جنگ بندی محض ایک ڈرامہ :لشکر طیبہ
سرینگر//لشکر طیبہ چیف محمودشاہ نے شوپیاں میں نہتے لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور سیب کے باغات اور گھروں کو جلانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ جنگ بندی محض ایک ڈرامہ ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے ۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ سیزفائر کی حمایت کررہے تھے ،ان کی آنکھیں اب کھل جانی چاہئیں ۔ہندوستان کبھی بھی سنجیدگی کے ساتھ مسئلہ کشمیر حل کرنے کو تیا رنہیں تھا اور نہ ہی ہوگا بلکہ ہمیشہ سے ضد اور ہٹ دھرمی پر ڈٹا رہا۔محمودشاہ نے عوام سے اپیل کی کہ رحمتوں والے اس مہینے کا دوسرا عشرہ شروع ہوچکاہے ،اس میں عبادات کو بڑھا دیں۔اپنے عسکریت پسند بیٹوں کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں ۔
بڈگام،پونچھ اور ادھمپور میں 3 لاشیں برآمد
سرینگر//بڈگام،ادھمپور اور پونچھ سے پولیس نے ایک دوشیزہ سمیت 3افراد کی لاشیںبر آمد کی ہیں جس کے بعد پولیس نے تینوں معاملات کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق بڈ گام کے توسہ میدان کے جنگل میں مقامی لوگوں نے ایک لاش کو دیکھا جس کے بعد انہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس کی ایک ٹیم نے جائے مو قعے پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لیکر معاملے کی نسبت تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ادھر ادھمپور کے مجالٹہ علاقے میں ایک ندی سے کمسن دوشیزہ کی لاش پُر اثرار حالت میں بر آمد ہوئی ہے اور یہا ں سے کچھ ہی دور مذکورہ دوشیزہ کا گھر کھابال گائوں میں واقع ہے ۔اس دوران پونچھ میں ایک طالب علم کی لا ش برآ مد ہونے سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس نے معا ملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ سی این ایس کے مطابق آزاد محلہ نزدیک شیر کشمیر برج پونچھ کے نزدیک لوگوں نے 23 سالہ نوجوان کی لاش دیکھی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے لاش اپنی تحویل میں لی جس کی شناخت تھرڈ ائر کے طالب علم رمیض احمد ملک ولد فاروق ساکن سیلان سرنکوٹ پونچھ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد لواحقین کے سپر د کر دی ۔ اس دوران جب اسکی لاش گھر پہنچا ئی گئی تو وہاں کہرا م مچ گیا۔
تصدق مفتی نے گریز اور تلیل وادی کا دورہ کیا
گریز //سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے دورئہ گریز اور تلیل وادی کے دوران ریاست کے اس سرحدی علاقے کو مزید ترقی دینے اور جاذب نظر بنانے کے اقدامات کئے جاسکیں۔وزیر موصوف نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران اِزمرگ، باگ ٹور ، برنوئی ، زڈ جے ، پرانا تلیل ، ڈھنگ تھل تلیل ،شیخ پورہ ، بڈو گام لوور، بڈوگام ٹاپ ،سرد آب ،ٹاٹن سرد آب ، کھٹرِن ، بگلندر ،حسن گام ، بڈوآب اور انیے کوٹ علاقوں کا جائزہ لیا اور وہاں مقامی لوگوں سے ملاقات کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ خورشید احمد ثنائی ، ناظم سیاحت محمود اے شاہ ،سیکٹورل و ضلع افسران وزیر کے ہمراہ تھے۔وزیر نے افسروں سے محکموں کے اثاثوں ، ان کی اَپ گریڈیشن ، رکھ رکھائو ، کپسٹی بلڈنگ پروگرام ، ویسٹ منیجمنٹ و دیگر سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔وزیر نے پہاڑیوں کے ساتھ ساتھ توڑ پھوڑ پر تشویش کا اظہار کیااور اس مسئلے سے نمٹنے کے لئے بائیو انجینئرنگ تکنیک اپنانے پر زور دیا۔وزیر نے علاقے کے ثقافت اورقدرتی وسائل کو محفوظ رکھنے پر زور دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر لوگوں کی شکایات سننے اور ان کا ازالہ کرنے کا ایک نظام بنائیں۔وزیر نے لوگوں کے مسائل بغور سنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے گی۔
پولیس کی جانب سے اونتی پورہ میں افطار پارٹی کا انعقاد
سرینگر //اونتی پورہ پولیس کی جانب سے تھانہ پولیس کھریو میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کی کثیرتعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔اونتی پورہ پولیس نے پولیس اسٹیشن کھریو میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا جس میں کھریو اور اُس کے ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ پولیس اونتی پورہ نے اس مقدس مہینے میں لوگوں کی خدمت کو اپنے لئے باعث فخر قرار دیاہے ۔ افطار پارٹی میں ایس ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد ملک ، کمانڈنگ آفیسر 50آر آر کرنل سمر راگھو ، ایس ڈی پی او اونتی پورہ پرویز احمد اور دوسرے افسران بھی موجود رہے ۔
لاپتہ شہری کی تلاش
اننت ناگ پولیس کا لوگوں سے تعاون طلب
سرینگر//اننت ناگ میں 50سے 52سالہ ایک شخص کئی روز سے لاپتہ ہے۔اننت ناگ پولیس نے لاپتہ شہری کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے عام شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ نسیمہ بانو نامی ایک خاتون نے پولیس اسٹیشن ڈورومیں رپورٹ درج کی کہ اُس کا شوہر محمد رمضان آہنگر ولد عبدالکریم ساکن چانگو ویری ناگ 25مئی 2018سے لاپتہ ہے۔اس ضمن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے لاپتہ شہری کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے پولیس نے کارروائی شروع کی ہے۔ اگر کسی کو گمشدہ شخص کے بارے میں کوئی علمیت ہو تو وہ پولیس اسٹیشن ڈورو کے فون نمبرات9596777627اور9596777644یا پی سی آر اننت ناگ کے فون نمبرات01932-222870 ،9596777669 یا94190-41940پر رابط قائم کرسکتا ہے۔
وزیر زراعت کا تلسی باغ اور آلوچی باغ سیریکلچر کمپلیکس کا دورہ
کہا حکومت ریشم کی پیداوار بڑھانے کیلئے17 سیڈ ہاؤس شروع کرے گی
سرینگر//زراعت کے وزیر محمد خلیل بندھ نے غنچہ ابریشم کی صنعت کو مثبت انداز سے بدل کر اسے مزید منافع بخش اور دیرپا بنانے کی وکالت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ کشمیر میں ریشم کی پیداوار بڑھانے کے لئے17 سیڈ ہاؤس شروع کریں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار تُلسی باغ اور آلوچی باغ میں سیریکلچر کمپلیکس کا دورہ کرنے کے د وران کیا۔ اس موقعہ پر کمشنر سیکرٹری زراعت معراج الدین خان، ڈائریکٹر جنرل طارق علی میر اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے کہا کہ محکمہ کی جانب سے تیار کئے بیج کی بدولت سٹیٹ سیریکلچر محکموں کی ضروریات پوری ہوں گی۔ وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ باہمی تال میل کے ساتھ کام کر غنچوں اور خام ریشم کی پیداوار کا نشانہ حاصل کریں تا کہ روز گار کے زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا ہوسکیں۔ ان دونوں مقامات پر وزیر نے محکمہ کی نرسریوں کا بھی معائنہ کیا۔وزیر موصوف نے کہا کہ سریکلچر سیکٹر میں روز گار کے کافی وسائل موجود ہیں اور اس سیکٹر کا دائیرہ کار وسیع کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہئیں۔خلیل بندھ نے محکمہ میں جدت لانے کے لئے تمام ملازمین کا تعاون طلب کیا۔ انہوں نے کمیونٹی ریرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے ارکان کے ساتھ استفسار کیا۔
پیپلز لیگ اورحریت (جے کے )کا آسیہ نیلوفر کو خراج عقیدت
سرینگر// پیپلز لیگ اور حریت (جے کے )نے آسیہ نیلوفر کو برسی پر خراج عقیدت ادا کیا ہے۔پیپلز لیگ کے وائس چیئر مین محمد یاسین عطائی نے آ سیہ نیلو فرکو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے اس دلدوز واقعہ کی کسی غیر جا بندر عالمی ادارے کے ذریعے تحقیقات کرانے کی ما نگ کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اُس وقت اس واقعہ کی اصلیت چھپا نے اور قاتلوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت قانون کی گرفت سے بچا نے کا موقعہ فراہم کیا گیا تھا ۔حریت (جے کے)کے کنوینراور مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیراحمد ڈار،محاز آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار، غلام نبی وسیم اورینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے آسیہ نیلوفر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔شبیر ڈار نے کہا کہ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی اہل خانہ انصاف سے محروم ہیں ۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اس ضمن میںاپنا اثر ورسوخ استعمال کرنے کی اپیل کی ۔اسلامی انقلابی محاز کے چیر مین عبدالصمد انقلابی نے آسیہ اور نیلوفر واقعہ کے مجرمین کو کیفر کردار تک نہ پہنچانے کے معاملے کو جمہوری نظام کی شکست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ایسے واقعات ہوتے رہینگے انسانیت کے سارے دعوے سراب ہیں۔ ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ آسیہ نیلوفر واقعہ کشمیری عوام کو درپیش المیہ کا کھلم کھلا اعلان ہے۔
پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن وفد کی وزیر تعلیم سے ملاقات
سرینگر//پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیر تعلیم چوہدری ذوالفقار علی کے ساتھ ملاقات کی اور مختلف امور پر وزیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔وفد جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار کر رہے تھے، نے حکومت کی طرف سے حالیہ اصلاحات کا خیر مقدم کرتے ہوئے درخواست کی حکومت کو نئی تعلیمی پالیسی مرتب کرتے وقت اُن کی آراء کی حاصل کرنی چاہئے۔وفد نے صلاح دی کہ ریاست بھر میں امتحانات کے لئے مارچ سیشن کو یقینی بنایا جانا چاہئے۔وزیر نے اُن کی تجاویزغور سے سُنیں اور کہا کہ حکومت عوام دوست اصلاحات اور قوانین وجود میں لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی پالیسی مرتب کرتے وقت تمام متعلقین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔مارچ سیشن کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ حکومت اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائیزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی علاقے برف سے ڈھکے رہتے ہیںا ور ان علاقوں کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔وزیر نے کہا کہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کر کے تعلیمی منظر نامہ میں مثبت تبدیلی لانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے وسائل سے استفادہ کریں تا کہ بچوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر نے کہا کہ ریاست کے تعلیمی نظام میں نجلی سکولوں کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سکولوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں تا ہم نجی تعلیمی اداروں کو وضح کئے گئے رہنما خطوط پر عمل کرنا چاہئے۔سیکرٹری سکولی تعلیم فاروق احمد شا، چئیرپرسن جے کے بوس پروفیسر وینا پنڈتا، ناظم تعلیم کشمیر جی این اتو، ناظم تعلیم جموں راکیش سرنگل،ڈائریکٹر ایس ایس اے جی این وار کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے مختلف سکولوں کے نمائندے بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
آئی جی کشمیر نے اننت ناگ آئی ٹی لیبارٹری کا افتتاح کیا
سرینگر //انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ایس پی پانی نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اننت ناگ میں نو تعمیر شدہ ’’سی سی ٹی این ایس ‘‘ اور آئی ٹی لیب کا افتتاح کیا ۔ اس موقعے پر آئی جی کشمیر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’سی سی ٹی این ایس ‘‘پروجیکٹ پولیس کو قابل رسائی ، شفافیت اور عوام دوست بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ آئی جی کشمیر نے مزید کہا کہ ’’سی سی ٹی این ایس ‘‘ قومی ای گورننس پلان گورنمنٹ آف انڈیا کا پروجیکٹ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشن ایک دوسرے کے ساتھ مختلف جرائم اور مجرمین کے بارے میں معلومات کے حصول کیلئے منسلک رہیں گے۔ آئی جی کشمیر نے مزید کہا کہ شفاف انداز میں عوام تک فوری رسائی حاصل کرنے کیلئے اس طرح کی جدید ٹیکنالوجی ایک احسن اقدام ہے جس کی بدولت پولیس محکمہ کے کام کاج میں مزید نکھار آسکے گا اور امن و قانون کی صورتحال میں بھی بہتری آئے گی۔ آئی جی کشمیر نے اس موقعے پر کہاکہ اس سسٹم کی بدولت لوگ آن لائن اور آف لائن شکایتیں پولیس اسٹیشنوں میں درج کرسکتے ہیں جو کہ سی سی ٹی این ایس نظام سے جڑا ہوا ہے۔ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امیت کمار ، ایس ایس پی اننت ناگ ، ایس ایس پی کولگام اور ایس ایس پی اونتی پورہ بھی تقریب میں موجود رہے ۔
سوچھ بھارت مشن
سکولوں ، طبی مراکز اور سیاحتی مقامات پر کمیونٹی سینٹری کمپلیکس تعمیر ہونگے :ویری
سرینگر//دیہی ترقی او رپنچایتی راج کے وزیر عبدالرحمان ویر ی نے محکمہ سے کہا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں ، طبی مراکز اور معروف سیاحتی مقامات پر سوچھ بھارت مشن کے تحت کمیونٹی سینٹری کمپلیکس تعمیر کرنے کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ان باتوں کا اظہار وزیر نے محکمہ تعلیم ، دیہی ترقی ، صحت ، سیاحت اور پی ایچ ای محکموں کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سیکریٹری ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، سیکرٹری دیہی ترقی شیتل نندہ ، ڈائریکٹر ایس بی ایم ۔ جی ، ایم این شیخ ، مشن ڈائریکٹر جے کے ایس آر ایل ایم بخشی جاوید ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم تصدق حسین ، ایڈیشنل سیکرٹری پی ایچ ایک پنکج کمار شرما و دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ہندنے ایس بی ایم ۔ جی کے تحت کمیونٹی سینٹری کمپلیکس تعمیر کرنے کے لئے رقومات فراہم کی ہیں۔انہوں نے سیکرٹری ایجوکیشن سے کہا کہ وہ دیہی ترقی محکمہ کو سکولوں کی فہرست پیش کریں جہاں اس سہولیت کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرلز ہائی سکول اور ہائیر سکینڈری سکولوں کو ترجیح دی جانی چاہئے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اس سہولیت کا بہتر استعمال بھی یقینی بنایا جانا چاہئے اور اس کے لئے سکول انتظامیہ ذمہ دار ہوگا۔او ڈی ایف پلس کے تحت جاری سرگرمیوں کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے سیکرٹری ایجوکیشن سے کہا کہ وہ تمام سکولوں کو ضروری ہدایت جاری کریں تاکہ بچوں کے اخلاقیات کی طرف خصوصی توجہ دی جاسکے۔طبی اداروں میں یہ سہولیت معرض وجود میںلانے پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ وہ پرائمری ہیلتھ سینٹروں اور کمیونٹی ہیلتھ سینٹروں کے تفصیلات محکمہ دیہی ترقی کو پیش کریں۔اُنہوں نے کہا کہ طبی اداروں میں مریضوں اور تیمارداروں کو بیت الخلاء کی سہولیات بہم کرانا اِنتہائی ضروری ہے ۔سیاحتی مقامات پر بیت الخلاء کی سہولیات کارکھ رکھائو پر زور دیتے ہوئے وزیر موصوف نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ ان بیت الخلائوں کی صفائی ستھرائی یقینی بنانے کے لئے باہر سے افرادی قوت کا انتظام کریں۔دیہی ترقی کے وزیر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے چلائے جارہے آنگن واڑی سینٹروں پر بھی بیت الخلائوں کی سہولیت معرض میں لائیں۔اس کے علاوہ سپورٹس سٹیڈیموں میں اس طرح کی سہولیات تعمیر کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔سیکرٹری دیہی ترقی شتل نندا نے میٹنگ میں کہا کہ حالیہ وزیر اعلیٰ کی خواتین ملازمین کے ساتھ بات چیت کے دوران سرکاری دفاتر میں اُن کے لئے بیت الخلاء کی سہولیت وجود میںلانے کا مسئلہ بھی اُبھارا گیا۔وزیر نے اس سلسلے میںہدایت دی کہ سرکاری دفاتر میں خواتین ملازمین کے لئے خصوصی طور پر بیت الخلاء سہولیت فراہم کی جانی چاہئیں۔
گھرکوٹ میں آگ، رہائشی مکان خاکستر
ظفر اقبال
اوڑی//گھر کوٹ اوڑی میں آگ کی ایک واردات میں محمد اسماعیل سیام کا رہائشی مکان مکمل طورخاکستر ہوگیا۔یہ واقعہ اتوار کی رات 10 بجے پیش آیا۔مقامی لوگوں کی کوششوں کے باوجود بھی مکان کو بچایا نہ جا سکا۔
بڈگام میں کنٹجنٹ پیڈ ورکروںکا احتجاجی مظاہرہ
۔5 جون سے اسکولوں پر تالے چڑھانے کی دھمکی
سرینگر//محکمہ تعلیم کو اراضی وقف کر نے کے بعد اسکولوں میں تعینات کے گئے سی پی ڈبلیو‘‘نے بڈگام میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مانگ کی کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے حال ہی میں معرض وجود میں لائی گئی اسامیوں میں مستقل کیا جائے۔ احتجاجی ملازمین نے سڑکوں پر آنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچار جون تک حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیاتو وہ 5 جون سے سڑکوں پر آکر اسکولوں پر تالہ چڑھائیں گے۔ سی این ایس کے مطابق وسطی ضلع بڈ گام میں 25برسوں سے 50اورپانچ سوماہانہ اجرت پر ایسے لوگ جن کو اراضی وقف کرنے کے بعد محکمہ تعلیم میں کنٹجنٹ پیڈ ورکر وں کے تحت صفائی کرمچاری،چوکیدار اور باورچی کے طور تعینات کیا گیا،نے احتجاج ہوئے کہا کہ انہوں نے دن رات اسکولوں کی پہرے داری کی ۔ا نہوں نے کہا کہ حکومت نے حا ل ہی محکمہ تعلیم میں نئی اسامیاں معرض وجود میں لائی ہیں لہذا ان کو اولین ترجیح دی جائے ۔ان عارضی ملازمین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچار جون تک حکومت نے اس حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیاتو وہ سڑکوں پر آکر5 جون سے اسکو لوں پر تالے چڑھائیں گے۔
تنازعہ کشمیر بامعنی مذاکراتی عمل کا تقاضا کر رہا ہے : آغا حسن
سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغاسید حسن نے بھارتی وزیر داخلہ کی طرف سے مذاکرا ت کی خواہش پر محتاط رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کے سوا کوئی چارہ کار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاہم حقائق کا اعتراف مفاہمت کی راہ ہموار کرنے کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک منہ بولتی حقیقت ہے اور حقائق کے اعتراف کے بغیر اعتماد اور صلح جوئی کا کوئی بھی عمل منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بلا شبہ تنازعہ کشمیر کا پُر امن حل چاہتے ہیں اور ایک ایسے مذاکراتی عمل کے متمنی ہیں جس سے کوئی پیش رفت حاصل ہوسکے۔
غیر ریاستی رضاکاروں کا عطیۂ خون
ڈاکٹر فاروق نے شکریہ ادا کیا
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے رضاکاروں نے ملاقات کی، جو رمضان کے مقدس مہینے میں کشمیر میں خون کا عطیہ دینے کیلئے آئے ہیں۔رضاکاروں نے بڈگام ہسپتال میں 38پوائنٹ خون کا عطیہ پیش کیا۔ خون کا عطیہ دینے والے رضاکاروں کا تعلق مہاراشرا، پنجاب اور نئی دلی سے تھا جبکہ مقامی لوگوں نے بھی اس عطیہ کیمپ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ڈاکٹر فاروق نے خدمت خلق کی اس پہل کی سراہنا کرتے ہوئے تمام رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ’ مجھے بے حد خوشی ہے کہ مہاراشٹرا، دلی ،پنجاب اور کشمیر کے بچوں نے اپنے خون کا عطیہ دیا ہے‘۔ڈاکٹر فاروق نے ان رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ’’ اُمید ہے کہ ان لوگوں نے جو یہ خون کا عطیہ دیاہے، اس سے ہمارے رشتے اور مضبوط ہونگے اور ہم آگے چل کر اس کو اور بڑھاوا دیں گے اور ہمارا وطن ایک نئی راہ کی طرف گامزن ہوگا‘۔
وزیراعلیٰ کا رام مادھو اور ویاس سے اظہار تعزیت
نئی دلی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بی جے پی کے جنرل سیکریٹری رام مادھو کے ساتھ ملاقات کی اور ان کی والدہ کے فوت ہونے پر ان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔وزیر اعلیٰ کچھ وقت کے لئے کنبے کے ارکان کے ساتھ بیٹھیں اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی۔دریں اثناء وزیرا علی محبوبہ مفتی نے چیف سیکریٹری بی بی وِیاس کی والدہ نسبتی کے فوت ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبے بالخصوص بی بی وِیاس کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی آتما کی شانتی کے لئے دعا کی۔
ڈی سی کپوارہ نے کیرن میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
اشرف چراغ
کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنرکپوارہ خالد جہانگیر نے کیرن کے پتھرن،کندیاں اور مندپان علاقوں کا دورہ کیا اور عوام کو فراہم کی جارہی مختلف سہولیات کاجائزہ لیا۔انہوںنے ان علاقوںمیں جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ترقیاتی کمشنر کے ہمراہ ایگزیکٹیو انجینئر پی ایچ ای ،اری گیشن وفلڈ کنٹرول اورآر اینڈ بی کے علاوہ چیف ایجوکیشن آفیسر ،چیف میڈیکل آفیسر اور چیف اینمل ہسبنڈری آفیسر بھی تھے۔ترقیاتی کمشنر نے مقامی لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور ان کے معاملات کے بارے میں آگاہی حاصل کی جس دوران انہوںنے لوگوں کو ضلع انتظامیہ کی طرف سے جائز معاملات کے حل کے لئے ہر ممکن تعائون فراہم کرنے کی یقین دہانی دی۔ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو کیرن کے عوام کے لئے لازمی سہولیات کی دستیابی کو بلا تاخیر یقینی بنانے کی ہدایت دی۔بعدمیں انہوںنے کیرن علاقے میں مختلف ترقیاتی کاموںکی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ آفیسران کو ان کاموں کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مزید افرادی قوت اور مشینری کو بروئے کا رلانے کی ہدایت دی۔
پلوامہ ہلاکت بربریت:تحریک حریت/پیپلزپولٹیکل فرنٹ
سرینگر//تحریک حریت نے پلوامہ میں فوج کی طرف سے ایک عام اور نہتے شہری بلال احمد گنائی کی ہلاکت کو بربریت سے تعبیر کیاہے۔بیان کے مطابق اگریہ مان بھی لیا جائے کہ فورسز پر کہیں سے کسی نے فائر کیا تو اس کارروائی سے بے خبربلال پر فورسز نے جس طرح اپنا نزلہ گراکر بندوقوں کے دہانے کھول دئے وہ قابل مذمت ہے۔چیئرمین تحریک حریت محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر صدرِ ضلع پلوامہ غلام محمد ہرہ نے ناڑوہ کاکپوارہ جاکر موصوف کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیز فائر کے باوجود عام اور نہتے شہریوں کا قتل عام جاری ہے اور یہ سیز فائر کے دعوے کھوکھلے ہیں۔ پیپلزپولٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے فورسز کے ہاتھوں عام شہری بلال احمد گنائی کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کیا ۔انہوں نے فورسز کی اس بہیمانہ حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فورسز کی طرف سے صریحاً ایک انتقامی کاروائی ہے۔
بھارت کا بیان حقیقت سے بعید:مسلم کانفرنس
سرینگر//مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار نے بھارت کی طرف سے گلگت بلتستان کے تناظر میں دئے گئے بیان کو حقائق سے بعیدقرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کو کشمیر میں زمینی حقائق مد نظررکھ کربیان دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور اقوام متحدہ کی کشمیر میں موجودگی ہی نہیں بلکہ یہاں چل رہی آزادی کی تحریک بھی بھارت کے اس غیر فطری موقف کی نفی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو پہلے اپنے ان وعدوں کا پاس و لحاظ کرناچاہئے جو اس نے بین الاقوامی برادری اور کشمیریوں کے ساتھ کئے ہیں۔
پوری ریاست میں یکساں تعلیمی سیشن
نظام کو حتمی شکل دینے کیلئے عوام سے رائے لینا ضروری :ذوالفقار
سرینگر//سکولی تعلیم ، حج و اوقاف اور امور قبائلی کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے یکساںتعلیمی سیشن کے لئے پیش کی گئی تجویز کو واپس کرتے ہوئے متعلقین کو ہدایت دی کہ یونیفارم اکیڈیمک سیشن کے معاملے کو حتمی شکل دینے کے لئے عوامی رائے حاصل کی جائے ۔ایک جائزہ میٹنگ کے دوران وزیر نے کہا کہ ریاست کے گرمائی اور سرمائی زونوں میں اکیڈیمک سیشن قائم کرنا ایک بہت بڑا فیصلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے تمام شراکت داروں کی رائے جاننا بھی ضروری ہے جن میں اساتذہ ، ماہر ین تعلیم ،نجی سکول ایسو سی ایشن کے نمائندے اوروالدین شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ معیاد بند طریقے پر اس مسئلے پر گہرائی سے غور و خوض کیا جانا چاہیئے جس کے لئے ورکشاپوں ، سمیناروں اور کانفرنسوں کے ذریعے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے رائے حاصل کی جاسکتی ہے۔میٹنگ کے دوران وزیر نے باقاعدہ تعلیمی پالیسی کو مرتب کرنے کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل دینے کی ہدایت دی۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ کمیٹی کے سربراہ چیئرپرسن جے کے بورڑ آف اسکول ایجوکیشن ہوں گے اور ناظم تعلیم کشمیر ، ناظم تعلیم جموں ، ڈائریکٹر اکیڈیمکس ، ڈائریکٹر ایس ایس اے ، ڈائریکٹر رمسا، پرنسپل ایس آئی ٹی کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔اس کے علاوہ معروف ماہرین تعلیم کو حکومت نامزد کرے گی جو اس پینل میں شامل ہوں گے۔جسمانی طور ناخیز بچوں کے لئے علحٰیدہ سکول قائم کرنے کے حالیہ اعلان کا ذکرکرتے ہوئے وزیر نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ہر رہائشی سکول میں 100بچوں کی گنجائش مقرر کریں۔ان سکولوں کو قائم کرنے پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بوائز ہائی سکول سونہ وارسرینگر اور بوائز ہائی سکول بخشی نگر جموں کوجسمانی طور ناخیز بچوں کے لئے رہائشی سکولوں میں تبدیل کیا جائے گا۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ، چیئرپرسن جے کے بوس، ناظم تعلیم کشمیر ، ناظم تعلیم جموں ، ڈائریکٹر ایس ایس اے و دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔
غذائی اجناس کی تقسیم کاری میں شفافیت کی ضرورت
گاڑیوں کی نقل وحمل پر نظر رکھنے کیلئے GPSنصب کرایا جائے
سرینگر//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین کے وزیر محمد اشرف میر نے کہا ہے کہ ریاست میں غذائی اجناس کی تقسیم کاری میں شفافیت لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایاجانا چاہئے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں ایک میٹنگ کے دوران کیا جس میں سیکرٹری امور صارفین ڈاکٹر عبدالرشید،ایم ڈی جے کے ایس آر ٹی سی میر افروز اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر افسران بھی تھے۔میٹنگ کے دوران ریاست بھر میں غذائی اجناس کی بروقت اور بلا خلل تقسیم کاری سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اشرف میر نے کہا کہ لوگوں کو محکمہ سے کافی توقعات وابستہ ہیں اور اس کے کام کاج میں مزید شفافیت لانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے گا۔غذائی اجناس کی خرد برد کو روکنے کے لئے وزیر نے ایم ڈی ایس آر ٹی سی کہا کہ وہ تمام گاڑیوں میں جی پی ایس نظام نصب کرائیں تا کہ گاڑیوں کی نقل و حمل پر نظر رکھی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ڈپوؤں کی جانب جانے والی گاڑیوں پر نگاہ رکھنے کے لئے ایک کنٹرول روم قائم کیا جانا چاہئے۔وزیر نے کہا کہ ایس آر ٹی سی کے ساتھ ایک مفاہمت نامہ تشکیل دینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی تا کہ غذائی اجناس کو بروقت اپنے اپنے مقامات پر پہنچایاجاسکے۔
ریاست میں صنعتی ترقی سکیم کا اطلاق
شمال مشرقی ریاستوں کا طرز اختیار کرنے کی ضرورت: چیمبر
سرینگر// کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے ریاستی سرکار پر زور دیاہے کہ شمال مشرقی ریاستوں کی طرز پر حال ہی میں صنعتی ترقی اسکیم کو فروغ دینے میں وہ سرعت لائے۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے کہا کہ چیمبر نے پہلے ہی یہ معاملہ مرکزی اور ریاستی سرکار کے ساتھ اٹھایا،اور اس بات کی امید ہے کہ ریاستی حکومت فوری طور پر ریاست میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے اس پیکیج کی پہل کا تعاقب کریں گی۔ٹینگہ نے ریاستی سرکار کی توجہ ریاستی بجٹ میں اہم اعلانات کے تعاقب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہیکم اپریل سے ہوٹلوں میں بجلی فیس کو صنعتی طرز پر عائد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا تھا،جبکہ بجلی فیس میں سود اور جرمانہ کو معاف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا،تاہم اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بھی حکم نامہ اجرا نہیں کیا گیا،جس کی وجہ سے متعلقین میں غیر یقینی صورتحال اور کنفیویژن پیدا ہورہا ہے۔ کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے ریاستی سرکار سے اپیل کی ہے کہ ان اسکیموں اور اعلانات کو عملی جامعہ پہنایا جائے۔
بجلی عدالتیں:15 دن کے اندر شروع کرنے کی ہدایت
سرینگر//باغبانی ، قانون ، انصاف اور پارلیمانی امور کے وزیر سید بشارت بخاری نے محکمہ بجلی کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں بجلی عدالتوں کو 15 دنوں کے اندرشروع کرنے کے اقدامات کریں تا کہ لوگوں کو اپنے مسائل کا حل نکالنے کیلئے ایک فورم کا انتظام فراہم کیا جا سکے ۔ وزیر نے یہ ہدایات محکمہ بجلی میں کوٹ کیسوں کے موجودہ حالات کا جائیزہ لینے کے سلسلے میں منعقد کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جاری کیں ۔ پاور ڈیولپمنٹ کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی میٹنگ میں موجود تھیں ۔ کمشنر سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ہردیش کمار ، سیکرٹری لاء عبدالمجید بٹ ، ڈائریکٹر لٹی گیشن کشمیر کے علاوہ چیف انجینئر ای ایم اینڈ آر ای کشمیر ، ایس اینڈ او سرینگر ، کمرشل اینڈ سروے سرینگر ، پرکیور منٹ اینڈ پرچیجز سرینگر ، پروجیکٹس سرینگر اور محکمہ قانون کے افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔
ست شرما مکانات کے مرکزی وزیر کے ساتھ ملاقی
امرت کے تحت مزید قصبوں کو قائم کرنے کی وکالت
نئی دہلی//مکانات و شہری ترقی کے وزیر ست شرما نے یہاں مکانات و شہری معاملات کے مرکزی وزیر ہردیپتھ سنگھ پوری کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میںا س شعبۂ کے تحت ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ست شرما نے ریاست میں سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی عمل آوری کیلئے رقومات کی فراہمی90:10 کے تناسب سے جاری کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں90 فیصد فنڈنگ مرکز جبکہ10 فیصد ریاستی سرکار ادا کرے گی۔ انہوں نے امرت سکیم کے تحت ریاست کے مزید قصبوں کو لانے کی ضرورت پر زو ردیا۔انہوں نے مزید مرکزی سکیموں کو ریاست تک وسعت دینے کی بھی وکالت کی۔وزیر نے مرکزی وزیر کو جون ماہ میں ریاست کا دورہ کرنے کی دعوت دی تا کہ مکانات و شہری ترقی محکمہ کی سکیموں کا جائیزہ لیا جاسکے اور پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔فائنانشل کمشنر مکانات و شہری ترقی کے بی اگروال بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔
کشمیر میں کینسر کا پھیلائو تشویشناک: سوز
بیماری سے متعلق کوئی موثر تحقیق نہیں ہو رہی ہے
سرینگر//سینئر کانگریس لیڈر پروفیسر سیف الدین سوز نے کشمیر میں کینسر بیمار ی کے سنگین رخ اختیار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پروفیسر سوز نے کہاہے کہ SKIMS کا کینسر سے متعلق ڈیپارٹمنٹ کینسر کی بیماری میں مبتلاء مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے نمٹ رہا ہے۔ لیکن اس کا موثر تدارک کرنے اور وجوہات کے اسباب تلاش کرنے میں وہ بے بس ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ کشمیر میں کینسر سوسائٹی مریضوں کی مدد کرنے میں اچھا کام کررہی ہے لیکن اُن کا بھی یہی کہنا ہے کہ اس موذی بیماری کے وجوہات جاننے کیلئے کشمیر میں کوئی تحقیق نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہو سکتی ہے کیونکہ اس میں قابل ترین ماہرین اور وسائل ہمارے یہاں موجود نہیں ہیں۔پروفیسر سوز نے سینئر ڈاکٹر شیخ اعجاز عزیز کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ کشمیر میں2015ء میں ہر عمر کے 4438 افراد اس مہلک بیماری کے مریض ہو چکے تھے یہ تعداد سال 2009 ء میں صرف 450 تھی !اب بتایا جارہا ہے کہ 2015 سے SKIMS کے ریکارڈ کے مطابق اس بیماری کے مریضوں کی تعداد میں کم از کم20% اضافہ ہو گیا ہے جو کہ ایک تشویش ناک بات ہے۔ریاستی حکومت کو اس بیماری سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت سے فوری طور پر رجوع کرنا چاہئے تاکہ ریاست میں موجود اس قسم کے بیماروں کو راحت مل سکے اور اس کے تدارک کیلئے کوئی کارآمد طریقے اختیار کئے جائیں۔ ‘‘
الطاف بخاری سے کئی عوامی وفود ملاقی
درپیش مسائل کی جانکاری دی
سرینگر//خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری سے کئی عوامی وفود نے ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کی۔آل جمو ں اینڈ کشمیر گورنمنٹ فارماسسٹس کا ایک وفد شیخ معراج الدین کی قیادت میں وزیر موصوف سے ملاقی ہوا اور انہیں فارما سسٹوں کی ترقی سے متعلق مواقعے فراہم کرنے اور باقی ماندہ فارماسسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کے معاملات پیش کئے۔سٹیٹ گڈس ٹرانسپورٹس کمپنیز ایسوسی ایشن نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور انہیں اپنی اشیاء ٹرانسپورٹ کرنے میں درپیش مسائل سے جانکاری دی۔جی ای جی سکل ڈیولپرز کے نمائندوں نے وزیر موصوف سے ملاقات کے دوران اُن کی جانب سے سکل کی افرادی قوت کو ترقی دینے کے بارے میں آگاہ کیا۔ایمپلائیز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایک وفد بھی وزیر سے ملاقی ہوا اور ملازمین کو درپیش مسائل سے وزیر کو جانکاری دی۔وزیر موصوف نے تمام وفود کے مسائل بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ریاست میں بہتر انتظامیہ فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے اور ان کے جائیز مسائل کو حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ نوین کمار چودھری، کمشنر سیکرٹری خزانہ کفائت حُسین رضوی،لیبر کمشنر بشیر احمد خان بھی موجود تھے۔
قانون ساز کونسل کی ایتھکس کمیٹی منعقد
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کی ایتھکس کمیٹی کی کمیٹی ایم ایل سی رانی گارگی بلوریہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقعہ پر ارکان قانون ساز یہ کے اخلاقی اقدار کے ساتھ ساتھ ایتھکس کمیٹی کے کام کاج کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ارکان قانون سازیہ شوکت حسین گنائی ، غلام نبی مونگا نے کمیٹی کے کام کاج کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں۔ایڈیشنل سیکرٹری کونسل سیکرٹریٹ علی محمد ڈار اور ڈپٹی سیکرٹری منی کول نے کمیٹی کو کام کاج کے مختلف پہلوئوں کے بارے میں روشنا س کرایا۔میٹنگ میں کونسل سیکرٹریٹ کے کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
خان سوپوری کی غیرقانونی نظربندی جاری:پیپلز لیگ
سرینگر// پیپلز لیگ نے آزادی پسند قائدین و کارکنان بشمول چیئرمین لیگ غلام محمد خان سوپوری کی جیلوں میں مسلسل نظربندی کو انتقام گیری کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت انتقام گیری کے تمام ریکارڈ توڑ کر آزادی پسند قائدین کی خاصی تعداد کو جیلوں اور تھانوں میں ٹھونس کر بھارت کی خوشنودی حاصل کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ لیگ کے قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ تنظیم کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری گزشتہ ڈیڑھ برس سے مسلسل حراست میں ہیں۔حکومت کی طرف سے ان پر لگائے گئے تمام فرضی الزامات کے تحت جرم بے گناہی کی سزاکاٹنے کے باوجود ان کی رہائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے اور پچھلے ایک ماہ سے صدر تھانہ سوپور میں حبس بے جا میں ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکام غلام محمد خان سوپوری کی رہائی میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔