مزید خبریں

شوپیان میں 3دیہات کا محاصرہ 

 گولیوں کی آواز سنی گئیں

شاہد ٹاک
شوپیان// شوپیان ضلع کے مضافاتی دیہات میں محاصرے کے دوران فائرنگ ہوئی تاہم فورسز کو کچھ ہاتھ نہیں لگا۔فورسز نے پیر کی سہ پہر ساڑھے چار بجے فورسز نے گُنڈ وین امام صاحب ،ترکہ وانگام اور نولی پوشواری کے باغات میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی۔ تلاشی کاروائی کے دوران نولی پوشواری میں گولیوں کی آواز سُنائی دی گئی۔تاہم یہ معلوم نہ ہو سکا کہ گولیاں کس نے چلائی۔ اس سلسلے میں پولیس نے کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران پوشواری گاؤں میں کچھ ہی دوری پر سیب کے باغیچوں سے گولیوں کی آواز سنی گئی اسکے کچھ دیر بعد آپریشن ختم کردیا گیا۔
 

آئینی تخصیص کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ناقابل برداشت :مدنی

دفعہ 370 جموں وکشمیر کے ہندوستان سے الحاق کی بنیاد 

اننت ناگ،//حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا ہے کہ ریاست کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 ریاست کے ہندوستان سے الحاق کی بنیاد ہے۔ پی ڈی پی کے نائب صدر سرتاج مدنی نے پیر کے روز یہاں پوسٹ آفس پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہندوستان کے لوگوں کو سوچنا اور سمجھنا چاہیے کہ جموں وکشمیر کا اگر کوئی رشتہ ہندوستان کے ساتھ ہے تو اس کی بنیاد دفعہ 370 ہے۔ مجھے نہیں پتہ کہ ان کا دماغی توازن کہاں ہوتا ہے جب وہ دفعہ 370 کو ہٹانے کی بات کرتے ہیں۔سرتاج مدنی نے یوپی کے سیاست دان امرسنگھ کے حالیہ بیان پر شدید رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ امرسنگھا ور ان جیسے لوگوں کو اپنی فکر کرنی چاہئے اور دفعہ 370اور ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی پوزیشن پر بلا وجہ بیان بازی نہیں کرنی چاہئے ۔سرتاج مدنی نے کہاکہ چند فرقہ پرست عناصرمضر بیانات دے کر ریاستی مسلمانوں بالخصوص اور ملکی مسلمانوں کا بالعموم دل اور جذبات مجروح کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کرتے ہیں ۔ جموں وکشمیر کے ہندوستان سے الحاق کی بنیاد دفعہ 370 ہے۔ دفعہ 370 جموں وکشمیر اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کا پل ہے۔ اگر آپ اس کو ہٹانے کی بات کریں گے تو الحاق کہاں رہے گا‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لکھ کر دیا ہے کہ وہ دفعہ 370 کو ہٹانے کی بات نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا ’ہماری پارٹی کے قائد مرحوم مفتی محمد سعیدنے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ الائنس کیا ہے۔ طرفین کے مابین طے پائے گئے ایجنڈا آف لائنس میں کلیئر ہے کہ وہ دفعہ 370 کی بات نہیں کریں گے۔ ہم نے دفعہ 370 کو بچانے کے لئے الیکشن لڑا ہے۔ ہم اپنے اس ایجنڈے پر کاربند ہیں‘۔ مسٹر مدنی نے کہا کہ پی ڈی پی مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے ہی معرض وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا ’محبوبہ مفتی نے کل لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہمیں ایک موقعہ دیں۔ ہم جموں وکشمیر کے سیاسی مسئلے کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ پی ڈی پی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کا حل ہے‘۔
 
 

دھونس دبائو سے جہدو جہد دب نہیں سکتی: انقلابی

سرینگر// قومی محاذِ آزادی کے سینئر رُکن اعظم انقلابی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ ٹھیک ہے کہ ملّتِ اسلامیہ کے خواص یعنی مسلم حکمرانوں اور علمائے دین کی بے حِسی کی وجہ سے ملّت کی شیرازہ بندی کی  آرزو پوری نہیں ہوتی، تاہم یہ بات باعثِ اطمینان اور راحت ہے کہ ملّت کے عوام اجتماعی حسِ اور چُبھن واضطراب کی وجہ سے رجائیت پسندی اور اُمید کا ماحول پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔عام مومنین عقیدۂ توحید اور آخرت کے ساتھ قلبی تعلق کے حوالے سے دعوت اور مُزاحمت کے موضوع پر صبح و شام غور کرتے رہتے ہیں۔ اُن کی باطنی بیقراری کی وجہ سے ہی ارکانِ دین محفوظ ہیں۔انہوں نے کہاکہ  اخبارات کی یہ خبر پڑھ کر میں بھی افسردہ ہوا۔ تاہم سنبھل کر میں تصوّرات کی دنیا میں پرواز کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح صاحب کی قبر پر حاضر ہوا اور قائد مرحوم کی عظمت کو سلام پیش کرتا رہا۔ قیام پاکستان کی تحریک واقعی ایک مقدّس تحریک تھی۔ موجودہ پاکستان اگر شعوری طور قلب و جگر کی پوری یکسوئی کے ساتھ دعوتی تحریک سے وابستہ ہوجائے تو اسلامی جمہوریہ پاکستان واقعی اسلامی نشاۃ ثانیہ کا مرکز اور محوربن سکتا ہے۔ پھر مغربی استعماری قوتوں کے خبُثِ باطن سے مرعوب ہونے کی ضرورت نہیں۔ پوری ملّت غزوۂ بدر کی مجلس شوریٰ کے معزّز اور مکرّم ارکان کی باطنی نظریاتی کیفیت کے ساتھ ایک تعلق پیدا کرے۔ پھر ملت کی شیرازہ بندی کا کام آسان ہوگا اور مغربی مستعمرین کی ریشہ دوانیوں سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ہم بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ آپ ایشیا کو داخلی اتھل پتھل سے بچانے کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ ایک امریکہ کیا اگر دس ایسے ملک بھی بھارتی حکمرانوں کی ضد اور ہٹ دھرمی کی بقا میں معاونین کارول ادا کریں پھر بھی کشمیری قوم کہتی رہے گی کہ یہ ملک ہمارا ہے، اس کا فیصلہ ہم کریں گے۔ حق خود ارادیت کی تحریک پوری شدّت اور حدّت سے باقی رہے گی۔ ظالموں کا قصرِ ظلم و عدوان زمین بوس ہوگا۔
 

کامران یوسف کی درخواست ضمانت

فیصلہ 21فروری کو صادر ہونے کی توقع

نئی دہلی//فوٹوجرنلسٹ کامران یوسف کی طرف سے دائرضمانتی عرضی پردہلی کی عدالت ممکنہ طورپر21فروری کواپنافیصلہ سنائے گی ۔خیال رہے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں گرفتارکشمیری فوٹوجرنلسٹ کی ضمانتی عرضی کوعدالت نے زیرسماعت لاتے ہوئے پچھلے ہفتے اپنافیصلہ محفوظ رکھاتھااورسوموارکوپھراس معاملے کی سماعت ہوئی اورجج نے اگلی سماعت کیلئے نئی تاریخ مقررکردی ۔پٹیالہ ہائوس کورٹ نئی دہلی میں کشمیری نوجوان فوٹوجرنلسٹ کامران یوسف کے وکیل کی جانب سے اپنے موکل کی طرف سے دائرکردہ ضمانتی درخواست کی پھرسماعت ہوئی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایڈیشنل سیشنزجج پٹیالہ ہائوس کورٹ ترون شیراوت نے ضمانتی عرضی کی سماعت کے دوران کہاکہ اب اس معاملے کی اگلی سماعت رواں ماہ کی21تاریخ کواسی عدالت میں ہوگی۔بائورکیاجاتاہے کہ اُسی روزجج موصوف کامران یوسف کی دائرضمانتی عرضی پراپنافیصلہ سنادیں گے ۔خیال رہے پچھلے ہفتے عدالت نے اس معاملے میں اپنافیصلہ محفوظ رکھتے ہوئے اگلی سماعت کیلئے19فروری کی تاریخ مقرر کی تھی ۔غورطلب ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی جانب سے ماہ جولائی اگست2017میں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں نصف درجن سے زیادہ کشمیری مزاحمتی لیڈران اورایک معروف تاجرکی گرفتاری عمل میں لانے کے دوران ہی این آئی اے نے جنوبی ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان فوٹوجرنلسٹ کامران یوسف اورضلع کولگام کے ایک نوجوان جاویداحمدبٹ کوبھی ستمبر2017میں گرفتارکیاتھا۔
 
 

لبریشن فرنٹ پولیس کارروائیوں پر برہم

سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین نے شمالی کشمیر میں تنظیم کے اراکین پر پولیس کی زیادتیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے فرنٹ کے ضلع سیکریٹری مولوی ریاض احمد کو حال ہی میں گرفتار کرکے تھانہ چھورو میں مقید رکھا ہوا ہے جبکہ فرنٹ کے اراکین عبدالعزیز لون، عبدالمجید شاہ اور محمد امین کو گرفتار کرنے کیلئے ہندوارہ پولیس ان کے گھروں پر چھاپے مار رہی ہے۔ محمد یاسین ملک نے اس طرح کی کارروائیوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں سیاسی مکانیت کو مسدود کیا گیا ہے یہاں تک کہ جمہوریت کا راگ الاپنے والوں نے اب ماتم کرنے اور تعزیت پرسی پر بھی پابندی لگادی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
 

گاندربل میںلاپتہ نوجوان کے لواحقین کا دھرنا

ارشاد احمد
 
گاندربل//واسکورہ گاندربل کے لاپتہ شہری کی بازیابی کے حق میں اُن کے عزیز و اقارب نے گاندربل سمبل شاہراہ پر دھرنا دیکر گھنٹوں ٹریفک کی نقل و حرکت مسدودکی۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے سے زائد عرصے سے 28 سالہ جوان منیر احمد بابا ولد محمد افضل ساکن واسکورہ 11 فروری کو بٹہ مالو سرینگر سے لاپتہ ہوگیا ہے۔احتجاجی افراد نے ٹریفک کی نقل و حمل روک کرلاپتہ نوجوان کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ ڈی ایس پی گاندربل کی یقین دہانی کے بعد دھرنا پر بیٹھے افراد منتشر ہوگئے۔
 
 

پٹنہ میں چھٹی سی پی اے کانفرنس منعقد

قانون ساز کونسل چیئرمین او رنائب سپیکر کی اختتامی اجلاس میں شرکت 

بہار//قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی اور نائب سپیکر قانون ساز اسمبلی نذیر احمد گریزی نے پٹنہ بہار میں منعقدہ چھٹی سی پی اے کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں شرکت کی ۔کانفرنس کے آخری دِن قانون سازیہ اور عدلیہ میں اختیارات الگ کرنے کے موضوع پر بحث و تمحیص ہوئی ۔کانفرنس کی صدارت لوک سبھا کی سپیکر سمیترا مہاجن نے کی۔اسمبلی کے نائب سپیکر نذیر احمد گریزی نے ریاست کی نمائندگی کرتے ہوئے ریاست کی دیر پا ترقی میں قانون سازیہ کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازیہ اور عدلیہ جمہوریت کے دو اہم ستون ہیں۔انہوں نے آئین کے حدود میں رہنے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اداروں کو اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ آئین کے دفعہ 120 اور دفعہ 121 کے تناظر میں دونوں اداروں کو اپنے فرائض انجام دینے چاہئیے۔انہوں نے کانفرنس میں موجود مدعوبین کے کشمیر آنے کی دعوت دی ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے ملک کی دیگر ریاستوں کے لوگوں کو جموں وکشمیر کی مہمان نوازی کے بارے میں تجربات حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
 
 

 رفیع آباد کا معروف قاری فوت

جمعیت علمائ،مجلس تحفظ ختم نبوت اور اہل مدارس کا اظہار تعزیت

سرینگر//جمعیت علماءاہلسنت والجماعت جموں وکشمیر،مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع بارہمولہ اور اہل مدارس نے علاقہ رفیع آباد کے معروف قاری محمد ایوب وانی ساکن اچھہ بل کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کہا ہے۔ جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے جمعیت علماءکی طرف سے قاری محمد ایوب کو خراج عقیدت پیش کیا۔مولانا نے امت مسلمہ بالخصوص اہل مدارس ،ائمہ مساجد اورعلماءسے مرحوم کیلئے ایصال ثواب کیلئے دعا کی درخواست کی۔مرحوم کے جنازے میں سینکڑوں علمائ،حفاظ وقراءاور ائمہ مساجد کے ساتھ ساتھ ہزاروں فرزندان توحید، جمعیت علماءجموں وکشمیرا ورمجلس تحفظ ختم نبوت کے سرکردہ زعماءنے شرکت کی۔
 

حکام کا طرزعمل غیر جمہوری اور غیر اخلاقی:محاذ آزادی

سرینگر// محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے اس بات پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیاہے کہ حکمران طاقت کے نشے میں نہ صرف غیر سیاسی اور غیر جمہوری بلکہ غیر اخلاقی طرز عمل اختیار کرکے کشمیرمیں ظلم و تشدد کی انتہاکررہے ہیں۔ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر طرف گولی اور لاٹھی سے فورسز اہلکاروں نے قتل و غارت کا بازار گرم رکھا ہے جبکہ اس کے برعکس نہتے کشمیری جمہوری اورسیاسی انداز میں تحریکی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ بھی عوام کی آوازکا مقابلہ سیاسی سطح پر ہی کریں نہ کہ قیدو بند کا طرزعمل اختیار کرکے مرعوب کرنے کی کوشش کریں۔
 

بانڈی پورہ میں انہدامی کارروائی

بانڈی پورہ /عازم جان/کنن گجر پتی میں محکمہ مال نے تحصیلدار بانڈی پورہ کی سربراہی میں ایک انہدامی کارروائی کے دوران چارغیر قانونی تعمیر ات کو منہدم کیا ہے۔اس دوران چند افرادنے محکمہ مال کے اہلکاروں پر حملہ کیا ۔
 

انجمن شرعی شیعیان کے تربیتی کیمپ اختتام پذیر

سرینگر// انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اورحریت (گ)رہنماآغا سید حسن نے گوم احمد پورہ میں تنظیم کی فعالیت کے حوالے سے تنظیمی کارکنان سے صلاح مشورہ کیا۔اس موقعہ پر آغا حسن نے علاقے میں کچھ عرصے سے بند پڑے شاخ جامعہ باب العلم کو از سر نو متحرک کرنے کی تقریب میں شرکت کی ۔اس دوران انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے جامعہ باب العلم میرگنڈ بڈگام ، مکتب الزہراؑ حسن آباد، خانقاہ میر شمس الدین اراکی ؒجڈی بل اور میربحری میں منعقدہ دینی تربیتی کیمپ اختتام پذیر ہوئے۔
 

فاروق عبداللہ کا اظہارِ تعزیت

سرینگر//صدرِ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شمالی کشمیر کے عالم الدین ، عالم باعمل اور قریشی خاندان کے چشم و چراغ الحاج سید محمد حسین قریشی (دلنہ بارہمولہ) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر قریشی خاندان خصوصاً مرحوم کے لائق فائق فرزندان اور برادر اصغر الحاج پیرزادہ سید محمد شفیع قریشی کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے بھی دعا کی۔
 
 

پولیس اور فورسز کی زیادتیاں انسانی اقدار کے منافی:ہاشم قریشی

سرینگر// ڈےمو کرےٹک لبرےشن پارٹی کے چیئرمےن ہاشم قرےشی نے جموں کشمےر مےں فوج اور رےاستی پولےس کی طرف سے جاری مظالم کا بازار گرم رکھنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اےسی جارحیت نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ جمہوری اور انسانی اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمےر کی سر زمےن کو فوجی چھاونی مےں تبدےل کرنا اور سر حدوں پر گولہ باری اور آرپار معصوم کشمےری عوام کے جانوں کا اتلاف ہونے کی وجہ مسئلہ کشمےر ہے جو دونوں ملکوں کی تعمےر و ترقی اور خوشحالی کے درمےان سب سے بڑی رکاوٹ ہے اور جب تک مسئلہ کشمےر کا پائےدار حل سامنے نہےں آئے گا تب تک نہ صرف آرپار جموں کشمےر کے عوام بلکہ ہندوستان اور پاکستان کے عوام بھی دونوں ملکوں کی اےٹمی ہتھےاروں اور نفرت کے بھےنٹ چڑھتے رہیںگے۔
 
 

 کولگام میں رورل میڈیا ورکشاپ کا اہتمام

سرینگر/ / پریس انفارمیشن بیورو سرینگر نے ڈی سی آفس کولگام کے کانفرنس ہال میں ایک روزہ رورل میڈیا ورکشاپ/وارتلاپ کا اہتمام کیا جس کا مقصد مقامی صحافیوں کو مرکزی معاونت والی اسیکموں اور عام لوگوں کو فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے میں ذرائع ابلاغ کے کردار کے بارے میں باخبر کرنا تھا۔ پروگرام کی صدارت ممبر پارلیمنٹ نذیر احمد لاوے نے کی جبکہ ورکشاپ میں ضلع انتظامیہ سے تعلق رکھنے والے افسران کے علاوہ ضلع کولگام اور اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے 70سے زائد ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔ نذیر احمد لاوے نے اپنے افتتاحی تقریر میں ذرایع ابلاغ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ لوگوں کو مرکزی اور ریاستی سرکار کی جانب سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے میں میڈیا کا اہم کردار بنتا ہے۔ پروگرام کے دوران سوال و جواب کے مختلف سیشنوں کا انعقاد بھی ہوا ۔پروگرام کا اختتام پی آئی بی سرینگر کے ڈپٹی ڈائریکٹر شری غلام عباس کے تحریک شکرانہ پر ہوا۔ 
 

صلاح الدین تحریک کی علامت 

بغاوت کی خبریں بے بنیاد:شیخ جمیل الرحمان

مظفر آباد// متحدہ جہاد کو نسل کے سیکریٹری جنرل شیخ جمیل الرحمان نے سید صلاح الدین کو تحریک آزادی کشمیر کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے متعلق بغاوت یا کسی دباﺅ کی خبریں پھیلاکر بھارتی میڈیا اپنا مذاق اڑا رہا ہے ۔ شیخ جمیل الرحمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سید صلاح الدین صرف حزب اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نہیں بلکہ وہ پوری تحریک آزادی کے رہنما اور اس کی علامت کے طور پر بھی پہچانے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا ” بغاوت یا دباو کی یہ کہانیاں مفروضوںپر مبنی ہیں ،جن کا حقیقت سے دور دور تک تعلق نہیںبلکہ سید صلاح الدین کی قیادت میں یہ تحریک پوری قوت سے حصول منزل تک جاری رہے گی“۔انہوں نے کہا کہ ان کی رہنمائی میں تحریک آزادی کشمیر پوری قوت سے جاری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس تحریک کو طاقت کے بل پر ختم کرنا دور کی بات ،اسے کمزور کرنے میں بھی یہ نہ صرف ناکام ہوگئے بلکہ بہت کم وسائل ہونے کے باوجود عسکریت پسند کا میابی کے ساتھ منزل کی طرف رواں دواں ہیں ۔