پٹوار ایسوسی ایشن کی ورچوئل میٹنگ
نائب تحصیلدار کیساتھ ہوئی بدسلوکی کی مذمت
حسین محتشم
پونچھ //آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن کی ایک ورچوئل میٹنگ زیر صدارت ضلع صدر پونچھ بشارت نقوی منعقد ہوئی جس میں تحصیل صدور اور دیگر ممبران نے شرکت کی ۔اس دوران نائب تحصیلدار گلپور کے ساتھ پیش آئے واقع کی مذمت کرتے ہوئے تمام شرکا نے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔انھوں نے کہا کہ نائب تحصیلدار گلپور اختر عباس میر جو کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر پونچھ میں لاک ڈاون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے تو اس دوران ان کے ساتھ کچھ لوگوں نے بد سلوکی کی جس کی وہ کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔تمام شرکاء نے اس واقعہ پر اپنی تشویش اظہار اظہار کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر آل جموں کشمیر پٹوار ایسوسی ایشن پونچھ سید بشارت حسین نقوی نے تمام ممبران کو مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔انھوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اس سلسلہ میں خاموش نہیں بیٹھے گی۔انھوں نے کہا کہ پٹوار برادری اس قسم کے عناصر کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور تحصیلدار حویلی سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔
ٹرانس میشن لائن کے ٹاورکو نقصان پہنچنے کا خدشہ
سمت بھارگو
راجوری//سانبہ ، امر گڑھ 400کے وی پاور ٹرانس میشن لائن سے وابستہ ایک نجی کمپنی نے راجوری ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں سڑک کی تعمیر کے دوران ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے بینر تلے ایک نجی کمپنی راجوری تا تھنہ منڈی سڑک کو کشادہ کرنے کے سلسلہ میں زمین کی کٹائی میں مصروف ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ زمین کی کٹائی کی وجہ سے معمولی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور 400 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور میں سے ایک کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے کیونکہ اس کی بنیاد کمزور ہو رہی ہے اور پسی بھی مذکورہ ٹاور کے ارد گرد سے گررہی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کا سارا انتظام ایک نجی کمپنی کررہی ہے جس نے راجوری میں ایک ٹیم تعینات کی ہوئی ہے جو ٹرانسمیشن لائن کے ٹاور کو ملحقہ علاقہ میں منتقل کرنے کا کام بھی کررہی ہے ۔محکمہ بجلی نے بتایا کہ مذکورہ لائن سے محکمہ کا کوئی واسطہ نہیں ہے کیونکہ مذکورہ عمل ایک نجی کمپنی کے حوالے ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس 400کے وی ٹرانسمیشن لائن سے مقامی سطح پر بجلی کا کوئی فیڈر نہیں ہے اور اس طرح محکمہ بجلی کی مشینری کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
پیپلز کانفرنس کا ضلع میں کوئی وجود نہیں
پی ڈی پی کے کسی ورکر نے پی سی میں شمولیٹ نہیں کی:گنائی
عشرت حسین بٹ
منڈی//پی ڈی پی ضلع صدر پونچھ شمیم احمد گنائی نے کہا ہے کہ جموںو کشمیرپیپلز کانفرنس کا ضلع پونچھ میں کوئی بھی وجود نہیں ہے اور نہ ہی پی ڈی پی پارٹی سے جڑے کسی بھی ورکر نے پی سی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ شمیم گنائی کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی ریاستی یوتھ نائب صدر ریدھم پریت سنگھ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ دعویٰ کیا ہے کہ جمعہ کو پی ڈی پی کو چھوڑ کر متعدد لوگوں نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ہے جو کہ ردھم سنگھ کا بے بنیاد دعویٰ ہے۔ شمیم گنائی کا کہنا تھا کہ ضلع پونچھ میں پی سی کا کوئی بھی وجود نہیں ہے اور پی سی لیڈران آئے روز عوام کو گمراہ کرنے کیلئے پارٹی میں لوگوں کی شمولیت کے حوالے سے بے بنیاد دعویٰ کرتے رہتے ہیں۔ گنائی نے دو ٹوک الفاظ میں پی سی پونچھ لیڈران کے بے بنیاد دعوئوں کی مذمت کی ہے ۔