عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستانی اقدامات سنگ میل:مسلم لیگ
سرینگر// مسلم لیگ نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اقوام عالم پر سب سے زیادہ اثرو رسوخ رکھنے والے چھ ممالک کے لئے مسئلہ کشمیر کی حساسیت کو اجاگر کرنے کے لئے معتبر سفیر بھیجنے اور /6اپریل کو یوم یکجہتی منانے کوکشمیر حل کیلئے ’’سنگِ میل ‘‘قرار دیا۔لیگ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ترجیحی بنیادوں پر مزید ٹھوس اقدامات کرے گا تاکہ مسئلہ کشمیر اپنے تاریخی تناظر میں جلد از جلد حل ہو سکے۔ لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور تنہا کرنے کے ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان نے پچھلے ستر برسوں سے جس طرح عالمی فورموں پر جموں کشمیر کے عوام کے مطالبہ آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر مدد اور وکالت کی اور کشمیریوں کے دردو کرب کو دنیا میں اجاگر کیا جس کی وجہ سے پوری دنیا مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے واقف ہوگئی اور رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے لگی وہ نہایت ہی قابل فخر کارنامہ ہے۔ سجاد ایوبی نے کہا کہ ہمیںاس بات کا ادراک ہے کہ مسئلہ کشمیرنے پاکستان کے وجود کو کئی سنگین خطرات سے دوچار کر دیا بلکہ ہر گذرتے دن کے ساتھ ان میں مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے لہذا ہم پاکستانی حکومت، فوج اور دینی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی تمام تر توجہ اور ترجیحات مسئلہ کشمیر کے حتمی حل پر مرکوز کریں اور اپنی پوری سیاسی اور سفارتی طاقت استعمال کرتے ہوئے اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کواس کے تاریخی پس منظر میں نبھانے کا احساس دلائیں۔
حکمہ دیہی ترقی نے نیا سافٹ وئر جاری کیا
جموں//محکمہ دیہی ترقی میں مزید شفافیت اور جوابدہی لانے کے سلسلے میں محکمہ نے جموں میں سیکوئیر سافٹ وئیر جاری کیا۔ سیکوئیر کا آغاز محکمہ دیہی ترقی نے پنچائت بھون ریل ہیڈ کمپلیکس میں منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ کے دوران کیا۔ورکشاپ کا افتتاح سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندہ نے کیا اور سیکوئیر کو شفافیت لانے میں ایک اہم سنگ میل تعبیر کیا۔
سیلف ہیلپ گروپس بانڈی پورہ میں چکیں تقسیم
بانڈی پورہ//خواتین کو بااختیار بنانے اورانہیں حصول روزگار کے قابل بنانے کی ایک پہل کے تحت محکمہ زراعت نے آج بانڈی پورہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا۔اس موقعہ پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو،بانڈی پورہ حمید اختر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھیں ۔جنہوں نے آتمام سکیم کے تحت 3سیلف ہیلپ گروپس میں 30000روپے کے چیک تقسیم کئے۔ان گروپوں کا تعلق آلوسہ بانڈی پورہ اور ارن سے ہے۔تقریب میں چیف ایگریکلچر آفیسر بانڈی پورہ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔
شہری علاقوں کی بنیادی ضروریات ترجیحات میں شامل: سپیکر
جموں/جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور ایم ایل اے گاندھی نگر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ حکومت ریاست کے تمام شہری علاقوں کی بنیادی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کی وعدہ بند ہے۔سپیکر گاندھی نگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام علاقے کے لوگوں کے مسائل کی جانکاری حاصل کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر کئی مسائل اُبھارے جن میں پینے کے پانی، مقامی پارکوں کی اپ گریڈیشن اور از سر نو تعمیر، صفائی کرمچاریوں کی فراہمی، گلیوں اور نالیوں کی تعمیر و صفائی اور علاقے کے اندرونی علاقوں کی سڑکوں پر میکڈم بچھانا شامل ہے۔سپیکر نے موقعہ پرموجود افسروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کریں۔
اقوام متحدہ کا بیان خوش آئند:پیروان ولایت
سرینگر/ /پیروان ولایت نے مسئلہ کشمیر کے سلسلے میںاقوام متحدہ کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بیان جاری کرنے کے علاوہ عملی اقدامات بھی کرے۔موصولہ بیان کے مطابق پیروان ولایت کا ایک اجلاس سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کشمیر میں آئے روز انسانی جانوں کے زیاں ہونے پر دکھ کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ آئے روز بے گناہوں کا قتل عام روکنے کیلئے اقوام متحدہ اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔ اجلاس میں پاکستانی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا گیا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان نے سفارتی سطح پر جو پالیسی اختیار کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ اجلاس میںاس بات کا عزم دہرایا گیاکہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک پر امن جدوجہد جاری رہے گی اور جدوجہد آزادی کے حوالے سے مشترکہ مزاحمتی قیادت جو پروگرام مرتب دے گی اس کی بھر پور حمایت کی جائے گی ۔