مزید خبریں

حد متارکہ اور ملی ٹینسی متاثرین 

ڈپٹی کمشنر پونچھ کی صدارت میں کمیٹی کی میٹنگ 

۔10میں سے 7معاملات کو منظوری دی گئی 

پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ضلع سطح کی سکریننگ و کنسلٹیٹو کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی ۔اس دوران حد متارکہ پر فائرنگ ا ور شلنگ سے ہلاک ہونے والے افراد کے کیسوں پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ان کے لواحقین کو ایس آر او 43کے تحت ملازمت فراہم کرنے اور ایکس گریشیاء ریلیف دینے پر بھی بات ہوئی ۔میٹنگ میں ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر بشارت حسین ، ایڈیشنل ایس پی انوار الحق اور 93انفینٹری بریگیڈ ، سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے نمائندگان بھی موجو دتھے ۔اس دوران حد متارکہ پر فائرنگ اور شلنگ کی وجہ سے زخمی یا ہلاک ہونے والے اور ملی ٹینسی سے متاثرہ دس کیسوں کو زیر بحث لایاگیا۔کمیٹی نے ایک کیس کو ایس آر او 43کے تحت منظوری دی جبکہ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے دو معاملات میں ان کے لواحقین میں سے ایک ایک فرد کی تعیناتی کیلئے کلیئرنس دی گئی ۔اس کے علاوہ تین معاملات میں نقدی امداد کے طور پر چار لاکھ روپے منظور کئے گئے جبکہ کلی طور پر معذورہونے والے ایک شخص کو 75ہزار روپے کی نقد امداد دینے کو منظوری دی گئی ۔کمیٹی نے لوازمات پورا کرنے کیلئے دو معاملات کو التوا میں رکھا جبکہ ایک کیس کو مزید بحث کیلئے ایمپاورڈ کمیٹی کو بھیجاگیا۔
 

انجمن روداد البشر کا اجلاس منعقد

بختیار حسین
 
سرنکوٹ //انجمن روداد البشر کی جانب سے ڈاک بنگلہ سرنکوٹ میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا۔میٹنگ کی صدارت انجمن کے چیئرمین محمد عزیز خان نے کی۔اس موقعہ پر مقررین نے ضلع انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے محکمہ بجلی کی کارگردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بجلی سپلائی کا برا حال ہے لیکن ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو بل لوگوں کو تھمادیئے جاتے ہیں ۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرنکوٹ کے کئی علاقوں میں پانی سپلائی نہیں کیاجارہا اور متعلقہ ملازمین و افسران غفلت کی نیند میں سوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹ نظام بھی دیگر گوں ہے اور لوگوںکو ڈرائیوروں کی جانب سے دو دو ہاتھوںسے لوٹاجارہاہے ۔ان کاکہناہے کہ ڈرائیور کھلے عام اضافی کرایہ وصول کررہے ہیں اور قوانین کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ سرنکوٹ کے عوامی مسائل حل کئے جائیں ۔
 

راجوری کالج میں طلباء کے والدین اور اساتذہ کا اجلاس 

راجوری//گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج راجوری کی کمیٹی برائے ثقافت و ادب کی طرف سے طلباء کے والدین اور اساتذہ کا ایک اجلاس منعقد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں والدین نے شرکت کی ۔ اس اجلاس کی صدارت کالج کے پرنسپل ڈاکٹر جے اے قاضی نے کی جبکہ اس موقعہ پر پروفیسر ایچ ایس ایشر مہمان خصوصی تھے ۔میٹنگ میں تمام عملہ بھی موجو دتھے ۔ا س دوران تبادلہ خیال کا طویل سیشن چلا اور کئی معاملات زیر بحث لائے گئے ۔کمیٹی برائے ثقافت و ادب کے کنوینئر پروفیسر محمد اقبال رینہ نے کہاکہ اس طرح کا اجلاس منعقد کرنے سے یقینا طلباء کو فائدہ ہوتاہے ۔ نظامت کے فرائض شعبہ فارسی کے صدر ڈاکٹر سجار ملک نے انجام دیئے جبکہ خطبہ استقبالیہ شعبہ انگریزی کے صدر پروفیسر سلیم وانی نے پیش کیا ۔اس موقعہ پر پروفیسر عبدالقیوم خان ، ڈاکٹر شمیم احمد آزاد ، پروفیسر جاوید مغل ، پروفیسر اسد اللہ خان ، پروفیسر ضمیر احمد مرزا، ڈاکٹر انور شاہ ، پروفیسر ایم آر شرما، ڈاکٹر عبدالحق نعیمی ، ڈاکٹر نسیم احمد ، پروفیسر محمد جہانگیر اصغر ، پروفیسر نوین شرما، پروفیسر اسرار احمد اور دیگران بھی موجو دتھے ۔آخر پر ڈاکٹر غلام عباس نے شکریہ کی تحریک پیش کی ۔
 

مرکزی معاونت والی سکیموں میں شفافیت 

ڈی ٹی بی اور پی ایف ایم ایس کاجائزہ لیاگیا

نیوز ڈیسک
 
پونچھ //ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر نے ضلع افسران ، بینکروں اور دیگر حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے ڈائریکٹ بینفٹ ٹرانسفر (ڈی بی ٹی )اور پبلک فائنانشل مینجمنٹ سسٹم (پی ایف ایم ایس ) کی مرکزی معاونت والی سکیموں میں عمل آوری کاجائزہ لیا ۔میٹنگ میں اے ڈی ڈی سی عبدالحمید ، سی پی او سیوا رام ، پی او آئی سی ڈی ایس منظور چوہدری ، ڈی ایس ڈبلیو او ، سی ای او ، سی ایم او و دیگر محکمہ جات کے افسران بھی موجو دتھے ۔اس موقعہ پر پی ایف ایم ایس پورٹل اور ڈی بی ٹی موڈ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیااور ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اس عمل میں مزید تیزی لائیں تاکہ سو فیصد شفافیت کو یقینی بنایاجاسکے ۔ انہوںنے بینکروں کو ہدایت دی کہ وہ سالانہ کریڈٹ پلان میں بہتر لانے کی کوشش کریں ۔
 

 راجوری کے طلبا بیرون ریاست کی سیر پر روانہ 

طارق شال 
 
تھنہ منڈی //راجوری کے پسماندہ اور دور دراز دیہاتوں سے تعلق رکھنے والے 20 طلبا کو ملک کی دیگر ریاستوں کی سیر پر روانہ کیا گیا ۔ان کو میجر جنرل راج سنہا نے تھنہ منڈی سے ہری جھنڈی دکھائی۔اس سلسلے میںراشرایہ رائفل کی طرف سے تھنہ منڈی میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں میجر جنرل راج سنہا کے علاوہ آرمی آفیسر اجے چاند پوریہ 13 راشٹریہ رائفل، سب ڈیویژنل مجسٹریٹ تھنہ منڈی محمد افضل مرزا،ایڈمنسٹریٹر اوقاف اسلامیہ شاہدرہ شریف عبدالقیوم ڈار،پرنسپل ڈگری کالج تھنہ منڈی ڈاکٹر شکیل احمد رینہ، تحصیلدار تھنہ منڈی شاہد اقبال، پرنسپل ماڈل بوائز ہائر اسکینڈری اسکول تھنہ منڈی صدیق احمد گنائی،سرکاری اسکولوں کے ہیڈ ماسٹر، طلباء اور ان کے والدین بھی موجود تھے ۔اس دوران طلباء کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیاگیا۔ وہ اس دورے میںہریانہ، پنجاب، چندی گڑھ اور دلی جیسی جگہوں پر تاریخی اور معلوماتی مقامات دکھائے جائیںگے ۔ان نوجوانوں کو صنعتی مراکز بھی لیجایاجائے گاتاکہ وہ خود روزگار حاصل کرنے کیلئے اپنے اپنے یونٹ قائم کرسکیں ۔ ایڈمنسٹریٹر اوقاف ودیگران نے فوج کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی ۔بعد میں میجر جنرل راج سنہا نے ماڈل بوائزہائر اسکینڈری اسکول تھنہ منڈی کا دورہ بھی کیا۔
 

پونچھ میں میگا جاب میلہ کا اہتمام 

پونچھ //محکمہ روزگار و کونسلنگ سنٹر کی طرف سے گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ میں ایک میگا جاب میلہ منعقد کیاگیا جس میں مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق احمد ز رگر تھے ۔اس موقعہ پر ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے اور کالج کے پرنسپل پروفیسر مسرت حسین شاہ بھی بطور مہمانان موجو دتھے ۔اس میلے میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ۔اس دوران 600سے زائد نوجوانوں کاضلع ایمپلائمنٹ و کونسلنگ سنٹر کے ساتھ اندراج کیاگیاجبکہ 100سے زائد پلیس منٹ بھی کی گئی ۔اس دوران نوجوانوں پر زور دیاگیاکہ وہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے روزگار سے جڑیں اور پرائیویٹ سیکٹر سے بھی فائدہ حاصل کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے پرائیویٹ سیکٹر پر زور دیاکہ دور افتادہ علاقوں میں بھی ایسے ہی پروگرام منعقد کئے جائیں تاکہ ٹیلنٹ کو سامنے لایاجاسکے ۔اس موقعہ پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایمپلائمنٹ زمود احمد نے اس پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی اور کہاکہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کئے جائیںگے ۔ انہوںنے کہاکہ ضلع میں لائبریری اور مستقل کونسلنگ سنٹر کے قیام کے حوالہ سے اعلیٰ حکام سے بات کی گئی ہے۔
 

لمیڑی اور چنگس میں پولیس ۔عوام اجلاس  

راجوری //عوام کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے پولیس نے چنگس اور لمیڑی میں عوامی اجلاس منعقد کرکے لوگوں کے مسائل سنے ۔اس سلسلے کا ایک اجلاس لمیڑی کے دھیرا علاقے میں ہواجس میں بھولا رام ، شلیندر کمار ، کندن لعل ، بنسی لعل و دیگرمقامی لوگوں نے شرکت کی ۔انہوںنے پی ایچ سی لمیڑی ، مقامی سڑک روابط ، بجلی اور پانی کے مسائل اجاگر کئے ۔ میٹنگ کی صدارت انچارج پولیس پوسٹ لمیڑی سب انسپکٹر وکرم جسروٹیہ نے کی ۔ یہ اجلاس ایس ایچ او نوشہرہ کرن چلہوترہ کی سربراہی میںہوا۔اسی سلسلے کی ایک اور میٹنگ چنگس چٹیار میں ہوئی جہاں بھی بڑی تعداد میں لوگوںنے شرکت کرکے اپنے اپنے علاقے کے مسائل سے روشناس کروایا۔اس میٹنگ کی صدارت پولیس پوسٹ چٹیار کے انچارج سب انسپکٹر فرید احمد نے کی ۔ دونوں میٹنگوں کے دوران پولیس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ امن و قانون کی صورتحال بنائے رکھنے میں تعاون دیں اور منشیات کے خلاف چلائی جارہی مہم کو کامیاب بنوائیں ۔
 
 
 
 
تھنہ منڈی کی نجار برادری کو صدمہ 
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی کے سماجی کارکن اور اسٹام فروش غلام رسول نجا ر کی وفات سے نجار برادری کو صدمہ پہنچاہے۔ مرحوم غلام رسول نجار کی عمر 60 برس تھی ۔ پیر کے روزوہ حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔مرحوم پچھلے کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔ بعد نماز مغرب انہیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔ ان کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مقامی سیاسی و سماجی تنظیموں نے مرحوم کی روح کی تسکین کیلئے دعائے مغفر ت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔