میر واعظ کی نظر بندی ختم کی جائے: انجمن اوقاف
سرینگر //انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے نائب صدر اور خطیب و امام مولانا احمد سعید نقشبندی نے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کے موقعہ پر جموںوکشمیر خاص طور پر وادی کی سماجی اور معاشرتی مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کشمیری عوام گوناگوں اور متعدد مسائل کا سامنا کررہے ہیںاور ماضی کی نسبت اصلاح معاشرہ کی شدید ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ گزشتہ تقریبا تین سال سے جموںوکشمیر کے سب سے بڑے مذہبی رہنما میرواعظ ڈاکٹر مولو ی محمد عمر فاروق غیر قانوی اور غیر اخلاقی طور پرمسلسل نظر بند رکھے گئے ہیں جبکہ موصوف پر لگائے گئی قدغنوںکو ہٹانے کیلئے عوام کے تمام طبقوں ،دینی شخصیات، ادارے، اور سول سوسائٹی ، مسلسل زور دے رہی ہے اور اس ضمن میں حکام سے بارہا اپیلیں کی گئیں تاہم اب تک موصوف کو نظر بند رکھ کر انکی جملہ دینی ، ملی اور سماجی پر امن سرگرمیاں معطل رکھی گئی ہی۔ مولانا نقشبندی نے مقدس ماہ رمضان المبارک کی آمد پر حکام سے پرزور اپیل کی کہ وہ میرواعظ کی نظر بندی فوری طور ختم کرے تاکہ موصو ف صدیوں کی تاریخ پر مشتمل اپنے اکابر و اسلاف کے طرز پر اپنی منصبی ذمہ داریاں پورے کرسکیں۔
نیتی آیوگ کے ذریعہ برآمدگی
انڈیکس 2021 کا دوسرا ایڈیشن ،جموں کشمیر تیسرے نمبر پر
جموں//نیتی آیوگ کے ذریعہ برآمدی تیاری انڈیکس 2021 کے دوسرے ایڈیشن میں جموں و کشمیر یو ٹی تیسرے مقام پر اُبھر کر سامنے آئی ہے ۔ تیسرا مقام حاصل کر کے جموں و کشمیر کی مجموعی درجہ بندی 36 ویں سے بڑھ کر 23 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اور اس کا اسکور 12.27 سے بڑھ کر 30.07 ہو گیا ہے ۔ جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائیزیشن ( جے کے ٹی پی او ۔ نوڈل ایجنسی فار ایکسپورٹ پروموشن ) کے توسط سے محکمہ صنعت و تجارت نے تمام ای پی آئی پیرا میٹرز میں اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی بھر پور کوشش کی ہے ۔جے کے ٹی پی او نے برآمد کنندگان کو بی ایس ایم، صلاحیت سازی کی ورکشاپس ، تجارتی میلوں اور نمائشوں کے علاوہ او ڈی او پی پراڈکٹس کو حتمی شکل دینے ، ضلع کے تحت برآمدی مرکز کے طور پر ضلع کے برآمدی منصوبوں کے ذریعے مختلف مارکیٹ کنیکٹس فراہم کئے ہیں ۔ یہ انڈیکس نیتی آیوگ نے وائس چیئرمین ڈاکٹر راجیو کمار نے نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت ، سیکرٹری محکمہ کامرس بی وی آر سبھرامنیم اور دیگر معززین کی موجودگی میں جاری کیا ۔
گاندربل کے 75کسان تربیتی پروگرام میں شریک
گاندربل//ارشاد احمد//محکمہ زراعت سب ڈویژن گاندربل کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 75 کسانوں اور کاشتکاروں کو 5 افسران کے ساتھ محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر کشمیر چوہدری محمد اقبال نے ہری جھنڈی دکھا کر پدگام پورہ فارم کے ایک روزہ تربیتی پروگرام میں شرکت کے لیے روانہ کیا۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر زراعت کشمیر نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ ان تحقیق مرکز کی طرف سے زراعت کی ترقی کے لیے خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں اپنائی جانے والی جدید ترین تکنیکوں کے بارے میں جانکاری حاصل کریں اور اپنی اقتصادی اور معاشی حالت کو بہتر کرنے کے لئے متعلقہ شعبوں کی ہدایات پر عمل کریں۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی سرگرمیاں کاشتکاروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور یہ ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو کہ اس دورے کے دوران جدید اور نئی تکنیک پر توجہ مرکوز کریں تاکہ آنے والے وقت میں ان کی معاشی اور اقتصادی بہتر بن سکے۔چیف ایگریکلچر آفیسر گاندربل اعجاز احمد بٹ اور سب ڈویژنل زراعت افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔
منشیات اور شراب پرمکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ
جمعہ اجتماعات میں متحدہ علمائے اہلِ سُنت سے وابستہ علماء کے خطاب
سرینگر//متحدہ علماء اہل سنت نے منشیات کے استعمال اور شراب پرپابندی عائد کرنے کی مانگ کی ہے۔ جموں و کشمیر میں منشیات کے خلاف مہم میں شدت لاتے ہوئے متحدہ علما اہل سنت سے وابستہ علما ء نے مختلف مقامات پر مساجد ،خانقاہوں اور بقعہ جات میں جمعتہ المبارک کے خطابات میں یوٹی میں شراب پر مکمل بندی کا مطالبہ کیا ہے۔مولانا غلام محی الدین نقیب نے جامع قادریہ شالیمار میں ، مولانا غلام رسول حامی نے مرکزی جامع مسجد میرانی گاندربل،مولانا عبدالرشید داودی نے کعبہ مرگ،مولانا ریاض الحق نورآبادی نے بقعہ عالیہ سید یعقوب صاحب ؒسونہ وار ، مولانا مبارک حسین نعمانی نے جامع مسجدحنفیہ سعدپورہ عیدگاہ ،مفتی قمرالدین اویسی نے جامع مسجد حضرت ابو بکر صدیقؓ تکیہ تاپر پٹن میں، مولانا فیاض احمد رضوی نے مرکزی جامع مسجد باغ نوگام اشاجی پورہ اننت ناگ میں قرآن و احادیث کی روشنی میں منشیات کے بارے میں عوام کو روشناس کیا اور اس بدعت کے خلاف صف آرا ہونے کی تلقین کی۔علماء نے منشیات اور شراب کے خلاف آواز اٹھانے کیلئے لوگوں کو شامل ہونے کی پرزور اپیل کی۔ انہوں نے تمام طبقوں خصوصا دانشوروں سے گزارش کی کہ وہ سامنے آکر اس مہم میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرے۔ علماء نے پر زور مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں شراب کی فروخت پر فی الفور پابندی عائد کی جائے اور اس ضمن میں ہر سطح پراس کے خلاف مہم کو جاری رکھا جائے گا۔
بانڈی پورہ میںاے ڈی سی کی کرسی خالی
لوگوں کو گوناگوں مسائل کا سامنا
عازم جان
بانڈی پورہ //ضلع بانڈی پورہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی کرسی 20 دنوں سے خالی پڑی ہے ۔ اے ڈی سی کی کرسی خالی رہنے سے لوگوں کو گوناگوں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ 20 روز قبل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ظہور احمد میر سرینگر تبدیل ہوئے لیکن تاحال یوٹی سرکار نے کوئی متبادل انتظام نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے اے ڈی سی کا دفتر تالا بند ہے۔بانڈی پورہ کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع میں نئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر تعینات کیا جائے تاکہ عوام کے التوا ء میں پڑے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔
سوپورمیں2منشیات فروش گرفتار
سوپور//منشیات کے خلاف اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے سوپورپولیس نے2منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ۔ اُن کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ بر آمد کیاگیا ۔ پولیس اسٹیشن پانزلہ اور پولیس کمپونیٹ رفیع آباد نے مل کر نادی حل کراسنگ پر ناکہ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK01N-5535 کو روک لیا جس میں 2اشخاص سوار تھے،کی تلاشی لی گئی۔ دوران تلاشی ان کے قبضے سے1500گرام چرس جیسا مادہ برآمد کیا ۔ ان کی شناخت محمد شفع شاہ اور شوکت احمد میر کے طور پرہوئی ہے ۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پانزلہ میں ایف ائی آر نمبر19/2022کو متعلقہ دفعات کے تحت اندراج کیا۔ اور مزید تفتیش شروع کی گئی۔ کمیونٹی کے اراکین سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پڑوس میں منشیات فروشوں کے بارے میں کسی بھی معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔ منشیات فروشی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
بجبہاڑہ میں طالب علم کی موت
ویری کا تحقیقات اور معاوضے کا مطالبہ
سری نگر//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر عبدالرحمان ویری نے گورنمنٹ ڈگری کالج بجبہاڑہ میں کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والے 20 سالہ طالب علم عمر فاروق کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے معاملے کی فوری شفاف تحقیقات اور غمزدہ خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کو چوکنا رہنا ہوگا اور بجلی تاروں کو چیک کرنا ہوگا۔
ریلوے کالونی نوگام میں 11 ڈھانچے سیل
سری نگر// ایس ڈی اے وائس چیئرمین ڈاکٹر بشیر احمد لون کی ہدایت پر سری نگر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) نے ریلوے کالونی نوگام اور مسلم آباد ڈانگر پورہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف مہم کے دوران 11ڈھانچوں کو سیل کردیا ۔ایس ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے پولیس سٹیشن نوگام کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی اور غیر قانونی طور پر بنائے گئے 11 ڈھانچوں کو سیل کر دیا۔ایس ڈی اے نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی تعمیر میں ملوث نہ ہوںاور عمارت کی اجازت حاصل کیے بغیر اٹھائے گئے اس طرح کے کسی بھی ڈھانچے کوسیل یا منہدم کردیا جائے گا۔