نئے سال 2022کی آمد | حد متارکہ پر ہند پاک افواج نے مٹھائیاں تقسیم کیں
حسین محتشم
پونچھ// ہندوستان اور پاکستان کی فوج نے ہفتے کو سال نو کی آمد پر ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر آپس میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔جموں میں مقیم ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ باہمی اعتماد سازی اور امن و سکون کو یقینی بنانے کے لئے سال2022 کے آغاز پر پونچھ اور مینڈھر کراسنگ پر ہندوستان اور پاکستانی فوج نے آپس میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ایک دوسرے کو مبارکبادی بھی دی۔بیان میں کہا گیا کہ سرحدوں پر جاری جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد کے بیچ اس قسم کے اقدام سے جموں و کشمیر میں امن و آشتی کو مزید فروغ ملے گا۔ چکاں دا باغ میں حدِ متارکہ پرہندوستانی فوج اورپاکستانی رینجرس نے سنیچروار کو نئے سال کے موقعہ مٹھائیوں کا تبادلہ کرکے ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ حدِ متارکہ پر فوج کے جوانوں کو پاکستان رینجرس کی جانب سے مٹھائی دے کر مبارک باد پیش کی گئی جبکہ ضلع کی دیگر علاقوں میں بھی سرحدی چوکیوں پرمٹھائیاں دینے کا دور چلا۔واضح رہے کہ لگ بگ ایک سال سے ہندوپاک افواج میں جنگ بندی معاہدہ ہواہے جس کہ بعدسے عرصہ دراز تک دونوں افواج میں ہونے والی گولہ باری کا سلسلہ بالکل بند ہیں ۔اس دوران جہاں سرحدی عوام راحت محسوس کر رہے ہیں وہی فوج بھی سرحدوں پر آپسی روابط کو بہتر بنائے رکھنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال2021کے ماہ فروری میں لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کے معاہدے پر عمل در آمد کا فیصلہ ہوا۔ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003میں جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا لیکن اس کے باوصف سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے جس کے نتیجے میں سر حدوں کے آر پار بے تحاشا جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر کے سرحدوں پر سال 2020 کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کے زائد از پانچ ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔
اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن کے عہدیداران کا اجلاس
راجوری//اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن کے نئے نامزد عہدیداروںکی جانب سے راجوری میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسلامی فلاحی تنظیم نے ہری دوار میں مختلف فرقہ پرست تنظیموں کے اشتعال انگیز بیانات کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ملک کے پرامن ماحول کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اسلامی فلاحی تنظیم نے امام مرکزی جامع مسجد راجوری مولانا عبدالحمید کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔عہدیداروںنے ویشو دیوی میں یاتریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔تنظیم کے صدر شفقت میر نے بھی تنظیم کے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور ان سے اپیل کی کہ وہ بڑے پیمانے پر انسانیت کیلئے کام کریں۔اجلاس میں حاجی فاروق خان، اشتیاق بھٹ،چودھری ظہیر، افتخار علی، سید اعزاز علی، پرویز خان،مشتاق چوہدری ،زبیر مرزا، آصف بھٹ، اظہر فاروق،عمر ارشد ملک ودیگران بھی موجود تھے ۔
تھنہ منڈی کالج میں سرمائی کیمپ اختتام پذیر
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // گورنمنٹ ڈگری کالج تھنہ منڈی کے این ایس ایس یونٹ نے اختتامی تقریب کا انعقاد کرتے ہوئے سات روزہ سرمائی کیمپ کا اختتام کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹرجاوید احمد قاضی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ تحصیلدار تھنہ منڈی سید ساحل علی شاہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ این ایس ایس یونٹ کے رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ایک کامیاب کیریئر کیلئے جوش اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ واضح رہے کہ این ایس ایس کی جانب سے یہ کیمپ 24 دسمبر سے 31 دسمبر تک جاری رہا جس میں این ایس ایس کے رضاکاروں نے ہفتہ تک جاری رہنے والے سرمائی کیمپ میں بڑے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس سرمائی کیمپ کے دوران کالج کیمپس میں صفائی مہم، صحت و صفائی کے حوالے سے آگاہی مہم، کالج کیمپس کی خوبصورتی اور منشیات کی لت سے متعلق مضمون نویسی کے مقابلے وغیرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اختتامی تقریب میں این ایس ایس رضاکاروں نے مختلف ثقافتی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور خواتین کو بااختیار بنانے کے سلسلے میں ایک خاکہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل نے این ایس ایس یونٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس سرمائی کیمپ میں مختلف سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رضاکاروں میں اسناد و انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ پروگرام کی کارروائی این ایس ایس کے طلباء عشرت جاوید اور عادل رؤف خان نے سرانجام دی۔
پاگل کتے نے کئی افراد کو زخمی کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //سب ڈویژن مینڈھر کے نکہ منجہاڑی علاقہ میں ایک پاگل کتے نے حملہ کر کے کئی افراد کو زخمی کر دیا جن میں سے ایک چار سالہ بچی کی حالت تشویش ناک بنی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ نکہ منجہاڑی گائوں میں پاگل کتے نے قہر برپا کرتے ہوئے ایک چار سالہ بچی کو شدید زخمی کر دیا جبکہ دیگر کئی افراد بھی اس کتے کی زد میں آئے ہیں ۔بچی کو شدید زخمی حالت میں سب ڈسٹر کٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا جہاں پر ابتدائی علاج معالجہ کے بعد اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا گیا ہے ۔
دھار گلو میں وائی ایس ایس کپ کا افتتاح
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھار گلون میں ’وائی ایس ایس کپ ‘کا افتتاح کیا گیا جس میں مختلف کھیلوں میں دلچسپی رکھنے والے کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ڈائر یکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کی ہدایت پر ڈسٹر کٹ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے زیر اہتمام مذکورہ کپ زیڈ ای پی او بالاکوٹ نظیر حسین کی قیادت میں کھیلا جارہا ہے ۔اس کپ کی افتتاحی تقریب میں بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین شمیم اختر کیساتھ ساتھ گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول دھار گلون کے پرنسپل نے بھی شرکت کی ۔ابتدائی دن چھ ٹیموں کے 90کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بی ڈی سی نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ مقامی نوجوانوں کو ایک بہترین پلیٹ فارہم مہیا کرنے کیلئے کھیلوں کو دیہات تک لے جائے تاکہ زیادہ سے زیاد ہ نوجوانوں کی شرکت یقینی بنائی جاسکے ۔
راجوری میں ریڑھ کی ہڈی کی پہلی مرتبہ سرجری
سمت بھارگو
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ہسپتال میں ریڑھ کی ہڈی کی پہلی سرجری کی جسے ہسپتال انتظامیہ نے سنگ میل قرار دیا۔جی ایم سی راجوری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود بجاڑ نے بتایا کہ ڈاکٹر پر مشتمل طبی ماہرین کی ٹیم نے ہسپتال میں ریڑھ کی ہڈی کی پہلی سرجری کی ہے۔ ڈاکٹر عرفان ملک، ڈاکٹر شلیندر شرما، ڈاکٹر عامر، ڈاکٹر غلام علی شاہ ایچ او ڈی اینستھیزیاودیگر ڈاکٹروں کی موجود گی میں ٹیم نے آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت مفت سرجری کی ۔انہوں نے کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ مریضوں کے وسیع تر مفاد میں ہسپتال میںمرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیموں کا فائدہ اٹھائیں ۔
فوج نے غریبوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے
راجوری// راجوری قصبہ کی کچی آبادیوں میں رہائش پذیر لوگوں کی مدد کرتے ہوئے فوج کی جانب سے غریبوں میں گرم ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔فوج کی فیلڈ رجمنٹ کی جانب سے ایک خصوصی مہم کے دوران مذکورہ کپڑے غریبوں میں تقسیم کئے گئے تاکہ وہ اس شدید سردی سے بچ سکیں ۔فوج کی جانب سے کی گئی اس پہل کے تحت بٹالین کے فوجی جوانوں نے راجوری قصبہ کے مختلف کچی آبادیوں کا دورہ کیا اور غریب خاندانوں میں کپڑے تقسیم کئے۔فوجی آفیسران نے بتایا کہ خطہ میں پڑرہی شدید سردی سے لوگوں بالخصوص غریبوں کو بچانے کیلئے مذکورہ نوعیت کی مہم چلائی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ فوج کی جانب سے خطہ کے مختلف علاقوں میں کئی فلاحی سرگرمیاں شروع کی گئی ہیں جس کے تحت لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔لوگوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی فوج غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے مذکورہ نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھے گی ۔
یوم جمہوریہ 2022 کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا
حسین محتشم
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے ضلع اور سیکٹرل افسران کی میٹنگ میں یوم جمہوریہ 2022 کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس مٹینگ کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی تقریب اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں ہی ہوگی جہاں مہمان خصوصی قومی پرچم لہرائیں گے اور مارچ پاسٹ کی سلامی لیں گے جس میں پولیس، سی آر پی ایف، جے کے پی، جے کے پی کیو آر ٹی کمانڈو، ہوم گارڈ، این سی سی اور پولیس بینڈ کے علاوہ ڈگری کالج پونچھ کے دستے شامل ہوں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کا آغاز محکمہ اطلاعات کی طرف سے مقرر کردہ مقامات پر شہنائی بجانے سے ہوگا۔قومی تقریب کے احسن انعقاد کیلئے اجلاس میں استقبالیہ کمیٹی، ثقافتی پروگرام کمیٹی تشکیل دی گئی۔ضلع ترقیاتی کمشنرنے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران کووڈ 19کے مناسب رویے کی پابندی پر خصوصی زور دیا تاکہ اس کے پھیلاؤ کے امکانات کو کم سے کم کیا جا سکے،بیٹھنے کے انتظامات، بیریکیڈنگ، سیکورٹی، ٹریفک ریگولیشن، پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی، صفائی ستھرائی، ابتدائی طبی امداد، پی اے ایس، فائر ٹینڈرز، میڈیا گیلری سمیت دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی سی نے بجلی کے ایگزیکٹیو انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ تقریب کے دن بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے کو یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ بیری کیڈنگ، بیٹھنے اور پینے کے پانی کی فراہمی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنا نے کی متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تقریب کے مقام پر ایمبولینس، فائر ٹینڈر، سیکورٹی اور مناسب افرادی قوت کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔اس موقعہ پر سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیو لپمنٹ کمشنر عبدالستار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو پونچھ ظہیر احمد کیفی، جنرل منیجر ڈی آئی سی ڈاکٹر ذاکر حسین، سی ای او سیاحت ڈاکٹر محمد تنویر، چیف میڈیکل آفیسر جی اے ملک، کلچرل آفیسر علمدار آدم، چیف ایجوکیشن آفیسر، چیف ایگریکلچر آفیسر، ڈویڑنل فارسٹ آفیسر، پی ایچ ای، پی ڈبلیو ڈی، پی ڈی ڈی کے ایگزیکٹو انجینئرز آرمی اور نیم فوجی دستوں کے افسران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
سنت پورہ ڈھیرہ ننگالی میں شجر کاری مہم
حسین محتشم
پونچھ//محکمہ جنگلات ڈویژن پونچھ نے گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کی موجودگی میںسنت پورہ ڈھیرہ ننگالی صاحب میں ’ہر گائوں ہریالی‘ پروگرام کے تحت شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔اس موقع پرڈی ایف او پونچھ نے شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے پونچھ کے مذہبی مقامات پر اس طرح کی شجرکاری مہم کے انعقاد پر زور دیا۔ گرودوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری کے بارے میں مقامی لوگوں میں آگاہی بڑھانے اور شجرکاری مہم چلانے کی کوششوں کو سراہا۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محکمہ جنگلات کے رینج آفیسر حویلی نے بتایا کہ اس سال پونچھ ضلع کی تمام پنچایتوں میں ’ہر گائوں ہریالی‘ پروگرام کے تحت شجر کار مہم چلائی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ اس دوران خصوصی طور پر مذہبی مقامات پر اس پروگرام کے تحت پودے لگائے جائیںگے۔
چوہدر ی گلاب دین کی وفات پر اظہار تعزیت
جاوید اقبال
مینڈھر// دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے مہتمم مولانا فتح محمداور اساتذہ نے اپنے تعزیتی بیان میں الحاج چوہدری گلاب دین کے انتقال گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔اساتذہ دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر اور مہتمم مولانا فتح محمدنے اپنے بیان میں کہا کہ ماں باپ وہ عظیم ہستی ہوتے ہیں جن کے چہرے پر ہمیشہ نور، آنکھوں میں محبت، لہجے میں مٹھاس، مزاج میں شفقت اور ان کی خدمت میں جنت ہوتی ہے۔ بزرگوں کا سایہ باعث برکت ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ والدین کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے کیونکہ ان کی زندگی ہمیشہ بچوں کی خواہشات پوری کرنے میں گزرتی ہے۔مو لانا فتح محمد نے مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی ان کے اہل خانہ کو صبر و ہمت سے صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ مولانا فتح محمد نے تمام طلباء و اساتذہ دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر ضلع پونچھ جموں و کشمیر کی جانب سے جمیع اہل خانہ بالخصوص پرنسپل محمد اکبر،ماسٹر سید محمد وانجینئرمحمد رفیق کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کی۔
دارالعلوم محمودیہ قاسم نگرمیں ماہانہ اصلاحی و روحانی مجلس
جاوید اقبال
مینڈھر// دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر ضلع پونچھ میں ماہانہ از مغرب تا عشاء ایک روحانی و اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا جاتا ہے۔اس سلسلہ کے تحت 31دسمبر کو شام سے عشاء تک اصلاحی مجلس کا انعقاد کیا گیا، دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے ناظم تعلیمات مولانا مفتی محمد اسداللہ خان کی پر لطف تلاوت سے اس مجلس کا آغاز کیا گیا۔ تلاوت کے بعد دارالعلوم کے طالب علم مصطفیٰ نے نعت بحضور سرور کائنات پیش کی ۔اس کے بعد مجلس کے مہمان خصوصی مولانا غلام محی الدین سابقہ استاد حدیث جامعہ ضیاء العلوم پونچھ نے اصلاح دل کے حوالے سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دل اگر صحیح ہوگا تو ہمارے سارے کام صحیح ہوں گے اگر ہم نے اپنا دل بنالیا تو پھر ہمارے لئے دین کے سارے شعبے آسان ہو جائیں گے ا۔سینئر نائب صدر تنظیم علماء اہل السنت والجماعت ضلع پونچھ، بانی و مہتمم دارالعلوم محمودیہ، امام و خطیب مرکزی جامع مسجد انور قاسم نگر مینڈھرنے عوام سے اپیل کی تلاوت قرآن اور نمازوں کی پابندی کریں۔
ویشنو دیوی بھگدڑ میں نوشہرہ کا شہری ہلاک
آبائی گائوں میں آخری رسومات ادا کرد ی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //شری ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگدڑ سے جاں بحق ہونے والے نوشہرہ کے رہائشی دھیرج کمار کی آخری رسومات ان کے آبائی گاؤں گنیہ میں ادا کر دی گئی۔ وہ ہر سال 31 دسمبر کو گھر سے شری ماتا ویشنو دیوی مندر پر حاضری دینے کیلئے جاتاتھا ۔انہوں نے بتایا کہ مرحوم ماتا ویشنو دیوی کیساتھ انتہائی درجے کی عقیدت رکھتا تھا جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ حاضری کیلئے کٹرہ جاتا تھا ۔غور طلب ہے کہ دھیری کمار کی بھگدڑ میں ہوئی ہلاکت کی خبر ملتے ہی ان کے آبائی گائوں میں صف ماتم بچھ گیا ۔ دھیرج کی 8 ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور اس کی بیوی حاملہ ہے۔لواحقین نے گورنر اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی غربت کو دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔