۔2افسروں کورجسٹرارکا اضافی چارج تفویض
سرینگر// بلال فرقانی// انتظامیہ نے جموں کشمیر انتظامی سروس کے2افسراں کو ضلع پلوامہ اور کپوارہ کے رجسٹرار کی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔عمومی انتظامی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری منوج کمار دیویدی کی جانب سے جمعہ کو جاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ فیض احمد بانڈے کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ تا حکم ثانی ضلع پلوامہ کے رجسٹرار کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی جبکہ ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ غلام نبی بٹ کو بھی تا حکم ثانی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ضلع کپوارہ کے رجسٹرار کی ذمہ داری بھی تفویض کی گئی۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ان افسراں کی جانب سے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنروں کی ذمہ داریوں کو سنبھالنے کی تاریخ سے ہی وہ اضافی ذمہ داریوں کو بھی سنبھالیں گے۔
گریز کی 2خواتین علاج کیلئے ہیلی کاپٹر سے بانڈی پورہ لائی گئیں
سرینگر//ارشاداحمد//گریز کے دوانتہائی علیل افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بانڈی پورہ پہنچایاگیا جہاں دونوں اسپتال میں علاج کیلئے داخل کئے گئے۔حکام نے بتایا کہ بانڈی پورہ ضلع انتظامیہ نے جمعہ کو برفباری کی وجہ سے گریز کاسڑک رابطہ بندہونے کی وجہ سے دومریضوں کو فوری طبی امدادکیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بانڈی پورہ پہنچایا۔ضلع کنٹرول روم بانڈی پورہ کے عہدیدار کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پردومریضوں رقیہ نصرت ساکن سردآب اور روپانی بیگم زوجہ حبیب اللہ شیخ ساکن شیخ پورہ کوہنگامی علاج کی ضرورت تھی،کووادی گریز سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایاگیا۔حکام نے بتایا بعدمیں دونوں مریضوں کو علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کیا گیاجہاں ان کا علاج شروع کیاگیا۔
۔47پولیس افسرترقیاب
جموں//جموں کشمیرپولیس میں 47افسروں کو ترقی دی گئی ہے۔محکمہ جاتی ترقیاتی کمیٹی کی سفارش پرآرمڈ پولیس کے16سب انسپکٹروں، ایگزیکیٹوپولیس کے8اسسٹنٹ سب انسپکٹروں کواگلے عہدوں پرترقی دی گئی۔ا س کے علاوہ 23افسروں کواِن سیٹوترقی دی گئی۔پولیس سربراہ نے ترقی پانے والے افسروں کو مبارکباد دی ہے اورنیک خواہشات کااظہار کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ ترقیاب افسرمزیدتندہی اورلگن سے کام کریں گے۔
کانگریس کی جانب سے رکنیت سازی مہم کا آغاز
عارف بلوچ
اننت ناگ //کانگریس پارٹی کی جانب سے رکنیت سازی مہم کا آغازہوا ہے۔کولگام ضلع کے دیوسر کانسچونسی میں رکنیت سازی مہم کا آغاز پارٹی کے سینئر لیڈر محمد امین بٹ نے کیا۔اس موقع پر بٹ نے کہا کہ کانگریس جموں کشمیر میں مضبوط پارٹی ہے اور پارٹی اسمبلی انتخابات میں ایک مضبوط دعویدار کے طور پر ابھرے گی ۔انہوں نے غلام نبی آزاد کو جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے لئے وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے مضبوط امیدوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ موصوف پارٹی کے لئے نیک شگون ہوگا۔انہوں نے آزاد کو پدم بھوشن ایوارڈ ملنے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کو ایوارڈ ان کے بہتر کام کے عوض ملا ہے۔اس دوران موصوف نے مختلف دیہات کا دورہ کیا اور مختلف عوامی وفود سے ملاقات کی۔دورے کے دوران موصوف کے ہمراہ ڈی ڈی سی ممبر ریاض احمد بھی موجود رہے۔
بانڈی پورہ میں شہری چرس سمیت گرفتار
بانڈی پورہ// پولیس نے آلوسہ بانڈی پورہ میں ایک شہری کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ برآمد کیا ۔ڈی وائی ایس پی ہیڈ کواٹر کی نگرانی میں پولیس پوسٹ آلوسہ نے کنوسا علاقے میں ناکہ چیکنگ شروع کی اور ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کی تلاشی لی گئی ۔ دوران تلاشی اس کے قبضے سے1246 نشہ آورٹیکے اور50گرام چرس برآمدکیا گیا۔ مذکورہ شخص کی شناخت وسیم راجہ ریشی ساکن کنوسا بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت بانڈی پورہ تھانہ میں کیس درج کیا۔جے کے این ایس
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی درگاہ حضرت بل میں حاضری ، امن و امان کیلئے دعا کی
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کوآثار شریف درگاہ حضرت بل میں حاضری دی اور وہیں نماز جمعہ بھی ادا کی۔انہوں نے عوام کو درپیش مسائل سے نجات حاصل کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعا مانگی۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہاں کے عوام کی خوشحالی ، مکمل امن و امان اور اُمت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق کیلئے بھی دعا کی۔ اس سے قبل انہوںنے اپنے والدین کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔
مولانا محمد یاسین ہمدانی کا31جنوری کو یوم وصال ، دعائیہ مجالس کا اہتمام ہوا
سرینگر// جموں وکشمیر کے برگزیدہ عالم دین مولانا محمد یاسین ہمدانی کا 29واں یوم وصال31جنوری کو منایا جارہا ہے۔ جمعتہ المبارک تک قرآن خوانی اوردعائے مغفرت کی مجالس کا انعقاد ہوگا۔ اِس سلسلے میں مرحوم کے مقبرہ واقع خانقاہ جامع پانپور پر اجتماعی گلباری اور فاتحہ خوانی ہوگی ۔ مرحوم نے زندگی کے 60سال تک وعظ وتبلیغ کے فرایض انجام دیئے ۔مرحوم نے آثار شریف شہری کلاش پورہ کی تعمیر نو اور اوقاف اسلامیہ پانپور کی بنیاد کے ساتھ ساتھ کئی مساجد، زیارتگاہوں اور خانقاہوں کی تعمیر وتجدید کیلئے بھی اہم رول ادا کیا۔ مرحوم کی سربراہی میں جمعیت ہمدانیہ نے کئی دینی کتابیں تصنیف کیں۔
الطاف بخاری کا پارٹی کارکن سے اظہار یکجہتی
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی سے وابستہ سینئررکن محمد اکبر ڈارکے برادر اصغر عبدالمجید ڈار کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جواپنی رہائش گاہ پر باغ راولپورہ میں رحلت کرگئے۔ ایک تعزیتی پیغام میں بخاری نے سوگوار کنبہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کو نیک سیرت اور خوش اخلاق شخص قرار دیا ۔انہوں نے کہا’’یہ جان کر انتہائی دکھ ہوا کہ ہمارے پارٹی کے قریبی ساتھی محمد اکبر ڈار کے برادر اِس دُنیا سے چل بسے، ہم دُکھ کی اِس گھڑی میں غمزدگان کے ساتھ برابر شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عنایت ہو‘‘۔ دریں اثناء اسمبلی حلقہ امیراکدل سے اپنی پارٹی کے ایک وفد نے انچارج حلقہ اور کارپوریٹر راولپورہ محمد اشرف ڈار کی قیادت میں مرحوم کے گھرکا دورہ کیا اور سوگواران کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی ظاہر کی۔
اپنی پارٹی کا اظہار ِ تعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے کاٹی پورہ ٹنگمرگ سے تعلق رکھنے والے ٹورسٹ گائیڈ فردوس احمد کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں میر نے کہاکہ ٹنگمرگ کے مشہور ٹورسٹ گائیڈ اور نیک نیت شخص فردوس احمد کی وفات پر اُسے بے حد افسوس ہے۔ انہوں نے سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہا رکرتے ہوئے مرحوم کے ایصال ِ ثواب کے لئے دُعا کی ۔
ٹنگمرگ کے دینی بزرگ محمد یوسف شاہ فوت
ٹنگمرگ//شمالی کشمیر کے ایک معروف دینی بزرگ و سابق خطیب محمد یوسف شاہ ساکن ہردہ اچھلو ٹنگمرگ کے انتقال پر سماج کے مختلف طبقہ جات نے رنج ظاہر کرکے کے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی ہے۔ مرحوم ڈی ایس پی پیرزادہ اعجاز احمد کے دادا جی تھے۔ پنشنرس ویلفیئر ایسوسی ایشن ٹنگمرگ، پروفیشنل سٹوڈنٹس گلڈ ٹنگمرگ، جرنلسٹس ایسوسی ایشن ٹنگمرگ، جموں کشمیر سول سوسائٹی کے چیئرمین عبدالقیوم وانی، سابق کمشنر سیکریٹری ایجوکیشن اور این سی سے وابستہ لیڈر فاروق احمد شاہ، پروفیسرعبدالجبار گوکہامی، کشمیر عظمیٰ کے نامہ نگار مشتاق الحسن، ٹیچرس فورم، بانگل ویلفیئر سوسائٹی اور کالم نویس احمد کشمیری نے ٹریڈرس فیدڑیشن ٹنگمرگ، کنزر، چندیلورہ نے محمد یوسف شاہ کے انتقال پر سوگواران سے تعزیت کی۔
بڈگام میں ڈیجیٹل خواندگی کیلئے 38 ہزارمستفیدین رجسٹر
جسمانی طور خاص افراد کو امداد فراہم کی جائے گی:ڈپٹی کمشنر
بڈگام//ڈپٹی کمشنر بڈگا م شہباز احمد مرزا نے ضلع بھر میں پردھان منتری گرامین ڈیجیٹل ساکھشرتا ابھیان (PMDISHA) کے تحت پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 42000 ہدف میں سے 38000 مستفیدین کو ڈیجیٹل خواندگی کے لیے رجسٹر کیا جا چکا ہے اور اب تک 20000 سے زیادہ کی تصدیق ہو چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل خواندگی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور متعلقہ افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ تمام ٹارگٹڈ گھرانوں میں ڈیجیٹل خواندگی مہم کو تیز کریں اور فروری 2022 تک ہدف مکمل کریں۔سی ای او بڈگام اور این آر ایل ایم حکام کو ہدایات دی گئیں کہ وہ ڈیجیٹل خواندگی پر متعلقہ افراد کی مدد کریں اور شناخت شدہ ٹارگٹ گروپس کو تیز رفتار بنیادوں پر تصدیق کرنے کے عمل کو مکمل کریں۔ایک علیحدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، ڈی سی نے ALIMCO کے تعاون سے جسمانی طور خاص افراد کی رجسٹریشن اور ان کی امداد کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے پنچایت وار کیمپوں کے انعقاد پر زور دیا اور سماجی بہبود اور اسکولی تعلیم کے محکموں کو ہدایت دی کہ وہ معذور، غذائی قلت کے شکار، خون کی کمی کے شکار بچوں، حاملہ، دودھ پلانے والی ماؤں اور نوعمر لڑکیوں کی شناخت کے لیے تال میل میں کام کریں۔انہوں نے تمام آنگن واڑی مراکز پر پوشن واٹیکاس کے قیام اور پینے کے صاف پانی اور بیت الخلا کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا اور اس کے علاوہ پنچایت وار این ایس اے پی اور آئی ایس ایس ایس پنشنرز کی نمائش کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ڈی سی نے طلباء کو پری اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ ایوارڈز کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے دانشورانہ طور پر معذور افراد کی رجسٹریشن اور نیشنل ٹرسٹ انشورنس اسکیم میں ان کی کوریج کے لیے پریمیم کی ادائیگی پر زور دیا۔
پھاک فورم کی NEETکیلئے کامیاب قرار پائے طالب علم کو مبارکباد
سرینگر//پھاک فورم کے اراکین ملنار ہارون کے طفیل احمد کی رہائش گاہ پر گئے جنہوں نے سخت محنت اور عزم کے ساتھ2022 NEET میں کامیابی حاصل کی ۔ ضلع سرینگر کا پہلا قبائلی لڑکا طفیل پھاک کے علاقے کا فخر ہے۔ وہ اس سے قبل NIT Sgr اور BDS میں بھی سول انجینئرنگ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔طفیل نے کہا کہ وہ رہنمائی کے لیے اپنے اساتذہ اور اخلاقی مدد کرنے پر دوستوں کا بہت مشکور ہے۔