکوٹ ،پوٹھہ بائی پاس ،جوگی موڑ ودیگر مقامات پر محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیمیں تعینات ہیں جبکہ قصبہ میں آنے والوں کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔محکمہ کی مذکورہ ٹیمیں کووڈ ٹیسٹ کیساتھ ساتھ لوگوں کو وائرس سے بچنے جیسی احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں بھی بیدار کررہے ہیں ۔محکمہ نے لوگو ں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ ماسک کیساتھ ساتھ دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جاسکے ۔
 
 
 
 

پی ڈی پی یوتھ کا مینڈھر میں اجلاس 

جاوید اقبال 
مینڈھر //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی سے منسلک نوجوانوں کا مینڈھر میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ ندیم رفیق خان کی قیادت میں منعقدہ اجلاس کے دوران پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے پیر پنچال دورے پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اراکین نے اس سلسلہ میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ 19دسمبر کو پونچھ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی جائے گی جبکہ اس دوران پارٹی صدر کو مینڈھر سب ڈویژن میں پارٹی کی زمینی پوزیش کے سلسلہ میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جائے گی ۔اس اجلاس میں زونل یوتھ صدر راجہ وسیم خان ودیگر کئی اراکین نے شرکت کی ۔
 
 

سابقہ ایس ایس پی کے اعزاز میں الوداعی تقریب 

راجوری//راجوری میںتبدیل ہونے والی پولیس سپرنٹنڈنٹ شیما نبی قصبہ کو جمعہ کے روز سماج کے مختلف طبقوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے گرمجوشی سے الوداع کیا۔ شیما راجوری میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی اور جموں و کشمیر حکومت نے ان کا تبادلہ کرکے ایس ایس پی سی آئی ڈی کے طور پر تعینات کیا تھا۔جمعہ کو سماج کے مختلف طبقات، سول سوسائٹی کے ارکان، سیاسی اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ساتھ میڈیا برادری کے ارکان نے تبدیل ہونے والے ایس ایس پی کے اعزاز میں الوداعی پارٹیوں کا اہتمام کیا۔ان الوداعی تقاریب میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس کے دوران شرکاء نے موصوفہ کے دور اقتدار کو خوش آئند قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ موصوفہ کے دور میں ضلع میں متعدد آپریشن کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں بھی گھناؤنے جرائم کے کچھ واقعات رونما ہوئے لیکن انہوں نے نہ صرف ان معاملات میں قانون کے مطابق فوری کارروائی کی بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا کہ امن و امان برقرار رہے۔شرکاء نے موصوفہ کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ۔
 
 
 

منصوبہ بند سازش کے تحت

 شیخ محمدعبداللہ و پنڈت جواہر لال نہرو نے جموں وکشمیر کا بٹوارہ کیا: رویندر رینہ

راجوری //جموں وکشمیر بھارتیہ جنتاپارٹی یونٹ کے صدر کا کہنا ہے کہ سال 1947 میں منصوبہ بند سازش کے تحت جموں وکشمیر کا بٹوارہ کرکے لائن آف کنٹرول کی لکیر کھینچی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے بانی مرحوم شیخ محمد عبدا للہ اور پنڈت جواہر لال نہرو نے سازش کے تحت لائن آف کنٹرول کی لائن کھینچی۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے راجوری میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوجر بکروال طبقے کے ساتھ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس نے ہمیشہ نا انصافی کی ہے۔ موصوف کا کہنا تھا کہ گوجر وں کو آج تک اراضی کے حقوق نہیں دئے گئے اور نہ ہی اْنہیں خصوصی ریزرویشن کے تحت نوکریاں دی گئیں۔ روندر رینہ کے مطابق نیشنل کانفرنس کے لیڈران نے پہاڑیوں کو غلام بناکے رکھا ہے۔ اْنہوں نے بتایا کہ سال 1947میں ایک منصوبے کے ساتھ جموں وکشمیر کا بٹوارہ کرکے لائن آف کنٹرول کی لائن کھینچی گئی۔ روندر ینہ نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈران اقتدار کی خاطر کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کی اسمبلی میں پاکستانی زیر قبضہ کی نشستیں خالی پڑی ہوئی ہیں۔ اْن کے مطابق گریز سے لے کر مڑھل اور راجوری پونچھ میں لکیر کھینچ کر خاندانوں کو جدا کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبدا للہ نے ایک سازش کے تحت پنڈت جواہر لال نہرو سے مل کر بٹوارہ کرایا جس کا خمیازہ آج پورے جموں وکشمیر کے لوگوں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔