دھماکوں کی منصوبہ بندی فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے کی گئی تھی:حکام
سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے کوٹرنکہ قصبے میں دوہرے دھماکوں کے واقعہ کو ایک 'سنگین سیکورٹی تشویش' کے طور پر لیتے ہوئے، سیکورٹی فورسز اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ دونوں دھماکے کا منصوبہ ان فورسز کو نشانہ بنانے کیلئے بنایا گیا تھا جو پہلے دھماکے کے مقام پر جمع ہو سکتے تھے۔فورسز کو شبہ ہے کہ ان دھماکوں میں ابتدائی طور پر ٹائم کنٹرولنگ ڈیوائسز کے استعمال کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوہرے دھماکوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے، سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہلا دھماکہ کوٹرنکہ کے مین بازار میں ایک ایسی جگہ پر ہوا جہاں سے بدھل کی طرف ایک چھوٹی گلی قسم کی سڑک شروع ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلا دھماکا تقریباً8:15جبکہ دوسراے دھماکہ کچھ ہی دیگر میں کیا گیا تھا جسکے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ کنڈی تھانے سے تقریباً ایک سو میٹر کے فاصلے پر ہونے والے اس پہلے دھماکے کے بعد ایس ایچ او کنڈی کی سربراہی میں تھانے سے پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور معاملے کی جانچ شروع کردی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ’’وہیں پر ہی یہ بات سامنے آئی کہ ایک اور بیگ جس میں کوئی مشتبہ چیز تھی اس جگہ کی سڑک کے دوسری طرف جہاں پہلا دھماکہ ہوا تھا۔ایک ایسے وقت میں جب علاقے کو کلیئر کر دیا گیا تھا اور وہاں موجود پولیس اہلکار صورتحال سے نمٹنے کے لئے بات چیت کر رہے تھے کہ وہاں موجود مشکوک مواد پھٹ گیا۔ سرکاری ذرائع نے مزید کہا کہ دوسرا دھماکہ پہلی بار کی طرح کم شدت کا نہیں تھا کیونکہ اس کی آواز دیہات کے علاقوں میں بھی سنی گئی تھی اور اس دوسرے دھماکے کے اثر سے علاقے کے مکانات اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ پہلا دھماکہ صرف ایک جال تھا اور دوسرا دھماکا سب سے بڑا دھماکہ تھا جس کی منصوبہ بندی اس طریقے سے کی گئی تھی کہ پہلے دھماکے کی جگہ پر جمع ہونے والے فورسز اور دوسرے لوگوں کو جانی نقصان پہنچایا جا سکے‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان دھماکوں میں خاص طور پر دوسرے دھماکوں میں کچھ ٹائم کنٹرولنگ ڈیوائس استعمال کی گئی۔انہوں نے کہاکہ ’تکنیکی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے کچھ نمونے بھی اکٹھے کئے ہیں جنہیں تکنیکی جانچ کیلئے بھیج دیا گیا ہے جب کہ دوہرے دھماکوں کی جگہ سے کچھ اور مواد قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
کوٹرنکہ واقعہ کے بعد پیر پنچال میں سیکورٹی سخت
پرویز خان
منجا کوٹ //گزشتہ دنوں راجوری ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن میں پیش آئے واقعہ کے بعد دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔دونوں اضلاع کی اہم جگہوں پر پولیس و فوج نے خصوصی ناکے لگا کر گاڑیوں کا معائینہ کے ۔سرحدی تحصیل منجا کوٹ میں جموں وکشمیر پولیس کیساتھ ساتھ فوج کی ٹیموں نے مسافر و مالبردار گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے ایک خصوصی مہم شروع کی ۔اس مہم کے دوران گاڑیوں کا باریک بینی کیساتھ معائینہ کیا گیا ۔پولیس نے لوگوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ معاشرے میں آنے والے مشکوک افرادکے بارے میں پولیس کو اطلاع فراہم کریں تاکہ غیر قانونی اقدمات کو روکنے میں مدد مل سکے ۔غور طلب ہے کہ کوٹرنکہ کنڈی علاقہ میں گزشتہ دنوں پولیس سٹیشن کے ملحقہ علاقہ میں دو دھماکے ہوئے تھے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دوہرے دھماکوں کے اس واقعہ کو فورسز نے ایک ’سنگین سیکورٹی تشویش‘ کے طور پر لیا ہے جس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’واقعہ کے بعد، پولیس نے کنڈی تھانے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا ہے اور پولیس کی تفتیش جاری ہے جس کی براہ راست نگرانی ایس ایس پی راجوری کر رہے ہیں جبکہ سینئرز کو تفتیش کی صورتحال کے بارے میں باقاعدہ رائے دی جارہی ہے۔
فوج نے مینڈھر میلے کا افتتاح کیا
جاوید اقبال
مینڈھر //فوج کی جانب سے مینڈھرکے ار پی ہیل سٹیڈیم میں ایک تمدنی میلے کا اہتمام کیا گیا ۔مینڈھر میلے کے نام سے منعقدہ میلے کے دوران مقامی و فوجی فنکاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے فوجی آفیسر نے کہا کہ فوج کی جانب سے شروع کر دہ پروگرام کا اصل مقصد عوام میں بہتر تال میل قائم کرنے کیساتھ ساتھ ان کو اس شعبہ کی جانب راغب بھی کرنا ہے ۔اس پروگرام میں فوج اور مقامی فنکاروں نے بھی شرکت کی ۔مقامی لوگوں نے فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل بھی فوج کی جانب سے اس طرح کے پروگراموں کااہتمام کیا جاتا رہا ہے جبکہ انہوں نے امید ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ آئندہ بھی مذکورہ عمل کا جاری رکھا جائے گا۔اس دو روزہ میلے کے دوسرے روز فوج کے اعلیٰ آفیسران کی شرکت متوقعہ ہے ۔
اعظم آباد منڈی میں یک روزہ اصلاح معاشرہ کانفرنس کا انعقاد
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے اعظم آباد محلہ ملکاں میں سنی یوتھ اعظم آباد کے زیر اہتمام یک روزہ اصلاح معاشرہ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں عوام اہلسنت نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور علماء اہلسنت کے خطبات سے شرف یاب ہوئے پروگرام کی نظامت مولانا حافظ شبیر رضا نعیمی رکن اساسی سنی علماء کونسل جبکہ قیادت حضرت مولانا سید شاہد حسین بخاری صدر سنی علماء کونسل رجسٹرڈ جموں و کشمیر نے فرمائی پروگرام کی نگرانی مولانا مفتی معروف حسین اشرفی کوآرڈینیٹر سنی علماء کونسل و مولانا اقبال اشرفی خطیب اعظم آباد نے کی علماء کرام نے سماج میں پھیلی برائیوں سے بچنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ شراب و منشیات برے راہ روی و بے حیائی سے دور رہنے پر زور دیا اور کہا کہ دین اسلام ایک آفاقی مذہب ہے اس سے مکمل طور پر جڑیں نمازوں کی پابندی کریں اور اہلسنت و جماعت سے جڑے رہیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہوسکے خصوصی خطبات حضرت مولانا عبد الحمید نعیمی آرگنائزر سکریٹری سنی علماء کونسل خطیب جموں کشمیر حضرت مولانا عبد الرشید رضا نعیمی نائب صدر سنی علماء کونسل کے ہوئے علاوہ ازیں مولانا طاہر رضا نعیمی مولانا سید فاضل حسین قادری خطیب جامع مسجد شریف منڈی نے بھی اصلاح عقائد و معاشرہ پر مفصل خطاب کئے مداح رسول مولانا حافظ یسین قادری نے نعت ومنقبت کے نذرانے پیش فرمائے تحصیل منڈی و ضلع سے کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت فرمائی جن مولناٰ ریاض احمد قادری دارالعلوم رضائے مصطفے اعلی پیر منڈی حافظ آفتاب اشرفی اعلیٰ پیر منڈی مولانا عارف نعیمی اشرفی خطیب و امام جامع مسجد سیکلو مولانا بلال احمد قادری ڈھانگری مولانا عبد الغنی نائک خطیب جھیلہ مولانا عبد الرشید مصباحی خطیب حیدری مسجد پونچھ مولوی عمران خطیب اتولی مولانا حافظ نثار اشرفی مرادآبادی مولانا بلال احمد قادری مدرسہ رضاء الاسلام منڈی آخر میں ذمہ داران سنی یوتھ نے علماء کرام و عوام اہلسنت کا شکریہ ادا کیا محفل کا اختتام ساڑھے تین بجے صلواۃ و سلام اور مولانا سید شاہد بخاری صاحب دعاء پر ہوا۔
مینڈھر میں نجی کلینک کا افتتاح کیا گیا
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھرمیں ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین ودیگران کی موجود گی میں ایک نجی کلینک کا افتتاح کیا گیا ۔اس موقعہ پر امام و جامع مسجد مینڈھر مولانا محمد سلطان نقشبندی ،ایس ڈی پی او مینڈھر کیساتھ ساتھ مقامی معززین بھی موجود تھے ۔مینڈھر قصبہ کے جابہ محلہ قائم کردہ کلینک کے سلسلہ میں بولتے ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل کے وائس چیئر مین نے کہاکہ اس کے قائم ہونے کے بعد مریضوں کو بنیادی سہولیات میسر ہونگی ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ کلینک کے قائم ہونے کے بعد باہر سے ڈاکٹروں کو لوگوں کے معائینہ کیلئے لایا جائے گا جبکہ جلد کی بیماری کیلئے ایک ڈاکٹر ہمیشہ دستیاب رکھا جائے گا ۔اس کے علاوہ مختلف بیماریوں کے سلسلہ میں ٹیسٹ بھی کئے جائینگے ۔
نوشہرہ میں سلائی و شہد کی مکھیوں کا یونٹ قائم
رمیش کیسر
نوشہرہ //فوج کی جانب سے نوشہرہ سب ڈویژں میں سلائی سنٹر کیساتھ ساتھ شہد کی مکھیاں پالنے کیلئے ایک یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ۔یہاں جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ علاقہ کی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے شعبہ جنگلات کے اشتراک سے یونٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ نوشہرہ محکمہ جنگلات کی طرف سے پہلے سے شروع کئے گئے مختلف تربیتی پروگراموں کے سلسلے کے علاوہ لمبیڑی اور آس پاس کے علاقے کی لڑکیوں اور خواتین کے لئے ’گرین انڈیا مشن‘ پروگرام کے تحت سلائی اور کٹائی کا ایک تربیتی پروگرام آج شروع کیا گیا۔ اس موقع پر سرپنچ اپر لمبیری نجمہ اختر، پی آر آئی کے دیگر ممبران اور کئی بزرگ شہری بھی موجود تھے۔محکمہ نوشہرہ کے زیر اہتمام شہد کی مکھیاں پالنے کی تربیت دی گئی۔ان سرگرمیوں کے علاوہ ولیج فاریسٹ کمیٹی اندروت کے بہت سے طلباء کو ’ہارا بھارت مشن‘ کے تحت 6 ماہ کی بنیادی کمپیوٹر ٹریننگ کیلئے اندراج کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایف او نوشہرہ نے محکمہ جنگلات نوشہرہ کی جانب سے شروع کئے گئے تربیتی پروگراموں کے سلسلے کے بارے میںمکمل جانکاری فراہم کی ۔
نوشہرہ کی عوام بنیادی سہولیات سے محروم :عاپ
رمیش کیسر
نوشہرہ // نوشہرہ سب ڈویژن میں عاپ پارٹی کا رکنوں کی جانب سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سب ڈویژن میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بھا جپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ کے آبائی علاقہ میں عوام اس وقت پانی بجلی و دیگر بنیادی سہولیات سے پوری طرح سے محروم ہو گئے ہیں ۔نوشہرہ ڈاک بنگلہ میں پارٹی کے جموں پونچھ پارلیمانی حلقہ سے صدر امیت کپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھاجپا عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دعوئے کررہی ہے لیکن زمینی سطح پر عوام کئی طرح کے مسائل میں مبتلا ہو گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے عوام کو سہولیات ہی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔عاپ پارٹی کے سنیئر لیڈر نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔
سب انسپکٹر پولیس کیلئے امتحان کامیابی کیساتھ اختتام پذیر
حسین محتشم
پونچھ//جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ نے گزشتہ روزسب انسپکٹر (پولیس) کی بھرتی کیلئے امتحان کا انعقاد کیا جو ضلع پونچھ کے تمام امتحانی مراکز میں بخوبی اختتام پذیر ہوا۔ ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت کی سربراہی میں ضلع میں مذکورہ JKSSB امتحان کے کامیاب انعقاد کے لئے پہلے سے ہی وسیع انتظامات کئے تھے۔ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین کو اس امتحان کے لیے چیف انسپکٹر اور اوور انچارج کے طور پر نامزد کیا جنہوں نے امتحان کے آغاز سے قبل ذاتی طور پر تمام مراکز کا دورہ کیا اور بائیو میٹرک کے لحاظ سے مجموعی انتظامات کا معائنہ کیا۔ سیٹ اپ، سی سی ٹی وی، کنٹرول روم، امتحانی مواد کا استقبال/ڈسپیچ، امتحانی مرکز اور اسٹرانگ روم کے اندر اور اس کے ارد گرد سیکورٹی اور آفیسر انچارج ٹریننگز انور خان، پرنسپل ایچ ایس ایس ساوجیان اور ڈسٹرکٹ آبزرور ظہیر احمد کیفی اے سی آر پونچھ کے ساتھ ٹریننگ بھی دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر/چیف انسپکٹر امتحان نے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ آف امتحان سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ مراکز میں امتحان کو خوش اسلوبی سے اور منصفانہ انداز میں منعقد کریں جو کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ امتحان کے اختتام کے بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 5879 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کرنا تھی جن میں سے 5040 (85.72%) امیدوار تمام 23 مقامات پر حاضر ہوئے۔ اس دوران سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس روہت باسکوترا کی سربراہی میں پولیس نے بھی تمام مقامات اور امتحانی مواد کی نقل و حمل / جمع کرنے / دوبارہ حاصل کرنے کے لئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ کی قیادت میں پورے امتحانی عمل کے کامیاب اختتام پرضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ اندرجیت نے پوری ٹیم اور مشق سے وابستہ تمام لوگوں کو امتحان کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
رسوئی گیس کے استعمال سے متعلق بیداری پروگرام کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// شہید یوگل بھارت گیس ایجنسی کی جانب سے سرحدی علاقے میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پبلک وویلفیئر فرنٹ کے صدر زوراور سنگھ شہباز مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ بیداری پروگرام کے دوران عوام کو رسوئی گیس کے استعمال کے حوالے سے اہم جانکاری فراہم کی گئی۔ اس موقع کے دوران خطاب کرتے ہوئے زورآور سنگھ شہباز نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ شہید یوگل گیس ایجنسی نے سرحدی اور دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے لئے بیداری کیمپ کا انعقاد کیا اور غریب اور نادار لوگوں کو مکمل معلومات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں میں تعلیم کم ہونے کی وجہ سے پسماندہ علاقوں میں رہنے کی وجہ سے غربت کی وجہ سے یہ لوگ آگاہ نہیں تھے اور آج گیس ایجنسی والوں نے یہاں پہنچ کر انہیں آگاہ کیا، یہ ایک اہم قدم ہے جس کی ہم تعریف کرتے ہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ ان دور دراز علاقوں میں رہنے والوں کو کبھی گیس سلنڈر کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی کبھی اضافی قیمتوں پر گیس سلنڈر خریدنے پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھارت گیس ایجنسی کی ٹیم نے یہاں پہنچ کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ ایجنسی عوام دوست ہے، اس موقع پر نتن شرما، سمرن شرما، اتکرش پالوترا، سمن کماری، بھومیکا شرما اور رادیکا شرما موجود تھے۔
ٹریفک پولیس نے پونچھ میں کارروائی کی
حسین محتشم
پونچھ//ڈی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ آفتاب بخاری کی قیادت میں ٹریفک پولیس نے پونچھ کے میں مختلف سڑکوں پر غلط پارکنگ کرنے والوں اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے واکوں کے خلاف کارروائی کی۔اس دوران نہ صرف تجاوزات ان کی حدود میں کروائی بلکہ غلط گاڑیاں، موٹر سائیکل پارک کرنے والوں کو جرمانے بھی کئے گئے۔ڈی ایس پی ٹریفک آفتاب بخاری نے دیگر ٹریفک افسران جن میں ضلع ٹریفک افسران اور پولیس اہلکاران شامل ہیں کے ہمراہ پونچھ میں مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل اور مسافر گاڑیاں اور غلط پارک کی گئی نجی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانہ بھی عائد کیا۔اس دوران شہریوں نے ٹریفک پولیس کے اقدامات کو سراہا ہے۔ڈی ایس پی ٹریفک راجوی پونچھ آفتاب بخاری نے بتایا کہ یہ خصوصی مہم پونچھ میں ٹرفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کی جارہی ہے تاکہ پونچھ میں ٹریفک نظام کو درست کیا جا سکے۔انھوں نے کہا اس دوران کئی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں درجنوں گاڑیوں کے چالان بھی کاٹے گئے۔