ڈوڈہ ضلع میں کووڈ 19 معاملات کی اونچی اچھال
جمعہ کو 103 نئے مثبت معاملات،1فوت، 9 مریض صحتیاب
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں جمعہ کو کافی عرصہ بعد کووڈ 19 کے نئے معاملات میں اضافہ ہوا ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعہ کو ضلع کے مختلف مقامات پر ہوئی کوؤڈ جانچ کے دوران 103 افراد کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے جنہیں ہوم قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور 9 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔اس طرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر 410 و شفایاب ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد 7991 پہنچ گئی ہے۔اس دوران گندوہ سے تعلق رکھنے والے ایک عمر رسیدہ شخص کی کٹرہ ہسپتال میں کووڈ 19 سے موت ہوئی ہے اور اس طرح سے ضلع میں کورونا وائرس سے کل 139 افراد فوت ہوئے ہیں اور 656991 ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ادھر انتظامیہ کے ساتھ ساتھ نماز جمعہ پر بھی خطیبوں و ایمہ مساجد نے لوگوں سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی اپیل کی ہے۔
ڈوڈہ ضلع میں بھی ہفتہ وار بندشیں عائد
ٹیسٹنگ عمل میں تیزی لانے کے لئے متعدد مقامات پر چیکنگ پوائنٹس قائم
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //یوٹی کے دیگر حصوں کی طرح ڈوڈہ ضلع میں بھی انتظامیہ نے ہفتہ وار بندشیں عائد کیں ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما کی جانب سے جاری ایک حکمنامہ کے مطابق ہر جمعہ کو دو بجے سے لے کر پیر کی صبح چھ بجے تک ایمرجنسی سروسز کو چھوڑ کر باقی ہر طرح کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد رہے گی جبکہ ملازم حاملہ خواتین کو بھی گھروں سے کام کرنے کی چھوٹ دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی ڈوڈہ سے اس حکمنامہ کو زمینی سطح پر لاگو کرنے و خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی ہے۔اس دوران انتظامیہ میں ٹیسٹنگ عمل میں تیزی لاتے ہوئے عسر سمیت متعدد مقامات پر خصوصی چیکنگ پوائنٹ قائم کئے ہیں اور باہر سے ضلع میں داخل ہونے والے ہر شہری کا ٹیسٹ کرنے کو لازمی قرار دیا گیا ہے. ان ناکوں پر نگرانی کے لئے نوڈل آفیسر بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
۔ 40 لیٹر دیسی شراب سمیت ایک گرفتار
عاصف بٹ
کشتواڑ//کشتواڑ پولیس نے 40 لیٹر دیسی شراب اور 10 بوتلیں جے کے سپیشل وسکی سمیت ایک شخص کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے ۔پولیس تھانہ اٹھولی کی پولیس پارٹی نے پاڈر علاقہ میں دیسی شراب کی غیر قانونی فروخت اور خریداری پر تیز رفتاری سے کام کرتے ہوئے انسپکٹر وکاس جسروٹیہ کی نگرانی میں مشتبہ مقامات پر چھاپے مارے اور مین گلاب گڑھ علاقے سے 40 لیٹر دیسی شراب اور 10 بوتلیں جے کے اسپیشل وہسکی برآمد کیں۔ گرفتار افراد کی شناخت ٹینزن یونڈن ولد ٹیسرنگ یوڑا ساکنہ کبن غلام گڑھ کے طور پر کی گئی ہے جبکہ گرفتار شخص علاقے کابدنام منشیات فروش ہے۔ اس سلسلے میں ایک ایف ائی آر زیر نمبر 02/2022 زیر دفعہ 48 (a) (f) ایکسائز ایکٹ پی ایس اٹھولی میں درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی۔
ڈوڈہ میں قومی یوم رائے دہندگان کیلئے سرگرمیوںکو حتمی شکل
ڈوڈہ// ضلع انتظامیہ ڈوڈہ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر آر کے بھارتی کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں قومی ووٹر ڈے کے موقع پر سرگرمیوں کو حتمی شکل دی۔اجلاس میں مختلف سرگرمیوں کی فہرست دی گئی اور پروگرام کو احسن طریقے سے چلانے کے لیے متعلقہ افراد کو ہدایات جاری کی گئیں۔ جن سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں حلف برداری کی تقریب، نئے رجسٹرڈ ووٹروں کی مبارکباد اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کی طرف سے بہترین کارکردگی دکھانے والے شامل ہیں۔میٹنگ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ طالب علموں کے مقابلے (مضمون، مباحثہ وغیرہ) اور GDCs/اداروں میں ویبنارز جیسے "انتخابات کو شامل، قابل رسائی اور شرکت پر مبنی بنانا" کے موضوع پر منعقد کیا جائے۔پرنسپل جی ڈی سی اور چیف ایجوکیشن آفیسر ڈوڈا سے کہا گیا کہ وہ تعلیمی اداروں میں تقاریب کا اہتمام کریں۔یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ہر پولنگ سٹیشن پر BLOs کے ذریعے آن لائن تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ نئے رجسٹرڈ ووٹروں کو EIC حوالے کر کے انہیں خوش کیا جا سکے۔ تحصیلداروں سے کہا گیا کہ وہ بی ایل اوز کو اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر آن لائن پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دیں۔مزید یہ کہ مواد کو سوشل میڈیا ہینڈلز پر #NVD2022 ہیش ٹیگ کے ساتھ پوسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سمیت تمام متعلقہ افراد کو سوشل میڈیا مہم کو سنبھالنے کی ہدایت کی گئی۔ زوم کے ذریعے این وی ڈی 2022 کے جشن کے موقع پر، ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر، این آئی سی ڈوڈا سے کہا گیا کہ وہ 25 جنوری 2022 کو ای آر اوز، اے ای آر اوز، پرنسپل جی ڈی سی، چیف ایجوکیشن آفیسر، ڈوڈا کے ساتھ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر ڈوڈا کی زوم میٹنگ کا اہتمام کریں۔
لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس
ڈوڈہ //لوپیڈ ایمپلائز فیڈریشن ڈوڈہ کا تعزیتی اجلاس زیر صدارت نیاز احمد راہی ضلع صدر منعقد ہوا جس میں بھدرواہ سے تعلق رکھنے والے تین سگے بھائیوں کی پچھلے تین ہفتوں میں ہوئی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔اجلاس کے دوران انہوں نے انجینئر شاہنواز شیخ کی گذشتہ دنوں ہوئی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاندان پہلے ہی ان کے دو بھائیوں کی وفات سے صدمہ میں تھا۔ انہوں نے مرحومین کی ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی۔تعزیتی اجلاس ضلع صدر پنشنرز ایسوسی ایشن انجینئر نذیر احمد شیخ، غلام حسن پانپوری، شکیل احمد دیو، رچھپال سنگھ بھی موجود تھے۔
مقامی زبانوں کو فروغ دینے کے لئے چناب ٹائمز کی مثبت پہل
ایک سال قبل شروع کئے گئے نیوز بلیٹن کو عوامی حلقوں میں کافی پذیرائی ملی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//مقامی زبانوں کو فروغ دینے کے لیے نجی نیوز پورٹل چناب ٹائمز نے ایک سال قبل پورٹل پر مختلف زبانوں میں خبریں نشر کرنا شروع کر دی جو اب نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔2011 کی مردم شماری کے مطابق ہندوستان میں 121 کروڑ میں 19500 سے زیادہ زبانیں بولی جاتی ہیں۔ جموں کشمیر یو ٹی میں کشمیری، ڈگری، اردو ہندی اور انگریزی کو 2020 کے بل میں سرکاری زبانوں کا درجہ دیا گیا لیکن اس کے باوجود یو ٹی بھر میں کئی ایسی زبانیں ہیں جو مختلف علاقوں میں بولی جاتی ہیں جنہیں سرکاری زبان کا درجہ نہیں دیا گیا لیکن مقامی نجی نیوز پورٹل چناب ٹائمز نے ان زبانوں کو سرکاری زمرے میں نہ لانے کے لیے ماضی و موجودہ دور کی حکومتوں کی لاپرواہی قرار دیا جس کی وجہ سے خطہ چناب کی زبانیں اور ثقافت ختم ہو گی۔چناب ٹائمز سال 2021 میں خطہ چناب کی علاقائی زبانوں میں سرخیاں فراہم کرنے کے لیے ایک پہل شروع کی اور اس وقت اضافی معاونت کے طور پر اردو کے ساتھ ساتھ سرازی اور بھدرواہی میں خبریں نشر کی جارہی ہیں جس کے لیے عوامی حلقوں میں چناب ٹایمز کی پوری ٹیم کی ستایش کی جارہی ہے۔ڈوڈہ ضلع کے محلہ علاقے کے ایک مقامی رہائشی سید اللہ بٹ نے کہا کہ ہمیں اپنی مقامی زبان سرازی میں تقریبات یا پروگرام سننا پسند ہے۔ پچھلے سال جب میرے پاس چھوٹا فون تھا تو میں اپنے پڑوسی کے فون سے چناب ٹائمز پر سرازی کی خبریں سنتا تھا۔ اب میں نے روزانہ سرازی کی خبریں سننے کے لیے خاص طور پر اسمارٹ فون خریدا ہے۔ ادھیان پور علاقے کے ایک اور مقامی باشندے وسیم احمد اخون نے سرازی نیوز کو مقامی زبانوں کے فروغ کی طرف ایک مثبت قدم اور ترقی کی طرف ایک قدم قرار دیا۔
انجمن علما وائمہ مساجد تحصیل کھڑی کے صد ر کو صدمہ
بانہال/ علما کرام وائمہ مساجد کے متحدہ فورم انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک مشترکہ تعزیتی پیغام میں انجمنِ علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی خادم دارالعلوم سید المرسلین چوگام قاضی گنڈ،سرپرست اعلی مفتی محمد قاسم قاسمی امام وخطیب جامع مسجد کولگام،نائب امیر مفتی توصیف الرحمن قاسمی خطیب مرکزی جامع مسجد شانگس، ،صدرضلع رام بن مفتی جلال الدین مہتمم دارالعلوم امداد یہ کرالچی ہال ،سکریٹری ضلع رام بن مولانا مشتاق احمد مہتمم جامعہ حفصہ منڈک باس ،سرپرست تحصیل کھڑی مولاناعطا اللہ صاحب مہتمم دارالعلوم صوت القرآن کھڑی ، صدرتحصیل ڈورو حافظ اعجاز احمد بلالی مہتمم دارالعلوم مفتاح القرآن ٹنجلوں ، سکریٹری تحصیل کھڑی مفتی رفیق احمد مہتمم دارالعلوم قاسمیہ اوڑکاہ کھڑی، سرپرست ضلع رام بن مفتی خورشید احمد امام وخطیب جامع مسجد عیدگاہ بانہال،وغیرھم نے قاری فیاض احمد مہتمم جامعہ خدیج الکبری کھڑی کے ماموں کی طویل علالت کے بعد انتقال پر قاری فیاض اور باقی لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا علما کرام نے کہاکہ غم کے اس موقعے پر انجمن علما غمزدہ خاندان کے ساتھ برابرکی شریک ہے۔ علما کرام نے اللہ تعالی سے مرحوم کی مغفرت جنت نصیبی اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی
ترجمان انجمن علما وائمہ مساجدجموں وکشمیر