ایس حمید کو انکی برسی پر مزاحمتی جماعتوں کا خراج عقیدت
سرینگر//تحریک استقلال چیئرمین غلام نبی وسیم نے ایس حمید کو انکی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف نے قوم کیلئے بے انتہا مصائب برداشت کئے اور آخری دم تک جدوجہد میں مصروف رہے۔ ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس حمیدکی قربانی ناقابل فراموش ہے۔بیان کے مطابق پارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کے مرکزی ذمہ داران نائب چیئرمین شکیل الرحمان ، جنرل سکریٹری ماسٹر محمد مقبول ، ترجمان اعلیٰ غلام محمد میر، چیف آرگنائزر طہور صدیقی، روف کشمیری اور مولوی جاویدنے شرکت کی ۔
مسلم لیگ کا رفیق گنائی کی رہائی پر اطمینان
سرینگر//مسلم لیگ نے تنظیم کے سیکریٹری جنرل محمد رفیق گنائی کی رہائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسیری کے دوران اپنی والدہ کے انتقال کرنے ، کئی جسمانی عارضوں میں مبتلا ہونے اور صحیح علاج ومعالجہ نہ ملنے کے باوجود محمد رفیق گنائی نے جس طرح صبر و استقامت کا دامن تھاما اور خندہ پیشانی کے ساتھ قیدو بند کی صعوبتوں کا سامنا کیا وہ یقیناََ زندہ ضمیر کی جیتی جاگتی مثال ہے ۔دریں اثناء عبدالاحد پرہ، محمد اکرم نجار، فیروز احمد خان، بشیر احمد بڈگامی ، فاروق غوطہ پوری ، ریاض احمد شاہ اور سجاد ایوبی پر مشتمل لیگ وفدنے کنی پورہ نوگام جاکر انہیں مبارکباد پیش کی ۔
جنوبی کشمیر کی آبادی حالات کے ر حم و کرم پر:نیشنل کانفرنس
کٹھوعہ سانحہ کے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ
سرینگر// نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ریاست خصوصاً جنوبی کشمیر کی آبادی کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار جنوبی کشمیر میں پارٹی کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس ڈاک بنگلہ کھنہ بل اننت ناگ میں منعقد ہوا جس کی صدارت جنوبی زون صدر سکینہ ایتو کررہی تھیں ۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈران الطاف احمد کلو(ممبراسمبلی پہلگام)، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، ایڈوکیٹ عبدالمجید بٹ لارمی( ممبراسمبلی ہوم شالی بُگ)، پیرزادہ غلام احمد شاہ، غلام محی الدین میر، غلام نبی رتن پوری، ڈاکٹر محمد شفیع،شیخ محمد رفیع، صوبائی ترجمان عمران نبی ڈار، محمد اشرف بٹ اور یاض احمد خان کے علاوہ کانسچونسی انچارج، بلاک صدور نے شرکت کی۔اجلاس میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا گیا ۔پارٹی لیڈران نے کہا کہ فورسز کو عوام کیخلاف تمام حربے اپنانے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے جبکہ حکمران ظلم و تشدد اور مار دھاڑ کے تماشائی بن کر رہ گئے ہیں۔ اجلاس میں جنوبی کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ نوجوانوں کا جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہونے کا رجحان ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے لیکن حکومت اس رجحان پر قابو پانے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی ہے۔اجلاس میں عام شہریوں کی مسلسل ہلاکتوں اور پیلٹ گن کے بے تحاشہ استعمال پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا گیا کہ عام شہریوں کیخلاف چھیڑی گئی جنگ فوری طور ختم کیا جائے۔ اجلاس میں کٹھوعہ سانحہ پر رنج و الم اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس گھناونے جرم کے مرتکبین کو کیفر کردار تک پہنچانے کی مانگ کی گئی اور متاثرہ کنبہ کیساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
تعلیم کے بہتر مواقع بہم رکھنے کیلئے کوشاں:فاروق شاہ
بورڑآف سکول ایجوکیشن کی میٹنگ میں272 معاملات حل
جموں//ریاستی بورڑ آف سکول ایجوکیشن کے اہتمام سے ایفلیشن کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس کی سربراہی سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ اور بورڑ آف سکول ایجوکیشن کی چیئرپرسن وینا پنڈتا نے کی جس دوران کمیٹی نے کشمیر اور جموں صوبوں سے وابستہ اُن تمام272 کیسوں کو حل کیا گیاجنہوں نے مطلوبہ لوازمات کو پورا کیا تھا۔ ان معاملات میں 195 کا تعلق ایکسٹینشن اور 77کا تعلق اب گریڈیشن سے تھا۔ میٹنگ میں دیگر ممبران کے علاوہ ناظم تعلیم جموں راکیش کمار سرنگل بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ اپ گریڈیشن اور ایکسٹینشن سے وابستہ ان معاملات کا تعلق کشمیر اورجموں صوبوں کے پرائیویٹ سکولوں سے ہے۔میٹنگ میں سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے کہا کہ ریاستی محکمہ تعلیم طالب علموں کو اُن کی دہلیز پر تعلیم کے مواقع بہم رکھنے کے لئے کوشاں ہے ۔
قبائلی آبادی کیلئے بنیادی سہولیات بہم کرانے کے وعدہ بند:ذوالفقار
جموں//خوراک، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر ذوالفقار علی نے ایک میٹنگ کے دوران محکمہ قبائلی امور کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ایم ڈی جے کے پی سی نعیم احمد، ڈائریکٹر قبائلی امور محمد رفیع کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔میٹنگ کے دوران قبائلی امور کے جڑے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت اور عمل آوری کے بارے میںجائزہ لیا گیا۔اس دوران وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت قبائلی آبادی کے لئے ہر طرح کی بنیادی سہولیات بہم کرانے کے لئے وعدہ بند ہے اور اس مقصد کے لئے مختلف سکیمیں عملائی جارہی ہیں۔ انہوںنے افسروں پر زور دیا کہ وہ بنیادی سطح پر ان سکیموں کو موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ذوالفقار علی نے ریاست میں نئے ای آر ایم ایس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ۔وزیر کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ قبائلی امور نے ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں کے حق میں 50لاکھ روپے واگزار کئے ہیں تاکہ وہ قبائلی طبقے کے لئے تحقیقی اور دستاویزی پروگرام عملائیں۔وزیر نے ایم ڈی جے کے پی سی سی کو ہدایت دی کہ وہ جگتی میں ٹرائبل بھون اور دیگر سہولیات قائم کرنے کے لئے ڈی پی آر تیار کریں۔میٹنگ کے دوران قبائلی طبقے بشمول گڈیز اور سپیز کے طلاب کے لئے وظائف کا بھی جائز ہ لیا گیا۔
کپوارہ پولیس لائنز میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد
اہلکارو ں اور ان کے افراد خانہ کا طبی معائنہ
اشرف چراغ
کپوارہ //کپوارہ پولیس نے منگل کو پولیس لائنز کپوارہ میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں سو سے زائد پولیس اہلکارو ں اور ان کے افراد خانہ کو علاج و معالجہ کیا ۔ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین چودھری نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کپوارہ پولیس نے طبی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں سب ضلع اسپتال کپوارہ کے ڈاکٹرو ں کی خد مات حاصل کی گئیں جنہو ں نے137پولیس اہلکارو ں اور ان کے افراد خانہ کا طبی معائنہ کیا گیا جبکہ ڈاکٹرو ں نے شو گر ،سی جی اور دیگر بیماریو ں کے ٹیسٹ بھی عمل میں لائے گئے ۔اس طبی کیمپ میں سبکدوش ہوئے پولیس اہلکارو ں کا علاج و معالجہ کیا گیا اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی ایسے مفت طبی کیمپ منعقد کریں تاکہ سبکدوش ہوئے پولیس اہلکارو ں کے علاوہ سبکدوش ہوئے پولیس اہلکار بھی استفادہ حاصل کر سکے ۔
منشیات مخالف مہم
پٹن میں ملزم گرفتار ،50کوڈین بوتلیں ضبط
فیاض بخاری
بارہمولہ//پٹن پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے نشیلی ادویات فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور اس کے قبضے سے 50کوڈین بوتلیں ضبط کی ہیں ۔پٹن پولیس کی ایک ٹیم نے ایس ایچ او محمد سیلم کی قیادت میں منگل کو ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر زنگم میں ناکہ لگایا جس کے دوران ایک موٹر سائیکل زیر نمبر JK05C-5143 پر ایک شخص وہاں سے گذرا ۔ اس دوران پولیس نے موٹر سائیکل سوار منظور احمد خواجہ ساکن نولری پٹن کی گرفتاری عمل میں لائی اور اس کے قبضے سے50کوڈین کی بوتلیں ضبط کیں ۔ اس سلسلے میں پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 81/2018درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔
بڈگام میں شاطر چور گرفتار
۔11 گاڑیاں، 3موٹرسائیکل، 6سی سی ٹی وی کیمرے اور لیپ ٹاپ برآمد
سرینگر//وسطی ضلع بڈگام میں پولیس نے چور کو گرفتار کرکے 10کاریں،ایک گاڑی ،3موٹر سائکل اور دیگر مسروقہ برآمد کیا۔ پولیس کی طر ف سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ پولیس اسٹیشن خانصاحب نے عبدالحمید ساکن بڈگام کو گرفتار کرلیا جس کی تحویل سے 11گاڑیاں، تین موٹر سائیکل ، 6 سی سی ٹی وی کیمرے اور ایک لیپ ٹاپ برآمد کیا۔ اس سلسلے میں پولیس نے کیس زیر ایف آر نمبر22/2018درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔